Tag: عطیہ

  • سعودی عرب: ننھی بچی کو جگر کا عطیہ کیسے ملا؟

    سعودی عرب: ننھی بچی کو جگر کا عطیہ کیسے ملا؟

    ریاض: سعودی عرب میں جگر کے عطیے کی ضرورت مند بچی کے لیے ایک انجان خاتون آگے آگئیں، خاتون نے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر انجانی بچی کو اپنے جگر کا ایک حصہ عطیہ کردیا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی خاتون اور سوشل میڈیا سٹار جوہرہ الحقیل نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک انجانی بچی جومانا الحربی کو اپنے جگر کا ایک حصہ عطیہ کیا ہے۔

    جوہرہ الحقیل کا کہنا تھا کہ میری ایک سہیلی نے بتایا تھا کہ ایک بچی کو جگر کے عطیے کی ضرورت ہے اور وہ تکلیف میں ہے، جگر کا ٹرانسپلانٹ ہی اس کی زندگی بچا سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں بچی کو بھی نہیں جانتی تھی اور نہ اس کے اہل خانہ سے کوئی شناسائی تھی مگر جب یہ علم ہوا کہ بچی کی زندگی بچ سکتی ہے تو اپنے جگر کا ایک حصہ عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

    ان کے مطابق انہیں اپنی آنکھوں کی سرجری کا مسئلہ درپیش تھا تاہم اپنی سرجری کو بھول کر انہوں نے بچی کی مدد کا فیصلہ کیا۔

    سعودی خاتون کا کہنا تھا کہ اللہ نے میرے دل میں ڈالا کہ معاشرے میں کارخیر کر کے اپنی ایک پہچان بناؤں، مجھے بچپن سے رضا کارانہ کاموں کا شوق رہا ہے، سعودی عرب میں غربت کے انسداد میں سرگرم ٹیم کا حصہ بننے کی بھی خواہش ہے۔

    خیال رہے کہ جوہرہ الحقیل سعودی سوشل میڈیا سٹار ہیں اور ضرورت مندوں کو اعضا عطیہ کرنے کی مہم بھی چلا رہی ہیں، انجانی بچی کو جگر عطیہ کیے جانے کو سوشل میڈیا صارفین بھی سراہ رہے ہیں۔

  • چین کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے ہیپاٹائٹس اے ویکسین کی 1 لاکھ خوراکوں کا عطیہ

    چین کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے ہیپاٹائٹس اے ویکسین کی 1 لاکھ خوراکوں کا عطیہ

    اسلام آباد: چین کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے ہیپاٹائٹس اے ویکسین کی 1 لاکھ خوراکیں عطیہ کی گئیں، وفاقی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان میں ابھی بھی ہزاروں افراد ریلیف کیمپس میں رہ رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد ہوا، تقریب میں چین کی جانب سے پاکستان کو ہیپاٹائٹس اے ویکسین کی 1 لاکھ خوراکیں عطیہ کی گئیں۔

    وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے سائنو ویک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر گاؤ چیانگ سے عطیہ وصول کیا۔

    اس موقع پر وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے، چین نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیلاب کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے، سندھ اور بلوچستان میں ابھی بھی ہزاروں افراد ریلیف کیمپس میں رہ رہے ہیں۔

    وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ 1 لاکھ ہیپاٹائٹس اے کی ویکسین کا عطیہ سیلاب متاثرین کے لیے بہترین تحفہ ہے۔

  • آذر بائیجان کی جانب سے 2 ملین ڈالر کا عطیہ، وزیر اعظم کا شکریہ

    آذر بائیجان کی جانب سے 2 ملین ڈالر کا عطیہ، وزیر اعظم کا شکریہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے آذر بائیجان کے صدر الہام حیدر سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران 2 ملین امریکی ڈالر کے عطیے پر شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے آذر بائیجان کے صدر الہام حیدر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، وزیر اعظم نے آذر بائیجان کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد پر شکریہ ادا کیا۔

