Tag: علاج

  • جاپان، کرونا کا ممکنہ علاج، مریضوں پر آزمائش کی تیاری

    جاپان، کرونا کا ممکنہ علاج، مریضوں پر آزمائش کی تیاری

    ٹوکیو: جاپان میں ادویات بنانے والی کمپنی نے کروناوائرس کا علاج دریافت کرلیا جسے جلد ہی انسانوں پر آزمایا جائے گا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ’’ایویجن‘‘ نامی دوا کو انسانوں پر آزمانے سے متعلق تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئیں، جلد جاپان میں کروناوائرس کے مریضوں پر استعمال کی جائے گی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نزلے سے لڑنے والی یہ دوا کروناوائرس کے مریضوں کا علاج کرے گی، ایونجر کی تیاری میں شامل کیے جانے والے طبی اجزاء کروناوائرس سے بھرپور مقابلے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    اینٹی کرونا ویکسین کی تیاری جاری، جون تک متعارف کرادی جائے گی

    ’’ مذکورہ دوا کو ٹیسٹ کے مراحل سے گزارنے کے بعد ثابت ہوا کہ ایویجن ایبولا وائرس کا بھی علاج کرسکتی ہے، دوا انسانی خلیوں میں شمار ہوکر وائرس کی افزائش اور پھیلاؤ کو روکتی ہے‘‘

    کمپنی کے مطابق ایویجن کو کروناوائرس کے خلاف استعمال کرنے کے لیے دو مراحل سے کامیابی سے گزارا گیا تاہم اب تیسرے مرحلے میں کروناوائرس کے مریضوں پر آزمایا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں دوا کے ’’کلینیکل ٹیسٹ‘‘ کیے گئے جس سے ثابت ہوا کہ ایونجر انسانی جسم کے لیے مضر نہیں ہے۔

    اسی طرح دوسرے مرحلے میں بھی طبی ٹیسٹ کیے گئے جو کامیاب رہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ کروناوائرس کے مریضوں پر کامیاب ٹیسٹ کے بعد پوری دنیا میں دوا فروخت کی جائے گی۔ ماہرین نے خیال ظاہر کیا ہے کہ مذکورہ دوا دنیا میں کروناوائرس کی پہلی دوا ثابت ہوسکتی ہے۔

  • صرف 20 منٹ میں کرونا وائرس کا علاج حتمی مراحل میں: امریکی ڈاکٹر کا دعویٰ کتنا سچ؟

    صرف 20 منٹ میں کرونا وائرس کا علاج حتمی مراحل میں: امریکی ڈاکٹر کا دعویٰ کتنا سچ؟

    واشنگٹن: ایک امریکی ڈاکٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کی دوا بنانے میں اگلے 3 سے 4 ہفتوں میں کامیاب ہوجائیں گے، ان کی بنائی گئی دوا صرف 20 منٹ میں اس موذی وائرس کا مقابلہ کر کے اسے ختم کرسکتی ہے۔

    امریکا کے ڈاکٹر جیکب گلینول کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی کی لیبارٹری کرونا وائرس کی دوا بنانے میں تقریباً کامیاب ہوچکی ہے اور یہ دوا اگلے 3 سے 4 ہفتوں میں دستیاب ہوگی۔

    ڈاکٹر گلینول کا کہنا ہے کہ ان کی بنائی دوا جسم میں موجود اینٹی باڈیز کو اس قابل بنا دے گی کہ وہ کرونا کے وائرس سے مطابقت کرلیں گے جس کے بعد کرونا وائرس انسانی جسم کے لیے بے ضرر بن جائے گا۔

    یہی نہیں ان کا دعویٰ ہے کہ ان کی یہ دوا صرف 20 منٹ میں اپنا اثر دکھا سکے گی۔

    ڈاکٹر گلینول کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ دوا امریکا کے آرمی میڈیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف انفیکشیئس ڈیزیز کو بھیجی جارہی ہے جو اسے کرونا وائرس کا شکار امریکی فوجیوں پر ٹیسٹ کرے گا۔

