Tag: عراق

  • عراق میں امریکی فوجی اڈے پر حملہ

    عراق میں امریکی فوجی اڈے پر حملہ

    عراق میں امریکی فوجی اڈے عین الاسد پر راکٹ حملہ کیاگیا جس کے سبب ائیر بیس میں دھماکے کی آواز سنائی دیں۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق رپورٹ کے مطابق ایک دھماکے کی آواز ایئر بیس کے اندر ہی سنی گئی، عین الاسد بیس پر مسلسل تین دن گولہ باری کی گئی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل بھی شام اور عراق میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایاگیا تھا، بیس اکتوبر کی رات کو اڈے پر ڈرونز اور راکٹوں سے حملہ کیا گیا، اندر سے متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، اور اگلے دن دو ڈرونز سے حملہ کیا گیا۔

    واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر زمینی اور فضائی حملے کیے جارہے ہیں جس سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 4 ہزار 385 تک جاپہنچی ہے۔

  • عراق: شادی ہال میں آگ لگنے کا المناک واقعہ، دلہا دلہن نے کیا کہا؟

    عراق: شادی ہال میں آگ لگنے کا المناک واقعہ، دلہا دلہن نے کیا کہا؟

    عراق کے علاقے الحمدانیہ کے ایک شادی ہال میں آتشزدگی کا افسوسناک واقعہ رونما ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے، تاہم آگ لگنے کی وجوہات اب تک سامنے نہیں آسکی ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کے اس واقعے کے بعد دلہا اور دلہن نے خاموشی اختیار کرلی تھی، تاہم اب دونوں کی جانب سے پہلی بار لب کشائی کی گئی ہے۔

    27 سالہ دولہا ریفان جو تاحال صدمے کا شکار ہیں، انہوں نے کہا کہ ’ہمارے رشتہ دار اور دوست احباب ہم سے جدا ہوگئے۔‘’میں اور میری اہلیہ آتشزدگی کے سانحے کے بعد سے سکتے میں ہیں۔‘

    18 سالہ دلہن حنین کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ اور بھائی سمیت خاندان کے دس افراد لقمہ اجل بن گئے، جبکہ میرے شوہر ریفان کے پندرہ رشتہ دار بھی دار فانی دنیا سے کوچ کرگئے۔

    دولہا ریفان کا کہنا تھا کہ اس اندوہناک سانحے کے بعد میری اہلیہ گم صم رہتی ہیں۔ جبکہ ان کے والد کی حالت بھی نازک ہے۔ ریفان نے بتایا کہ چھت میں آگ کسی اور وجہ سے لگی، آتشبازی سے اٹھنے والی چنگاری کے باعث نہیں لگی۔ ہوسکتا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہو۔

    ان کا کہنا تھا ’یہ بات پورے وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ آگ کی شروعات چھت سے ہوئی۔ ہم نے گرمی محسوس کی اور پھر آتشبازی کی آواز کانوں میں پڑی تو میری نظر چھت کی جانب گئی۔‘

    نائیلون سے بنی سجاوٹ جو چھت پر لگی ہوئی تھی، تیزی سے پگھلنے لگی اور کچھ ہی دیر میں یہ افسوسناک واقعہ رونما ہوگیا۔ آگ پھیلنے لگی تو لوگ بھاگنے لگے، میں نے اپنی اہلیہ کو پکڑ کر کھینچا اور کچن کے دروازے سے باہر نکلنے کی کوشش کی۔

    دولہا ریفان کا کہنا تھا کہ شادی ہال میں آگ بجھانے کے انتظامات نہیں تھے، صرف ایک سیلنڈر موجود تھا اور وہ بھی کام نہیں کر رہا تھا۔‘انہوں نے کہا کہ ہماری خوشیوں کو کسی کی نظر لگ گئی، اب ہم اس شہر میں نہیں رہ سکتے۔

  • شادی کی تقریب میں خوفناک آتشزدگی، 113 سے زائد جاں بحق

    شادی کی تقریب میں خوفناک آتشزدگی، 113 سے زائد جاں بحق

    عراق کے صوبے نینوا میں افسوسناک واقعہ رونما ہوا جب شادی کی تقریب کے دوران ہال میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی، جس کے نتیجے میں 113سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 150 سے زائد جھلس کر شدید زخمی ہو گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عراقی شہر ہمدانیہ میں شادی تقریب کے دوران ہال میں آتشزدگی کے وقت ایک ہزار سے زائد افراد تقریب میں موجود تھے۔

    عراقی وزارت شہری دفاع کے مطابق حادثے کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ آتش بازی کے سامان سے لگی، حادثے سے متعلق مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مقامی ڈپٹی گورنر نے حادثے میں 113 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی ہے، ریسکیو کا عملہ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

  • بغداد میں پھنس جانے والے پاکستانی زائرین رل گئے

    بغداد میں پھنس جانے والے پاکستانی زائرین رل گئے

    عراق میں پھنسے پاکستانی زائرین کی وطن واپسی کا معاملہ گھمبیر صورت اختیار کرگیا، بغداد میں پھنس جانے والے پاکستانی زائرین رل گئے۔

