Tag: عرب امارات

  • متحدہ عرب امارات نے ترکی میں سب سے بڑے فیلڈ اسپتال کا افتتاح کردیا

    متحدہ عرب امارات نے ترکی میں سب سے بڑے فیلڈ اسپتال کا افتتاح کردیا

    انقرہ: متحدہ عرب امارات نے ترکی میں سب سے بڑے فیلڈ اسپتال کا افتتاح کردیا جہاں زلزلے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

    ترکی کے علاقے غازیانتپ میں قائم ہونے والے اماراتی ریلیف فیلڈ اسپتال نے طبی، تکنیکی اور انتظامی ٹیموں کی آمد کے فوراً بعد ہی زلزلہ متاثرین کی دیکھ بھال شروع کردی ہے۔

    یہ اسپتال 40 ہزار مربع میٹر کے علاقے پر واقع ہے اور اس میں 50 بستر اور 4 آئی سی یو بستر ہیں۔

    یہ ترکی کا پہلا لیول 3 فیلڈ ہسپتال ہے جو مقامی لوگوں کو طبی امداد کی فراہمی میں کردار ادا کررہا ہے۔

    ترکی میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سعید ثانی الظہری نے کئی ترک حکام کے ہمراہ اسپتال کے افتتاح میں شرکت کی، یہ اقدام گیلنٹ نائٹ 2 مہم کے تحت اٹھایا گیا ہے۔

    سعید ثانی الظہری نے کہا کہ فیلڈ اسپتال متحدہ عرب امارات کی قیادت کی ہدایت پر قائم کیا گیا ہے اور یہ 50 کے اصولوں کے نویں اصول کے تحت متحدہ عرب امارات کے انسانی ہمدردی کے نقطہ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔

    فیلڈ اسپتال کی انچارج اماراتی ٹیم نے متاثرین کی بنیادی اور فوری ضروریات کی نشاندہی کرنے کے لیے ترکی میں سرکاری حکام کے ساتھ رابطہ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس نے ریکارڈ وقت میں اسپتال کے قیام اور طبی عملے کو تعینات کرنے کے لیے کافی کوششیں کی ہیں، انہوں نے ترک حکام کا فیلڈ اسپتال کی ٹیم کو ضروری مدد فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

    ایمریٹس ریلیف فیلڈ اسپتال کے کمانڈر اسٹاف بریگیڈیئر ڈاکٹر عبد اللہ خادم الغیثی نے بتایا کہ اسپتال میں ریسپشن، اسکریننگ، ایمرجنسی، سرجری، انتہائی نگہداشت، دندان سازی، ایکسرے، لیبارٹری، فارمیسی اور آؤٹ پیشنٹ سیکشن سمیت مختلف شعبے شامل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اسپتال کے طبی عملے میں ماہرین نفسیات بھی شامل ہیں جو ملک میں آنے والی آفت کی وجہ سے بے چینی، ڈپریشن اور پوسٹ ٹرامیٹک ڈس آرڈر کے عوارض میں مبتلا افراد کی مدد کر رہے ہیں۔

  • عرب امارات: مقامی اور غیر مقامی افراد کی تنخواہوں میں کوئی فرق نہیں

    عرب امارات: مقامی اور غیر مقامی افراد کی تنخواہوں میں کوئی فرق نہیں

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے حکام نے واضح کیا ہے کہ مملکت میں مختلف شعبوں میں مقامی اور غیر ملکی افراد کی تنخواہوں میں کوئی فرق نہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق وزارت اماراتائزیشن نے کہا ہے کہ پرائیوٹ سیکٹر میں تنخواہوں کے حوالے سے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے درمیان کوئی امتیاز نہیں۔

    وزیر افرادی قوت و اماراتائزیشن ڈاکٹر عبد الرحمٰن العور کا کہنا ہے کہ ہمارے یہاں پرائیوٹ سیکٹر کی کمپنیوں و اداروں میں تنخواہوں یا چھٹیوں یا لچکدار ڈیوٹی کے سلسلے میں مقامی شہریوں اور غیر ملکی ملازمین کے درمیان کوئی امتیاز نہیں۔

