Tag: عدالت

  • میڈیا ورکرز اور صحافیوں کے لیے کیا اقدامات کیے گئے؟ عدالت نے جواب طلب کرلیا

    میڈیا ورکرز اور صحافیوں کے لیے کیا اقدامات کیے گئے؟ عدالت نے جواب طلب کرلیا

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے میڈیا ورکرز اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں سیکریٹری اطلاعات اور سیکریٹری قانون سے 2 ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے مسائل کے حل کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا، درخواست پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ میڈیا ورکرز اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے کیا اقدامات اٹھائے گئے ہیں، سیکریٹری اطلاعات اور سیکریٹری قانون دو ہفتے میں جواب جمع کروائیں۔

    عدالت نے کہا کہ میڈیا ورکرز اور صحافیوں کی سیکیورٹی کے لیے مؤثر قانون سازی موجود نہیں، درخواست گزار نے آئین کے آرٹیکلز کے تناظر میں عوامی مفاد کے سوالات اٹھائے۔ بتایا گیا ہے کہ میڈیا ورکرز اور صحافیوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کا تعلق بنیادی حقوق کے ساتھ ہے۔

    حکم نامے میں کہا گیا کہ سوالات آزادی صحافت سے متعلق ہیں، آرٹیکل 19 اے شہریوں کو مفاد عامہ سے متعلق معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے۔ ایڈیٹرز، رپورٹرز اور کالم نویس کی آزادی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

    عدالت نے حکم دیا کہ رجسٹرار آفس 3 ہفتوں کے بعد درخواست کو دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کر دے۔

  • 15 لاکھ دینے کے باوجود گاڑی ڈیلیور نہیں ہوئی: شہری عدالت پہنچ گیا

    15 لاکھ دینے کے باوجود گاڑی ڈیلیور نہیں ہوئی: شہری عدالت پہنچ گیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پیسے دیے جانے کے باوجود گاڑی فراہم نہ کرنے پر ایک شہری عدالت پہنچ گیا، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں مقامی شہری گاڑی ڈیلیور نہ کرنے پر کمپنی کے خلاف کنزیومر کورٹ پہنچ گیا۔

    شہری نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ کمپنی نے گاڑی جولائی کے مہینے میں دینی تھی اب تک نہیں دی گئی، فروری میں گاڑی کی بکنگ کے وقت 15 لاکھ روپے جمع کروائے تھے۔

    شہری کا کہنا ہے کہ کمپنی کو شکایت بھی کی گئی لیکن تسلی بخش جواب نہیں دیا گیا۔

    شہری نے درخواست کی ہے کہ اسے کمپنی سے گاڑی دلوائی جائے۔

    کنزیومر کورٹ نے شہری کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے اور انہیں طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 18 نومبر تک ملتوی کردی۔

  • زمین کے 63 سال پرانے کیس میں عدالت نے فیصلہ کس کے حق میں سنایا؟

    زمین کے 63 سال پرانے کیس میں عدالت نے فیصلہ کس کے حق میں سنایا؟

    لاہور: ہائی کورٹ نے زمین کے 63 سال پرانے تنازعے کا فیصلہ پنجاب حکومت کے حق میں سنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر خوشاب میں ایک شہری عطا رسول کو 1958 میں گرو مور فوڈ کی اسکیم کے تحت 8 کنال زمین الاٹ ہوئی تھی، تاہم بعد میں ممبر بورڈ آف ریونیو نے اس فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا تھا، جس پر وہ یہ کیس عدالت میں لے گیا، اور یوں ایک طویل عدالتی سلسلہ شروع ہو گیا۔

    عطا رسول نے زمین کی ملکیت کے سلسلے میں پنجاب حکومت کے خلاف پہلے سول کورٹ میں دعوی دائر کیا، تاہم سول کورٹ نے دعویٰ خارج کیا، تو وہ سیشن عدالت چلے گئے، جہاں عطا رسول کی اپیل منظور ہوگئی، اس کے خلاف پنجاب حکومت نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا تھا۔