    تفصیلات کے مطابق عراق میں پھنسے پاکستانی زائرین وطن واپسی کے لیے حکومت کی مدد کے منتظر ہیں۔ کئی دن سے بغداد میں پھنسے پاکستانی زائرین رل گئے ہیں۔

    زائرین کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ اور ٹکٹس دیے جائیں تو پاکستان واپس جائیں، عراق میں پھنسے زائرین کا شکوہ کیا کہ فلائٹ نہیں مل رہی۔

    پھنس جانے والے شہریوں کے مطابق پہلے زائرین کے پاسپورٹ غائب کیے گئے، اب عراقی ایئرویزمیں سیٹس نہیں دی جارہیں، ہمیں کہا جا رہا ہے کہ 150 ڈالر فی زائرین ادا کریں۔

    زائرین نے کہا کہ ہمارے پاس پیسے ختم ہو چکے ہیں، انھوں نے حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔ واضح رہے کہ عراق جانے والے زائرین ایک ہفتے سے بغداد میں پھنسے ہوئے ہیں۔

  • اربعین حسینی، عراق میں زائرین کی سہولت کیلئے بڑا اعلان

    اربعین حسینی، عراق میں زائرین کی سہولت کیلئے بڑا اعلان

    عراق کی پاپولر موبلائزیشن نے اربعین کے آخری ایام میں کربلا پہنچنے والے لاکھوں زائرین کی خدمت کے لیے صحت سے متعلق الرٹ رہنے کا اعلان کردیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق الحشد الشعبی کے اطلاعاتی مرکز کے ایک بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ الحشد الشعبی کے مرکز برائے طبی امور کے نائب سربراہ ”ظفر فاضل” نے کربلا میں خصوصی ہیلتھ الرٹ آپریشن کے لئے متعلقہ محکموں کے منتظمین کے ساتھ ایک میٹنگ کا انعقاد کیا۔

    میٹنگ میں بصرہ سے اربعین زیارت کے آغاز سے زائرین کو فراہم کی جانے والی طبی اور صحت کی خدمات اور دیگر متعلقہ ضروریات، مسائل اور چیلنجز پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

    الحشد الشعبی میڈیکل اسٹاف کے نائب سربراہ نے اربعین کی مشی کے عروج کے دنوں میں داخل ہونے والے لاکھوں زائرین کو سامنے رکھتے ہوئے زائرین کے لئے خدمات کو دوگنا کرنے کا مطالبہ کیا اور فیلڈ ہسپتالوں اور ٹیموں کو زائرین کے گزرنے والی سڑکوں پر الرٹ رہنے کا حکم جاری کیا۔

    انہوں نے زائرین کو زیادہ سے زیادہ خدمات فراہم کرنے کے لئے ان راستوں کے عملے کو بھی بھیجنے کی ہدایات جاری کیں جہاں سے اب مشی نہیں ہو رہی، تاکہ کربلا میں لاکھوں زائرین کے لئے صحت کی خدمات بہم پہنچائی جا سکیں اور کوئی بھی صحت کی سہولیات سے محروم نہ سکے۔

    واضح رہے کہ کربلائے معلی میں ہر سال اربعین حسینی (چہلم امام عالی مقامؓ) کے موقع پر لاکھوں زائرین نذرانہ عقیدت پیش کرنے کے لئے پہنچتے ہیں۔

  • عراق میں ٹریفک حادثہ، زائرین سمیت 18 افراد جاں بحق

    عراق میں ٹریفک حادثہ، زائرین سمیت 18 افراد جاں بحق

    عراق میں ہونے والے افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے ایرانی زائرین سمیت 18 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ عراق کے شمالی صوبے صلاح الدین میں دو شہروں کو ملانے والی مصروف سڑک پر رونما ہوا۔

    ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینس واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھی جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

    اطلاعات کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق ایران سے ہے، جبکہ 13 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں میں سے ایک کا ڈرائیور سو گیا تھا جس کی وجہ سے 18 افراد موت کی وادی میں چلے گئے۔

    واضح رہے کہ اربعین (چہلم امام حسین ؓ) کے سلسلے میں ہر سال ہزاروں افراد عراق کا رُخ کرتے ہیں، جن میں زیادہ تر تعداد ایرانی زائرین کی ہوتی ہے۔

  • وزیر داخلہ نے عراق میں ملنے والے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے

    وزیر داخلہ نے عراق میں ملنے والے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے

    اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے عراق میں ملنے والے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے دورہ عراق میں ملنے والے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے، جن میں 5 قیمتی پستول اور ایک موبائل فون شامل ہے۔

    وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے حال ہی میں وفد کے ہمراہ عراق کا دورہ کیا تھا، جہاں انھیں قیمتی تحائف ملے، وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ قیمتی تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے گئے ہیں۔