    علاوہ ازیں اسے امریکا کی چارلس ریور لیبارٹریز کو بھی بھیجا جارہا ہے جہاں اسے مختلف مریضوں پر ٹیسٹ کروایا جائے گا۔ دونوں جگہ سے آنے والے نتائج کو دیکھا جائے گا اور ان کی بنیاد پر تعین کیا جائے گا کہ دوا کس حد تک مؤثر ہے۔

    ڈاکٹر گلینول کا کہنا ہے کہ اب تک کرونا وائرس کے خلاف جتنی بھی دواؤں پر کام کیا جارہا ہے وہ سب سال کے آخر تک دستیاب ہوسکیں گی، لیکن اس وائرس کی ہلاکت خیزی اس بات کی متقاضی ہے کہ جلد سے جلد اس کا توڑ تیار کیا جائے۔

  • نوازشریف آج کا دن پارک لین فلیٹس میں ہی گزاریں گے، فیملی ذرائع

    نوازشریف آج کا دن پارک لین فلیٹس میں ہی گزاریں گے، فیملی ذرائع

    لندن: مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نوازشریف آج پارک لین فلیٹس میں ہی گزاریں گے۔ نوازشریف کی آج ڈاکٹرز کے ساتھ کوئی اپائنٹمنٹ نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نوازشریف آج پارک لین فلیٹس میں ہی گزاریں گے۔ مسلم لیگ ن کے قائد کی آج ڈاکٹرز کے ساتھ کوئی اپائنٹمنٹ نہیں ہے۔

    فیملی ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم لندن برج پر چاقو بردار شخص کے حملے کے بعد پولیس کی جانب سے علاقہ بند کرنے کے باعث میڈیکل ٹیسٹ کے لیے لندن برج اسپتال نہیں پہنچ سکے۔

    مسلم لیگ ن کے قائد جس اسپتال میں اپنے چیک اپ کے لیے جا رہے ہیں وہ جائے حادثہ سے آدھے میل کے فاصلے پر واقع ہے تاہم وہ راستے سے ہی پارک لین میں واقع ایون فیلڈ اپارٹمنٹ واپس آگئے۔ فیملی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کے روز میاں نوازشریف کی دوبارہ اپائنٹمنٹ لی جائے گی۔

    ’نوازشریف امریکا جانے کیلئے رضامند نہیں ہو رہے‘

    نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز نے دو روز قبل لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ نوازشریف کا علاج جاری ہے اور طبیعت نہ سنبھلنے پر ابھی تک پی ای ٹی اسکین شروع نہیں ہوسکا۔

    یاد رہے کہ نوازشریف حکومت کی جانب سے نوازشریف 19 نومبر کو شہبازشریف اور ڈاکٹر عدنان کے ہمراہ قطر ایئرویز کی ایئرایمبولینس کے ذریعے لندن پہنچے تھے۔ نوازشریف کو لندن پہنچنے کے اگلے روز اسپتال لے جایا گیا جہاں علاج سے پہلے ان کے متعدد ٹیسٹ کیے گئے۔

  • چالیس روز میں‌ مٹاپے سے نجات کا انوکھا مگر آزمودہ طریقہ کیا ہے؟

    چالیس روز میں‌ مٹاپے سے نجات کا انوکھا مگر آزمودہ طریقہ کیا ہے؟

    ہم نے صدیوں پرانے کئی واقعات اور ایسی حکایات پڑھی ہوں گی جن میں ہمارے لیے کوئی نہ کوئی سبق پوشیدہ تھا۔ یہ بھی ایک ایسا ہی قصہ ہے۔

    زمانۂ قدیم میں علاج معالجے کی غرض سے جہاں اطبا جڑی بوٹیاں اور مختلف اجناس سے مدد لیتے تھے وہیں ایسے طریقے بھی اپناتے تھے جس سے ان کے ذہین، دانا اور باشعور ہونے کا ثبوت ملتا ہے۔ یہ قصہ ایک کتاب اطبا کے حیرت انگیز کارنامے میں حکیم عبدالناصر فاروقی نے نقل کیا ہے۔ آپ بھی پڑھیے۔

    خلیفہ ہارون الرشید کا ایک عزیز عیسیٰ بن جعفر بن منصور بے حد لحیم شحیم تھا۔ اس کی وجہ سے اس کا جسم بے ڈول اور بدنما معلوم ہوتا تھا۔ اس کی یہ فربہی خطرناک صورت اختیار کر گئی تھی۔ ہارون الرشید سے اپنے عزیز کی یہ حالت نہیں دیکھی جاتی تھی۔ بہت سے طبیب اس کا علاج کرچکے تھے۔

