Tag: عدالت

  • عدالت پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا حکم کالعدم قرار دے: درخواست دائر

    عدالت پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا حکم کالعدم قرار دے: درخواست دائر

    لاہور: ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شہری عدالت پہنچ گیا، درخواست گزار کا کہنا ہے کہ حکومت نے اپنے اخراجات کم کرنے کے بجائے تمام بوجھ عوام پر ڈال دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی، درخواست اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی مشکلات کا شکار ہوگا، قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آجائے گا۔

    درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ حکومت کو پیٹرول کی قیمتوں پر عائد ٹیکس کم کر کے ریلیف دینا چاہیئے تھا، حکومت نے اپنے اخراجات کم کرنے کے بجائے تمام بوجھ عوام پر ڈال دیا۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا حکم کالعدم قرار دے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کردیا ہے۔

    وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے اضافہ کر رہے ہیں، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوچکا ہے۔

    وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت اس وقت پیٹرولیم پر فی لیٹر 56 روپے سبسڈی دے رہی ہے، 15 دن میں 55 ارب روپے کا نقصان برداشت کر چکے ہیں۔

  • دعا زہرا کے والد نے عدالت سے رجوع کرلیا

    دعا زہرا کے والد نے عدالت سے رجوع کرلیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرا کے والد نے عدالت سے رجوع کرلیا، ان کا کہنا ہے کہ دعا زہرا کو بازیاب کروا کے عدالت میں پیش کریں۔

    تفصیلات کے مطابق پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرا کے والد مہدی علی کاظمی نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا، درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایس ایس پی ایسٹ، ایس ایچ او الفلاح اور تفتیشی افسر کو حکم دیا جائے دعا زہرا کو بازیاب کروائیں۔

    درخواست گزار کا کہنا ہے کہ تفتیشی افسر کو حکم دیا جائے کہ دعا زہرا کو بازیاب کروا کے عدالت میں پیش کریں، دعا زہرا اور اس کی فیملی کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ نکاح کے وقت دعا زہرا کی عمر 14 سال تھی، نادرا ریکارڈ کے مطابق بھی دعا زہرا کی عمر 13 سال بنتی ہے، کم عمری کی شادی چائلڈ ریسٹرین میرج ایکٹ 2013 کے تحت جرم ہے۔

    خیال رہے کہ کراچی کے علاقے الفلاح گولڈن ٹاؤن سے دعا زہرا کے لاپتہ ہوجانے کے بعد اہل خانہ نے دعویٰ کیا تھا کہ دعا کو اغوا کیا گیا ہے۔

    بعد ازاں دعا زہرا منظر عام پر آگئی اور اس نے بتایا کہ وہ اپنی مرضی سے گھر سے نکلی ہے اور اس نے نکاح کرلیا ہے۔

  • حمزہ اور شہباز شریف کی جانب سے تاخیری حربوں کا سلسلہ جاری

    حمزہ اور شہباز شریف کی جانب سے تاخیری حربوں کا سلسلہ جاری

    لاہور: حمزہ شہباز اور شہباز شریف کی جانب سے تاخیری حربوں کا سلسلہ جاری ہے، خصوصی عدالت نے تاخیری حربوں کو دیکھتے ہوئے منی لانڈرنگ کیس میں آج کی سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

    خصوصی عدالت نے تحریری حکم میں کیس کی روزانہ سماعت اور عدالتی اختیار پر وکلا کو دلائل کے لیے طلب کر لیا ہے، عدالت نے حکم میں کہا کہ تینوں وکلا 10 مارچ کو بحث کے لیے حاضر ہوں۔

    تحریری حکم میں کہا گیا کہ حمزہ شہباز کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے التوا کی درخواست کی، شہباز شریف نے وکیل امجد پرویز کی بیماری کی وجہ سے التوا کی درخواست دی، گزشتہ سماعت پر بھی شریف گروپ کے سی ایف او محمد عثمان نے بھی تیاری نہ ہونے پر التوا لیا تھا۔

