Tag: عدنان سمیع

  • عدنان سمیع نے بھارتی ایئرپورٹ سروس کو انتہائی ناکارہ قرار دیدیا

    عدنان سمیع نے بھارتی ایئرپورٹ سروس کو انتہائی ناکارہ قرار دیدیا

    گلوکار عدنان سمیع اپنے نئے ملک بھارت میں ایئرپورٹ سروس سے نالاں نظر آتے ہیں، بالی ووڈ سنگر نے اسے انہتائی ناکارہ قرار دیدیا۔

    بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق گلوکار عدنان سمیع نے ہفتے کے روز ممبئی ایئرپورٹ’ پرنام سروس’ اور استقبال سروس کو تنقید کا نشانہ بنایا، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے اکاؤنٹ انھوں نے اس سروس کو ناکارہ کہنے کے ساتھ ساتھ ممبئی ایئرپورٹ کے آفیشل اکاؤنٹ کو بھی ٹیگ کیا۔

    ‘پرنام سروس’ پر کی گئی پوسٹ میں عدنان سمیع نے لکھا کہ "ممبئی ایئرپورٹ پر ‘پرنام سروس’ پورے ہندوستان میں سب سے زیادہ ناکارہ، لاپرواہ اور سست بن چکی ہے!

    انھوں نے مزید لکھا کہ یہ لوگ اپنے کلائنٹس کی کوئی پرواہ نہیں کرتے تھے! یہ خوفناک ہے! بہت سارے خوفناک تجربات لوگ شیئر کرچکے ہیں یہ شرمناک ہے۔

    عدنان نے ممبئی ایئرپورٹ حکام سے مزید کہا کہ وہ اس خرابی پر ایک نظر ڈالیں اور اصلاح کریں، ساتھ ہی انھوں نے @CSMIA_Official کو ٹیگ کرتے ہوئے سنجیدگی سے نوٹس لینے کا بھی کہا۔

    عدنان سمیع کی پوسٹ پر ممبئی ایئرپورٹ نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "محترم جناب سمیع، ہمیں اطلاع دینے کے لیے آپ کا شکریہ، ہمیں یہ سن کر واقعی تشویش ہوئی ہے۔

    ہم نے آپ کے خیالات اور باتوں کو بہت سنجیدگی سے لیا ہے اور متعلقہ ٹیم کو اس طرف توجہ دینے کے لیے انھیں آگاہ کردیا ہے۔ ہمارے مسافروں کا آرام، حفاظت اور بہبود ہماری اولین ترجیح ہے، ٹیم سی ایس ایم آئی ہے۔”

  • "اپنے لیے کچھ دماغ بھی آرڈر کردو”، فواد کے جواب پر عدنان سمیع لاجواب

    "اپنے لیے کچھ دماغ بھی آرڈر کردو”، فواد کے جواب پر عدنان سمیع لاجواب

    سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھارتی شہریت حاصل کرنے والے گلوکار عدنان سمیع کو ایسا جواب دیا کہ وہ لاجواب ہوگئے۔

    عدنان سمیع اور فواد چوہدری سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اکثر ایک دوسرے سے بحث کرتے نظر آتے ہیں، حال ہی میں عدنان سمیع نے ایکس پر اپنی تصویر لگائی جس میں وہ اپنے نئے ‘ان ایئر مانیٹرز’ کان پر لگائے ہوئے تھے جس پر بھارتی پرچم بنا ہوا تھا۔

    ایکس پر اس پوسٹ پر فواد چوہدری نے لکھا کہ کچھ دماغ بھی آرڈر کردو، ایئر پرو تو تمہارے لیے کافی چھوٹے ہیں جبکہ فواد نے عدان کی اس پوسٹ پر ہیش ٹیگ ’ساڈا بم واپس کرو‘ کا بھی استعمال کیا۔