    اماراتی وزیر کا کہنا ہے کہ ہمارے یہاں پرائیوٹ سیکٹر کی کمپنیوں میں کام کرنے والے مقامی ملازمین کو اوسط تنخواہ جتنی دی جاتی ہے وہ غیر ملکی ملازمین کی بھی تنخواہوں سے ملتی جلتی ہے۔

    اماراتی وزیر کا کہنا تھا کہ لیبر مارکیٹ میں شرح نمو 13 فیصد سے زیادہ ہے، وزارت میں رجسٹرڈ کمپنیوں میں شرح نمو میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

    ڈاکٹر عبدالرحمٰن العور نے کہا کہ ہماری حکومت منسٹرز کونسل سیکریٹریٹ کے ساتھ یکجہتی پیدا کر کے پرائیوٹ سیکٹر میں اماراتائزیشن کا گراف چیک کرتی رہتی ہے۔

  • عرب امارات میں سیاحتی اور وزٹ ویزے کے لیے ایک اور سہولت

    عرب امارات میں سیاحتی اور وزٹ ویزے کے لیے ایک اور سہولت

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں سیاحتی اور وزٹ ویزے کی آن لائن توسیع کی سہولت فراہم کردی گئی ہے، کارروائی کی درخواست دینے کے لیے 5 شرائط پوری کرنی ہوں گی۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں قومی شناخت، شہریت، کسٹم اور پورٹس سیکیورٹی کے وفاقی ادارے نے سیاحتی اور وزٹ ویزوں کی آن لائن توسیع کی سہولت فراہم کی ہے۔

    وفاقی ادارے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسمارٹ ایپ اور ادارے کی ویب سائٹ کے ذریعے وزٹ، سیاحت یا کسی اور قسم کے ویزے میں توسیع کروائی جا سکتی ہے اور یہ کارروائی 48 گھنٹے میں مکمل ہوتی ہے۔

    وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ ویزے میں توسیع کی کارروائی کی درخواست دینے کے لیے 5 کام ہیں۔

    اسمارٹ سروس سسٹم میں پرسنل اکاؤنٹ کھولا جائے، پھر ویزے میں توسیع کی درخواست اور سروس کے لیے مطلوبہ کاغذات منسلک کیے جائیں۔

    فیس کی ادائیگی اور مالی ضمانت جمع کی جائے، یہ کارروائی کر کے درخواست جمع کروائی جائے، چھان بین کے بعد امیدوار کو توسیع اور ویزے کے پرنٹ کی منظوری کی اطلاع ایس ایم ایس کے ذریعے دی جائے گی۔

    ویزے میں توسیع کی کارروائی منظورشدہ پرنٹ ایجنسیوں کے توسط سے بھی کروائی جا سکتی ہے۔

    وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ ویزے میں توسیع کی مدت کا دار و مدار ویزے کی نوعیت اور توسیع کی درخواست کی تعداد پر ہے، توسیع 30 سے 90 دن کی ہوگی۔

    وزیٹر کے قیام کی مدت امارات آمد کے بعد سے شمار ہوگی، ایک سال سے زیادہ کسی بھی صورت میں قیام کی اجازت نہیں ہوگی۔

    یاد رہے کہ نئے ویزا سسٹم میں 8 قسم کے وزٹ ویزے شامل کیے گئے ہیں۔

  • 2 ماہ کے لیے سستے ایئر ٹکٹس کا اعلان

    2 ماہ کے لیے سستے ایئر ٹکٹس کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں 15 جنوری سے 15 مارچ 2023 کے دوران سستے فضائی ٹکٹوں کی پیشکش کا اعلان کردیا گیا۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں قومی فضائی کمپنیوں اور ٹریولنگ ایجنسیوں نے 15 جنوری سے 15 مارچ 2023 کے دوران سستے ٹکٹوں کی پیشکش کی ہے۔

    ان تاریخوں کے دوران بین الاقوامی پروازوں کے ٹکٹ 1100 درہم تک میں دستیاب ہوں گے، ٹکٹس کی بکنگ شروع کردی گئی ہے جبکہ سفر 15 جنوری سے 15 مارچ کے دوران کیا جاسکے گا۔