    شہباز شریف نے آذر بائیجان کی جانب سے 2 ملین امریکی ڈالر کے عطیے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شدید ترین سیلاب کی زد میں ہے، جانوں کا ضیاع ہوا، ذریعہ معاش اور انفرا اسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور نقل مکانی شدید محدود رہی، دونوں ممالک بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آذر بائیجان جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کا ایک اہم رکن ہے، دونوں ممالک کے عوام گہرے تاریخی رشتوں سے جڑے ہیں۔

  • ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اسٹاف اور صحافی اپنا پلازمہ عطیہ کر رہے ہیں: اجمل وزیر

    ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اسٹاف اور صحافی اپنا پلازمہ عطیہ کر رہے ہیں: اجمل وزیر

    پشاور: خیبر پختونخواہ کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے 2 ڈاکٹرز اور ایک پیرا میڈیکس اسٹاف ممبر نے اپنا پلازمہ عطیہ کیا ہے جبکہ 4 صحافی بھی پلازمہ عطیہ کرنے آرہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں پلازمہ سےعلاج شروع ہو چکا ہے، سب سے پہلے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے 2 ڈاکٹرز نے پلازمہ عطیہ کیا۔

    اجمل وزیر کے مطابق پیرا میڈیکس اسٹاف ممبر نے بھی اپنا پلازمہ عطیہ کیا ہے، 4 صحافی بھی پلازمہ عطیہ کرنے آرہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پختونخواہ میں صحت کا نظام کرونا سے لڑ رہا ہے، کرونا سے لڑنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملہ ہمارے ہیروز ہیں، صحتیاب افراد کا پلازمہ عطیہ کرنے کا جذبہ لائق تحسین ہے۔

    مشیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہم سب کا فرض ہے، عید سادگی سے منائی اور طیارہ حادثے کے شہدا، کرونا سے لڑنے والے ڈاکٹرز، طبی عملے اور شہدا کے نام کی۔

    انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ ہوا تو لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے پر سوچنا پڑے گا، ایک قوم بن کر ہم سب نے مل کر اس کرونا وائرس کو شکست دینی ہے۔

    مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں سیلاب اور زلزلے جیسی آفات کا ہم نے مل کر مقابلہ کیا، احتیاط نہ کرنے سے صورتحال گھمبیر ہونے کا خدشہ ہے۔

  • این ڈی ایم اے کا پی آئی اے کو ایک لاکھ ڈالر کی حفاظتی کٹس کا عطیہ

    این ڈی ایم اے کا پی آئی اے کو ایک لاکھ ڈالر کی حفاظتی کٹس کا عطیہ

    اسلام آباد: نیشل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پی آئی اے کو ایک لاکھ ڈالرکی حفاظتی کٹس عطیہ کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے پی آئی کو فراہم کردہ 1 لاکھ کٹس میں حفاظتی لباس، ماسک، عینکیں شامل ہیں۔عطیہ کی گئی حفاظتی کٹس کا استعمال پی آئی اے کا عملہ دوران پرواز کرے گا۔

    سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے 1 لاکھ کٹس دینے پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا شکریہ ادا کیا۔

    ارشد ملک کا کہنا تھا کہ قومی ادارے مکمل یکجہتی سے ملکی خدمت میں مصروف ہیں،عطیہ کردہ سامان سے پی آئی اے عملے،مسافروں کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔

    پی آئی اے نے پائلٹس کے لیے چین سے حفاظتی کٹس منگوالیں

    اس سے قبل گزشتہ ماہ 7 اپریل کو قومی ایئر لائن نے پائلٹس اور کیبن کریو کے لیے چین سے حفاظتی کٹس درآمد کی تھیں۔ ذرائع ایئر لائن کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سے شمالی علاقوں کی پروازوں میں یہ حفاظتی کٹس استعمال کی جائیں گی۔

  • کرونا وائرس سے صحتیابی: ٹام ہینکس اور اہلیہ اپنا خون عطیہ کریں گے

    کرونا وائرس سے صحتیابی: ٹام ہینکس اور اہلیہ اپنا خون عطیہ کریں گے

    معروف امریکی اداکار ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ ریٹا ولسن کرونا وائرس سے صحتیاب ہوجانے کے بعد اب اس مرض کی تحقیق کے لیے اپنا خون عطیہ کرنے جارہے ہیں۔

    ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ کرونا وائرس کا شکار ہونے والی اولین ہائی پروفائل شخصیات تھے جس نے دنیا بھر میں ان کے مداحوں نے تشویش میں مبتلا کردیا تھا۔

    جوڑا اس وقت آسٹریلیا میں تھا جب ان میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی، ان دونوں کا وہیں علاج ہوا اور مکمل صحتیابی کے بعد انہیں لاس اینجلس میں ان کے گھر لوٹنے کی اجازت دی گئی۔

    صحت یابی کے بعد ایک انٹرویو میں ٹام نے بتایا کہ ان دونوں نے واپسی کے بعد ماہرین سے رابطہ کیا اور کہا کہ وہ اپنا پلازمہ (خون) عطیہ کرنا چاہتے ہیں، ماہرین کی رہنمائی کے بعد وہ ایک میڈیکل اسٹڈی کے لیے رجسٹر ہوگئے۔

    ان کے مطابق اس مطالعے میں شامل افراد کے خون کا تجزیہ کر کے اس میں اینٹی باڈیز کو جانچنا تھا جس سے اندازہ ہوسکے کہ آیا وہ کرونا وائرس کے خلاف ویکسین کی تیاری میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں یا نہیں۔

    ٹام نے بتایا کہ اب انہیں اطلاع ملی ہے کہ ان کے خون میں اینٹی باڈیز موجود ہیں جس کے بعد اب وہ اپنا خون عطیہ کریں گے۔ انہوں نے ازراہ مذاق اس متوقع ویکسین کو ہینک ۔ سین کا نام بھی دیا۔

    اپنے انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ بیماری کے دوران ان کی اہلیہ کی طبیعت کہیں زیادہ خراب تھی اور انہیں شدید بخار تھا، تاہم اب وہ اپنی اور اہلیہ کی صحتیابی پر خوش ہیں۔

    خیال رہے کہ امریکا اس وقت کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ملک بن گیا ہے جہاں مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 19 ہزار 175 ہوچکی ہے جبکہ ہلاکتیں 45 ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں۔

  • برطانوی شہزادے کی 99 سالہ ہیرو کے لیے خفیہ امداد

    برطانوی شہزادے کی 99 سالہ ہیرو کے لیے خفیہ امداد

    لندن: برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے لیے لاکھوں پاؤنڈز کی خطیر رقم جمع کرنے والے سابق فوجی کیپٹن ٹام مور کو اس وقت ہیرو مانا جارہا ہے، کیپٹن کو برطانوی شہزادے ولیم نے بھی خفیہ طور پر رقم روانہ کی تھی۔

    برطانیہ کے شاہی محل نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ شہزادہ ولیم نے کیپٹن ٹام مور کو ایک خطیر رقم عطیہ کی ہے جسے اب تک ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔

    شہزادہ ولیم نے اپنے گھر سے ریکارڈڈ ایک ویڈیو میں کیپٹن کی تعریف اور شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ 99 سالہ کیپٹن کے جذبے سے تمام لوگ بہت متاثر ہوئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کیپٹن عطیات جمع کرنے والی مشین بن گئے ہیں اور خدا ہی جانتا ہے کہ ان کی عطیہ کی گئی رقم کتنی ہوگی۔ شہزادے کی کزن شہزادی یوجنی نے بھی ٹویٹر پر کیپٹن کی تعریف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

    دوسری جانب این ایچ ایس کا اسٹاف بھی کیپٹن کا بے حد مشکور ہے۔

    ادھر برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ کیپٹن مور کی خدمات کا کیسے اعتراف کیا جائے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ فوج میں اپنی خدمات سے لے کر، ریٹائرمنٹ کے بعد این ایچ ایس اسٹاف کی مدد کرنے تک، ٹام کی خدمات ناقابل فراموش اور قابل تقلید ہیں۔

