Tag: عرب امارات

  • عرب امارات میں سونے کی قیمت میں مسلسل کمی

    عرب امارات میں سونے کی قیمت میں مسلسل کمی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں سونے کی قیمت میں مسلسل کمی دیکھی جارہی ہے، گزشتہ ہفتے سونے کی قیمت میں مزید 2 درہم کمی ہوئی۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں گزشتہ ہفتے کے آخر میں ایک گرام سونے کی قیمت میں 1.75 سے 2.50 درہم کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹس میں گزشتہ ہفتے کے آخر کے مقابلے میں اس ہفتے کے آخر میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی۔

    24 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت ڈھائی درہم کم ہو کر 237.25 درہم تک پہنچ گئی جبکہ 22 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 2 درہم کم ہو کر 220 درہم تک آگئی۔

    21 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت پونے 2 درہم کم ہو کر 213 درہم ہوئی ہے جبکہ 18 قیراط ایک گرام سونا سوا دو درہم کمی کے ساتھ 182.5 درہم ہوگیا۔

    زیورات کے ایک شوروم کے مینیجر کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں گولڈ مارکیٹ میں سونے کے زیورات کی طلب میں بہتری آئی ہے، قیمتیں کم ہونے پر لوگوں نے خریداری شروع کی ہے۔ زیورات کی طلب آئندہ ایام میں بڑھنے کی توقع ہے۔

  • دبئی میں ڈرائیور کی کمپنی سے چوری کی کوشش

    دبئی میں ڈرائیور کی کمپنی سے چوری کی کوشش

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں زیر تعمیر عمارت سے سریا چوری کرنے کی کوشش ناکام ہونے کے بعد کمپنی ڈرائیور کو سزا سنا دی گئی۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں زیر تعمیرعمارت کے سیکیورٹی گارڈ نے موبائل کیمرے کی مدد سے چوری کی واردات ناکام بنادی، چور میں کمپنی کا ڈرائیور ملوث تھا۔

    کمپنی کے ڈرائیور نے زیر تعمیرعمارت کے احاطے میں موجود سریا، سکریپ کے 3 تاجروں کے ہاتھوں فروخت کرنے کی کوشش کی تھی۔

    سیکیورٹی گارڈ نے اپنے موبائل کیمرے سے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی اور ملزمان کی ویڈیو بنالی تھی، جیسے ہی ملزمان کو خطرہ محسوس ہوا وہ مسروقہ سریا چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

    دبئی پولیس نے کمپنی کے ڈرائیور اور تینوں مفرور ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    دبئی فوجداری عدالت نے ڈرائیور کو قید کی سزا سنائی ہے اور سزا مکمل ہونے پر بے دخلی کا حکم بھی دیا ہے، سریا خریدنے والوں کو بری کردیا گیا۔

  • ابو ظہبی میں گھر میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق

    ابو ظہبی میں گھر میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں رہائشی ولا میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    اردو نیوز کے مطابق ابو ظہبی کے معزز نامی علاقے کے ایک ولا میں آتش زدگی سے 6 افراد جاں بحق جبکہ 7 جھلس کر زخمی ہوگئے ہیں۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

    فائر بریگیڈ نے فوری طور پر مکینوں کو مکان سے نکالنے اور محفوظ مقام پر پہنچانے کے ساتھ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد بھی فراہم کی۔

    بیان میں کہا گیا کہ آتش زدگی میں 6 افراد چل بسے جبکہ سات زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔

    سول ڈیفنس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ابھی تک آتشزدگی کے اسباب کا پتہ نہیں چل سکا اور متعلقہ حکام واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں، مرنے والوں میں ایک کا نام فاطمہ محمد الحوسنی بتایا گیا ہے جو امارات ہلال احمر کی ایک رضا کار ہیں۔

  • دبئی میں چاند زمین پر آجائے گا

    دبئی میں چاند زمین پر آجائے گا

    متحدہ عرب امارات پہلے ہی بہت سی انوکھی اور حیران کن عمارات تعمیر کرچکا ہے اور اب وہ چاند جیسی عمارت تعمیر کرنے جارہا ہے۔

    کینیڈا سے تعلق رکھنے والے مائیکل ہینڈرسن نے 5 ارب ڈالرز کا ایک منصوبہ پیش کیا ہے جس کے تحت دبئی میں عام افراد کے لیے چاند کو تعمیر کیا جائے گا۔