    چنانچہ عیسیٰ ابن قریش کو بھی علاج کے لیے بلایا گیا۔ اس نے اچھی طرح معائنہ کرنے کے بعد کہاکہ مریض کا معدہ بہت قوی ہے، یہ بے فکری سے کھاتا پیتا اور ہمیشہ خوش و خرم رہتا ہے، اس لیے اس کے جسم پر چربی چڑھتی جارہی ہے۔ عیسیٰ نے ہارون الرشید سے کہا کہ میں اس کا علاج کرسکتا ہوں، بشرطے کہ آپ میری جان کی حفاظت کی ذمے داری لیں۔ خلیفہ نے اسے اطمینان دلایا اور کہاکہ تم بے خوف ہو کر علاج کرو۔

    عیسیٰ ابن قریش مریض کے پاس گیا اور نبض وغیرہ دیکھ کر کہنے لگا کہ ابھی میں آپ کی صحت کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ دو چار روز غور کرنے کے بعد کوئی رائے قائم کروں گا۔ یہ کہہ کر وہ وہاں سے چلا آیا اور دو دن کے بعد نہایت مغموم و متفکر انداز میں عیسیٰ بن جعفر کے پاس گیا اور کہنے لگا کہ مجھے بہت افسوس ہے، شہزادے! زیادہ سے زیادہ آپ کی زندگی کے صرف چالیس دن اور باقی رہ گئے ہیں، اس لیے اب علاج سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ آپ کی کوئی آخری خواہش ہو تو پوری کر لیجیے اور کوئی وصیت کرنی ہو تو اس کا اظہار بھی فرما دیجیے۔

    طبیب کی زبان سے یہ مایوسانہ گفت گو سن کر عیسیٰ بن جعفر بہت دل شکستہ ہوا۔ اسے اپنی نظروں کے سامنے موت دکھائی دینے لگی اور اس فکر میں کہ چند دن بعد میں مرجاؤں گا، اپنی جان گھلانے لگا اور بے فکری و آرام طلبی چھوڑ کر مستقل اداس رہنے لگا۔ اس غم میں بدن کی چربی گھلنے لگی اور وہ روز بہ روز دبلا ہوتا گیا۔

    چالیس دن پورے ہوگئے تو عیسیٰ ابن قریش خلیفہ کے پاس گیا اور اس سے کہنے لگا کہ آپ کا عزیز اب بالکل ٹھیک ہوگیا ہے۔ خلیفہ نے عیسیٰ بن جعفر کو دیکھا تو یہ دیکھ کر دنگ رہ گیا کہ مریض کا جسم اب پہلے سے آدھا رہ گیا ہے۔ خلیفہ بہت خوش ہوئے اور اس نے خاصی رقم بہ طور انعام طبیب کو دی۔ اس طرح عیسیٰ بن جعفر نے موٹاپے جیسے مہلک اور اذیت ناک مرض سے نجات پائی۔

    (نوٹ: اس قصّے کے ماخذ یا اس کے راوی کا کچھ علم نہیں جب کہ یہ قصّہ بہ اندازِ دگر اور مختلف دوسرے کرداروں کے ساتھ بھی پڑھنے کو ملتا ہے)

  • نواز شریف پرعوام کا اربوں، کھربوں روپیہ واجب الادا ہے، فیاض الحسن چوہان

    نواز شریف پرعوام کا اربوں، کھربوں روپیہ واجب الادا ہے، فیاض الحسن چوہان

    لاہور: صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ دعا ہے نواز شریف جلد لندن سے صحت یاب ہو کر لوٹیں، نواز شریف پرعوام کا اربوں، کھربوں روپیہ واجب الادا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ عوام پر فاقے، ناکے، ڈاکے، دھماکے ہی مسلط کیے گئے، نواز شریف پرعوام کا اربوں، کھربوں روپیہ واجب الادا ہے۔

    فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ دعا ہے نواز شریف جلد لندن سے صحتیاب ہو کر لوٹیں۔ انہوں نے درخواست کی کہ نواز شریف کو نان خطائیوں اور قیمے کے نان سے دور رکھیں۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو نے طنز کیا کہ عمران خان 70 سال کے نوجوان ہیں، عمران خان پاکستان کے ہیرو اور بلاول حادثاتی چیئرمین ہیں، بلاول بھٹو گریبان میں جھانکیں، رومن اردو کے سہارے چل رہے ہیں۔

    نواز شریف علاج کے لئے لندن روانہ

    واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف قطر ایئرویز کی ایئر ایمبولینس میں سوار ہو کر لاہور ایئرپورٹ کے حج ٹرمینل سے شہبازشریف اور ڈاکٹر عدنان کے ہمراہ لندن روانہ ہوگئے۔ ایئرایمبولینس لندن کے وقت کے مطابق ساڑھے 6 بجے ہیتھرو ایئرپورٹ پہنچے گی۔

    لندن روانگی سے قبل ایئرایمبولینس کے ڈاکٹرز نے نوازشریف کے تمام ضروری طبی ٹیسٹس کیے جس کے بعد پرواز کو اڑان بھرنے کی اجازت دی گئی۔

  • آفتاب صدیقی کا سگ گزیدگی کے شکار بچے کی مدد کا اعلان

    آفتاب صدیقی کا سگ گزیدگی کے شکار بچے کی مدد کا اعلان

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے آفتاب صدیقی نے سگ گزیدگی کا شکار بچے حسنین بگھیو کے علاج معالجے کا خرچہ اٹھانے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھٹو کے شہر لاڑکانہ میں کتوں کے کاٹنے سے زخمی ہونے والا بچہ حسنین بگھیو کراچی میں این آئی سی ایچ اسپتال میں زیرعلاج ہے جہاں اس کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔

    ایم این اے آفتاب صدیقی نے متاثرہ بجے کے علاج معالجے کا بیڑا اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ بچے کی ہرممکن مدد کریں گے۔ ان کا سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لاڑکانہ میں لوگ بھوک بیماریوں کے بعد کتے کے کاٹے سے مرنے لگے ہیں۔

    خیال رہے کہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں بچے کو کتے کے کاٹنے کا واقعہ پیش آیا جہاں 6 سے 7 کتوں نے کمسن بچے حسنین بگھیو پر حملہ کیا اور اس کا منہ کھا گئے، دربدر کی ٹھوکروں کے بعد متاثرہ بچے کو این آئی سی ایچ اسپتال کی ایمرجنسی سے آئی سی یو منتقل کردیا گیا۔

    سب سے پہلے اے آر وائی نیوز نے حسنین کو کتے کے کاٹے سے متاثر ہونے کی خبرنشر کی تھی۔

    دوسری جانب پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر کا جناح اسپتال میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی جیسے شہر میں بھی کتے کے کاٹنے کی ویکسین موجود نہیں ہے۔

    کتے کے کاٹے کا لرزہ خیز واقعہ، سندھ کی سیاست میں ہل چل

    راجہ اظہر نے کہا کہ بچے کے اہل خانہ اسپتالوں میں دربدر پھرتے رہے، حکومت سندھ بچے کو فوری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے، جناح اسپتال انتظامیہ بچے کو بچانے کے لیے ہرممکن اقدام کرے۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق حسنین ایمرجنسی میں ہے، طبی امداد دی جارہی ہے، بچے کے چہرے کا ایک حصہ بری طرح متاثر ہوا ہے، بچے کے ٹیسٹ کرلیے، رپورٹس آنے میں کچھ وقت لگے گا، ابتدائی طور پر بچے کو نیورو کے مسائل لگتے ہیں، بچے کے علاج کے لیےحکمت عملی بنارہے ہیں۔

  • دوا کھانے کا صحیح وقت کون سا ہے؟

    دوا کھانے کا صحیح وقت کون سا ہے؟

    ماہرین صحت کا ماننا ہے کہ جس طرح ایک درست دوائی، درست استعمال سے کسی مرض کو ختم کرسکتی ہے یا اس کے علاج میں معاون ثابت ہوسکتی ہے، اسی طرح اس دوا کو کھانے کا وقت بھی اہمیت رکھتا ہے۔

