Tag: عراق

  • عراق میں‌ حکومت مخالف مظاہرے، ہلاکتوں کی تعداد 44 ہوگئی

    عراق میں‌ حکومت مخالف مظاہرے، ہلاکتوں کی تعداد 44 ہوگئی

    بعداد: عراق میں جاری حکومت مخالف مظاہروں نے خطرناک شکل اختیار کر لی، ہلاکتیں 44 ہوگئیں، زخمیوں کی تعداد سیکڑوں میں ہے.

    تفصیلات کے مطابق مہنگائی اور حکومتی کارکردگی کے خلاف شروع ہونے والے مظاہروں نے پر تشدد رنگ اختیار کر لیا.

    عراق کے مختلف شہروں میں گزشتہ تین روزسے حکومت مخالف احتجاج جاری ہے، جس میں‌عوام کی بڑی تعداد شریک ہے.

    آج بغداد میں مشتعل مظاہرین نے گرین زون میں داخلے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے فائرنگ کر دی.

    فائرنگ اور شیلنگ سے 44 کی ہلاکتوں‌کی تصدیق ہوئی ہے، کئی افراد شدید زخمی ہیں. شہروں میں‌ تناؤ ہے.

    مزید پڑھیں: عراق میں ہونے والے پر تشدد مظاہروں کے پس پردہ اسرائیل ہے، ایران کا الزام

    جمعرات کی صبح 5 بجے سے غیرمعینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ ہے، جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے.

    موصولہ اطلاعات کے مطابق مظاہرین نے نجف، عمارہ، ناصریہ میں سرکاری عمارتوں کونقصان پہنچایا.

    خیال رہے کہ ایران کی جانب سے الزام عائد کیا ہے کہ عراق میں‌جاری مظاہروں کے پس پردہ اسرائیل ہے اور ان کا مقصد حکومت کو غیر مستحکم کرنا ہے.

  • عراق میں مہنگائی کے خلاف پُر تشدد مظاہرے، ہلاکتوں کی تعداد 19 ہو گئی

    عراق میں مہنگائی کے خلاف پُر تشدد مظاہرے، ہلاکتوں کی تعداد 19 ہو گئی

    بغداد: عراق میں مہنگائی کے خلاف پُر تشدد احتجاجی مظاہرے تیسرے روز میں داخل ہو گئے ہیں، بغداد سمیت عراق کے جنوبی شہروں میں ہلاک افراد کی تعداد 19 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عراق میں مہنگائی کے خلاف پر تشدد مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد انیس ہو گئی ہے، مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے تین روز سے جاری ہیں۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے عراقی شہروں الناصریہ اور العمارہ میں پر تشدد مظاہرے زوروں پر ہیں، عراقی وزیر اعظم کے حکم پر آج صبح 5 بجے سے غیر معینہ مدت تک کے لیے کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق مظاہرین حکومت کی کارکردگی اور خدمات کی فراہمی میں ناکامی پر برہم ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  عراق میں معاشی بدحالی کے خلاف مظاہرے، پولیس فائرنگ سے چار ہلاک، 200 زخمی

    واضح رہے کہ تین دن سے عراق میں بد عنوانی، شہریوں کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی اور بے روزگاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، اس دوران پولیس کی فائرنگ سے متعدد لوگ ہلاک اور 200 سے زاید زخمی ہو چکے ہیں۔

    گزشتہ روز مشتعل مظاہرین نے سڑکوں پر جلاؤ گھیراؤ کرتے ہوئے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، تحریر اسکوائر پر سیکورٹی فورسز کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس اور آبی توپوں کا استعمال کیا گیا۔

    بتایا گیا ہے کہ عراقی پولیس نے مظاہرین کو گرین زون میں جانے سے روکنے کے لیے براہ راست فائرنگ، شیلنگ اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا۔

  • عراق : زائرین کی بس میں دھماکا، 12افراد جاں بحق

    عراق : زائرین کی بس میں دھماکا، 12افراد جاں بحق

    کربلا : عراق کے شہرکربلا میں مسافر بس میں دھماکے سے 12 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مسافر بس عراق کے شہر کربلا اور الہلا کے درمیان واقع عراقی فوجی چوکی کے پاس سے گزر رہی تھی کہ اس میں دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

    دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ عراقی حکام کے مطابق ابھی تک کسی نے بھی دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

    خیال رہے کہ 2017 میں عراق میں داعش کی شکست کے بعد سے عراق میں ہونے والے دھماکوں میں نمایاں کمی آئی ہے البتہ شدت پسند اب بھی ملک میں سیکیورٹی فورسز کو وقتاََ فوقتاََ نشانہ بناتے رہتے ہیں۔

    عراق میں خودکش دھماکا، 11 افراد ہلاک، 15 زخمی

    یاد رہے کہ رواں سال مئی میں عراق کے دارالحکومت بغداد میں واقع مارکیٹ میں خودکش بم دھماکے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے تھے۔

    بغداد پولیس حکام کے مطابق جمیلہ مارکیٹ میں ہجوم کی موجودگی میں خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا تھا۔

  • کربلا: عاشورہ کے جلوس میں بھگدڑ، 31 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    کربلا: عاشورہ کے جلوس میں بھگدڑ، 31 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    بغداد: عراقی شہر کربلا میں پیش آنے والے ایک افسوس ناک واقعے میں 31 افراد زندگی کی بازی ہار گئے.