    اس منصوبے کے تحت 30 میٹر بلند ایک عمارت کے اوپر 274 میٹر بلند چاند کو تعمیر کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ دبئی وہ شہر ہے جو پہلے ہی دنیا کی بلند ترین عمارات سمیت کئی عماراتی عجائب کا گھر ہے۔

    اس منصوبے کو مون کا نام دیا گیا ہے اور یہ چاند بنیادی طور پر ہوٹل یا ریزورٹ کے طور پر استعمال کیا جائے گا، مون ریزورٹ ان کارپوریشن نامی کمپنی کے ذریعے منصوبے کے لیے سرمایہ فراہم کیا جائے گا۔

    مائیکل ہینڈرسن کا کہنا ہے کہ مون دنیا کا سب سے بڑا برانڈ ہے اور 8 ارب افراد اس کے بارے میں جان چکے ہیں حالانکہ ہم نے ابھی کام بھی شروع نہیں کیا۔

    اس منصوبے کے لیے مائیکل ہینڈرسن نے پام جمیرا میں چاند کی شکل کا ریزورٹ تجویز کیا ہے جس میں 4 ہزار کمرے ہوں گے اور 10 ہزار افراد قیام کر سکیں گے، جبکہ ایک لونر کالونی بھی قائم کی جائے گی تاکہ مہمانوں کو ایسا لگے کہ وہ حقیقت میں چاند پر چل رہے ہیں۔

    مختلف راتوں میں یہ عمارت کبھی مکمل، کبھی آدھی اور کبھی ہلال کی شکل میں جگمگاتی نظر آئے گا۔

    خیال رہے کہ اس منصوبے کے بارے میں پہلی بار رپورٹ ستمبر 2022 میں سامنے آئی تھی مگر اب زیادہ تفصیلات جاری کی گئی ہیں، البتہ مائیکل ہینڈرسن نے فی الحال چاند کی تعمیر کے آغاز کی تاریخ کے بارے میں نہیں بتایا۔

  • عرب امارات: نئے ٹریفک قوانین کا اضافہ، خلاف ورزی پر ہزاروں درہم جرمانہ

    عرب امارات: نئے ٹریفک قوانین کا اضافہ، خلاف ورزی پر ہزاروں درہم جرمانہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں ٹریفک قوانین میں 3 نئی شقوں کا اضافہ کردیا گیا، ان کی خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانہ عائد ہوگا۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ٹریفک کونسل نے 3 نئی ٹریفک خلاف ورزیوں کا اضافہ کردیا۔

    ٹریفک کاؤنسل کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران ڈیمز، سیلاب کے مقامات اور وادیوں کے قریب اکھٹا ہونا خلاف قانون ہے، اس پر 1 ہزار درہم جرمانہ اور 6 ٹریفک پوائنٹ کاٹ لیے جائیں گے۔

    ٹریفک کاؤنسل نے دوسری خلاف ورزی کے حوالے سے بتایا کہ بارش کے دوران وادیوں میں میں جانے پر 2 ہزار درہم جرمانہ ہوگا اور 23 پوائنٹس کاٹے جائیں گے، جبکہ 60 دن تک گاڑی محکمہ ٹریفک کے قبضے میں ہوگی۔

    ٹریفک کاؤنسل کے مطابق تیسری خلاف ورزی وادیوں میں برسات کا پانی بھر جانے، بارش ہونے اور قدرتی آفات و بحرانوں کے دوران امدادی کارروائی اور ٹریفک کو منظم کرنے کے سلسلے میں رکاوٹ ڈالنا ہے۔

    اس پر ایک ہزار درہم جرمانہ ہے اور 4 ٹریفک پوائنٹس کاٹے جائیں گے، جبکہ دو مہینے تک گاڑی محکمے کے قبضے میں رہے گی۔

    کاؤنسل کا کہنا ہے کہ 3 نئی خلاف ورزیوں کا اضافہ بارش اور سیلاب سے پیدا ہونے والے مسائل، قدررتی آفات، بحرانوں اور ہنگامی حالات میں حفاظتی تدابیر کو قانونی شکل دینے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ متعلقہ حکام اپنی ذمہ داری پرسکون انداز میں انجام دے سکیں۔