    خیال رہے کہ دوسری جنگ عظیم میں برطانوی فوج کی جانب سے لڑنے والے ٹام مور نے این ایچ ایس کے لیے 90 لاکھ پاؤنڈز سے زائد کی رقم جمع کرلی۔

    کیپٹن ٹام نے اپنے گارڈن میں واک کرتے ہوئے شہریوں سے فنڈز کی اپیل کی جس پر عوام کا بھرپور رد عمل آیا اور دیکھتے ہی دیکھتے 90 لاکھ پاؤنڈز سے زائد کی رقم اکٹھا ہوگئی۔

    کیپٹن ٹام نے اپنے گھر کے گارڈن کے 100 چکر پورے کر کے 1 ہزار پاؤنڈز جمع کرنے کا ہدف بنایا تھا لیکن عوام نے پیسوں کے ڈھیر لگا دیے، ٹام 30 اپریل کو 100 برس کے ہوجائیں گے، ان کی ہمت اور جذبے کے باعث برطانوی عوام نے انہیں ہیرو قرار دیا ہے۔

  • عالمی ادارہ صحت سعودی عرب کا شکر گزار

    عالمی ادارہ صحت سعودی عرب کا شکر گزار

    جنیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈ روس نے 50 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم کے عطیے پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈ روس نے کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم دینے پر جی 20 کے قائد ملک سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل ٹیڈ روس نے امید ظاہر کی ہے کہ جی 20 کے دیگر رکن ممالک بھی شاہ سلمان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے نئے کرونا وائرس پر قابو پانے کی عالمی مہم میں حصہ لیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ 500 ملین ڈالر کے عطیے پر شاہ سلمان اور سعودی عوام کے بے حد ممنون ہیں، اس رقم سے کرونا کی وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں عالمی مشن کو تقویت پہنچے گی۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے سعودی عرب نے جی 20 کی قیادت کرتے ہوئے عالمی اداروں کے لیے 500 ملین ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

    شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے یہ امداد عالمی ادارہ صحت کی اپیل پر دی گئی ہے۔

    سعودی عرب کی جانب سے دی جانی والی 50 کروڑ ڈالر کی اس امداد میں 15 کروڑ ڈالر کرونا وائرس کی مناسب روک تھام کے لیے جدید آلات کی تیاری جبکہ 15 کروڑ ڈالر اس بیماری کے سدباب کے لیے ویکسین کی تیاری میں مدد کے لیے مختص ہیں۔

  • کرونا وائرس: شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل نے خطیر رقم عطیہ کردی

    کرونا وائرس: شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل نے خطیر رقم عطیہ کردی

    لندن: برطانوی شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل نے اپنی شادی سے حاصل ہونے والی 90 ہزار پاؤنڈز کی خطیر رقم کرونا وائرس کے خلاف اقدامات کے لیے عطیہ کردی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جوڑے نے یہ رقم ایک فلاحی ادارے فیڈنگ بریٹین کو دی ہے جو اس بحران کے دنوں میں لوگوں کو کھانا فراہم کر رہا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ پہلے ہی طے تھا کہ جوڑے کی شادی پر نشریاتی اداروں کی جانب سے جو منافع حاصل ہوگا وہ جوڑا اپنی مرضی سے کسی بھی ادارے کو عطیہ کرسکے گا۔

    یہ رقم دراصل شادی کو نشر کرنے کے حقوق کی فروخت سے حاصل ہوئی ہے جس کا بڑا حصہ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے حاصل ہوا ہے۔

    دوسری جانب جوڑے نے اس رقم کو عطیہ کرنے کے لیے جس ادارے کا انتخاب کیا ہے وہ کسی اور کا نہیں بلکہ کنٹربری چرچ کے اس بشپ کا ہے جنہوں نے جوڑے کی شادی کی رسومات ادا کیں۔

    ہیری اور میگھن نے چند ماہ قبل مذکورہ ادارے کی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا تھا، جبکہ رقم عطیہ کرنے سے پہلے انہوں نے بشپ سے فون پر گفتگو بھی کی جنہوں نے کرونا وائرس کے بحران کے دوران ادارے کی امدادی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

