Tag: عدالت

  • وزیر پر کرپشن کا الزام ثابت، عدالت نے سزا سنادی

    وزیر پر کرپشن کا الزام ثابت، عدالت نے سزا سنادی

    کویت سٹی: کویتی عدالت نے کرپشن کا الزام ثابت ہونے پر سابق وزیر کو 7 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنا دی۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کویتی عدالت میں سابق وزیر صحت علی العبیدی سمیت وزارت کے فرسٹ سکریٹری، نائب سکریٹری اور ایک امریکی کمپنی کے عہدیدار پر بھی کرپشن کا الزام ثابت ہوا جس پر عدالت نے ایک ہی طرح کی سزا سنائی۔

    عدالتی حکم کے مطابق سابق وزیر کو 7 سال قید، 81 ملین دینار قومی خزانے میں واپس کرنے اور اتنی ہی رقم جرمانے کے طور پر ادا کرنا ہوگا، جبکہ دیگر مجرمان پر بھی یہی سزا لاگو ہوگی۔

    کویت،شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے تین اہم افراد کو پانچ سال قید کی سزا

    کرپشن میں ملوث افراد کو قید کی سزا سے بچنے کے لیے 10 ہزار دینار جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

    مجرمان پر یہ الزام تھا کہ انہوں نے ملکی خزانے میں کرپشن کی، عرب میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ افراد نے غیر قانونی طور پر معاہدے کرنے کے علاوہ فرضی مریضوں کو امریکا میں علاج کروایا ہے، اور علاج کی مد میں لی گئی رقم ہڑپ کرلی۔

    سابق وزیر سمیت دیگر مجرمان نے فرضی انشورنس معاہدوں کے ذریعہ کئی ملین دینار کا غبن بھی کیا۔

  • پہلی سعودی خاتون امریکی عدالت میں معاون جج مقرر

    پہلی سعودی خاتون امریکی عدالت میں معاون جج مقرر

    ریاض: سعودی عرب کی پہلی خاتون کو امریکا کی ایک عدالت میں معاون جج تعینات کردیا گیا، خاتون امریکا میں زیر تعلیم ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق امریکی عدالت نے سرکاری اسکالر شپ پر زیر تعلیم سعودی اسکالر خاتون کو معاون جج تعینات کر دیا۔

    سعودی اسکالر خاتون ہیا الشمری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ انہیں امریکی عدالت میں معاون جج کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔

    عدالت میں سعودی اسکالر کی حیثیت رضا کارانہ ہوگی، وہ اس وقت امریکا میں قانون کی اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ الشمری نے کنگ سعود یونیورسٹی کی فیکلٹی آف لا سے ایل ایل بی کیا ہے جبکہ وہ قانون میں اعلیٰ ڈپلومہ بھی حاصل کرچکی ہیں۔

    وہ اعلیٰ تعلیم اور وکالت کی پریکٹس کے لیے اسکالر شپ پر امریکا گئی ہیں جہاں وہ قانون میں ماسٹرز کر رہی ہیں۔ الشمری پہلی سعودی اسکالر خاتون ہیں جنہیں امریکی عدالت میں معاون جج بنایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز مملکت کی نائب وزیر برائے پائیدار ترقی اور جی 20 کے امور کی معاون، شہزادی ہیفا بنت عبد العزیز آل مقرن کو اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) میں سعودی عرب کی مستقل مندوب مقرر کیا گیا۔

    شہزادی ہیفا نے سنہ 2008 سے 2009 کے دوران کنگ سعود یونیورسٹی میں لیکچرار کی حیثیت سے کام کیا۔ وہ دسمبر 2017 سے پائیدار ترقیاتی امور کے اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری سمیت وزارت اقتصادیات اور منصوبہ بندی میں اہم عہدوں پر فائز ہیں۔

