Tag: عشرت العباد

  • سابق گورنر سندھ عشرت العباد کی وطن واپسی کا اعلان کر دیا گیا

    سابق گورنر سندھ عشرت العباد کی وطن واپسی کا اعلان کر دیا گیا

    کراچی: سابق گورنر سندھ اور میری پہچان پاکستان پارٹی کے سربراہ عشرت العباد کی پاکستان واپسی کے حوالے سے ان کی ترجمان نے اعلان کر دیا۔

    ترجمان میری پہچان پاکستان نے بتایا کہ عشرت العباد کی دسمبر کے آخری ہفتے میں وطن واپسی ہوگی اور پارٹی نے اسلام آباد میں استقبالیہ کمیٹی تشکیل دے دی۔

    عشرت العباد طویل عرصہ سیاست سے دور گمنامی میں رہے اور اب ان کی نہ صرف سیاست میں واپسی ہوئی بلکہ اگست میں انہوں نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا بھی اعلان کیا تھا۔

    پچھلے کچھ ماہ کے دوران سابق گورنر سندھ سیاسی طور پر کافی سرگرم نظر آئے اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا۔ وہ مولانا فضل الرحمان، مخدوم جمیل الزمان، شیر افضل مروت و دیگر سے ملاقاتیں کر چکے ہیں۔

    انہوں نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو ’باخبر سویرا‘ میں گفتگو کے دوران بتایا تھا کہ وہ سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمر سمیت پورے ملک میں رابطے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں نے 14 سالہ سندھ کیلیے خدمات انجام دیں اور اب اس خدمت کا دائرہ پورے ملک تک وسیع کرنا چاہتا ہوں، سیاست میں طویل عرصہ خاموش رہا لیکن رابطے پھر بھی سب سے تھے۔

    عشرت العباد نے کہا تھا کہ ملک کو بحران اور عوام کو مایوسی سے نکالنے کیلیے وہ اپنی حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں اور اسی کے مطابق چل رہے ہیں۔

  • فضل الرحمان اور عشرت العباد کا رابطہ، ایک دوسرے کا سہارا بننے کا عزم

    فضل الرحمان اور عشرت العباد کا رابطہ، ایک دوسرے کا سہارا بننے کا عزم

    اسلام آباد : سربراہ جمعیت علماءاسلام مولانا فضل الرحمان اور سابق گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے ایک دوسرے کا سہارا بننے کے عزم کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ جمعیت علماءاسلام مولانا فضل الرحمان اور سابق گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد کےدرمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

    جس میں دونوں رہنماؤں نے ملکی صورتحال پرگہری تشویش کا اظہار کیا، ڈاکٹرعشرت العباد نے مولانا کو عمرہ کی مبارکباد بھی دی۔

    جس میں دونوں رہنماؤں کی ملکی صورتحال پرتشویش کا اظہار کیا اور ڈاکٹرعشرت العباد نےاپنے سیاسی جماعت کےخدوخال سےآگاہ کیا۔

    دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی سلامتی اوروحدت پرغیرمتززل یقین کا اظہار کرتے ہوئے سلامتی اور وحدت کے نظریات سے ایک دوسرے کا سہارا بننے کا عزم کیا۔

    سربراہ جمعیت علماءاسلام  نے کہا کہ تجربہ کار عشرت العباد کی عملی سیاست میں واپسی نیک شگون ہے،حکومتوں کی نا اہلی کی سزاریاست اورعوام کو مل رہی ہے۔

    ان  کا کہنا تھا کہ حکومت کی فاش غلطیاں عوام کوبھگتناپڑتی ہیں۔

  • دبئی  میں عشرت العباد اور فاروق ستار کی ملاقات،  یکجا ہوکر حکمت عملی بنانے پر اتفاق

    دبئی میں عشرت العباد اور فاروق ستار کی ملاقات، یکجا ہوکر حکمت عملی بنانے پر اتفاق

