Tag: عراقی وزیر اعظم

  • امریکی صدر کی دعوت پر عراقی وزیر اعظم واشنگٹن پہنچ گئے

    امریکی صدر کی دعوت پر عراقی وزیر اعظم واشنگٹن پہنچ گئے

    امریکی صدر جو بائیڈن کی دعوت پر عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السودانی اتوار کوسرکاری دورے پر واشنگٹن پہنچے ہیں۔

    عرب نیوز ذرائع کے مطابق عراقی وزیر اعظم کے دورے کے موقع پر ہونے والی بات چیت میں امریکہ اور عراق کے درمیان باہمی تعاون، سکیورٹی و دفاعی شراکت داری اور اقتصادی تعلقات کے مختلف پہلو شامل ہوں گے۔

    عراقی وزیراعظم کا دورہ امریکا اقتصادی تعاون کو تقویت دینے اور امریکہ اور عراق کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا اہم موقع ہے۔

    عراق میں امریکی زیر قیادت فوجی اتحاد کے مستقبل کے بارے میں ہونے والے مذاکرات میں واشنگٹن اور بغداد کے درمیان اقتصادی تعاون پر زور دیا جائے گا۔

    دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو صاف بتادیا کہ ایران پر جارحانہ آپریشن میں حصہ نہیں لیں گے۔

    امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق وائٹ ہاؤس کے سینیئر حکام کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے نیتن یاہو کو بتایا کہ امریکا ایران کے خلاف جارحانہ آپریشن میں حصہ نہیں لے گا اور نہ ہی ساتھ دے گا۔

    ایرانی حملوں کے بعد جی سیون ممالک کو ہوش آگیا

    اسرائیلی وزیراعظم کو فون میں امریکی صدر ایرانی حملوں کی مذمت کی، صدر بائیڈن نے کہا اسرائیل پر داغے گئے تقریباً تمام ایرانی ڈرون اور میزائل امریکی مدد سے مار گرائے۔

  • ایران نے حملے کی پیشگی اطلاع دے دی تھی: عراقی وزیر اعظم

    ایران نے حملے کی پیشگی اطلاع دے دی تھی: عراقی وزیر اعظم

    بغداد: عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر ایران کے حملوں کے بعد عراق کے وزیر اعظم عادل عبدالمہدی کا بیان سامنے آگیا، ان کے مطابق ایران نے حملے کی پیشگی اطلاع دی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عراقی وزیر اعظم عادل عبد المہدی کا کہنا ہے کہ ایران نے بغداد میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر حملے کی پیشگی اطلاع دے دی تھی۔

    عراقی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ایران نے جوابی کارروائی صرف امریکی فوج تک محدود کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔ ایرانی جنرل کے قتل کے امریکی اقدام سے خطے اور دنیا میں جنگ کے خطرات ہیں۔

    خیال رہے کہ ایران نے گزشتہ رات عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کیے ہیں۔

    ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے درجنوں میزائلوں سے امریکی اڈے کو نشانہ بنایا، اڈوں پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے گئے، امریکا کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا آغاز ہو چکا۔

    پینٹاگون نے تصدیق کی ہے کہ عراق میں 2 فوجی اڈے ایرانی حملوں کا نشانہ بنے۔ امریکی اور اتحادی افواج پر درجن سے زائد بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے، ایرانی میزائلوں کا ہدف الاسد اور اربیل میں واقع فوجی اڈے تھے۔

    بعد ازاں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے بیان دیا کہ حملے میں 80 ہلاکتیں ہوئیں، حملے سے متعلق اعداد و شمار فوجی حکام بتائیں گے۔

    حملے کے فوری بعد جواد ظریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ ایران نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع میں مناسب اقدام اٹھایا ہے۔ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اپنے خلاف ہونے والی جارحیت کا دفاع کریں گے۔

  • عراق: حکومت مخالف احتجاج، 100 سے زائد افراد جاں بحق، وزیر اعظم کا اصلاحات کا اعلان

    عراق: حکومت مخالف احتجاج، 100 سے زائد افراد جاں بحق، وزیر اعظم کا اصلاحات کا اعلان

    بغداد: عراق میں حکومت مخالف احتجاج شدت اختیار کر گیا، مظاہرین اور سیکورٹی اہل کاروں میں جھڑپوں کے دوران اب تک 100 سے زاید افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عراق میں کرپشن اور بے روز گاری کے خلاف عوامی احتجا ج 5 روز سے جاری ہے، غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے اس دوران پر تشدد واقعات میں سو سے زاید افراد جاں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

    عراقی پارلیمنٹ کے انسانی حقوق کمیشن کے مطابق ملکی دارالحکومت اور جنوبی حصے میں مظاہروں کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 93 ہے، جب کہ زخمیوں کی تعداد 4 ہزار کے قریب ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ آج کئی روز سے نافذ کرفیو جزوی طور پر اٹھا دیا گیا تھا، اس دوران اہم شاہراہوں تک رسائی محدود رکھی گئی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایران، عراق میں جاری عوامی احتجاج کو فسادات کا رنگ دے رہا ہے، عرب میڈیا

    ادھر عراق میں احتجاجی مظاہروں کے بعد وزیر اعظم عادل عبد الہمدی نے ملک میں قانونی اور مالیاتی اصلاحات کا اعلان کر دیا ہے۔

    وزیر اعظم نے بے روزگار نوجوانوں کو ملازمتیں دینے، کم آمدن والے شہریوں کو رہایشی اراضی الاٹ کرنے کے اعلانات کیے، اور سیاسی قوتوں سے اپیل کی کہ اس سلسلے میں حکومت سے تعاون کیا جائے۔

    اعلان کردہ اصلاحات کے تحت عراقی شہری ملک بھر سے رہایشی اراضی کے لیے درخواست دے سکیں گے، اور مستحقین میں اقامتی پلاٹ تقسیم کیے جائیں گے، سود سے پاک قرضے کا پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔

  • بغداد: عراقی فوج نے فلوجہ کا کنٹرول حاصل کرلیا

    بغداد: عراقی فوج نے فلوجہ کا کنٹرول حاصل کرلیا

    بغداد: عراقی فوج نے داعش کے جنگجووں کو شکست دے کر فلوجہ کا کنٹرول حاصل کرلیا،فوج نے پانچ ہفتے تک جاری رہنے والی جھڑپوں کے بعد فلوجہ کا کنٹرول حاصل کیا.

    تفصیلات کے مطابق عراق میں دولت اسلامیہ کے جنگجووں کے زیرقبضہ اہم شہر فلوجہ کا کنٹرول عراقی فوج نے سنبھال لیا ہے.

    عراقی وزیراعظم حیدر العبادی کاکہناہےکہ سرکاری فوجوں نے پانچ ہفتے کی جنگ کے بعد دوبارہ فلوجہ کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے.

    منگل کو شروع ہونے والی جھڑپیں بدھ کی دوپہر تک جاری رہیں،جسکے بعد داعش کےجنگجو شہر سے باہر نکل گئے.

    یاد رہے فلوجہ کے قریب ہائی وے پر متعددجنگجووں کی لاشیں ملی ہیں،سرکاری فوج نے دعوی کیاہے کہ لاشیں سعودی جنگجووں کی ہیں.

    واضح رہے کہ داعش کے جنگجووں نے خلافت کے اعلان سے چھ ماہ پہلے دوہزار چودہ کے وسط میں فلوجہ پر قبضہ کرلیا تھا.