    تفصیلات کے مطابق عاشورہ کے جلوس کے دوران بھگدڑ مچنے سے 31 جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    عراقی حکومت کے مطابق جلوس کی گزر گاہ کا ایک حصہ منہدم ہونے سے یہ ہول ناک حادثہ پیش آیا، اس واقعے سے بھگدڑ  مچ گئی اور کئی افراد اس کی لپیٹ میں‌ آگئے.

    عراقی وزرات صحت نے تصدیق کی ہے کہ عاشورہ کے جلوس میں ریلے تلے کچلے جانے سے 70 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جب کہ 31 افراد جہان فانی سے کوچ کر گئے.

    عراقی حکام نے اس ضمن میں جلد مزید تفصیلات اور فہرست جاری کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ بھی کہا جارہا ہے کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے.

    خیال رہے کہ آج کے روز لاکھوں زائرین کربلا میں اکٹھے ہو کر نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ کے یوم شہادت کا غم مناتے ہیں.

    یاد رہے کہ  شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مجالس اور جلوس  کا اہتمام کیا جاتا ہے، جہاں عزادار نوحہ خوانی اور ماتم  شہدا سے  اپنی عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔

  • عراق میں پُراسرار دھماکے، حزب اللہ کے 21 جنگجو جاں بحق

    عراق میں پُراسرار دھماکے، حزب اللہ کے 21 جنگجو جاں بحق

    بغداد : عراقی انٹیلی جنس حکام نے شبہ ظاہرکیا ہے کہ اسلحہ گودام میں دھماکے ڈرون طیاروں کی بمباری کے نتیجے ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق عراق میں شہری دفاع کے حکام نے کہاہے کہ صلاح الدین گورنری میں ایک اسلحہ گودام میں ہونے والے پراسرار دھماکے کے نتیجے میں عراقی حزب اللہ ملیشیا کے 21 جنگجو جاں بحق اور 31زخمی ہوگئے ۔

    خیال رہے کہ عراقی حزب اللہ ایران نواز الحشد الشعبی ملیشیا کی وفادار تنظیم قرار دی جاتی ہے۔

    میڈیارپورٹس کے مطابق صلاح الدین گورنری میں منگل کی شام الحشد الشعبی ملیشیا کے وفادار عراقی حزب اللہ کے ایک اسلحہ گودام پر تین میزائل داغے گئے۔

    ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق عراقی انٹیلی جنس حکام نے شبہ ظاہر کیا کہ اسلحہ گودام میں دھماکے ڈرون طیاروں کی بمباری کے نتیجے ہوئے ،دھماکوں کے بعد جائے وقوعہ پر آگ بھڑک اٹھی۔

    شہری دفاع کا عملہ اور دیگر امدادیا دارے آگے بجھانے میں کامیاب ہوگئے ہیں تاہم وہاں پرہونے والے جانی نقصان کی مکمل تفصیل سامنے نہیں آئی ۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے اتنے شدید تھے کہ ان کی آواز دور دور تک سنی گئی اور اسلحہ گودام میں آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے ۔

  • پرانی کلاشنکوف سے مدھر نغمے بکھرنے لگے

    پرانی کلاشنکوف سے مدھر نغمے بکھرنے لگے

    جنگ و جدل کتابوں کہانیوں کی حد تک تو رومانوی لگتا ہے، لیکن جب یہ شروع ہوتی ہے تو ہر شخص اس سے بیزار ہو کر امن کی خواہش کرنے لگتا ہے۔

    اور پھر بغداد کا مجید عبدالنور تو ایک امن پسند شخص ہے جس نے جنگ کی نشانی کو موسیقی کے ساز میں بدل دیا۔ عراقی دارالحکومت بغداد کے رہائشی مجید عبدالنور نے اپنی پرانی کلاشنکوف کو بربط میں بدل دیا ہے جس پر وہ اکثر مدھر نغمے گنگناتا ہے۔