    اس کمنٹس سے عدنان سمیع اتنے زچ ہوئے کہ انھوں نے خاموش ہونے میں ہی عافیت جانی اور فواد چوہدری کی بات کا جواب نہیں دیا ورنہ اس سے قبل وہ کچھ نہ کچھ ضرور کہتے تھے۔

    گلوکار عدنان سمیع پاکستان چھوڑ کر بھارتی شہریت حاصل کرچکے ہیں، وہ بھارت سے اپنی وفاداری ثابت کرنے کےلیے اپنے پرانے وطن پاکستان کے خلاف بولتے نظر آتے ہیں۔

    انھوں نے بھارتی شہریت حاصل کرنے کے لیے لگاتار پاکستان کے خلاف منفی بیانات دیے جس پر کئی بار فواد چوہدری نے ان کو ترکی بہ ترکی جواب دیا،

    پہلگام واقعے کے بعد جب عدنان سمیع نے پاکستان مخالف بیانات دیے تو فواد چوہدری نے سوال اٹھایا کہ کیا عدنان سمیع کو بھی بھارت سے نکالا جائے گا؟ اس سوال پر عدنان سمیع سیخ پا ہوگئے اور فواد چوہدری سے تلخ کلامی شروع کردی اور فواد چوہدری کو جاہل اور احمق قرار دیا۔

    خیال رہے کہ عدنان سمیع یہ انکشاف کرچکے ہیں کہ انھیں بھارتی شہریت حاصل کرنے میں 18 سال لگے جبکہ ایک مرحلے پر وہ تقریباً ڈیڑھ سال تک ’بے وطن‘ بھی رہے، پاکستان میں اپنے تحفظ کے حوالے سے خدشات لاحق تھے۔

  • عدنان سمیع کا بھارت سے اپنے بیٹے کے نام خصوصی پیغام

    عدنان سمیع کا بھارت سے اپنے بیٹے کے نام خصوصی پیغام

    پاکستان سے بھارت منتقل ہو کر وہاں کی شہریت حاصل کرنے والے گلوکار و موسیقار عدنان سمیع نے اپنے بیٹے اذان کی سالگرہ پر محبت بھرا پیغام جاری کردیا۔

    فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر گلوکار عدنان سمیع نے پاکستان میں مقیم بیٹے اذان سمیع خان کے ہمراہ اپنی یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

    عدنان سمیع نے خصوصی پیغام میں لکھا کہ’ میرے پیارے بیٹے اذان، بہت سے لوگوں کو ہمارے خوبصورت رشتے و بندھن کا اندازہ نہیں، خیر یہ ان کا مسئلہ ہے لیکن سچ تو یہ ہے کہ میں یہ اظہار نہیں کر سکتا کہ میں آپ سے کتنی محبت کرتا ہوں‘‘۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ADNAN SAMI (@adnansamiworld)

    انہوں نے کہا کہ مجھے آپ پر اور آپ کی تمام کامیابیوں پر ناقابلِ یقین حد تک فخر ہے اور میں یہ جانتا ہوں کہ آپ نے اپنے خوابوں کو حقیقت میں پورا کرنے کیلئے بہت محنت کی ہے ، ہمیشہ لگن سے کام کیا ہے اور یہی بات دیکھ کر میں خوشی سے پھولے نہیں سماتا۔

    عدنان سمیع نے لکھا کہ میری دعا ہے کہ یہ نیا سال آپ کی زندگی میں اچھی صحت، خوشی، امن، کامیابی اور خوشحالی لائے جس کے آپ مستحق ہیں، آپ کا ستارہ چمکتا رہے اور ہر اس شخص کے دل کو اس نیکی سے روشن کرے جو اسے چھوتی ہے، آپ ہمیشہ اللہ پاک کی حفاظت میں رہیں، سالگرہ مبارک بچہ، ڈھیروں پیار و دعائیں۔

    دوسری جانب بیٹے اذان  سمیع خان نے بھی اپنے والد کے پیار بھرے پیغام کا کمنٹ سیکشن میں جواب دیا، انہوں نے کہا کہ شکریہ بابا آمین، بابا میں بھی آپ سے بہت پیار کرتا ہوں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Faizan Najeeb (@faizannajeeb)