    بعض دوائیں ہم نادانستگی میں غلط وقت پر لیتے ہیں جو اس طرح اثر نہیں کر پاتیں جس طرح سے انہیں کرنا چاہیئے، نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ہم دواؤں پر اپنا پیسہ ضائع کرتے جاتے ہیں، اور مرض جوں کا توں برقرار رہتا ہے۔

    تحقیق کے مطابق دوا کھانے کا صحیح وقت دوا کی تاثیر پر اثر انداز ہوتا ہے جبکہ صحیح وقت دوا کی کارکردگی کو بھی بہترین بنا دیتا ہے۔

    آئیں آج ہم کچھ عام دواؤں کے بارے میں آپ کو بتاتے ہیں کہ انہیں کس وقت لینا چاہیئے۔

    نیند کی دوائیں

    نیند کی دوائیں بے خوابی کا مرض لاحق ہونے کی وجہ سے لی جاتی ہیں، یہ زیادہ تر بڑی عمر کے افراد لیتے ہیں جبکہ بعض کم عمر افراد کو بھی کسی بیماری کے سبب دماغ کو سکون پہنچانے کے لیے نیند کی دوائیں استعمال کروائی جاتی ہیں۔

    نیند کی گولی رات 9 بجے سے قبل لے لینا چاہیئے، اور اس کے بعد ایسے وقت بستر پر جانا چاہیئے کہ اس کے بعد صبح اٹھنے میں کم از کم 9 سے 10 گھنٹے کا وقت ہو۔

    یعنی اگر آپ کو صبح 7 بجے اٹھنا ہے تو آپ کو 10 بجے لازمی سوجانا چاہیئے، یہ اس لیے ضروری ہے تاکہ نیند کی دوا کو اپنا کام کرنے کا وقت مل سکے اور اس سے مطلوبہ نتائج حاصل ہوں۔

    اگر دوا لینے کے بعد صرف 5 یا 6 گھنٹے سویا جائے تو دوا کا اثر باقی رہے گا اور اگلے دن غنودگی محسوس ہوگی۔

    یہ اس وقت اور بھی ضروری ہے جب صبح بھی آپ کو کوئی دوا لینی ہو۔ دواؤں میں عموماً غنودگی کا احساس دلانے والا عنصر شامل ہوتا ہے لہٰذا صبح کی دوا اور رات کی دوا کے اثرات مل کر آپ کو پورا دن غنودہ رکھیں گے۔

    اسپرین

    ایک ڈچ تحقیق کے مطابق خون کو پتلا کرنے والی دوائیں جن میں اسپرین سرفہرست ہے، انہیں لینے کا بہترین وقت رات ہے۔ اگر ان ادویات کو صبح لیا جائے تو اس سے دل کا دورہ پڑنے اور فالج کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

    بلڈ پریشر کی دوا

    بلند فشار خون یا بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے کی ادویات کو کھانے کا بہترین وقت رات ہے۔ اس کے برعکس اگر یہ ادویات صبح لی جائیں تو یہ متوقع اثرات نہیں دکھا سکیں گی۔

    تیزابیت کی دوا

    سینے میں جلن یا تیزابیت کی ادویات کو لینے کا بہترین وقت شام 6 بجے ہے، ہمارا معدہ 7 بجے کے بعد مزید تیزاب بناتا ہے تو شام میں دوا کھانے سے تیزاب بننے کا عمل معتدل ہوجاتا ہے۔

    جوڑوں میں تکلیف کی دوا

    جوڑوں میں تکلیف کے لیے استعمال کی جانے والی ادویات کو کھانے کا صحیح وقت دن ہے۔ دن میں ان دوائیوں کو کھانے سے صحت پر زیادہ اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

  • ہاتھی ہمیں کینسر سے بچا سکتے ہیں

    ہاتھی ہمیں کینسر سے بچا سکتے ہیں

    زمین پر موجود تمام جاندار نسل انسانی کی بقا کے لیے ضروری ہیں، کچھ جاندار انسانوں کی خطرناک بیماریوں کا علاج بھی اپنے اندر رکھتے ہیں۔