  • عدالت نے سوتن لانے پر طلاق کا مطالبہ غیرقانونی قرار دے دیا

    عدالت نے سوتن لانے پر طلاق کا مطالبہ غیرقانونی قرار دے دیا

    ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ وفاقی عدالت نے سوتن لانے پر بیوی کے طلاق کے مطالبے کو غیرقانون قرار دے کر مسترد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای میں سوتن لانے پر خاتون نے عدالت سے رجوع کیا جس پر اپیل کورٹ نے میاں بیوی کے درمیان علیحدگی کا فیصلہ سنا دیا تاہم شوہر نے اعلیٰ وفاقی عدالت سے رجوع کیا تو مذکورہ فیصلہ غیرقانونی قرار پایا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اعلیٰ عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ اپیل کورٹ نے سوتن لانے پر میاں بیوی کے درمیان علیحدگی کا فیصلہ خلاف شریعت اور خلاف قانون ہے۔ کیوں کہ شوہر نے سوتن لانے کے بعد اس سے نہ کوئی بدسلوکی کی اور نہ ہی ایزا پہنچایا۔

    اعلی عدالت کا اپنے فیصلے میں کہنا تھا کہ اپیل کورٹ اس بات کی مجاز نہیں تھی کہ محض سوتن لانے پر میاں بیوی کے درمیان علیحدگی کا فیصلہ جاری کرے۔ یہ شریعت کے بھی خلاف ہے۔

    خیال رہے کہ مدعی خاتون پہلے ہی اپنا بیان ریکارڈ کرواچکی ہیں کہ اس کا شوہر سوتن لانے کے باوجود اچھا برتاؤ کررہا ہے۔ ایسی صورت حال میں طلاق، علیحدگی یا پھر کسی سزا کا جواز نہیں بنتا۔

    واضح رہے کہ فریقین کے درمیان پہلے معاملہ متحدہ عرب امارات کے پرائمری کورٹ میں گیا تھا۔ کورٹ نے میاں بیوی میں علیحدگی کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے مہر کی باقیماندہ رقم ادا کرنے اور چاروں بچوں کی پرورش کے اخراجات دینے کا حکم دیا تھا۔ بعد ازاں شوہر اپیل کورٹ گیا جہاں اس کی کوئی شنوائی نہیں ہوئی اور فیصلہ برقرار رکھا گیا۔

    البتہ اعلیٰ عدالت نے فیصلہ شوہر کے حق میں سنا دیا۔

  • اصلی ہیں یا جعلی؟ عدالت کی پی آئی اے کے ملازمین کی ڈگریاں چیک کرنے کا حکم

    اصلی ہیں یا جعلی؟ عدالت کی پی آئی اے کے ملازمین کی ڈگریاں چیک کرنے کا حکم

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کروانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے ملازمین کی ڈگریاں چیک اور تصدیق کروانے کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین، پی آئی اے کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور اٹارنی جنرل کو طلب کرلیا۔

    درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ پی آئی اے کے بعض ملازمین نے آزاد کشمیر کی نجی یونیورسٹی سے تعلیمی اسناد حاصل کی، ایئر لائن کے ملازمین کبھی یونیورسٹی نہیں گئے لیکن انہیں ڈگریاں مل گئیں۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ ان اسناد کی بنیاد پر محکمانہ پرموشن حاصل کی گئی۔

    عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ الخیر یونیورسٹی محض دکھاوے کی جامعہ ہے۔ تعلیمی عمل کے بغیر ڈگریاں فروخت کی گئیں۔ بظاہر ڈگریوں کے حصول کا عمل غیر قانونی لگتا ہے۔

    عدالت نے کہا کہ پی آئی اے میں نجی یونیورسٹی سے حاصل اسناد کو پذیرائی دی گئی۔ عدالت نے حکم دیا کہ پی آئی اے انتظامیہ یقینی بنائے کہ ملازمین کی تعلیمی اسناد منظور شدہ اداروں سے ہوں۔

    چیف جسٹس کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے سماعت ایک ماہ تک ملتوی کردی۔

    خیال رہے کہ رواں برس اگست میں پی آئی اے انتظامیہ نے اس حوالے سے بڑی کارروائی کی تھی اور گھوسٹ اور جعلی ڈگریوں کے حامل 11 سو سے زائد ملازمین کو برطرف کردیا تھا۔