    واضح رہے کہ اذان عدنان سمیع کے بڑے بیٹے ہیں جو انہیں اداکارہ زیبا بختیار سے ہیں، عدنان سمیع خان اور زیبا بختیار نے 1993 میں شادی کی تھی، بعد ازاں ان دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی، عدنان سمیع اپنی تیسری بیوی کے ہمراہ بھارت میں مقیم ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز اذان سمیع خان نے اپنی 30ویں سالگرہ منائی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

  • پاکستان ہی میرا گھر ہے، اذان سمیع خان کا دو ٹوک اعلان

    پاکستان ہی میرا گھر ہے، اذان سمیع خان کا دو ٹوک اعلان

    کراچی: بھارتی گلوکار عدنان سمیع خان اور زیبا بختیار کے بیٹے اذان سمیع خان نے بھارت کے بجائے پاکستان میں رہنے اور یہاں کیریئر شروع کرنے کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان ہی میرا گھر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اذان سمیع خان نے بھارت کے بجائے پاکستان میں رہنے کو ترجیح دی، ایک انٹرویو میں اذان نے کہا کہ بھارت میں رہنے کا فیصلہ ان کے والد کا تھا اور میں ان کے فیصلے کی عزت کرتا ہوں۔

    اذان سمیع خان نے کہا کہ میرے پاس بھی اختیار تھا کہ میں بھارت جاکر اپنا کیریئر شروع کروں یا پاکستان میں رہوں تو میں نے اپنے ملک میں رہنے کو ترجیح دی اور میری والدہ محب وطن خاتون ہیں۔

    [bs-quote quote=”والد کے لیے سوشل میڈیا پر جو میمز بنتی ہیں انہیں دیکھ کر بہت ہنسی آتی ہے” style=”style-8″ align=”left” author_name=”اذان سمیع”][/bs-quote]

    انہوں نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کو بھی میں اپنے گھر کی طرح مانتا ہوں، والد اور میرا رشتہ بہت عجیب ہے، میں ان سے اور ان کے کام سے سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔

    اذان سمیع نے کہا کہ میں ان کا بیٹا ہوں لہٰذا میرا حق نہیں ہے کہ میں ان پر یا ان کے کسی فیصلے پر تبصرہ کروں لیکن میری زندگی میں ایک بات بہت واضح ہے کہ میں ایک پاکستانی ہوں اور پاکستان میں کام کرنا چاہتا ہوں۔

    انہوں نے والد کی سوشل میڈیا پر بننے والی مزاحیہ میمز پر کہا کہ انہیں یہ میمز دیکھ کر بالکل بھی برا نہیں لگتا بلکہ کچھ پوسٹس تو اتنی مزاحیہ ہوتی ہیں کہ مجھے انہیں دیکھ کر ہنسی آتی ہے۔

    عدنان سمیع کے بیٹے کا کہنا تھا کہ یہ بات تو طے ہے کہ پاکستانیوں کی حس مزاح کو کوئی ہرا نہیں سکتا اور مجھے یہ پوسٹس دیکھ کر بڑا مزہ آتا ہے تاہم صر ایک چیز بری لگتی ہے کہ لوگ یہ مزاحیہ پوسٹس بناتے ہوئے انسان کا ماضی کا کام بھول جاتے ہیں۔

    واضح رہے کہ اذان سمیع خان کا شمار پاکستان کے نامور موسیقاروں میں ہوتا ہے انہوں نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم پرے ہٹ لو کی موسیقی ترتیب دی ہے جسے شائقین نے بے حد پسند کیا ہے۔