    دبئی : سابق گورنر سندھ عشرت العباداور فاروق ستار نے ملاقات میں شہری علاقوں کے مسائل کے حل کیلئے یکجا ہوکر حکمت عملی بنانے پر اتفاق کیا۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میں سابق گورنر سندھ عشرت العباداور فاروق ستار کی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں کےدرمیان ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں شہری علاقوں کے مسائل کے حل کیلئے یکجا ہوکر حکمت عملی بنانے پر اتفاق کیا گیا، دبئی میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات کئی گھنٹے تک جاری رہی۔

    سابق گورنر سندھ عشرت العباد نے کہا کہ کراچی وہ قومی کرداراداکرنےسےقاصرہےملک کوجسکی ضرورت ہے، ماضی کی تلخ یادوں کو بھول کرقومی اجتماعی مفادمیں آگےبڑھاجائے۔

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ قوم کو مایوسی سے نکالا جائے گا اور مستقبل کے سفر کی سمت کا تعین کیا جائے، چیلنجزسے نمٹنے کیلئے قومی میثاق برائے استحکام اور تعمیر و ترقی طے کیا جائے۔

    ملاقات میں دونوں رہنماؤں میں اتفاق ہوا کہ مشترکہ جدوجہد سے قومی مسائل حل کیے جاسکتے ہیں اور کہا تجربے،سیاسی بصیرت کےساتھ دیگرسیاسی اقابرین سےبھی رابطہ کیاجائے۔

    دونوں رہنماؤں نے گفتگو میں کہا کراچی کے عوام میں احساس محرومی تیزی سے بڑھ رہاہے، احساس محرومی کے خاتمے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل ناگزیر ہے۔

  • عمران فاروق قتل کیس، عشرت العباد کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ

    عمران فاروق قتل کیس، عشرت العباد کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ

    کراچی: ایم کیو ایم کے رہنما عمران فاروق قتل کیس میں سابق گورنر سندھ عشرت العباد کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما عمران فاروق قتل کیس میں برطانوی شواہد سامنے آنے کے بعد سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ کی ٹیم وزارت داخلہ کی اجازت کے بعد عشرت العباد سے پوچھ گچھ کے لیے دبئی جاسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے چار روز قبل عمران فاروق کیس کے تمام شواہد پاکستان کے حوالے کیے تھے، اسکاٹ لینڈ یارڈ کی رضامندی سے مقدمہ پاکستان میں چلانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: سانحہ بلدیہ کیس، فیکٹری مالک کے سنسنی خیز انکشافات

    عمران فاروق کے قتل کی سازش میں ملوث تمام نام شواہد میں شامل ہیں، عشرت العباد کا سانحہ بلدیہ ٹاؤن کیس میں بھی بالواسطہ نام لیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ عمران فاروق کو 16 ستمبر 2010 کو نارتھ لندن میں ان کی رہائش گاہ کے باہر قتل کردیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں فیکٹری مالک نے سنسنی خیز انکشافات کیے تھے۔

    فیکٹری مالک ارشد بھائیلہ کا کہنا تھا کہ فیکٹری ملازم منصور نے ایم کیو ایم سے معاملات طے کرائے تھے، 2012 میں حماد صدیقی نے 25 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا، ملزم رحمان بھولا نے دھمکی دی 25 کروڑ دو یا پارٹنر شپ کرو۔

    فیکٹری مالک کا کہنا تھا کہ سانحے کے بعد عشرت العباد نے احمد چنائے سے پیغام بھجوایا، فی کس چار لاکھ روپے ایم کیو ایم کے پلیٹ فارم پر جمع کرائیں۔

  • سابق گورنرعشرت العباد سے پی ایس پی رہنماؤں کی ملاقات، گلے شکوے دور کیے

    سابق گورنرعشرت العباد سے پی ایس پی رہنماؤں کی ملاقات، گلے شکوے دور کیے

    دبئی : سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے پی ایس پی کے رہنماؤں نے ملاقات کی ہے، دونوں جانب سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    سیاست کے رنگ نرالے ہوتے ہیں، اور اس میں کوئی حرف آخر بھی نہیں ہوتا، قربتوں کے بعد دوریاں اور پھر قربتیں سیاسی میدان میں اچنبھے کی بات نہیں۔

    ایک دوسرے پر تنقید کے تیر چلانے والے ڈاکٹر عشرت العباد اور پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون دبئی میں سرجوڑ کر بیٹھ گئے۔ آج سے پہلے کون سوچ سکتا تھا کہ ایک دوسرے پر لفظوں کی گولہ باری کرنے والے پھر ملیں گے۔