    قبل ازیں، ایف آئی اے نے اسپیشل جج سینٹرل عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی روزانہ سماعت کی درخواست داٸر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزمان کی جانب سے مسلسل تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

    درخواست میں کہا گیا کہ 18 فروری کو عدالت نے ملزمان کو فرد جرم عاٸد کرنے کے لیے طلب کیا تھا، ملزمان نے 18 فروری کو عدالتی داٸرہ اختیار اور چالان کی نقول فراہمی کی درخواستیں داٸر کر دیں، مرکزی ملزم شہباز شریف کے وکیل بھی اس سماعت پر پیش نہ ہوٸے۔

    ایف آئی اے کے مطابق مرکزی ملزم 21 جون 2021 سے عبوری ضمانت پر ہیں، ملزمان نے سیاسی مصروفیات اور طبی بنیادوں پر 9 بار التوا لیا، ملزمان کے وکلا نے آج تک عبوری ضمانتوں پر بھی بحث مکمل نہیں کی۔

    درخواست میں کہا گیا کہ ملزمان دوران تفتیش اہم سوالات کے جوابات دینے سے گریزاں رہے ہیں، ملزمان کا تفتیش کے دوران رویہ ٹال مٹول والا ہے، شرعی اور قانونی تقاضا ہے کہ جلد انصاف کیا جاٸے، اور عدالت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے اس رویے کا نوٹس لے۔

    درخواست میں استدعا کی گٸی کہ بے مقصد اور تاخیری حربے کے طور پر داٸر درخواستیں مسترد کی جاٸیں اور کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا حکم دیا جاٸے۔

    پراسیکیوشن ٹیم کے ممبر محمد عثمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوٸے کہا ہم بحث کرنے کے لیے تیار ہیں، ملزمان کے وکلا تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں جس سے ٹراٸل متاثر ہو رہا ہے۔

  • ہاؤسنگ اسکیموں پر بڑی پابندی عائد

    ہاؤسنگ اسکیموں پر بڑی پابندی عائد

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ہائی کورٹ نے غیر رجسٹرڈ ہاؤسنگ اسکیموں کے اشتہارات میڈیا پر جاری کرنے سے روک دیا، ہاؤسنگ اسکیمیں اشتہارات پر این او سی کا نمبر درج کرنے اور کیو آر کوڈ لگانے کی پابند ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد جمیل نے غیر رجسٹرڈ ہاؤسنگ اسکیموں کے حوالے سے کیس کی سماعت کی، عدالت نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں ہاؤسنگ اسکیموں کے اشتہارات کو این او سی سے مشروط کردیا۔

    عدالت نے حکم دیا کہ ہاؤسنگ اسکیمیں اشتہارات پر این او سی کا نمبر درج کرنے اور کیو آر کوڈ لگانے کی پابند ہوں گی۔ ہاؤسنگ اسکیموں کے اشتہارات پر ایل ڈی اے اپنی مصدقہ ویب سائٹ کا ایڈریس بھی جاری کروائے۔

    فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ غیر قانونی اسکیموں کو عوام الناس کی جمع پونجی لوٹنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

    انہوں نے کہا کہ چیف ٹاؤن پلانر ایل ڈی اے ندیم سات روز میں عدالتی حکم پر عمل درآمد کے پابند ہیں، اگر ایسا نہ ہوا تو ان کے خلاف کاروائی ہوگی۔

    چیف ٹاؤن پلانر نے عدالت کو بتایا کہ قانون کی خلاف ورزی پر 14 ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے ہیں جبکہ مزید کاررواٸیاں بھی جاری ہیں۔

  • عدالت نے مغل دور کے تاریخی باغ میں دکانوں کی تعمیر سے روک دیا

    عدالت نے مغل دور کے تاریخی باغ میں دکانوں کی تعمیر سے روک دیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی عدالت نے شیخوپورہ کے تاریخی باغ میں دکانوں کی تعمیر سے روک دیا، عدالت نے فریقین کو بھی نوٹس جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں شیخوپورہ کے کمپنی باغ کی تاریخی حیثیت کو ختم کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس شاہد وحید نے شہری یاسر خان کی درخواست پر سماعت کی۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کمپنی باغ مغل بادشاہ جہانگیر کے دور حکومت میں تعمیر کیا گیا، انگریز کے دور میں کمپنی باغ کی حیثیت کو برقرار رکھا گیا۔ تاہم اب قانونی تقاضے پورے کیے بغیر کمپنی باغ میں ماڈل بازار بنا دیا گیا ہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت کمپنی باغ کی تاریخی حیثیت کو بحال کرنے کا حکم دے۔