    حال ہی میں ایک تحقیق سے پتہ چلا کہ ہاتھی کینسر کے علاج میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔ ایک سائنسی جریدے اوندرک میگزین میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ ہاتھی اور وہیل کو کبھی کینسر نہیں ہوتا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہاتھی کے جینوم میں ٹیومرز سے لڑنے والے جینز اضافی تعداد میں موجود ہوتے ہیں، یہ ٹیومرز پھیل کر کینسر کا سبب بن سکتے ہیں تاہم ہاتھی کے جینز ان ٹیومرز کو طاقتور نہیں ہونے دیتے۔

    تاہم اب جبکہ ہاتھی کو معدوم ہونے کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے، ماہرین ان کے اس انوکھے جینز کی معلومات حاصل کرنے کے لیے دوڑ پڑے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ہاتھی کی سونڈ میں کیا ہے؟

    اوٹاوہ یونیورسٹی کے پروفیسر جوشوا شپمین کا کہنا ہے کہ انسان ذہین ہیں، لیکن فطرت ان سے بھی زیادہ ذہین ہے۔ فطرت کے لاکھوں کروڑوں سال کے تنوع میں میں ہماری، آج کے جدید دور کی بیماریوں کی علاج چھپا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ہاتھیوں کے شکار میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا تھا جس کے بعد اس جانور کی نسل معدوم ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

    اس کے شکار کا بنیادی سبب دنیا بھر میں ہاتھی دانت کی بڑھتی ہوئی مانگ تھی جس کے لیے ہاتھی اور گینڈے کا شکار کیا جاتا اور ان کے دانتوں اور سینگ کو مہنگے داموں فروخت کیا جاتا۔

    عالمی ادارہ برائے تحفظ ماحولیات آئی یو سی این کے مطابق ایک عشرے قبل پورے براعظم افریقہ میں ہاتھیوں کی تعداد 4 لاکھ 15 ہزار تھی، لیکن ہاتھی دانت کے لیے ہاتھیوں کے بے دریغ شکار کی وجہ سے اب یہ تعداد گھٹ کر صرف 1 لاکھ 11 ہزار رہ گئی ہے۔

  • نائیجیرین عالم دین کوعلاج کی شرائط قبول کرنے کیلئے دو گھنٹے کی بھارتی مہلت

    نائیجیرین عالم دین کوعلاج کی شرائط قبول کرنے کیلئے دو گھنٹے کی بھارتی مہلت

    لندن/نئی دہلی: سربراہ انسانی حقوق تنظیم کا کہنا ہے کہ کسی شخص کو علاج کے لیے اپنی شرائط تسلیم کرانا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور بیمار کو بلیک میل کرنے کے مترادف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت نے نائیجیریا کے شیعہ عالم دین کو اپنے ہاں علاج کے لیے شرائط قبول کرنے کے لیے دو گھنٹے کی مہلت دیتے ہوئے کہا ہے اگر وہ شرائط نہیں مانتے تو وہ ملک چھوڑ دیں۔

    بھارتی حکام نے نائیجیرین عالم دین آیت اللہ شیخ ابراہیم الزکزاکی سے کہا کہ وہ بھارت میں علاج کرانا چاہتے ہیں تو انہیں انڈیا کی شرائط تسلیم کرنا ہوں گی ورنہ وہ ملک چھوڑ دیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے نے یہ واقعہ لندن میں قائم اسلامی انسانی حقوق تنظیم کے سربراہ مسعود شجرہ سے نقل کیا ہے تاہم مسعود شجرہ نے بھارتی حکومت کی وہ شرائط بیان نہیں کیں جنہیں نائیجیریا اسلامک موؤمنٹ آف نائیجیریا کے سربراہ الشیخ الزکزاکی کے سامنے پیش کیا گیا۔

    الشجرہ نے بتایا کہ حال ہی میں مجھے ایک تشویشناک خبر موصول ہوئی جس میں بتایا گیا تھا کہ نائیجیریا کے ایک سرکردہ عالم دین کو بھارت میں علاج کے لیے مشکل کا سامنا ہے۔

    بھارتی حکام نے ان کے سامنے علاج کے لیے کچھ شرائط پیش کیں اور ساتھ ہی کہا کہ وہ ان شرائط کو دو گھنٹے کے اندر قبول کرے ورنہ ملک چھوڑ دیں۔