    سندھ میں طویل ترین مدت تک گورنر شپ کا ریکارڈ قائم کرنے والے ڈاکٹر عشرت العباد کرسی چھوڑ کر کراچی سے چلے گئے لیکن جانے سے پہلے پہلے انہوں نے بھی اُدھار نہ رکھا۔

    ملاقات میں دونوں رہنماؤں سے سندھ کی سیاست پر بات چیت ہوئی۔ الیکشن نتائج پر بات ہوئی اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں جانب سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    ایم کیو ایم کے ہم خیال رہنماؤں سے بھی رابطہ کرنے پر اتفاق ہوا، انیس ایڈووکیٹ نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد کے ساتھ دیرینہ تعلق ہے، ملاقات کا مقصد آپسی اختلافات دور کرنا تھا۔

    ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات پارٹی قیادت کو اعتماد میں لے کر کی. سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد نے ملاقات کی تصدیق تو کی لیکن کسی نئی پارٹی یا گروپ کی خبروں کو بے بنیاد بھی قراردیا۔

  • ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کو ہاتھ ملانا چاہئے، عشرت العباد

    ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کو ہاتھ ملانا چاہئے، عشرت العباد

    کراچی: سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کو ہاتھ ملانا چاہئے، لڑائی کی سیاست ختم کرکے عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کو فون کیا اور کہا کہ شہری سندھ کے لیے تحریک انصاف کے ساتھ چلنے پر مشاورت کی جائے۔

    سابق گورنر سندھ نے کہا کہ سیاسی جھگڑوں کو ختم کرکے اب تبدیلی لانا ہوگی، لڑائی کی سیاست ختم کرکے عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔

    سربراہ ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تحریک انصاف کے لیے دروازے کھلے ہیں بات چیت کے لیے تیار ہیں، کراچی کی ترقی اور بلدیاتی اختیارات ہمارا اولین ایجنڈا ہیں۔

    کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ شہری سندھ کے لیے ساتھ چلنے کو تیار ہیں، کراچی کی عوام کو ریلیف دیں گے۔

    قبل ازیں تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے ڈاکٹر عشرت العباد سے رابطہ کیا، عشرت العباد نے عمران خان اور تحریک انصاف کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی۔

    اس موقع پرپی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن کے لیے کردار ادا کروں گا۔

    دوسری جانب ڈاکٹرعشرت العباد نے کہا کہ تحریک انصاف کا متحدہ کوساتھ لے کرچلنے کا فیصلہ خوش آئند ہے، تمام جماعتیں کراچی کے لیے مل کرکام کریں، شہر کے امن کومستحکم کرنے کے لیے سیاسی اتحاد ضروری ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی پی میں‌ شامل نہیں ہورہا، سلیم شہزاد سے رابطہ تھا، عشرت العباد

    پی پی میں‌ شامل نہیں ہورہا، سلیم شہزاد سے رابطہ تھا، عشرت العباد

    کراچی: سابق گورنر سندھ عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی میں شامل نہیں ہورہے، میرے پاکستان آنے میں کوئی رکاوٹ نہیں تاہم کچھ معاملات ہیں جن کے بعد ہی پاکستان آؤں گا، سلیم شہزاد سے مختصر رابطہ تھا۔

    یہ باتیں انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہیں۔

    عشرت العباد خان نے کہا ہے میرے پاکستان واپس آنے میں کوئی رکاوٹ نہیں جب بھی آنا ہوگا میں وطن آجاؤں گا تاہم وطن واپسی سے متعلق کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتا۔ انہوں ںے کہا کہ واپسی کے لیے اعلان کی ضرورت نہیں صرف ایک ٹکٹ خریدنا پڑتا ہے، پاکستان واپس آنے سے متعلق میں نے کوئی تاریخ نہیں دی کچھ معاملات ہیں اس کے بعد ہی وطن واپس آؤں گا۔

    ایک سوال پر انہوں ںے تسلیم کیا کہ دبئی میں ان کی سابق صدر آصف زرداری سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے، جس میں رحمان ملک بھی موجود تھے۔