    مجید پیشے کے لحاظ سے استاد ہے، وہ نہ صرف خود جنگ کے دیرپا اور ناقابل تلافی نقصانات سے آگاہ ہے بلکہ نئی نسل کو بھی یہ سب بتاتا ہے، اور جانتا ہے کہ امن ہی سے دنیا کی بقا ہے۔

    مجید نے اپنی اس پرانی کلاشنکوف کو جو اس نے حفاظت کی غرض سے گھر میں رکھی تھی، بربط میں بدل دیا ہے۔ جنگ و امن، اور بربریت و فن کا یہ امتزاج نہایت عجیب معلوم ہوتا ہے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق سنہ 2003 میں امریکا کے عراق پر حملے سے لے کر سنہ 2011 میں امریکی فوجیوں کے انخلا تک، ایک لاکھ سے زائد عام عراقی شہری ہلاک ہوئے۔

    مجید کے خاندان کے بھی بے شمار افراد اس آگ اگلتی جنگ کا نوالہ بن گئے۔ اب جبکہ جنگ ختم ہوچکی ہے، تو مجید نے جنگ کی اس نشانی کو موسیقی کے ساز میں بدل دیا۔

    وہ بتاتا ہے کہ جب وہ اپنے ہتھیار میں تبدیلیاں کروانے کے لیے ایک ماہر کی دکان پر لے گیا تو وہ حیرت زدہ ہوگیا، ’اس نے پوچھا کہ میں آخر کرنا کیا چاہتا ہوں؟ میں نے اسے کہا کہ بس میں جو کہتا ہوں وہی کرو‘۔

    مجید کا کہنا ہے کہ عراق ایک جنگ زدہ میدان معلوم ہوتا تھا، لیکن اب وہ اس سب کو بدلنا چاہتا ہے اور چاہتا ہے کہ ہر شے سے موسیقی کی مدھر دھنیں سنائی دیں۔ ’یہ ناممکن تو ہے لیکن اس کا آغاز میں نے اپنے گھر سے ہی کردیا ہے‘۔

  • وزارت مذہبی امور نے ایران، عراق، شام کی زیارتوں کی پالیسی پر کام شروع کردیا

    وزارت مذہبی امور نے ایران، عراق، شام کی زیارتوں کی پالیسی پر کام شروع کردیا

    اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے ایران، عراق، شام کی زیارتوں کی پالیسی پر کام شروع کردیا، زیارت پالیسی کے تحت حج عمرہ کی مانند ٹور آپریٹرز ماڈل زائرین تیاری کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق زیارتوں کی پالیسی کی حج 2019 کے بعد کابینہ سے منظور لی جائے گی، پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی زیر صدارت اجلاس میں ہوا، جس میں مشیر برائے اوورسیز زلفی بخاری نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ایران، عراق زائرین کے لیے محرم سے پہلے کابینہ سے منظور لی جائے گی، نور الحق قادری نے کہا کہ شیعہ علماء کے ساتھ مل کر زیارتوں کی پالیسی مرتب کریں گے۔

    وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ زائرین حج عمرہ کی مانند زیارت پر جائیں گے، محرم کے دوران ایک لاکھ تک زائرین ایران، عراق جاتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: پاکستان کوآزاد فلاحی ریاست بنانا اس حکومت کی ترجیح ہے، نورالحق قادری

    واضح رہے کہ چند ماہ قبل وفاقی وزیرمذہبی امورنورالحق قادری نے قومی علماء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیغام پاکستان قومی علماء کی بہت بڑی کامیابی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مدارس کی بندش سے متعلق محض پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، مدارس کو بند کرنے کے کسی بھی پروپیگنڈے کاحصہ نہ بنیں۔

    نورالحق قادری نے کہا تھا کہ ریاست مدینہ کے حوالے سے سفارشات علماء کا کام ہے، وزیراعظم نے اسلامی فلاحی ریاست کی بات کی، پاکستان کوآزاد فلاحی ریاست بنانا اس حکومت کی ترجیح ہے۔

  • شمالی عراق میں فضائی بمباری، ایرانی و حزب اللہ جنگجو جاں بحق

    شمالی عراق میں فضائی بمباری، ایرانی و حزب اللہ جنگجو جاں بحق

    بغداد : عراق کے صلاح الدین کیمپ پر جنگی طیاروں کی بمباری کا نشانہ بننے والوں میں الحشد کے حزب اللہ اور ایرانی عسکری مشیر اور معاونین شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عراق کی مشرقی صلاح الدین گورنری میں نامعلوم طیاروں نے الحشد الشعبی ملیشیاکے ایک کیمپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں ایرانی پاسداران انقلاب اور لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے 22 جنگجو جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے۔