  • عرب امارات: اب صرف 2 گھنٹے میں ڈرائیونگ لائسنس تیار ہوگا

    عرب امارات: اب صرف 2 گھنٹے میں ڈرائیونگ لائسنس تیار ہوگا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑیوں کے ملکیتی کارڈ صرف 2 گھنٹے میں تیار کرنے کے اقدامات کرلیے گئے۔

    اردو نیوز کے مطابق دبئی میں روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑیوں کا ملکیتی کارڈ صرف 2 گھنٹے میں تیار کر کے گھر بھجوا دیا جائے گا، ابھی یہ سہولت دبئی، ابو ظہبی اور شارجہ میں فراہم ہوگی۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ امارات کے باہر سے رابطہ کرنے والوں کو بین الاقوامی پارسل کی ترسیل کی سہولت بھی دی جائے گی۔

    روڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کے مالکان کو ملکیتی کارڈ اور ڈرائیوروں کو لائسنس صرف 2 گھنٹے میں فراہم کر دیا جائے گا۔

    اتھارٹی کے مطابق سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑی کی ملکیتی دستاویز میں توسیع کے حوالے سے 1 لاکھ 34 ہزار 640 درخواستیں موصول ہوئیں۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ان میں سے 1 لاکھ 7 ہزار 54 گاڑیوں کے ملکیتی کارڈز اور 25 ہزار 500 ڈرائیونگ لائسنس مالکان کو ان کے گھر پہنچائے گئے۔

    اتھارٹی کے مطابق گمشدہ یا تلف ڈرائیونگ لائسنس کی جگہ نیا لائسنس بھی فراہم کیا گیا، ان کی تعداد 939 ریکارڈ کی گئی۔

  • عرب امارات میں تنخواہوں سے متعلق اہم اعلان

    عرب امارات میں تنخواہوں سے متعلق اہم اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں تمام سرکاری ملازمین کو عید سے قبل 17 اپریل کو تنخواہیں ادا کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے تمام سرکاری اداروں کے ملازمین کو عید الفطر کے باعث 17 اپریل کو تنخواہ ادا کی جائے گی۔

    امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے تمام ملازمین کی تنخواہیں سوموار 17 اپریل 2023 کو جاری کی جائیں گی۔

    امارات کے نائب صدر نے یہ ہدایت عید الفطر کی تعطیلات قریب آنے پر دی ہیں تاکہ تمام سرکاری ملازمین اپنے اہل و عیال کے لیے عید پر خریداری اور عید کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے سکیں۔

  • فلائی دبئی کا رعایتی ٹکٹس کا اعلان

    فلائی دبئی کا رعایتی ٹکٹس کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ایئر لائن فلائی دبئی نے 25 شہروں کے لیے رعایتی ٹکٹوں کی پیشکش کی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں فلائی دبئی نے 7 عرب شہروں سمیت 25 ایئر پورٹس کے لیے رعایتی ٹکٹ کی پیشکش کی ہے۔

    فلائی دبئی کا کہنا ہے کہ موسم بہار کی پیشکش میں سیاحتی کلاس ٹکٹ کی شروعات 11 سو 87 درہم سے کی گئی ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی پیشکش سے فائدہ اٹھانے والے آئندہ موسم بہار کے دوران 25 سیاحتی مقامات کا دورہ کر سکیں گے۔

    پیشکش والے نرخ کسی پیشگی اطلاع کے بغیر کسی بھی وقت تقسیم ہو سکتے ہیں، پروازیں دبئی سے منتخب شہروں کے لیے ہیں۔

    فلائی دبئی کا کہنا ہے کہ جمعرات 23 مارچ 2023 تک بکنگ کروائی جا سکتی ہے جبکہ ٹکٹ 18 جون 2023 تک مؤثر ہوں گے، ٹکٹ پیکج آنے جانے کا ہے جبکہ یکطرفہ ٹکٹ بھی خریدا جاسکتا ہے۔

    ٹورسٹ اور بزنس کلاس دونوں ٹکٹوں پر پیشکشیں ہیں، فلائی دبئی نے جن 25 ایئرپورٹس کے لیے رعایتی ٹکٹوں کا اعلان کیا ہے ان کا تعلق افریقہ، وسطی ایشیا، برصغیر، کوکاز، جنوب مشرقی اور وسطی یورپ، جی سی سی اور مشرق وسطی کے ممالک سے ہے۔