    ترجمان کے مطابق جعلی ڈگریوں کے حامل 700 ملازمین کو فارغ کیا گیا۔ زیادہ تر ملازمین کی تعداد فلائٹ سروسز اور دیگر محکموں سے تھی۔

  • تفتیشی افسر نے میری بیٹی کو اغوا کیا ہے: والد کی عدالت میں دہائی

    تفتیشی افسر نے میری بیٹی کو اغوا کیا ہے: والد کی عدالت میں دہائی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے مبینہ طور پر اغوا شدہ لڑکی کے والد نے عدالت کے سامنے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ تفتیشی افسر نے میری بیٹی کو اغوا کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں مبینہ طور پر اغوا شدہ لڑکی کی عدم بازیابی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ لڑکی کے والد اور تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے۔

    لڑکی کے والد نے عدالت میں موجود تفتیشی افسر پر اغوا کا الزام عائد کردیا۔ والد نے کہا کہ میری بیٹی کو سعید آباد سے سنہ 2014 میں اغوا کیا گیا۔

    تفتیشی افسر نے عدالت میں کہا کہ لڑکی نے پسند کی شادی کی ہے اور اب وہ اٹک بھاگ گئی ہے۔ افسر نے والد کی طرف اشارہ کر کے کہا کہ یہ ہمارے ساتھ چلیں ہم لڑکی کو بازیاب کرواتےہیں۔

    لڑکی کے اہلخانہ نے پولیس کے ساتھ اٹک جانے سے انکار کردیا، لڑکی کے والد نے کہا کہ جس تفتیشی افسر نے بیٹی اغوا کی اس کے ساتھ کیسے جائیں۔

    عدالت نے ڈی آئی جی ویسٹ کو لڑکی کی تلاش سے متعلق نئی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔

  • محکمے کارکردگی دکھانے کے بجائے سوئے پڑے ہیں: عدالت برہم

    محکمے کارکردگی دکھانے کے بجائے سوئے پڑے ہیں: عدالت برہم

    لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے متعدد محکموں سے اسموگ کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات پر رپورٹ طلب کرلی، عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمے کارکردگی دکھانے کے بجائے سوئے پڑے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ کے تدارک کے حوالے سے دائر شدہ درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے اسموگ کی روک تھام کے لیے کابینہ اجلاس کی کارروائی کا ریکارڈ طلب کرلیا۔

    عدالت نے کہا کہ اسموگ کی روک تھام کے لیے اقدامات پر سالانہ رپورٹ دی جائے۔ اسموگ کی روک تھام کے لیے ون ونڈو سسٹم قائم کیا جائے۔

    عدالت نے متعدد محکموں سے کیے گئے اقدامات پر رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت کی جانب سے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ سے آلودگی کی روک تھام کے لیے اور آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف کی گئی کارروائی کی رپورٹ طلب کی گئی۔

    عدالت نے کہا کہ سیف سٹی اتھارٹی پر اتنے پیسے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ دوسرے محکموں پر کیوں رقم خرچ نہیں کی جارہی؟ انسانی زندگی سے زیادہ کوئی چیز عزیز نہیں۔

    عدالت نے واسا سے بھی صاف پانی کی بابت رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایک طرف واسا کہتا ہے پینے کا صاف پانی میسر نہیں، بادی النظر میں ایل ڈی اے کارکردگی دکھانے کے بجائے سویا پڑا ہے۔

    عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے محکمے اپنے قانونی نظام کو بہتر بنائیں۔

    ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت میں بتایا کہ ترقیاتی منصوبوں کے نام پر 13 سو درخت کاٹے گئے، فیکٹریوں کے گندے پانی سے مچھلیوں کی افزائش و نسل ختم ہو رہی ہے۔

    عدالت نے کہا کہ ڈینگی اسپرے سے صرف مکھیاں مر گئیں، یہ حکومتی کارکردگی ہے؟ پارکس اینڈ ہارٹی کلچرل اتھارٹی (پی ایچ اے) بتائے درختوں کی افزائش نسل کے لیے کیا اقدامات کیے؟