    یہ تحائف عراقی وزیر داخلہ کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کے طور پر دیے گئے تھے، وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ تحائف ملک و قوم کی امانت ہیں اس لیے انھیں قومی خزانے میں جمع کرا دیا گیا ہے۔

  • عراق جانے والے پاکستانی زائرین کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

    عراق جانے والے پاکستانی زائرین کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

    اسلام آباد : عراق نے پاکستانی زائرین کیلئے ویزہ فیس ختم کردی اور اربعین کے دوران کوٹہ ایک لاکھ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق عراق کےوزیر اعظم محمدشیاع السودانی سے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں عراقی وزیر اعظم نے پاکستانی زائرین کیلئے ویزہ فیس ختم کرنے کی منظوری دے دی۔

    پاکستان زائرین کیلئے اربعین کے دوران کوٹہ 50 ہزارسے ایک لاکھ کرنے کی بھی منظوری دیتے ہوئے پاکستانی سرمایہ کاروں کو ایک ہفتے کے اندرالیکٹرانک ویزہ کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    عراقی وزیر اعظم نے معمولی جرائم میں قید پاکستانیوں کی جلدرہائی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

    اس موقع پر وزیرداخلہ راناثنااللہ نے کہا کہ پاکستان عراق سےبرادرانہ تعلقات کوانتہائی اہمیت دیتاہے، پاکستانی شہری کثیرتعدادمیں زیارات کیلئےعراق کارخ کرتے ہیں۔

    وزیر داخلہ نے عراقی وزیر اعظم کوپاکستان کے دورے کی دعوت بھی پیش کی ، جس پر عراق کے وزیر اعظم نے جلدپاکستان کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

  • کم سن عراقی بچے کو ماں نے نمک کھلا کر دردناک طریقے سے مار دیا، سوشل میڈیا پر شدید رد عمل

    کم سن عراقی بچے کو ماں نے نمک کھلا کر دردناک طریقے سے مار دیا، سوشل میڈیا پر شدید رد عمل

    بغداد: عراق میں ایک شقی القلب خاتون نے اپنے کم سن سوتیلے بیٹے کو بڑی مقدار میں نمک کھلا کر دردناک طریقے سے مار دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عراقی شہر بغداد سے تعلق رکھنے والے ایک سوتیلی ماں عذرا الجنابی نے 7 سالہ بیٹے موسیٰ ولاء کو انتہائی اذیت دیتے ہوئے قتل کر دیا۔

    سوتیلی ماں نے کم سن لڑکے موسیٰ کو زبردستی ایک کلو سے زیادہ نمک کھانے پر مجبور کیا، اور کھانے سے انکار پر اسے تیز دھار آلے سے زخمی کرتی رہی، بچے کی تصاویر بھی عراقی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔

    بغداد پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ مقتول کو انتہائی بے دردی سے زخم دے کر قتل کیا گیا، مقتول کے جسم پر تیز دھار آلے کے بے شمار زخم اور بجلی کا کرنٹ لگانے کے بھی واضح نشانات تھے، نیز بچے کے معدے میں نمک کی بڑی مقدار کی موجودگی کا بھی انکشاف ہوا۔

    مقامی سوشل میڈیا پر اس حوالے سے لوگوں کا شدید رد عمل دیکھنے میں آیا، صارفین نے نہ صرف ملزمہ بلکہ مقتول کے والد کو بھی ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اسے لاپرواہی برتنے پر سزا کا حق دار ٹھہرایا۔

    بغداد پولیس کے مطابق ملزمہ نے اعتراف جرم کر لیا ہے، عراقی ٹی وی چینل نے بتایا کہ ملزمہ امن عامہ کے ایک ادارے سے منسلک ہے۔ پولیس اس سلسلے میں مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

  • عراق میں مظاہرین نے سویڈن کا سفارت خانہ جلا دیا

    عراق میں مظاہرین نے سویڈن کا سفارت خانہ جلا دیا

    بغداد: عراق میں مظاہرین نے سویڈن کے سفارت خانے پر دھاوا بول کر اسے جلا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سویڈن میں قرآن پاک کے نسخے کو نذر آتش کرنے کے خلاف عراق کے دارالحکومت بغداد میں جاری احتجاج کے دوران سینکڑوں مظاہرین نے سویڈش سفارتخانے پر دھاوا بول دیا اور اسے آگ لگا دی۔

    سفارت خانے کے باہر مظاہرین نے ایک بار پھر علی الصبح جمع ہو کر سوئڈن کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مذہبی رہنما مقتدیٰ الصدر کے حامی مظاہرین نے سفارت خانے کی عمارت میں داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی اور اسے آگ لگا دی۔

    سویڈن کی وزارت خارجہ نے کہا کہ سفارت خانے کے تمام ملازمین محفوظ ہیں اور مظاہرین کی آمد سے ایک گھنٹہ قبل سفارت خانے کے پورے عملے کو باہر نکال لیا گیا تھا۔

    عراق کی وزارت خارجہ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