  • ’’میجر‘‘ عدنان سمیع کی باحفاظت واپسی کے لیے مظاہرہ

    ’’میجر‘‘ عدنان سمیع کی باحفاظت واپسی کے لیے مظاہرہ

    کراچی: شہر قائد کے نوجوانوں نے پاک فوج اور پاکستان کے خلاف بیان دینے والے گلوکار عدنان سمیع کی باحفاظت وطن واپسی کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی شہرت چھوڑ کر بھارت میں سکونت اختیار کرنے والے عدنان سمیع کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے، سوشل میڈیا صارفین نے انہیں میجر قرار دیا تو اب اُن کی باحفاظت واپسی کے لیے مظاہرہ بھی کردیا گیا۔

    کراچی پریس کلب کے باہر جمع ہونے والے مظاہرین نے عدنان سمیع کی واپسی کا مطالبہ کیا اور مزاحیہ نعرے لگائے۔

    Image may contain: 4 people, people standing, crowd and outdoor

    گلوکار کی واپسی کے حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر مظاہرے کا اعلان کیا تھا، ایونٹ میں شرکت کے لیے 22 ہزار سے زائد صارفین نے شرکت کی دلچسپی ظاہر کی تھی۔

    پریس کلب کے باہر مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کا کہنا تھا کہ عدنان سمیع نے پاکستان اور پاک فوج کے خلاف بیان دیا، یہ مظاہرہ  دراصل اُس کا ہی ردعمل ہے، ہم حمایت نہیں بلکہ مخالفت کررہے ہیں۔

    Image may contain: text

    یاد رہے کہ پلوامہ حملے اور پاکستان کے خلاف جارحیت کے بعد عدنان سمیع نے ملک مخالف بیان دیا تھا جس پر اُن کے خلاف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر #MajorAdnanSami ہیش ٹیگ چلایا گیا تھا جس میں صارفین نے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی کہ وہ بھارت میں پاکستان کا جاسوس ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے یہ مزاق انتقاماً کیا کیونکہ انہیں عدنان سمیع کے بیان پرتکلیف پہنچی تھی۔

  • ‘عدنان سمیع نہ گھر کے رہے نہ گھاٹ کے’

    ‘عدنان سمیع نہ گھر کے رہے نہ گھاٹ کے’

    ممبئی: حال ہی میں بھارتی شہریت حاصل کرنے والے پاکستانی گلوکار عدنان سمیع نے متنازعہ ٹویٹ کر کے بھارتیوں کی توجہ اور پاکستانیوں کی توپوں کا رخ اپنی جانب کرلیا۔

    بھارت کی جانب سے سرحدی دراندازی پر جہاں بھارتی اداکاروں نے اسے ’بہادری کا مظاہرہ‘ قرار دیتے ہوئے اپنی فوج کو خراج تحسین پیش کیا وہیں گلوکار عدنان سمیع بھی کسی سے پیچھے نہ رہے۔

    انہوں نے بھی بھارتی وزیر اعظم مودی کو مبارکباد دیتے ہوئے انڈین آرمی کو خراج تحسین پیش کیا تاہم ان کے اس ٹویٹ نے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی طوفان کھڑا کردیا۔

    عدنان سمیع کے اس ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا پر فوراً ہی پاکستانیوں کی جانب سے انہیں لعن طعن کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ایک شخص نے ٹویٹ کیا کہ یہی وجہ ہے کہ گوگل نے بھارت کو نمک حرام ملک قرار دیا ہے۔

    اس کے بعد عدنان سمیع نے ایک اور ٹویٹ کر ڈالی۔

    دوسری جانب بھارتیوں نے بھی اس ٹویٹ کے پیچھے چھپے خوشامدانہ اور دوغلے جذبات کو بھانپ لیا اور انہوں نے ٹوئٹر پر عدنان سمیع کا مذاق اڑانا شروع کردیا۔

    ایک شخص نے ان کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا، ’عدنان سمیع نہ گھر کے رہے نہ گھاٹ کے‘۔