    سماعت کے بعد عدالت نے انتظامیہ کو کمپنی باغ میں دکانوں کی تعمیر سے روک دیا، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کر کے 10 فروری کو جواب طلب کیا ہے۔

  • 14 سالہ بچی سے زیادتی کیس کا فیصلہ

    14 سالہ بچی سے زیادتی کیس کا فیصلہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 14 سالہ بچی سے زیادتی کے ملزم کو 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی، ملزم پر 2 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن غربی کی عدالت نے 14 سالہ بچی سے زیادتی کے کیس کا فیصلہ سنا دیا۔

    عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم خلیل کو 10 سال قید کی سزا سنا دی، عدالت نے ملزم خلیل پر 2 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کرنے کا حکم دیا ہے۔

    عدالت نے ضمانت پر رہا ملزم کو فوری گرفتار کر کے جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل لاہور ہائیکورٹ نے 6 سالہ بچی سے زیادتی کے کیس میں قرار دیا تھا کہ جنسی زیادتی کے کیسز میں میڈیکل رپورٹس اور ڈی این اے پازیٹو نہ بھی ہوں تو ملزم کو متاثر فرد کے بیان پر سزا ہوسکتی ہے۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ اکثر کیسز میں ڈی این اے کے لیے مواد ناکافی ہوتا ہے جس کو بنیاد بنا کر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ جرم نہیں ہوا۔

    فیصلے کے مطابق میڈیکل رپورٹس اور ڈی این اے پازیٹو نہ بھی ہو تو ملزم کو ریپ کا شکار فریق کے بیان پر سزا ہو سکتی ہے۔

  • بلا ضرورت قانونی چارہ جوئی پر عدالت نے ایف بی آر کو جرمانہ کردیا

    بلا ضرورت قانونی چارہ جوئی پر عدالت نے ایف بی آر کو جرمانہ کردیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی بلا ضرورت قانونی چارہ جوئی کو وقت کا ضیاع قرار دیتے ہوئے ایف بی آر پر جرمانہ عائد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے نجی کمپنی کے خلاف اپیل کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی، سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپیل کا فیصلہ جاری کردیا۔

    عدالت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی بلا ضرورت قانونی چارہ جوئی وقت کا ضیاع قرار دے دی۔

    سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ بلا ضرورت قانونی چارہ جوئی سے عدلیہ کا وقت ضائع ہوتا ہے، ایف بی آر ٹیکس پیئرز سے شفاف انداز میں معاملات چلائے۔

    سپریم کورٹ کے مطابق قانون کے مطابق ٹیکس ادا کرنے والوں کو ملنے والا قانونی حق روکا نہیں جا سکتا، بلا ضرورت قانونی چارہ جوئی سے وسائل ضائع نہیں ہونے چاہئیں۔

    عدالت نے ایف بی آر پر بلا ضرورت اپیل دائر کرنے پر 20 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

  • سلمان خان پڑوسی کے خلاف عدالت پہنچ گئے

    سلمان خان پڑوسی کے خلاف عدالت پہنچ گئے

    نئی دہلی: معروف بھارتی اداکار سلمان خان اپنے پڑوسی کے خلاف عدالت پہنچ گئے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 جنوری تک ملتوی کردی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے اپنے پڑوسی سے تنگ آکر ممبئی کی سٹی سول اور سیشن عدالت میں دیوانی معاملات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے جس کی سماعت عدالت نے 21 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔

    سلمان خان نے اپنی درخواست میں اپنے پڑوسی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ان کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹے، اور ہتک آمیز تبصرے کرتا ہے جو ان کے اور ان کے اہل خانہ کے لیے باعث تکلیف ہے۔