    ٹریولنگ ایجنسیوں کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ پیشکش معروف سیاحتی مقامات پر تعطیلات گزارنے والوں کے لیے ہے اور سیاحت کی حوصلہ افزائی کے لیے کی جارہی ہے۔

    ٹریولنگ ایجنسیوں کے مطابق ان دنوں فضائی ٹکٹوں کے نرخوں میں کمی معمول کے مطابق ہے، دسمبر 2022 کے دوران ٹکٹ مہنگے تھے، جو لوگ اس پیشکش سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں وہ جلد بکنگ کروا لیں۔

    فضائی کمپنیاں جن ملکوں اور شہروں کے لیے سستے ٹکٹ جاری کر رہی ہیں ان میں دو سعودی شہر جدہ اور دمام شامل ہیں، مصری دارالحکومت قاہرہ، اردن کا عمان، مالدیپ، آسٹریا اور ماریشس وغیرہ کے لیے بھی سستے ٹکٹ دستیاب ہیں۔

  • امارات اور عرب دنیا کا پہلا خلائی مشن چاند کی طرف روانہ

    امارات اور عرب دنیا کا پہلا خلائی مشن چاند کی طرف روانہ

    ابو ظہبی / واشنگٹن: متحدہ عرب امارات نے اپنا خلائی مشن چاند پر روانہ کردیا، یہ چاند پر اترنے والا امارات اور عرب دنیا کا پہلا مشن ہے اور کامیاب لینڈنگ کے بعد متحدہ عرب امارات چاند کو چھونے والا چوتھا ملک بن جائے گا۔

    عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات نے خلائی مشن چاند پر روانہ کردیا، مشن فلوریڈا کے کیپ کنویرل اسپیس فورس اسٹیشن سے لانچ کیا گیا۔

    راشد روور 5 ماہ بعد اپریل 2023 میں چاند پر لینڈ کرے گا، مشن کی کامیابی پر امارات چاند پر اترنے والا چوتھا ملک بن جائے گا۔

    ایکسپلورر راشد 47.5 ڈگری شمال اور 44.4 ڈگری مشرق میں میئر فریگورس زون کے جنوب مشرق میں بیرونی کنارے پر اترے گا جسے چاند کے انتہائی شمال میں واقع بحر البرد (ٹھنڈک کا سمندر) کہا جاتا ہے۔

    اٹلس کا دہانہ ایسا مقام ہے جسے اس سے قبل کسی بھی خلائی مشن نے دریافت نہیں کیا۔

    آئی سپیس کے مطابق خلائی گاڑی براہ راست چاند کا رخ کرنے کے بجائے کم توانائی والے ٹریک کا انتخاب کرے گی۔

    مشن کا مقصد چاند کی سطح کی مختلف پہلوؤں سے جانچ کرنا ہے جن میں چاند کی مٹی اور اس کی تشکیل، اجزا، اس کی حرارتی خصوصیات اور ترسیل کی خصوصیات کی جانچ کی جائے گی۔

    مشن کے دوران روور چاند کی سطح کی تصاویر لے گا اور دبئی کے کنٹرول روم میں واپس بھیجے گا، مشن مادی سائنس، روبوٹکس، نقل و حرکت، نیوی گیشن اور مواصلات میں نئی ​​ٹیکنالوجیز کا بھی تجربہ کرے گا۔

  • متحدہ عرب امارات کا پہلا خلائی مشن تیاری کے آخری مراحل میں

    متحدہ عرب امارات کا پہلا خلائی مشن تیاری کے آخری مراحل میں

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات اپنا پہلا خلائی مشن 28 نومبر کو چاند پر بھیجے گا، مشن کی کامیابی کی صورت میں امارات امریکا، روس اور چین کے بعد چاند کی سطح پر اترنے والا پہلا عرب اور دنیا کا چوتھا ملک بن جائے گا۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات نے مریخ کے بعد چاند کے اسرار دریافت کرنے کے لیے پہلا اماراتی خلائی مشن (ایکسپلورر راشد) 28 نومبر کو چاند پر بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

    مشن کی کامیابی کی صورت میں امارات امریکا، روس اور چین کے بعد چاند کی سطح پر اترنے والا پہلا عرب اور دنیا کا چوتھا ملک بن جائے گا۔

