ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 10 کے ایک اہم میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو ہرا دیا، میچ کی اہم بات عرفان خان نیازی کے شاندار چھکے تھے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل 10کے 24 ویں میچ میں کراچی کنگز کے بلے باز عرفان خان نیازی کی بہترین اننگز کی بدولت ٹیم نے فتح اپنے نام کی۔
مڈل آرڈر بیٹر عرفان خان نیازی نے 21 گیندوں پر 48 رنز اسکور کیے اس میں وہ تین شاندار چھکے بھی شامل ہیں جو انہوں نے ایک ہی اوور میں شاہین آفریدی کو مارے۔
طویل وقفے کے بعد ردھم میں واپس آنے والے عرفان نیازی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وننگ شاٹ کھیلی اور اپنی ٹیم کو فتح دلوائی۔
ان کی برق رفتار بیٹنگ میں مجموعی طور پر 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے، انہیں اس بہترین کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان خان نیازی سے جب پوچھا گیا کہ یہ کیا تھا جو آپ نے کیا؟ جس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ میرا یقین تھا۔
ایک سوال کے جواب میں عرفان خان نے کہا کہ لاہور قلندر کے بالرز اچھے ہیں لیکن ٹی ٹونٹی میں کھیلنے کیلیے خود پر اعتماد اور یقین کا ہونا ضروری ہے تو سامنے جو بھی بالر ہو آپ اس کا سامنا کرسکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ میری اچھی اننگز میں سے ایک اننگ ہے، میں کافی ٹائم سے اس طرح کی پرفارمنس نہیں دے پا رہا تھا، لیکن کوچز کی جانب سے مجھے بھرپور حوصلہ افزائی ملی۔
پاکستان سپر لیگ 10 کے سنسنی خیز مقابلے میں عرفان خان کی دلیرانہ بیٹنگ کے سبب کراچی کنگز نے لاہور کے جبڑوں سے فتح چھین لی۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 10 کے ایک اور سنسنی خیز میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی، کراچی کنگز نے 168 رنز کا ہدف 3 گیندیں قبل حاصل کیا، عرفان خان نیازی نے 21 گیندوں پر 48 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔
کراچی کنگز کی جانب سے سعد بیگ نے 25، ٹم سائفرٹ اور ڈیوڈ وارنر نے بھی 24، 24 رنز بناکر اپنا حصہ ڈالا، عرفان خان کو ان کی شاندار اننگز پر میچ آف دی میچ قرار دیا گیا۔
لاہور کی طرف سے حارث رؤف نے2 وکٹیں حاصل کیں، ڈیرل مچل، آصف آفریدی اور رشاد حسین نے کراچی کنگز کے 1،1 بیٹر کو پویلین بھیجا۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں پر 160 رنز بنائے، تاہم ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت کراچی کو جیت کےلیے 168 رنز کا ہدف ملا۔
بارش کی وجہ سے میچ 15 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا تھا، لاہور قلندرز کی ٹیم نے بارش سے متاثرہ میچ میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے، محمد نعیم نے 65 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، فخر زمان بھی 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔
کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 27 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں، میرحمزہ، عامرجمال اور حسن علی نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کا میچ بارش کی وجہ سے بیچ میں روکنا پڑا تھا، اس وقت لاہورقلندرز کا اسکور 7.5 اوورز ایک وکٹ پر 90 رنز تھا۔
تاہم بارش کے بعد کراچی کنگز کے بولرز نے عمدہ کم بیک کرتے ہوئے لاہور کے بیٹرز کو بڑا اسکور کرنے سے روک دیا، سوائے ٹاپ تھری بیٹرز کے لاہور کا کوئی بیٹر ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا۔
دریں اثنا پی ایس ایل 10 کے چوبیسویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے بتایا کہ فاسٹ بولر حسن علی اور بیٹر سعد بیگ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، کوشش کریں گے کہ لاہور قلندرز کو 160 سے 170 رنز تک محدود رکھیں۔
کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ لاہور میں تیسرا میچ کھیل رہے ہیں، کنڈیشن سمجھ گئے ہیں، عمیر بن یوسف اور فواد علی پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہیں۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو ہم پہلے بیٹنگ ہی کرتے، کوشش کریں گے 170 سے 180 رنز بنائیں۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ مجھے لگ رہا ہے دوسری اننگز میں بیٹنگ مشکل ہوگی، اسپنرز کو مدد ملے گی، اس لیے رشاد حسین کو ٹیم کا حصہ بنایا۔
کراچی کنگز کے اسٹار پلیئر عرفان خان نیازی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پہلی بار پاکستانی ٹیم میں منتخب ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پی ایس ایل کی معرف فرنچائز کراچی کنگز نے عرفان نیازی کے قومی ٹیم میں جگہ بنانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ فرنچائز نے جاری بیان میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ، محمد عرفان خان کو پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ میں عرفان نے اپنی غیرمعمولی کارکردگی سے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی تھی جبکہ انھیں ٹورنامنٹ کا بہترین فیلڈر بھی قرار دیا گیا تھا، شاندار پرفارمنس کے بعد انھیں قومی اسکواڈ میں منتخب کرلیا گیا ہے۔
اپنی قومی ٹیم میں سلیکشن پر خوشی سے مغلوب عرفان خان نے کہا کہ لگن اور محنت کے باعث پاکستان ٹیم میں شامل ہونے میں کامیاب ہوا۔ اب میری توجہ اس موقع سے فائدہ اٹھانے اور ٹیم میں اپنی پوزیشن کو مستحکم کرنے پر ہے۔
انھوں نے کہا کہ میں اپنی کارکردگی کو برقرار رکھنے رکھنے اور کپتان اور سلیکٹرز کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے پُرعزم ہوں۔
بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے بھی عرفان خان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی تواتر کے ساتھ کارکردگی اور پاکستان کے لیے اہم کھلاڑی بننے کی صلاحیت کو سراہا ہے۔
عرفان خان کے علاوہ اسپنر ابرار احمد، آل راؤنڈر عماد وسیم اور فاسٹ بولر محمد عامر کو بھی نیوزی لینڈ کے خلات ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 17 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
کراچی کنگز کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے عرفان خان نیازی اور پاکستان کے پورے اسکواڈ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