    عدنان سمیع کو رواں برس یکم جنوری سے بھارتی شہریت دی گئی جس کے بعد ان کا پاکستانی پاسپورٹ منسوخ کردیا گیا تھا۔ وہ 13 مارچ 2001 میں ایک سال کے وزٹ ویزا پر بھارت پہنچے تھے جس کے بعد وقتاً فوقتاً ان کے ویزے میں توسیع کی جاتی رہی۔

    شیو سینا اور دیگر ہندو انتہا پسند تنظیموں نے عدنان سمیع کو بھارتی شہریت دینے کی مخالفت بھی کی تھی۔

  • پوری دنیا میں لوگ مجھے بھارتی گلوکار کے طورپر جانتے ہیں، عدنان سمیع

    پوری دنیا میں لوگ مجھے بھارتی گلوکار کے طورپر جانتے ہیں، عدنان سمیع

    پاکستانی گلوکارعدنان سمیع خان کو "انسانی ہمدردی کی بنیاد” پر غیر معینہ مدت تک کے لیے ہندوستان میں رہنے کی اجازت مل گئی ہے۔

    عدنان سمیع نے کہا کہ پاکستان میں لوگ اس خبر سے خوش نہیں ہوں گے ، پتلے جلائے جائیں گے لیکن اُنہیں اس سے کوئی سروکار نہیں ۔

    واضح رہے کہ عدنان سمیع خان نے رواں برس 26 مئی کو ہندوستانی وزارت داخلہ میں انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر ہندوستان میں قیام کی درخواست کی تھی۔

    عدنان سمیع نے درخواست منظور پر خوشی کا اظہا رکرتے ہوئے کہاکہ بالآخر اپنا گھر ڈھونڈلیا، درخواست پر غور کرنے پر بھارتی حکومت کا شکرگزار ہوں لیکن اس دن کا انتظار ہے جب حکومت مجھے اپنا شہری قراردے گی ، ابھی تک کسی ملک کا باشندہ نہیں کیونکہ پاکستانی شہریت بھی اب ختم ہوجائے گی ۔

    ستائیس مئی 2010 کو جاری کیے گئے ان کے پاکستانی پاسپورٹ کی مدت 26 مئی 2015 کو ختم ہوگئی جسے حکومت پاکستان کی جانب سے از سر نو جاری نہیں کیا گیا، جس کے بعد انھوں نے ہندوستانی حکومت سے انڈیا میں اپنے قیام کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قانونی قرار دینے کی درخواست کی۔

    عدنان سمیع کاکہناتھاکہ بھارت میں ملنے والی محبت اور گرمجوشی کی وجہ سے اس ملک کا انتخاب کیا، پوری دنیا میں لوگ انہیں بھارتی گلوکار کے طورپر جانتے ہیں،وہ کسی اور ملک کا بھی انتخاب کرسکتے تھے لیکن دل بھارت میں ہے اور ہمیشہ ہی رہے گا۔

  • گلوکارعدنان سمیع کو بھارت میں رہنے کی اجازت مل گئی

    گلوکارعدنان سمیع کو بھارت میں رہنے کی اجازت مل گئی

    نئی دہلی : بھارتی حکومت نے پاکستانی گلوکارعدنان سمیع خان کو انسانی ہمدردی کے تحت بھارت میں رہنے کی اجازت دے دی ہے۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے کے مطابق غیر ملکیوں کے قانون برائے 1946 کے سیکشن 3اے کے تحت عدنان سمیع خان ولد ارشد سمیع خان  کو ڈی پورٹیشن کے عمل سے استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔

    اور یہ حکم اُس وقت تک نافذ رہے گا جب تک اس حوالے سے دوسرے احکامات جاری نہ کیے جائیں۔ واضح رہے کہ 46 سالہ عدنان سمیع خان نے رواں برس 26 مئی کو ہندوستانی وزارت داخلہ میں انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر ہندوستان میں قیام کی درخواست کی تھی۔

    عدنان سمیع 2001 میں پاکستان سے بھارت گئے تھے، اور بعد ازاں وہ اپنے ویزے میں وہاں رہنے کی مدت میں اضافہ کرواتے رہے۔