    درخواست میں اداکار نے دعویٰ کیا ہے کہ ان الزامات کی وجہ سے ان کی اور ان کے خاندان کی عوامی ساکھ خراب ہو رہی ہے اور یہ الزامات ان کے لیے سنگین نقصان، اور تعصب کا باعث بھی بن رہے ہیں۔

    دوران سماعت سلمان خان کے وکلا نے عدالت سے درخواست کی کہ فریقین کو اس عمل سے روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کیا جائے۔

    پڑوسی کے وکیل نے سلمان خان کے الزام کی مخالفت کرتے ہوئے جواب داخل کروانے کے لیے عدالت سے کچھ وقت طلب کیا ہے۔

    عدالت نے وکیل مخالف کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 21 جنوری تک ملتوی کر دی۔

  • قیدیوں پر بہیمانہ تشدد میں ملوث پولیس افسر کو عمر قید کی سزا

    قیدیوں پر بہیمانہ تشدد میں ملوث پولیس افسر کو عمر قید کی سزا

    برلن: جرمنی میں شام کے ایک سابق پولیس افسر کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی جو قیدیوں پر بہیمانہ اور جان لیوا تشدد میں ملوث رہا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق جرمنی کی عدالت نے شامی خفیہ پولیس کے سابق افسر کو ایک دہائی قبل دمشق کے قریب ایک جیل میں قیدیوں پر تشدد کی نگرانی کرنے پر عمر قید کی سزا سنائی ہے۔

    ان شامی افراد کو اس تاریخی مقدمے پر فیصلے کا انتظار تھا جو خود صدر بشر الاسد کی حکومت کے دوران اس تشدد کا نشانہ بنے یا جنہوں نے اس کے ہاتھوں اپنے پیاروں کو کھویا ہے۔

    جرمنی کے کوبلینٹز شہر میں ریاستی عدالت نے کہا ہے کہ مجرم انور رسلان شام کے شہر دوما کی ایک جیل میں سینیئر افسر تھے، جہاں اپوزیشن کے مبینہ مظاہرین کو قید کیا گیا تھا۔

    جرمن میڈیا کے مطابق عدالت میں انور رسلان کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

    انور رسلان کے وکلا نے عدالت سے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ انہوں نے کبھی ذاتی طور پر کسی پر تشدد نہیں کیا اور وہ 2012 میں ملک سے فرار ہوئے تھے، اسی لیے انہیں بری کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

    جرمن استغاثہ کا الزام ہے کہ انور رسلان نے اپریل 2011 سے ستمبر 2012 تک 4 ہزار سے زائد قیدیوں پر منظم اور وحشیانہ تشدد کی نگرانی کی تھی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    گزشتہ سال کوبلینٹز کی عدالت نے جونیئر افسر ایاد الغریب کو انسانیت کے خلاف جرائم کرنے پر ساڑھے 4 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ دونوں افراد نے جرمنی میں پناہ لی ہوئی تھی اور انہیں 2019 میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    متاثرین اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے گروہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ فیصلہ ان ان گنت لوگوں کے لیے انصاف کی جانب پہلا قدم ہوگا، جو شام میں یا انٹرنیشنل کرمنل کورٹ میں ایسے افسران کے خلاف مجرمانہ مقدمے دائر نہیں کر پائے۔

  • سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد میں نمایاں کمی

    سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد میں نمایاں کمی

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے زیر التوا مقدمات کی رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 54 ہزار سے کم ہو کر 51 ہزار 766 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد میں نمایاں کمی ہوگئی، عدالت عظمیٰ میں مقدمات کی تعداد 54 ہزار سے کم ہو کر 51 ہزار 766 ہوگئی۔

    سپریم کورٹ نے زیر التوا مقدمات کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 16 دسمبر سے 31 دسمبر تک 11 سو 16 مقدمات کے فیصلے ہوئے جبکہ اسی عرصے میں 835 نئے مقدمات کا اندراج ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد اب 51 ہزار 766 ہے، نومبر میں یہ تعداد 54 ہزار سے زائد تھی۔