    محمد بن راشد خلائی سینٹر کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امارات کے مقامی وقت کے مطابق پہلا اماراتی خلائی مشن 28 نومبر کو 12 بج کر 46 منٹ پر روانہ کیا جائے گا۔

    سینٹر کا کہنا ہے کہ تاریخ اور وقت میں موسمی حالات یا دیگر امور کی وجہ سے تبدیلی ہو سکتی ہے۔

    یہ اعلان اٹلس کے دہانے پر ایکسپلورر راشد کی لینڈنگ کے مقام کی تصدیق کے بعد کیا گیا ہے، یہ اطمینان کر لیا گیا کہ ایکسپلورر راشد 47.5 ڈگری شمال اور 44.4 ڈگری مشرق میں میئر فریگورس زون کے جنوب مشرق میں بیرونی کنارے پر اترے گا جسے چاند کے انتہائی شمال میں واقع بحر البرد (ٹھنڈک کا سمندر) کہا جاتا ہے۔

    اٹلس کا دہانہ ایسا مقام ہے جسے اس سے قبل کسی بھی خلائی مشن نے دریافت نہیں کیا۔

    خلائی مشن اس وقت امریکا کے کیپ کینورل خلائی بیس 40 میں موجود ہے، روانگی کی تاریخ قریب آنے پر اسے لانچنگ پیڈ پر منتقل کردیا جائے گا۔

    آئی سپیس کے مطابق خلائی گاڑی براہ راست چاند کا رخ کرنے کے بجائے کم توانائی والے ٹریک کا انتخاب کرے گی، روانگی کے 5 ماہ بعد مارچ 2023 میں گاڑی چاند پر اترے گی۔

    مشن کا مقصد چاند کی سطح کی مختلف پہلوؤں سے جانچ کرنا ہے جن میں چاند کی مٹی اور اس کی تشکیل، اجزا، اس کی حرارتی خصوصیات اور ترسیل کی خصوصیات کی جانچ کی جائے گی۔

    مشن کے دوران روور چاند کی سطح کی تصاویر لے گا اور دبئی کے کنٹرول روم میں واپس بھیجے گا، مشن مادی سائنس، روبوٹکس، نقل و حرکت، نیوی گیشن اور مواصلات میں نئی ​​ٹیکنالوجیز کا بھی تجربہ کرے گا۔

  • عرب امارات میں 3 دن کی تعطیلات کا اعلان

    عرب امارات میں 3 دن کی تعطیلات کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں 51 ویں یوم وطنی اور یوم شہید کے موقع پر پورے ملک میں 3 دن کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق وزارت افرادی قوت و اماراتائیزیشن نے 51 ویں یوم وطنی اور یوم شہید کے موقع پر پورے ملک میں 3 دن کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔

    یکم سے 3 دسمبر 2022 تک سرکاری اور پرائیوٹ سیکٹر کے تمام ملازمین کو تنخواہ سمیت چھٹی دی جائے گی۔

    وزارت افرادی قوت و اماراتائیزیشن نے عام تعطیل کے حوالے سے ہدایت سرکاری و پرائیوٹ سیکٹرز کی منظور شدہ سرکاری تعطیلات کے اس فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے جاری کی ہے جو اماراتی کابینہ نے کیا تھا۔

    وزارت افرادی قوت نے یوم وطنی کے موقع پر ملک کی اعلیٰ قیادت، اماراتی عوام اور مقیم غیر ملکیوں کو مبارکباد دی ہے جبکہ یوم شہید پر شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

  • دبئی میں پاکستانی شہری کے لیے اعزاز

    دبئی میں پاکستانی شہری کے لیے اعزاز

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ایک پاکستانی کو ٹریفک کنٹرول کرنے پر اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں دبئی پولیس کے کمانڈر جنرل عبد اللہ المری نے دبئی کے ایک چوراہے پر ٹریفک کو کنٹرول کرنے والے پاکستانی شہری عباس خان کو اعزاز سے نوازا ہے۔

    عباس خان نے دبئی کے ایک چوراہے پر ٹریفک جام کو دیکھتے ہوئے رضا کارانہ طور پر ٹریفک کو منظم کیا۔