    پی ایچ اے کی جانب سے کہا گیا کہ کینال روڈ پر 27 ہزار درخت لگائے ہیں۔ ایک کے بدلے 10 درخت لگانا پی ایچ اے کی پالیسی ہے جس پر عدالت نے کہا کہ لگائے گئے درخت کہیں دکھائی کیوں نہیں دے رہے؟

    عدالت نے متعدد محکموں سے رپورٹس طلب کرتے ہوئے درخواست پر مزید سماعت 9 جنوری تک ملتوی کردی۔

  • نیب کو وارنٹ گرفتاری سے قبل جاوید لطیف کو آگاہ کرنے کا حکم

    نیب کو وارنٹ گرفتاری سے قبل جاوید لطیف کو آگاہ کرنے کا حکم

    لاہور: عدالت نے نیب کو وارنٹ گرفتاری سے قبل ن لیگی ایم این اے جاوید لطیف کو آگاہ کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثوں پر انکوائری سے متعلق ن لیگی رہنما جاوید لطیف کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف درخواست پر لاہور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواست نمٹا دی، اور نیب کو وارنٹ گرفتاری جاری کرنے سے قبل آگاہ کرنے کا حکم دے دیا۔

    جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیب نے جائیداد کی تفصیلات مانگی ہیں، جبکہ ان الزامات میں محکمہ اینٹی کرپشن اپنی تحقیقات بند کرچکا ہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ نیب انکوائری میں شامل ہو رہا ہوں گرفتاری کا خدشہ ہے۔ جس پر عدالت نے نیب کو حکم دیا کہ جاوید لطیف کی گرفتاری سے قبل انہیں آگاہ کیا جائے۔

    جاوید لطیف نے اپنے خلاف نیب انکوائری کو چیلنج کردیا

    خیال رہے کہ لیگی رہنما نے اپنے خلاف انکوائری کو بھی لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

    واضح رہے کہ نیب کی جانب سے لیگی ایم این اے جاوید لطیف کو یکم جنوری کو دوبارہ پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، انہیں آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق انکوائری کا سامنا ہے، جاوید لطیف کو نامکمل ریکارڈ فراہم کرنے پر دوبارہ طلب کیا گیا۔ انور لطیف، منور لطیف اور امجد لطیف بھی نیب کے روبرو پیش ہوں گے۔

  • رانا ثنا کے اہلخانہ کے بینک اکاؤنٹس کھولنے سے متعلق سماعت 4 جنوری کو ہوگی

    رانا ثنا کے اہلخانہ کے بینک اکاؤنٹس کھولنے سے متعلق سماعت 4 جنوری کو ہوگی

    لاہور: منشیات اسمگلنگ کیس میں راناثنااللہ کے اہل خانہ کے بینک اکاؤنٹس کھولنے کا معاملہ اب عدالت میں زیربحث آئے گا، عدالت نے درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق راناثنااللہ کی اہلیہ، داماد اور بیٹی کے منجمد اکاؤنٹس کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی ہے، انسداد منشیات عدالت کے جج 4جنوری کو درخواست پر سماعت کریں گے۔

    درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اے این ایف نے بینک اکاؤنٹس منجمد کر رکھے ہیں، عدالت بینک اکاؤنٹس کھولنے کا حکم دے۔ انسداد منشیات عدالت میں ہونے والی سماعت میں اہم پیشرفت ممکن ہے۔

    دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے منشیات اسمگلنگ کیس سے متعلق رانا ثنااللہ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے، عدالت کی جانب سے فیصلہ آج سنایا جائے گا، لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس چودھری مشتاق احمد نے گزشتہ روز رانا ثنا اللہ کے خلاف منشیات اسمگلنگ کیس کی سماعت کی، رانا ثنا اللہ کو حکومت کی جانب سے دی گئی سیکیورٹی واقعے سے 13 روز قبل واپس لے لی گئی تھی۔