    بشپ نے خطیر رقم عطیہ کرنے پر جوڑے کا شکریہ ادا کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس رقم سے ان کی امدادی سرگرمیوں میں مزید وسعت پیدا ہوگی۔

    بشپ کا ادارہ اس سے قبل متوسط طبقے کے اسکولوں میں بچوں کو ناشتہ اور ظہرانہ فراہم کر رہا تھا تاہم اب کرونا وائرس کے بحران میں ادارے نے خاندانوں کو کھانا دینا شروع کردیا ہے۔

  • لاک ڈاؤن کے دوران خواتین پر تشدد میں اضافہ، معروف گلوکارہ نے خطیر رقم عطیہ کردی

    لاک ڈاؤن کے دوران خواتین پر تشدد میں اضافہ، معروف گلوکارہ نے خطیر رقم عطیہ کردی

    معروف گلوکارہ ریانہ نے کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کے دوران گھریلو تشدد کا شکار خواتین کی مدد کے لیے خطیر رقم عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکارہ ریانہ اور ٹویٹر کے چیف ایگزیکٹو جیک ڈورسی نے امریکی شہر لاس اینجلس میں گھریلو تشدد کا شکار خواتین کے لیے مشترکہ طور پر 4.2 ملین (42 لاکھ) ڈالرز کی رقم عطیہ کی ہے۔

    یہ رقم شہر کے میئر کے فنڈ میں دی جائے گی جو گھریلو تشدد کا شکار خواتین کی فلاح کے لیے قائم کیا گیا ہے، ریانہ کی عطیہ کردہ رقم اگلے 10 ہفتوں تک ان خواتین کے لیے رہائش، کھانا اور کونسلنگ کی مد میں خرچ کی جائے گی۔

    لاس اینجلس حکام کا کہنا ہے کہ تشدد کا شکار خواتین کے لیے جو شیلٹرز بنائے گئے تھے وہ اس لاک ڈاؤن کے دوران پہلے ہی بھر چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے مردوں نے گھروں پر رہنا شروع کیا تو گھریلو تشدد میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا، اقوام متحدہ کے مطابق خواتین اپنے پرتشدد شوہر یا پارٹنرز کے ساتھ گھروں میں قید ہوگئی ہیں اور ان کے لیے کوئی جائے فرار نہیں ہے۔

    صرف برطانیہ میں گھریلو تشدد کے سبب ہاٹ لائن پر مدد مانگنے والوں کی تعداد میں 120 فیصد اضافہ ہوا، امریکا میں یہ شرح 20 فیصد زیادہ رہی۔

    ایک محتاط اندازے کے مطابق عام حالات میں امریکا میں ہر منٹ 20 افراد (عموماً خواتین) گھریلو تشدد کا نشانہ بنتے ہیں جبکہ سالانہ یہ تعداد 1 کروڑ تک جا پہنچتی ہے۔

    کرونا وائرس کی وبا کے دوران گھریلو تشدد میں اضافے کو دیکھتے ہوئے کئی ممالک نے اس حوالے سے اقدامات کیے ہیں، ارجنٹینا میں فارمیسیز کو خواتین کے لیے ’محفوظ جگہ‘ قرار دیتے ہوئے وہاں گھریلو تشدد کی شکایات رپورٹ کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    فرانس کے ہوٹلز میں ان خواتین کے لیے ہزاروں کمرے مختص کیے گئے ہیں جو پرتشدد مردوں کی وجہ سے گھر جانے سے خوفزدہ ہیں۔ اسپین میں بھی ان خواتین کو لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے جو گھریلو تشدد کا شکار ہیں۔

    کینیڈا اور آسٹریلیا میں کووڈ 19 کے بحالی فنڈ میں تشدد کا شکار خواتین کے لیے بھی بڑا حصہ مختص کیا گیا ہے۔

    اقوام متحدہ نے دنیا سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کو مدنظر رکھتے ہوئے کرونا وائرس کے ساتھ ساتھ گھریلو تشدد کے خلاف بھی اقدامات کریں۔