Tag: عسکریت پسندی

  • پاکستان میں انسانی حقوق کی صورت حال میں خاطر خواہ تبدیلی نہیں آ سکی، امریکی رپورٹ

    پاکستان میں انسانی حقوق کی صورت حال میں خاطر خواہ تبدیلی نہیں آ سکی، امریکی رپورٹ

    اسلام آباد: امریکی محکمہ خارجہ نے انسانی حقوق رپورٹ 2023 جاری کر دی۔

    انسانی حقوق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی صورت حال میں خاطر خواہ تبدیلی نہیں آ سکی، عسکری تنظیمیں اور غیر ریاستی عناصر تشدد میں ملوث ہیں۔

    امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ کے مطابق غیر ریاستی عناصر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں، پاکستان میں 2023 میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا، شہریوں، پولیس اور فوج پر دہشت گرد حملے کیے جا رہے ہیں، سرحد پار سے دہشت گرد حملوں میں سیکڑوں ہلاکتیں ہوئیں، پاکستان عسکریت پسندوں، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے۔

    امریکی انسانی حقوق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ماورائے عدالت ہلاکتوں کے بھی شواہد ہیں، سیاسی کارکنوں اور اہل خانہ پر تشدد کے بھی شواہد موجود ہیں، پاکستان میں انسانی حقوق کی بہتری کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 9 مئی کے بعد سابق وزیر اعظم سمیت متعدد افراد پر مقدمے ہوئے، 9 مئی کے دہشت گردی کے مقدمات پر انسانی حقوق کی تنظیمیں تحفظات کا اظہار کر چکی ہیں، اہم سیاسی قیدیوں کے مقابلے میں عام سیاسی کارکن کو جیلوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    امریکی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سماجی اور مذہبی عدم برداشت سے لاقانونیت بڑھی ہے، میڈیا پر پابندیاں ہیں، صحافی گرفتار یا لاپتا بھی کیے گئے، اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف ایکشن نہیں ہوا۔

  • جرمنی میں عسکریت پسندی کے حامیوں کی تعداد میں‌ ہوشربا اضافہ

    جرمنی میں عسکریت پسندی کے حامیوں کی تعداد میں‌ ہوشربا اضافہ

    برلن : انٹیلی جنس ادارے نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ داعش جرمنی میں ایک زیر زمین دہشت گرد گروہ کے طور پر اپنی تشکیل نو کر چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی میں عسکریت پسندی کے حامی اور ممکنہ طور پر خطرناک سمجھے جانے والے مسلمانوں کی تعداد بڑھ کر چھبیس ہزار پانچ سو ساٹھ ہو گئی ہے، ایک سال پہلے یہ تعداد پچیس ہزار آٹھ سو دس تھی۔

    جرمنی کے کے اخبارنے یہ اعداد و شمار شائع کرتے ہوئے ایک سالانہ سرکاری رپورٹ کا حوالہ دیا ، یہ رپورٹ داخلی سلامتی کے ذمے دار جرمن انٹیلیجنس ادارے بی ایف وی نے تیار کی ۔

    رپورٹ کے مطابق جرمنی پہلے کی طرح اب بھی جہادی تنظیموں کے نشانے پر ہے ،اس کے علاوہ جہادی تنظیم داعش جرمنی میں ایک زیر زمین دہشت گرد گروہ کے طور پر اپنی تشکیل نو کر چکی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادار ے کا کہنا تھا کہ اس رپورٹ کے مطابق جرمنی میں نومبر 2015میں پیرس میں کیے گئے پیچیدہ دہشت گردانہ حملوں کی طرح کی کوئی کارروائی بھی خارج از امکان نہیں۔

  • افغان طالبان کا عسکریت پسندوں کے خلاف اشتہاربازی بند کرنے کا مطالبہ

    افغان طالبان کا عسکریت پسندوں کے خلاف اشتہاربازی بند کرنے کا مطالبہ

    کابل: طالبان نے افغان ذرائع ابلاغ کو متنبہ کیا ہے کہ وہ عسکریت پسندی یا شدت پسندوں کے خلاف کسی قسم کا اشتہار چھاپنے یا نشر کرنے سے گریز کریں، افغانستان میں طالبان ان دنوں امریکا سے مذاکرات کے مراحل میں ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ افغان ذرائع ابلاغ نے اس ہدایت کو نظرانداز کیا تو اس کے خطرناک نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

    افغان طالبان کے ترجمان نے ایسے اداروں کو ایک ہفتے کی مہلت دی ہے اور کہا ہے کہ اس کے بعد انہیں میڈیا آفس کی جگہ فوجی ہدف قرار دیا جائے گا اور اس صورت میں انہیں حملوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکا کی حمایت سے قائم ہونے والی کابل حکومت، افغان میڈیا پر عسکریت پسندوں کے خلاف نشر ہونے یا چھپنے والے اشتہارات کا معاوضہ سرکاری خزانے سے ادا کرتی ہے۔

    خیال رہے کہ طالبان اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرا ت کا آخری دور رواں برس مئی میں مکمل ہوا تھا جس میں طے پایا تھا کہ امریکا افغانستان سے نکل جائے گا اور طالبان انخلا کے عمل میں رخنے نہیں ڈالیں گے۔طالبان نے افغان حکومت سے مطالبات غیر ملکی افواج کے انخلا سے مشروط کررکھے ہیں۔

    دوسری جانب طالبان نے ماسکو میں روسی حکومت سے بھی مذاکرات کیے تھے جبکہ ایران اور پاکستانی حکومت سے بھی ان کے مذاکرات جاری ہیں۔

    ان تمام مواقع پر طالبان نے یہی موقف اختیار کیا ہے کہ افغانستان میں قیامِ امن سے متعلق کسی بھی معاہدے پر اتفاق کے لئے بین الاقوامی افواج کا انخلاء انتہائی ضروری ہے۔