    عراق میں عرب قبائل کونسل کے سربراہ الشیخ ثائر البیاتی نے عرب ٹی وی کوبتایا کہ نامعلوم جنگی جہازوں نے الحشد ملیشیا کے ایک کیمپ کو بمباری سے نشانہ بنایا۔

    البیاتی نے بتایا کہ بمباری کا نشانہ بننے والے کیمپ میں حال ہی میں ایران سے لائے گئے بیلسٹک میزائل ذخیرہ کیے گئے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ بیلسٹک میزائل خوراک کا سامان لانے والے ٹرکوں پرلائے گئے تھے،عراقی سیکیورٹی فورسزنے بھی الحشد ملیشیا کے کیمپ میں ایرانی ساختہ بیلسٹک میزائلوں کی موجودگی کی تصدیق کی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نامعلوم طیارے کی بمباری میں جاں بحق ہونے والے حزب اللہ کے جنگجو اور ایرانی پاسداران انقلاب کے اہلکار بھی شامل ہیں،صلاح الدین کیمپ میں ہلاک ہونے والوں میں الحشد کےایرانی عسکری مشیر اور معاونین شامل ہیں۔ حملے کے بعد عالمی اتحادی فوج کیمپ پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ الحشد ملیشیا کے مذکورہ کیمپ میں 460 افراد کو قید کیا گیا تھا، ان کے بارے میں کسی قسم کی معلومات نہیں مل سکی ہیں، فضائی حملے کے بعد کیمپ کے اندر بھی زور دار دھماکے سنے گئے ۔

  • سفارت خانے سیکیورٹی کی سرخ لکیرہیں، پار نہیں کرنے دیں گے، عراق

    سفارت خانے سیکیورٹی کی سرخ لکیرہیں، پار نہیں کرنے دیں گے، عراق

    بغداد : عراقی وزارت خارجہ کی جانب سے بیان دیا گیا ہے کہ سفارت مشنوں کی حرمت کوپامال نہیں ہونے دیں گے، سیکورٹی حکام نے تمام تر اقدامات کر لیے،بغدادمیں مظاہرین کو چڑھائی نہیں کرنے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق عراق میں وزارت خارجہ نے بغداد میں بعض مظاہرین کی جانب سے مملکت بحرین کے سفارت خانے پر دھاوے کی مذمت کرتے ہوئے جمعے کے روز جاری ایک بیان میں باور کرایا کہ وہ سفارتی مشنوں کی حرمت کی پاسداری پر کاربند ہے۔

    بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ سفارت خانوں کی سیکورٹی سرخ لکیر ہے جس کو پار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکورٹی حکام نے تمام تر اقدامات کر لیے ہیں اور ذمے دار افراد اور اس کارروائی پر اکسانے والوں کے تعاقب کے لیے انتہائی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

    وزارت خارجہ کے مطابق بحرین کے سفارت خانے پر دھاوا بولنے والوں میں کئی افراد کو پکڑ لیا گیا ہے تا کہ انہیں عدالت کے کٹہرے میں پیش کیا جا سکے۔

  • کینیڈا 2020 تک عراق میں نیٹو مشن کی سربراہی کرے گا، ہرجیت سجن

    کینیڈا 2020 تک عراق میں نیٹو مشن کی سربراہی کرے گا، ہرجیت سجن

    ٹورنٹو : عراق میں جاری نیٹو مشن کی سربراہی آئندہ برس نومبر تک بدستور کینیڈا کے ہی پاس رہے گی، کینیڈین حکام نے بریگیڈیئر جنرل جینی کارگنن کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی جو موسم سرما تک نیٹو مشن کی سربراہی کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق اس بات کا اعلان کینیڈا کے وزیر دفاع ہرجیت سجن نے کیا ، عراق میں جاری نیٹو آپریشن میں اس وقت 850 فوجی تعینات ہیں جو عالمی دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ (داعش) کے خلاف برسرپیکار ہیں جن میں سے 250 کا تعلق کینیڈا سے ہے، جو نیٹو مشن کے تحت عراقی فوجیوں کی تربیت میں مصروف ہیں۔

    کینیڈین وزیر دفاع سجن کا کہنا تھا کہ بریگیڈیئر جنرل جینی کارگنن کو ترقی دے کر میجر جنرل کا رینک دیا جا رہا ہے اور وہی رواں برس موسم سرما سےنومبر 2020 تک کے لیے عراق میں نیٹو مشن کی سربراہ ہوں گی۔

    کینیدین وزیر دفاع کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’ہمارا پیغام واضح ہے:کینیڈا قیادت کرنے اور اپنے اتحادیوں کی حمایت میں کھڑے ہونے کو تیار ہے‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کاکہنا تھا کہ جینی کارگنن قبل ازیں بوسنیا، گولان ہائٹس اور افغانستان میں بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