    رانا ثنا اللہ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

    یاد رہے کہ یکم جولائی کو پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کو اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے حراست میں لیا تھا۔ اے این ایف مطابق فیصل آباد کے قریب ایک خفیہ کارروائی کے دوران گاڑی سے بھاری مقدارمیں منشیات برآمد کی گئی تھی، گاڑی سے برآمد منشیات میں ہیروئن شامل تھی۔

  • چیف جسٹس نے کیرئیر کا آخری کیس سن لیا، کیس کون سا تھا؟

    چیف جسٹس نے کیرئیر کا آخری کیس سن لیا، کیس کون سا تھا؟

    اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ نے اپنے جوڈیشل کیریئر کا آخری کیس سن لیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے آج سپریم کورٹ میں کیریئر کا آخری کیس سن لیا، آخری کیس کے بعد انھوں نے خصوصی ریمارکس بھی دیے، انھوں نے کہا کہ یہ میرے کیرئیر کا آخری کیس ہے، سب کے لیے نیک خواہشات ہیں۔

    خیال رہے کہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ آج رات 12 بجے ریٹائر ہو جائیں گے۔

    آخری کیس جو چیف جسٹس نے آج سنا وہ مری میں آمنہ بی بی نامی خاتون پر فائرنگ سے متعلق کیس تھا، اس کیس کو چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سن رہا تھا۔

    دوران سماعت خاتون کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان ساجد، راشد اور قدیر تینوں نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے آمنہ بی بی کو شدید زخمی کیا تھا، آمنہ بی بی کو جو گولیاں لگیں، ان کے چھرے اب بھی جسم کے اندرہیں اور وہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ آمنہ بی بی نے پیشی پر ملزمان کی ضمانت پر اعتراض نہیں کیا تھا، بیان دینے سے پہلے سوچنا چاہیے تھا، لگتا ہے ضمانت کے بعد معاملات خراب ہوئے ہیں۔ انھوں نے آمنہ بی بی کے وکیل سے کہا، وکیل صاحب سچ بولیں آپ ضمانت کے خلاف آئے ہیں، معاملات خراب نہ ہو جائیں۔

    خیال رہے کہ اس کیس کا ٹرائل ابھی چل رہا ہے۔

  • منی لانڈرنگ میں ملوث ملزمان کو 72 برس قید کی سزا

    منی لانڈرنگ میں ملوث ملزمان کو 72 برس قید کی سزا

    ریاض: سعودی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں ملوث 17 ملزمان کو مجموعی طور پر 72 برس قید کی سزا سنادی، برآمد ہونے والی رقم ضبط کرلی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ نے سعودی پبلک پراسیکیوشن کے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں منی لانڈرنگ میں سرگرم 17 رکنی گروہ کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    یہ گروہ ریاض، مکہ مکرمہ اور الشرقیہ صوبوں میں اپنی مذموم سرگرمیوں میں مصروف تھا، گروپ کے ایک رکن کے پکڑے جانے پر پوچھ گچھ کے نتیجے میں دیگر افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

    گروہ کے سرغنہ دو غیر ملکی تھے، دونوں غیر ملکی غیر قانونی طریقے سے رقم جمع کرتے اور انہیں سعودی عرب کے اندر محفوظ مقام پر منتقل کرکے ترسیل زر کررہے تھے۔

    عہدیدار کے مطابق تحقیقات سے یہ بھی پتہ چلا کہ گروہ مربوط اور منظم انداز میں کام کررہا تھا اور بعض سرکاری اہلکار ان کی مدد کر رہے تھے۔

    گرفتاری کے بعد پبلک پراسیکیوشن نے ملزمان کے خلاف 120 سے زائد شواہد جمع کر کے فرد جرم کے ساتھ متعلقہ عدالت کے حوالے کیا۔

    عدالت نے تمام شواہد کو دیکھتے ہوئے ملزمان کو منی لانڈرنگ کا مجرم قرار دیا۔ ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والی رقم ضبط کرلی گئی جو 10 لاکھ ریال سے زیادہ تھی جبکہ ضبط شدہ مال میں 2 گاڑیاں بھی شامل ہیں۔