Tag: عظیم لیڈر

  • روشن فکر اور اجلے کردار والا وہ سیاہ فام آج کے دن ہم سے بچھڑ گیا تھا!

    روشن فکر اور اجلے کردار والا وہ سیاہ فام آج کے دن ہم سے بچھڑ گیا تھا!

    وہ روشن اور اجلے کردار کا مالک تھا۔ مساوات اور امن کا داعی تھا۔ دنیا کو تعصب اور نفرت سے پاک کرنے کی کوشش کی اور اس کے لیے ہر محاذ پر ڈٹ گیا۔

    اس مقصد کے لیے اس نے صعوبتیں جھیلیں، جوانی کو اسیری کی نذر کر دیا، اس امید کے ساتھ کہ دن نکلے گا اور نسل پرستی، غلامی کے بازوئے بے رحم سے قوم آزاد ہو گی۔ تنگ و تاریک کوٹھڑی میں اس نے اپنے افکار کی شمع جلائے رکھی اور وہ وقت بھی آیا جس کے لیے جدوجہد اور انتظار میں اس نے اپنی عمر گزار دی تھی۔

    یہ نیلسن منڈیلا کا تذکرہ ہے جو جنوبی افریقا کے پہلے جمہوری اور سیاہ فام صدر تھے۔ 1994 سے 1999 تک اس عہدے پر فائز رہنے والا یہ عظیم راہ نما اور مدبر پانچ دسمبر کو ہمیشہ کے لیے اس دنیا سے رخصت ہو گیا تھا۔

    نیلسن منڈیلا کے لیے اقتدار اور اختیار حاصل کرنے کے باوجود اپنے خواب کی تکمیل آسان تو ثابت نہیں ہوئی۔ تاہم وہ حکومت میں رہ کر جنوبی افریقا کو نسل پرستی سے آزاد کروانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہے۔ اس سے قبل نسلی امتیاز کے خلاف مہمات کے دوران کئی بار گرفتار ہوئے۔ ریاست کا تختہ الٹنے کی سازش میں 27 سال قیدِ تنہائی کاٹی اور 1990 میں انھیں رہائی نصیب ہوئی۔

    طویل جدوجہد اور سختیاں برداشت کرنے کے بعد انھیں زبردست عوامی حمایت کے ساتھ اقتدار ملا تھا۔ نیلسن منڈیلا صرف جنوبی افریقا کے عوام کے مقبول ترین لیڈر نہیں تھے بلکہ انھیں دنیا بھر میں باضمیر اور کلمۂ حق بلند کرنے والوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ دنیا نے نیلسن منڈیا کی نسلی امتیاز کے خاتمے کی کوششوں، امن اور مساوات کے لیے جدوجہد کو تسلیم کیا اور نوبیل انعام ان کے نام کیا۔

    نیلسن منڈیلا کا سنِ پیدائش 1918 ہے۔ وہ جنوبی افریقا کے ایک دیہی علاقے سے تعلق رکھتے تھے۔ افریقا میں قبائل اور برادری نظام خاصا مستحکم ہے۔ نیلسن منڈیلا مديبا قبیلے کے فرد تھے۔ وہ دس سال کے تھے جب ان کے والد کی وفات ہوئی اور وہ قبیلے کے سربراہ کی نگرانی میں پلے بڑھے۔

    خوش مزاج اور نرم خُو نیلسن منڈیلا کے کردار کی خوش بُو، ان کے افکار کی روشنی آج بھی دنیا کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔ ان کی شخصیت کا سحر شاید کبھی نہ ٹوٹ سکے۔

    نیلسن منڈیلا کی زندگی کی کہانی، انسانوں کے لیے عظیم جدوجہد کی داستان یقیناً کئی نسلوں کے لیے راہ نما ثابت ہو گی اور دنیا کی نئی قیادت کے لیے درست سمت کا تعین کرے گی۔

  • عمران خان دنیا کے عظیم لیڈر ثابت ہوئے، پاکستان کا معیار بلند ہوا ہے، حلیم عاد ل شیخ

    عمران خان دنیا کے عظیم لیڈر ثابت ہوئے، پاکستان کا معیار بلند ہوا ہے، حلیم عاد ل شیخ

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد پاکستان کا معیار بلند ہوا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کے مختلف اضلاع سے آنے والے رہنماﺅں اور کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان دنیا کے عظیم لیڈر ثابت ہوئے ہیں۔

    مہنگائی کا رونا رونے والے مخالفین عوام کو یہ بھی بتائیں کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی حکومت کے پہلے سال میں کتنی مہنگائی ہوئی تھی جبکہ پی ٹی آئی کے حکومت میں پچھلے ادوار سے کم مہنگائی ہوئی ہے۔

    حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ عوام کو گمراہ کرنے کے لئے مخالفین اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں، پیپلزپارٹی اور نواز لیگ ملک و قوم کے مفاد میں نہیں تھے ملک کا سارا پیسہ لوٹ کر اپنے بچوں کو باہر ملک بھیج دیا۔ ا ب جب احتساب ہورہا ہے تو ان کو عوام کی فکر کھائے جارہی ہے۔ عوام کے مفاد میں ہوتی تو آج قوم کا ہر فرد مقروض نہ ہوتا۔

    سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے لیڈران اپنے اعمال کی وجہ سے دنیا میں رسوا ہورہے ہیں، سندھ سے پیپلزپارٹی کا خاتمہ ہوچکا ہے۔

    پیپلزپارٹی سندھ کی تباہی کی ذمہ دار ہے۔ سندھ کی عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ نہیں ہے، دولت کی طاقت پر کھڑے مینار زیادہ دن نہیں چل سکتے۔