    مقامی شہریوں اور تارکین وطن نے عباس خان کے اس اقدام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جسے بے حد سراہا گیا۔

    دبئی پولیس کے کمانڈر جنرل عبداللہ المری نے عباس خان کے اس اقدام اور دبئی سے اس محبت کی قدر کرتے ہوئے ان کی عزت افزائی کی، عبداللہ المری نے کہا کہ عباس خان کی کاوشیں قابل قدر ہیں، انہوں نے جو کچھ کیا بہت اچھا اور اچھے انداز میں کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عباس خان نے اپنے اس اقدام کے ذریعے یہ پیغام دیا ہے کہ وہ فرض شناس ہیں اور دبئی کے معاشرے کے لیے محبت کا جذبہ رکھتے ہیں۔

  • دبئی میں اب بغیر ڈرائیور کے ٹیکسیاں چلیں گی

    دبئی میں اب بغیر ڈرائیور کے ٹیکسیاں چلیں گی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں جلد بغیر ڈرائیور ٹیکسیاں سڑکوں پر دکھائی دیں گی، بغیر ڈرائیور ٹیکسیوں کا تجربہ جمیرا ون زون سے کیا جائے گا۔

    خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی میں روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے عہدیدار خالد العوضی کا کہنا ہے کہ جلد دبئی کی سڑکوں پر ڈرائیور لیس ٹیکسیاں نظر آئیں گی۔

    خالد العوضی کا کہنا ہے کہ متعدد مقامات پر خود کار 5 ٹیکسیاں تجرباتی طور پر چلائی جائیں گی، بغیر ڈرائیور ٹیکسیوں کا تجربہ جمیرا ون زون سے کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ڈرائیور لیس ٹیکسیوں کا تجربہ آئندہ چند ہفتوں میں اور سال رواں کے اختتام سے قبل شروع کردیا جائے گا۔

    اتھارٹی الخیلج کمرشل زون اور سٹی سینٹر میں اسمارٹ گاڑیاں چلانے کے لیے میپ تیار کر رہی ہے، جمیرا ون زون کا اضافہ بھی اس میں ہو گا۔ یہ نقشے جولائی میں ہی تیار کرلیے گئے تھے۔

    العوضی نے جیٹیکس 2022 نمائش میں شرکت کے موقع پر کہا کہ اتھارٹی نے جیٹیکس کے اپنے اسٹال پرعوام کو دکھانے کے لیے خود کار ٹیکسی سجائی گئی ہے، یہ سان فرانسسکو میں زیر استعمال ان دسیوں ٹیکسیوں میں سے ایک ہے جو وہاں عام ہو چکی ہیں۔

    اس طرح کی مزید 4 ٹیکسیاں لائی جائیں گی اور دبئی میں ان کا تجربہ ہوگا۔

    العوضی کا کہنا تھا کہ جیٹیکس میں جو کروز ٹیکسی دکھائی جا رہی ہے وہ اسمارٹ گاڑی ہے اور یہ سان فرانسسکو میں 50 ہزار میل کا سفر طے کر چکی ہے، اس سے وہاں کے لوگ سفر کر چکے ہیں۔

  • خیرپور: عرب امارات کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے میڈیکل کیمپ قائم

    خیرپور: عرب امارات کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے میڈیکل کیمپ قائم

    کراچی: صوبہ سندھ کے شہر خیرپور میں سیلاب متاثرین کے لیے متحدہ عرب امارات کی جانب سے میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا ہے جہاں متاثرین کو علاج اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے صوبہ سندھ کے شہر خیرپور میں سیلاب متاثرین کے لیے میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا ہے۔

    امارات کے قونصل جنرل کا کہنا ہے کہ میڈیکل کیمپ سیلاب متاثرین کو بیماریوں سے بچانے کے لیے قائم کیا گیا، کیمپ میں مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے اور دوائیں فراہم کی جارہی ہیں۔

    قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ متاثرین کو علاج و معالجے سمیت تمام تر سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مشکل کی گھڑی میں امارات اپنے سیلاب متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ ہے، جو رشتہ شیخ زید مرحوم نےقائم کیا وہ آج تک قائم و دائم ہے۔