    لاہور ہائی کورٹ نے آج اس کیس کا فیصلہ کر دیا، اپنے فیصلے میں عدالت نے کہا کہ معاملہ سرکاری زمین کا ہے، جو ریونیو کے دائرۂ اختیار میں ہے اور ریکارڈ کے مطابق عطا رسول یہ بتانے سے قاصر ہے کہ اس نے زمین کی لیز کے لیے کب پیسے دیے، گرو مور فوڈ کی اسکیم 1956 میں متعارف ہوئی، جس کے تحت زمین لیز پر 3 سال کے لیے دی گئی۔

    فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عطا رسول یہ ثابت نہیں کر سکا کہ تین سال پر اسے زمین دوبارہ الاٹ ہوئی، عطا رسول اتنے سال زمین پر غیر قانونی طور پر قابض رہا۔

    عدالتی فیصلے کے مطابق حکومت 6 دہائیوں سے زمین کی نیلامی کے لیے کوشش کرتی رہی، لیکن دوسرے فریق نے درخواست کے ذریعے اسے روکے رکھا، لہٰذا پنجاب حکومت کو اجازت ہے کہ وہ زمین واپس لے، اور عطا رسول سے آج کے دن تک کا لگان وصول کرے۔

  • بھارتی عدالت نے جوہی چاولہ پر 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا

    بھارتی عدالت نے جوہی چاولہ پر 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا

    نئی دہلی: معروف بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاولہ پر عدالت نے 20 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کردیا، عدالت نے 5 جی ٹیکنالوجی کے استعمال کے خلاف دائر کی گئی ان کی درخواست مسترد کردی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی ہائیکورٹ نے بھارتی اداکارہ جوہی چاولہ کی جانب سے بھارت میں 5 جی ٹیکنالوجی کے استعمال کے خلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے اسے سستی شہرت کے لیے ایک اقدام قرار دے دیا اور اداکارہ پر 20 لاکھ کا جرمانہ عائد کر دیا۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ مقدمہ ذاتی تشہیر کے لیے دائر کیا گیا، جوہی چاولہ نے کیس کی کارروائی سے متعلق سوشل میڈیا پر لنک شیئر کیے جس سے معاملات خراب ہوئے۔

    عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ سوشل میڈیا پر اس کیس سے متعلق خلل پیدا کرنے والوں کی شناخت کرے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائے۔

    یاد رہے کہ جوہی چاولہ نے کچھ عرصہ قبل بھارت میں 5 جی ٹیکنالوجی کے استعمال کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزاروں میں جوہی چاولہ کے علاوہ وریش ملک اور ٹینا واچانی بھی شامل ہیں۔

    اس درخواست میں مؤقف اختيار کيا گیا تھا کہ مواصلاتی کمپنیوں نے 5 جی نيٹ ورکس کی تنصيب سے متعلق جن منصوبوں کا اعلان کیا ہے، ان کے انسانوں اور ماحول پر سنگین اور ناقابل تلافی اثرات مرتب ہوں گے۔

    درخواست میں کہا گیا تھا کہ عدالت سرکاری ایجنسیوں کو تحقیقات کا حکم دے اور معلوم کیا جائے کہ 5 جی ٹیکنالوجی کے انسانی صحت پر کس قسم کے اثرات پڑ سکتے ہیں۔

    دوران سماعت جوہی چاولہ کی فلموں کے گانوں پر سوشل میڈیا پر ردعمل بھی دیکھنے میں آیا۔ انڈین کامیڈین کنال کمرا نے لکھا کہ جوہی چاولہ کے گانوں کو بھارتی عدلیہ کی ساکھ کے لیے نقصان دہ قرار دیا جائے گا۔

  • سگ گزیدگی کے واقعات: افسران پر 50 ہزار ہرجانہ لگا دینا چاہیئے، عدالت برہم

    سگ گزیدگی کے واقعات: افسران پر 50 ہزار ہرجانہ لگا دینا چاہیئے، عدالت برہم

    کراچی: سگ گزیدگی کے واقعات اور آوارہ کتوں کی روک تھام سے متعلق کیس میں سندھ ہائیکورٹ نے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کو طلب کرلیا، عدالت نے افسران پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں آوارہ کتوں کی روک تھام اور کتے کے کاٹے کی ویکیسن سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، سیکریٹری بلدیات سندھ عدالت میں پیش ہوئے۔

    جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھا کہ سگ گزیدگی کے واقعات بہت بڑھ چکے ہیں کوئی کنٹرول نہیں ہو رہا، ٹاسک فورس کو واقعات کم کرنے کے لیے بنایا گیا تھا، بتائیں، آپ کے لوگ کر کیا رہے ہیں؟

    سیکریٹری بلدیات نے کہا کہ ویکسین کی فراہمی اور نس بندی سے متعلق منصوبے پر کام جاری ہے، جسٹس امجد علی سہتو نے کہا کہ اس کا حل موجود ہے، جیسے ہی کسی کو کتا کاٹے، سرکاری افسران کی جیب سے 10 ہزار روپے جرمانہ لگا دیں۔

    انہوں نے کہا کہ کسی کو پرواہ ہی نہیں، واقعات رک ہی نہیں رہے، کنٹونمنٹ بورڈز اپنی حدود میں کیا کر رہے ہیں؟ جس پر وکیل کنٹونمنٹ بورڈ نے کہا کہ بورڈز نے کام شروع کردیا ہے۔

    جسٹس امجد علی سہتو نے کہا کہ افسران پر 50 ہزار ہرجانہ لگا دیں پھر دیکھیں کیسے کام ہوتا ہے۔

    جسٹس محمد علی مظہر نے اظہار برہمی کرتے ہوئے پوچھا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی کہاں ہیں اور وہ کیوں نہیں آئے؟ کیا ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کو توہین عدالت کے نوٹس بھیجیں؟ یا شوکاز نوٹس جاری کریں؟

    انہوں نے کہا کہ واقعات نہ رکنے پر ڈی ایم سیز اور کے ایم سیز حکام کے خلاف فیصلہ جاری کر دیتے ہیں۔

    سیکریٹری بلدیات نے کہا کہ ویکسین قانون کے بائی لاز بنا دیے گئے، وزیر اعلیٰ نے منظوری دے دی ہے، آئندہ کابینہ اجلاس میں ڈرافٹ پیش ہوجائے گا، پروجیکٹ کے ٹینڈرز جاری کردیے گئے ہیں۔

    اینٹی ریبیز کنٹرول پروگرام کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ پروگرام کے باقی امور بھی حتمی مراحل میں ہیں۔ عدالت نے اینٹی ریبیز کنٹرول پروگرام کے مراحل کو 10 دن میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔

    ڈائریکٹر نے کہا کہ 60 گاڑیوں کی ضرورت ہے جو کتے پکڑنے کے لیے استعمال ہوں گی، کابینہ نے ان گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دے دی ہے۔

    جسٹس امجد علی سہتو نے کہا کہ فنڈز کھانے آتے ہیں، کتا پکڑا اور مارا نہیں جاتا، گاؤں میں کتا کاٹے تو کہیں ڈاکٹر نہیں کہیں ویکسین نہیں، حیدر آباد تک پہنچتے پہنچتے بچہ مر جاتا ہے۔ ڈی ایم سیز میں 350 ملازمین ہیں کیا کرتے ہیں؟ کبھی سنا ہے ڈی ایم سیز میں 350 ملازمین؟

    عدالت نے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ ایڈمنسٹریٹر پیش ہوں اور بتائیں فیصلے پر عمل درآمد کیوں نہیں ہو رہا۔

    عدالت نے سیکریٹری بلدیات کو بھی سگ گزیدگی کے واقعات روکنے کا حکم دیا اور انہیں ذاتی حیثیت میں معاملہ دیکھنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے تمام ڈی ایم سیز کو ہفتہ وار رپورٹس جمع کروانے کی ہدایت کی۔

    عدالت نے کنٹونمنٹ بورڈز حکام کو بھی واقعات روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیفنس کے رہائشی کتوں کے کاٹنے سے بہت زیادہ پریشان ہیں، پارکوں میں بزرگ شہری واک تک نہیں کر پاتے۔ واقعات کو کم کریں یہی پیش رفت اور اچھی کارکردگی کا پیمانہ ہے۔

    عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 جون تک ملتوی کردی۔

  • بچی کو ٹکر مارنے کا جرمانہ 1 پاؤنڈ

    بچی کو ٹکر مارنے کا جرمانہ 1 پاؤنڈ

    برسلز: بیلجیئم کی مقامی عدالت نے 5 سالہ بچی کو سائیکل سے ٹکر مارنے والے شخص کو صرف ایک پاؤنڈ جرمانے کی سزا سنائی ہے اور ایک سال کی ممکنہ سزا کو معطل کردیا ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق سائیکل سوار نے گزشتہ سال کرسمس کے موقع پر بیلجیئم کے باراک مشیل نیچرل پارک میں بچی کو اس وقت ٹکر ماری تھی جب اس نے غیر ارادی طور پر سائیکل سوار شخص کا راستہ روکا تھا۔

    بچی کے والد نے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لوگوں سے رائے مانگی تھی کہ آیا وہ اس حوالے سے پولیس کو شکایت کراوائیں یا نہیں، سوشل میڈیا صارفین نے نہ صرف سائکل سوار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا بلکہ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

    بچی کے باب کی شکایت اور سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مقامی پولیس نے سائیکل سوار شخص کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا۔

    بیلجیئم کے شہر ویرویرس کی مقامی عدالت کے جج کے روبرو سائیکل سوار نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کا بچی کو ٹکر مارنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، البتہ بچی کو سائیکل کے پچھلے ٹائر میں پھنسنے سے بچانے کے لیے اس نے ہلکا سا دھکا دیا تھا، جس سے بچی زمین پر گر گئی تھی۔

    دونوں طرف سے دلائل سننے کے بعد جج نے سائیکل سوار شخص پر یہ کہہ کر ایک پاؤنڈ جرمانہ عائد کردیا کہ اس شخص کا بچی کو نقصان پہنچانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، واقعہ معمولی نوعیت کا تھا اور اسے پہلے ہی سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    جج نے مزید کہا کہ سائیکل سوار نے گرفتاری کے بعد کافی وقت پولیس کی حراست میں بھی گزارا ہے، جج نے کہا کہ مذکورہ شخص بچی کے اہل خانہ کو علامتی طور ایک پاؤنڈ جرمانہ ادا کرے گا۔

  • خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر رقم بٹورنے والے کویتی شہری کو سزا

    خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر رقم بٹورنے والے کویتی شہری کو سزا

    کویت سٹی: کویت میں ایک 51 سالہ شخص نے ایک خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر ان سے 7 لاکھ دینار کی رقم بٹور لی، عدالت نے مذکورہ شخص کو 2 سال قید کی سزا سنا دی۔

    کویتی میڈیا کے مطابق کویتی شہری نے شادی کا جھانسہ دے کر ایک خاتون سے 7 لاکھ دینار اینٹھ لیے، مذکورہ شخص خاتون کو 6 برس سے شادی کے جھانسے دے رہا تھا۔

    خاتون نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ شخص 6 برس تک انہیں بیوقوف بنا کر ان سے مالی فوائد حاصل کرتا رہا۔ شہری نے صرف ایک معاملے میں ان سے 2 لاکھ 66 ہزار دینار اینٹھے تھے۔

    متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ 51 سالہ شخص ایک تعمیراتی کمپنی میں کام کر رہا تھا، خاتون نے اس کی کمپنی سے اپنا گھر بنوانے کے لیے سنہ 2012 میں اس سے رابطہ کیا تھا۔

    اس دوران دونوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہوگئی، ٹھیکے دار نے خاتون سے شادی کی خواہش ظاہر کی۔

    سنہ 2017 میں اس نے خاتون کو واٹس ایپ پیغام بھیجا کہ اس کی کمپنی کے بعض ملازم ان دونوں کی آڈیوز اور ویڈیوز ریکارڈ منظر عام پر لانے کی دھمکی دے رہے ہیں، انہیں روکنے کا جواز بنا کر ٹھیکے دار نے خاتون سے 2 لاکھ کویتی دینار اینٹھے۔

    اب خاتون نے عدالت سے رجوع کرلیا ہے، انہوں نے بتایا کہ وہ اب تک اس شخص کو 7 لاکھ دینار کی رقم دے چکی ہیں۔

    ہائیکورٹ نے ٹھیکے دار کو خاتون کو دھمکانے اور ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوششوں کا مجرم قرار دیا ہے اور 2 برس قید اور 5 ہزار دینار جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق یہ ملکی تاریخ میں دھوکہ دہی کا سب سے بڑا واقعہ ہے، سپریم کورٹ نے بھی ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف شہری کی اپیل مسترد کردی ہے۔