    متحدہ رہنما سلیم شہزاد کے سوال پر انہوں نے کہا کہ سلیم شہزاد سے مختصر رابطے میں تھا، سابق گورنر سندھ عشرت العباد سے مختصر رابطے میں تھا، گزشتہ دنوں ایک تقریب تھی جس میں سلیم شہزاد نے رابطہ کیا تھا۔

    سابق گورنر نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اور پی ایس پی ایک کمیونٹی کی بات ہے کمیونٹی میں ڈویژنز ہوں گے تو کسی کے لیے بھی اچھا نہیں ہوگا، کمیونٹی کو ایک ہونا چاہیے، تقسیم نہیں ہونا چاہیے،پاکستان نے سیاست میں بہت نشیب و فراز دیکھے ہیں،پاکستان کی سیاست میں کوئی بھی چیزخارج از امکان نہیں ہے۔

    بانی ایم کیو ایم کے متعلق انہوں نے کہا کہ عوام کا بانی ایم کیو ایم کے ساتھ جو تعلق رہا اس کی اہمیت دیکھنا چاہیے، الیکشن میں پتا چلے گا کہ عوام بانی ایم کیو ایم کو کتناچاہتے ہیں۔

    پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کا کوئی امکان نہیں،پی پی رہنماؤں سے اچھے تعلقات ہیں، ملاقات میں ملکی صورتحال پر سابق صدر آصف زرداری سے تفصیلی بات ہوئی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ پی آئی بی اور لندن میں پس پردہ کوئی تعلقات نہیں لگتے، اتفاق کرتا ہوں کہ پی ایس پی کے پیچھے کوئی ہے۔

  • سابق گورنر عشرت العبادکراچی سےدبئی روانہ

    سابق گورنر عشرت العبادکراچی سےدبئی روانہ

    کراچی :سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نجی ایئرلائن کی پراوزسے دبئی روانہ ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق ڈاکٹر عشرت العباد خان سرکاری پروٹوکول میں گورنر ہاوس سے ایئرپورٹ پہنچے جہاں انہوں نے صحافیوں سےبات کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے بہت پیار دیا ہے۔دعا ہے شہر میں امن اور لوگ خوشحال رہیں۔

    صوبہ سندھ میں گورنر پر کے عہدے پر14سال تک فائز رہنے والے ڈاکٹر عشرر العبادغیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے 605 کے ذریعے پاکستان سےدبئی روانہ ہوئے۔

    مزید پڑھیں:گورنر شپ کے 14 برس، عشرت العباد کا کتاب لکھنے کا اعلان

    خیال رہے کہ اس سے قبل سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ پڑھی۔ مزار قائد پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی کو ان سے کوئی گلہ ہے یا دل آزادی ہوئی ہے تو وہ معذرت چاہتے ہیں۔

    واضح رہے کہ 2 روز قبل صدر ممنون حسین نے جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی کو صوبے کا نیا گورنر نامزد کیا تھا۔نامزد گورنر آج حلف اُٹھائیں گے۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اُن سے حلف لیں گے۔

  • گورنر شپ کے 14 برس، عشرت العباد کا کتاب لکھنے کا اعلان

    گورنر شپ کے 14 برس، عشرت العباد کا کتاب لکھنے کا اعلان

    کراچی: ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ 14 سالہ گورنر کے دوران سخت تجربات کا سامنا کرنا پڑا اور اس حالات میں بہت اتار چڑھاؤ آئے، انہوں نے ان پر کتاب لکھنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں صحافیوں سے الوداعی ملاقات کے بعد نمائندہ اے آر وائی ارباب چانڈیو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد نے اپنے 14 سالہ تجربات پر کتاب لکھنے کا عندیہ دیا۔

    عشرت العباد نے کہا کہ گورنر شپ کے دوران بہت سارے نشیب وفراز آئے، ان تمام حالات پر ایک کتاب ’’وہ جو کچھ میں کہہ نہ سکا‘‘ کے نام سے لکھنے کا اعلان کیا۔ عشرت العباد نے نئے آنے والے گورنر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔


    ’’پڑھیں:  جسٹس(ر) سعید الزماں‌ صدیقی گورنر سندھ تعینات‘‘


    انہوں نے کہا کہ کافی عرصے سے اپنے اہل خانہ کو وقت نہیں دے سکا تھا تاہم اب زیادہ وقت بچوں کے ساتھ گزاروں گا, سیاسی زندگی کے دوبارہ آغاز کے حوالے سے گورنر سندھ نے کہا کہ فی الحال ارادہ نہیں ہے مگر وقت کے ساتھ ساتھ سب کچھ سامنے آجائے گا۔


    ’’مزید پڑھیں:  طویل ترین گورنر شپ کا خاتمہ‘‘


    مراد علی شاہ کی گورنر سے الوداعی ملاقات

    دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گورنر سندھ سے الوداعی ملاقات کی اور اُن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پیپلز پارٹی کے کردار کو سراہا اور خواہش ظاہر کی کہ سندھ مزید ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرنے کا سفر اسی طرح تیزی سے جاری رکھے گا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کم وقت میں بھی عشرت العباد کے تجربات سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، مختصر وقت میں بھی گورنر نے ہم سب کی بھرپور رہنمائی کی اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔

  • طویل ترین گورنر شپ کا خاتمہ؟

    طویل ترین گورنر شپ کا خاتمہ؟

    سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان پاکستان کی تاریخ کے وہ واحد گورنر ہیں جو طویل ترین عرصہ سے اس عہدے پر فائز ہیں۔

    تقریباً 14 سال گورنر سندھ کے عہدے پر فائز رہنے والے عشرت العباد ایشیا کے دوسرے اور دنیا بھر میں تیسرے طویل المدتی گورنر ہیں۔

    عشرت العباد خان 2 مارچ 1963 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز اپنے تعلیمی سفر کے ساتھ ساتھ ڈاؤ میڈیکل کالج سے کیا جہاں وہ متحدہ قومی موومنٹ کے اسٹوڈنٹس ونگ اے پی ایم ایس او کے اہم لیڈر کے طور پر ابھرے۔

    سنہ 1990 میں انہیں صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ اور ٹاؤن پلاننگ بنایا گیا۔ اس وقت انہیں ماحولیات اور صحت کی وزارت کا اضافی چارج بھی دیا گیا۔ سنہ 1993 میں وہ برطانیہ چلے گئے جہاں انہوں نے سیاسی پناہ کے لیے درخواست دی جو قبول ہوگئی۔ بعد ازاں انہیں برطانوی شہریت بھی حاصل ہوگئی۔

    جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نئے گورنر سندھ نامزد *

    سنہ 2002 میں انہیں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے گورنر سندھ نامزد کیا گیا جس کے بعد 27 دسمبر کو وہ گورنر منتخب ہوگئے۔ وہ پاکستان کی تاریخ کے کم عمر ترین گورنر تھے۔

    ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اپنے عہد گورنری کا عرصہ خاموشی سے گزارا اور اس دوران انہوں نے کسی قسم کے سیاسی معاملے میں مداخلت سے پرہیز کیا تاہم کچھ عرصہ قبل ایم کیو ایم کے منحرف رہنما اور پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے ان پر سنگین نوعیت کے الزامات لگائے جس کے بعد پہلی بار عشرت العباد ٹی وی چینلز پر ذاتی دفاع کرنے کے لیے پیش ہوئے۔

    انہوں نے مصطفیٰ کمال پر جوابی الزامات بھی لگائے تاہم انہوں نے حکومت پر توجہ دینے کے بجائے اس قسم کے سیاسی معاملات میں ملوث ہونے پر شرمندگی اور معذرت کا اظہار بھی کیا۔

    عشرت العباد فن و ادب کے دلدادہ تھے اور شہر میں ہونے والی ادبی و ثقافتی تقریبات میں بطور خاص شرکت کیا کرتے تھے۔ انہوں نے کئی مواقعوں پر گٹار بجانے اور اپنے گانا گانے کی صلاحیت کا مظاہرہ بھی کیا۔

    ڈاکٹر عشرت العباد خان کو گورنر سندھ کے عہدے سے ہٹانے اور ان کی جگہ ریٹائرڈ چیف جسٹس سعید الزماں صدیقی کو مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