  • عرب امارات: 5 سالہ ملٹی پل فیملی سیاحتی ویزا کیسے جاری ہوگا؟

    عرب امارات: 5 سالہ ملٹی پل فیملی سیاحتی ویزا کیسے جاری ہوگا؟

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے حکام نے 5 سالہ ملٹی پل فیملی سیاحتی ویزا جاری کروانے کے لیے رہنما ہدایات اور شرائط جاری کی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں قومی شناخت شہریت کسٹم اور پورٹس سیکیورٹی کے وفاقی ادارے نے اسمارٹ سسٹم کے ذریعے 5 سالہ ملٹی پل فیملی سیاحتی ویزا متعارف کروایا ہے۔

    کسی بھی ملک کے شہری مقررہ شرائط پور ی کر کے ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔

    وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ فیملی ویزا ہولڈر کو 90 دن تک امارات میں قیام کی اجازات ہوگی، اس میں مزید 90 دن کی توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔

    وفاقی ادارے کے مطابق ویزے کے اجرا کی تاریخ سے 60 دن کے اندر امارات آنا ہوگا بصورت دیگر ویزا منسوخ کردیا جائے گا، 18 سال سے کم عمر بچے فیملی ویزے میں شامل ہوں گے جبکہ 18 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو ویزے کے لیے علیحدہ درخواست دینا ہوگی۔

    فیملی سیاحتی ویزے کا زر ضمانت 3 ہزار 25 درہم مقرر ہے، ویزا فیس جس میں ہیلتھ انشورنس شامل ہوگی 750 درہم ہے۔

    ادارے نے فیملی ویزے کے لیے 9 شرائط مقرر کی ہیں، ان میں لیٹر ہیڈ پر جاری کردہ 6 ماہ کا بینک اسٹیٹمنٹ جس پر بینک کی مہر لگی ہوئی ہو، 4 ہزار ڈالر بینک بیلنس اور امارات سے ہیلتھ انشورنس کروانا شامل ہے، ویزے کا دورانیہ 180 دن ہوگا۔

    ویزے کے اجرا کے بعد سال میں ایک مرتبہ مزید 90 دن کی توسیع کروائی جا سکے گی، ہر سال 90 دن کا حساب عیسوی کیلنڈر کے بجائے ویزے کے اجرا کی تاریخ سے ہوگا، ویزا ملٹی پل اور 5 سال کے لیے جاری کیا جائے گا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ امارات میں مقررہ مدت سے زیادہ قیام کی صورت میں ویزا منسوخ ہو جائے گا۔

  • عرب امارات میں سونے کی خریداری میں اچانک اضافہ

    عرب امارات میں سونے کی خریداری میں اچانک اضافہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں سونے کی قیمت مسلسل کم ہورہی ہے جس کے بعد لوگوں میں سونا خریدنے کا رجحان بھی بڑھ رہا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ امارات کی گولڈ مارکیٹ میں مسلسل 4 ہفتوں سے سونے کے نرخ کم ہو رہے ہیں، مختلف قیراط کے ایک گرام سونے میں 15.25 درہم تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹس میں شوروم مالکان کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں زیورات کی خریداری میں اضافہ ہوا ہے لیکن سب جگہ اور ہر روز یکساں نہیں ہے۔

    مقامی شہری، مقیم غیر ملکی اور سیاح زیورات کی خریداری اپنے مقاصد کے تحت کر رہے ہیں، سب سے کم سونا مقیم غیر ملکیوں نے خریدا تاہم سیاح زیورات کی سب سے زیادہ خریدار ی کر رہے ہیں۔

    امارات میں کانفرنسوں اور نمائشوں مں شرکت کے لیے آنے والے سونے کے نئے سیٹ خریدنے میں دلچسپی دکھا رہے ہیں، اپنے گھر والوں کے لیے سونے کے زیورات تحفے کے طور پر لے کر جا رہے ہیں۔

    ایک شوروم کے مینیجر نے بتایا کہ سونے کے نرخوں میں مسلسل کمی صارفین کو زیورات خریدنے کی ترغیب دے رہی ہے، امید ہے آئندہ سونے کی طلب میں اضافہ ہوگا۔

    24 قیراط ایک گرام سونے کی قمیت 220 درہم ہو گئی ہے، گزشتہ ہفتے کے آخر کے مقابلے میں ایک درہم کی کمی واقع ہوئی ہے۔

    22 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 203.75 درہم، 21 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 197.25 درہم اور 18 قیراط ایک گرام کی قیمت 169 درہم ہے۔