  • عدالت میں غیر ضروری درخواست دائر کرنے انجام

    عدالت میں غیر ضروری درخواست دائر کرنے انجام

    لاہور: عدالت عالیہ نے غیر ضروری درخواست دائر کرنے پر ایک شہری کو 5 لاکھ روپے جرمانہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فیصل زمان خان نے شاہزانہ کاظمی کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

    درخواست گزار نے مختلف اشیا کی اعشاریہ میں قیمتیں مقرر کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا تھا۔

    لاہور ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہے اور نہ ہی درخواست گزار نے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق کچھ بتایا۔

    عدالت نے کہا اعشاریہ میں قیمتیں مقرر کرنا حکومتی پالیسی کا حصہ ہے، نیز یہ عوامی مفاد کا معاملہ ہے اور یہ کوئی جادوئی چھڑی نہیں جو ہر کسی کے ہاتھ میں دے دی جائے۔

    لاہور ہائی کورٹ نے فیصلے میں اس نکتے کو واضح کیا کہ ایسی غیر ضروری درخواستوں سے ملکی اداروں میں افراتفری پھیل سکتی ہے۔

    درخواست کی سماعت کے بعد جج نے کہا عدالت اور دوسرے لوگوں کا وقت ضائع کرنے پر یہ عدالت درخواست گزار کو پانچ لاکھ روپے جرمانہ کرتی ہے۔

    عدالت نے مزید کہا کہ اگر درخواست گزار 7 دن میں جرمانے کی رقم ادا نہ کرے تو لینڈ ریونیو کے ذریعے یہ رقم وصول کی جائے۔

  • کنگنا رناوت کو عدالت نے طلب کرلیا

    کنگنا رناوت کو عدالت نے طلب کرلیا

    نئی دہلی: بھارت کے معروف نغمہ نگار جاوید اختر کی درخواست پر ممبئی کی مقامی عدالت نے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو طلب کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق جاوید اختر کے وکیل نے ممبئی کے اندھیری میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں ایک درخواست جمع کروائی تھی جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ کنگنکا رناوت نے نیشنل ٹیلی ویژن پر بیٹھ کر ان کے مؤکل کی تضحیک کی ہے۔

    عدالت نے درخواست پر جوہو پولیس کو معاملے کی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی تھی، پولیس نے مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد مزید وقت مانگا۔

    ایک روز قبل پولیس نے عدالت میں اپنی رپورٹ جمع کروادی جس کے بعد عدالت نے کنگنا رناوت کو طلب کرلیا گیا ہے، کنگنا یکم مارچ کو عدالت میں پیش ہوں گی۔

    یاد رہے کہ کنگنا رناوت سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹس اور مختلف انٹرویوز میں متنازعہ گفتگو کرتی رہتی ہیں، وہ اکثر ساتھی اداکاروں کو تضحیک اور تنقید کا نشانہ بنانے سے بھی باز نہیں آتیں۔

    علاوہ ازیں وہ مودی سرکار کے تمام شدت پسندانہ اقدامات کی کھل کر حمایت کرتی نظر آتی ہیں اور ان کے خلاف ہونے والے احتجاج اور مظاہروں کو پڑوسی ممالک کے فنڈڈ شدہ قرار دیتی ہیں۔

  • گاڑیوں کی امپورٹ پر پابندی: ہائیکورٹ نے فریقین کو طلب کرلیا

    گاڑیوں کی امپورٹ پر پابندی: ہائیکورٹ نے فریقین کو طلب کرلیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ہائیکورٹ نے گاڑیوں کی درآمد پر پابندی کے خلاف درخواست پر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں گاڑیوں کی درآمد پر پابندی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

    درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ گاڑیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور گاڑی خریدنا عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوچکا ہے۔

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کی درآمد پر پابندی ختم کر کے ان کی قیمت میں کمی لائی جاسکتی ہے لیکن حکومت نے گاڑیوں کی درآمد پر پابندی لگا رکھی ہے جس کی وجہ سے مقامی کمپنیاں من مانی کر رہی ہیں۔

    درخواست گزار نے استدعا کی کہ گاڑیوں کی درآمد پر پابندی ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔

    عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوٸے فریقین سے جواب طلب کرلیا۔