Tag: عرفات

  • حجاج کرام کے لیے منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں آرام گاہ بنانے کا فیصلہ

    حجاج کرام کے لیے منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں آرام گاہ بنانے کا فیصلہ

    سعودی عرب میں وادی منیٰ، میدانِ عرفات اور مزدلفہ میں حجاج کرام کے بیٹھنے کے لیے آرام گاہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل نے حج کی تیاری کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا کہ وادی منیٰ میں پیدل چلنے والے حجاج کرام کے لئے پچاس ہزار میٹر مربع راستے کو سایہ دار بنایا جا رہا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق جبل الرحمہ میں ساٹھ ہزار مربع میٹر پر شیڈز اور پانی کی پھوار والے پنکھوں کی تنصیب بھی جاری ہے۔

    قبل ازیں اس سال حج کرنے کے خواہشمند افراد کو ایک اور زبردست موقع فراہم کیا گیا ہے، نجی حج آپریٹرز کے ذریعے 10 ہزار عازمین حج کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے 10 ہزار مزید پاکستانی عازمین کو حج کی اجازت دی گئی ہے، ذرائع نے بتایا کہ سعودیہ کے اس اقدام کے بعد وزارت مذہبی امور نے نجی حج آپریٹرز سے 10 ہزار عازمین کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

    ذرائع نے مزید بتایا کہ کوٹے پر عازمین جمع شدہ درخواستوں کے تحت پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر اس سال حج کرسکیں گے۔

    وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے بتایا کہ پالیسی کی خلاف ورزی یا غلط بیانی پر نجی حج کمپنی نااہل قرار دیدی جائیگی۔

    نجی ایئرلائن کا عازمین کی حجاز مقدس روانگی سے متعلق شیڈول تیار

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کوٹے میں اضافے کے بعد اب نجی حج اسکیم کے تحت ساڑھے 12 ہزار کے بجائے ساڑھے 22 ہزار افراد حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔

  • عرفات کے اہم ترین مقام "مسجد نمِرہ” کا تاریخی پس منظر

    عرفات کے اہم ترین مقام "مسجد نمِرہ” کا تاریخی پس منظر

    مسجد نمِرہ کا شمار عرفات کے میدان میں ایک اہم ترین مقام کے طور ہوتا ہے، یہاں ہر سال لاکھوں عازمین حج وقوف عرفہ کے روز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی کرتے ہوئے ظہر اور عصر کی نمازیں ایک وقت میں قصر کر کے پڑھتے ہیں۔

    یہ مسجد اُس مقام پر تعمیر کی گئی جہاں رسولِ خدا نے حجۃ الوداع کے موقع پر اونٹنی پر بیٹھ کر خطبہ ارشاد فرمایا تھا۔

    مسجد نمِرہ مسجد حرام کے بعد رقبے کے لحاظ سے مکہ مکرمہ کی دوسری بڑی مسجد ہے، اس میں چار لاکھ نمازیوں کی گنجائش ہے، مسجد میں چھ مینار اور تین گنبد ہیں، ہر مینار کی بُلندی ساٹھ میٹر ہے۔

    مسجد نمِرہ کے دس مرکزی گیٹ اور چونسٹھ دروازے ہیں اور ایک کمرہ بیرونی ٹیلی کاسٹ کے لیے خصوصی آلات سے لیس ہے تا کہ وقوف عرفات کے روز خطبہ حج کے علاوہ ظہر اور عصر کی نمازیں سیٹلائٹ کے ذریعے براہ راست نشر کی جا سکیں۔

    وُقوف عَرَفہ سے مراد میدان عرفات میں حجاج کرام کا توقف کرنا یا قیام کرنا سے ہے۔ یہ عمل مناسک حج میں دوسرا عمل ہے اور اسے روز عرفہ یعنی نو ذی الحجہ کے دن میدان عرفات میں انجام دیا جاتا ہے۔

    میدان عرفات میں توقف کرنا واجب ہے، جس کا وقت ظہر سے مغرب تک ہے، جبل عرفات مکہ مکرمہ کے مشہور مذہبی اور تاریخی پہاڑوں میں سے ایک چھوٹی سی پہاڑی ہے، جس پر عرفات کے دن حجاج وقوف کرتے ہیں۔ کیونکہ یہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خاتم النبیین اس پہاڑ کے اوپر ایک چٹان پر بیٹھے تھے، اور فرمایا تھا: "میں نے یہاں وقوف کیا اور پورا عرفہ وقوف کا مقام ہے۔”اس پہاڑ کو جبل رحمت کہا جاتا ہے۔

    خیال رہے بیس لاکھ عازمیں حج رات بھر وادی منی میں قیام اور نمازِ فجر کے بعد میدان عرفات پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا کیا جائے گا۔

    مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ماہر المعیقلی مسجدِ نمرہ سے یوم عرفہ کا خطبہ دیں گے۔ جسے اردو سمیت پچاس زبانوں میں نشر کیا جائے گا۔

    عرفات میں وقوف کےدوران حجاج تلبیہ پڑھنے،استغفار کرنے اورتسبیح و تہلیل کے ساتھ ساتھ دعاؤں میں مصروف رہیں گے، جس کے بعد حجاج کرام غروب آفتاب کےبعدمزدلفہ روانہ ہوجائیں گے۔

    حجاج کرام رات حصہ مزدلفہ میں ہی گزاریں گے پھر مغرب اورعشاء کی نمازیں تاخیرسےایک ہی وقت میں اداکرکے رمی جمرات کیلئے کنکریاں جمع کریں گے۔

    کل حجاج کرام مزدلفہ میں نمازِفجرکی ادائیگی کےبعدواپس منی روانہ ہوں گے، بڑے شیطان جمراۃ القبرہ کوسات کنکریاں ماریں گے اور قربانی کے بعد سرمنڈوا کر احرام کھول دیں گے۔

    جس کے بعد طوافِ زیارت کریں گے، صفا اور مروہ کےدرمیان سعی کریں گے اور منی واپس آکرگیارہ ذی الحج کوتینوں شیاطین کو کنکریاں ماریں گے پھر عبادت کیلئےمنی میں ہی ٹھہریں گے۔

    بارہ ذی الحج کو بھی تینوں شیطانوں کوکنکریاں ماری جائیں گی اور تیرہ ذالحج کو رمی کےبعد مناسکِ حج کی تکمیل ہوجائے گی، جس کے بعد حجاج مکہ مکرمہ جاکرمسجدِ حرام کا طوافِ ودا کریں گے۔

  • حج کی ادائیگی کے دوران عرفات میں بچے کی پیدائش

    حج کی ادائیگی کے دوران عرفات میں بچے کی پیدائش

    منیٰ : حج کے لئے جانے والے اردنی جوڑے کودہری خوشیاں مل گئیں، ایک حج کی اور دوسری بیٹے کی پیدائش کی، بیٹے کا نام ’وضاح‘ رکھ دیا۔

    سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں مناسک حج کی ادائیگی کے دوران اردنی خاتون کو تکلیف ہوئی ، جس پر خاتون کو عرفات میں واقع جبل الرحمۃ کے اسپتال لایا گیا، جہاں اس نے بچے کو جنم دیا۔

    بیٹے کی ولادت پر باپ کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا، والد نے بیٹے کا نام جبل الرحمۃ اسپتال کے ڈائریکٹر کی نسبت سے ’وضاح‘ رکھا دیا۔

    اسپتال انتظامیہ کی طرف سے ماں اور بچے کو ہرممکن طبی سہولت مہیا کی گئی، دونوں کی صحت تسلی بخش ہے۔

    وزارت صحت نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر نومولود کی تصویر جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ عرفات کے اسپتال میں پیدا ہونے والے پہلے بچے کا نام وضاح رکھا گیا ہے۔

    دوسری جانب وقوف عرفہ کے بعدمناسک حج کی ادائیگی جاری ہے اورلاکھوں حجاج کرام رمی جمرات، قربانی ، سر منڈوانے اور طواف زیارت میں مصروف ہیں۔

    خیال رہے عرفات مکہ سے 20 کلومیٹر جنوب مشرقی ہے، جہاں مسلمانوں 9 ذوالحج کو حج کے سب سے اہم رکن وقوفہ عرفہ ادا کرنے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