    مسعود شجرہ کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز نے شیعہ عالم دین کے ساتھ بدسلوکی کا مظاہرہ کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں علاج معالجے کے لیے علاج انتہائی خراب ہیں، مریضوں سے مجرموں جیسا سلوک کیا جاتا ہے۔ مریضوں کے پاس بہ حفاظت اور قابل اعتماد علاج کا کوئی ذریعہ نہیں۔

    انسانی حقوق کارکن مسعود شجرہ نے بھارتی حکومت کی طرف سے الشیخ زکزاکی کے ساتھ برتے جانے والے سلوک کو مسترد کردیا۔

    انہوں نے کہا کہ کسی شخص کو علاج کے لیے اپنی شرائط تسلیم کرنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور بیمار کو بلیک میل کرنے کے مترادف ہے۔

    خیال رہے کہ نائیجیریا کے حکام نے 12 اگست سوموار کے روز اسلامک موؤمنٹ آف نائیجیریا کے سربراہ الشیخ ابراہیم الزکزاکی کو اہلیہ سمیت علاج کے لیے بھارت جانے کی اجازت دی تھی۔

  • وہ بیماریاں جن کا علاج فزیو تھراپی سے ممکن ہے

    وہ بیماریاں جن کا علاج فزیو تھراپی سے ممکن ہے

    فزیو تھراپی ورزش کرنے اور جسم کو حرکت دینے کا ایک طریقہ ہے، کیا آپ جانتے ہیں فزیو تھراپی سے آپ بے شمار بیماریوں کا علاج کر سکتے ہیں؟

    آئیں دیکھتے ہیں وہ کون کون سی بیماریاں ہیں۔

    امراض قلب

    فزیو تھراپی نہ صرف امراض قلب کا شکار افراد کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ یہ امراض قلب سے تحفظ بھی دے سکتی ہے۔ فزیو تھراپی میں جسم کے مختلف حصوں کی حرکت سے دوران خون تیز ہوتا ہے اور دل درست طریقے سے اپنا کام کرسکتا ہے۔

    وہ افراد جنہیں دل کا دورہ پڑ چکا ہو ان کے لیے فزیو تھراپی ری ہیبی لیٹیشن پروگرامز بہت ضروری ہیں، اس کے لیے کسی ماہر امراض قلب کی مدد لی جاسکتی ہے۔

    مثانے کی کمزوری

    مثانے کی کمزوری کسی شخص میں پیشاب کنٹرول کرنے کی صلاحیت میں کمی کرتی ہے، فزیو تھراپی مثانے کے آس پاس کے پٹھوں کو مضبوط کرتی ہے جس سے اس مسئلے میں کمی آسکتی ہے۔

    ہڈیوں کا بھربھرا پن

    آسٹیو پروسس یا ہڈیوں کا بھربھرا پن ایک عام بیماری ہے جس کا سب سے بڑا شکار خواتین ہیں۔ فزیو تھراپی کی مدد سے اس بیماری اور متوقع خطرات کا بہتر مقابلہ کرنے کی صلاحیت پیدا کی جاسکتی ہے۔

    بچوں کی نشونما میں معاون

    فزیو تھراپی سے ایسے بچوں کی نشونما میں بہتری آسکتی ہے جو پیدائشی طور پر کمزور ہوں اور دیر سے اٹھنا، بیٹھنا اور چلنا شروع کریں۔

    سر درد

    فزیو تھراپی سر درد کی کئی اقسام مثلاً میگرین، کلسٹر ہیڈ ایک اور سٹریس ہیڈ ایک وغیرہ میں کمی لانے میں مدد دے سکتی ہے۔

    کمر درد

    کمر درد ہر عمر کے افراد کو ہوسکتا ہے، خاص طور پر ایسے افراد جو اپنے دن کا بڑا حصہ دفاتر میں بیٹھ کر گزارتے ہیں۔ فزیو تھراپی میں مساج اور ورزش کی مدد سے اس درد میں نہ صرف کمی لانا بلکہ اس سے مکمل طور پر چھٹکارہ پانا بھی ممکن ہے۔


    انتباہ: یہ مضمون قارئین کی معلومات میں اضافے کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ مضمون میں دی گئی تجاویز پر عمل کرنے سے قبل اپنے معالج سے مشورہ اور ہدایت ضرور حاصل کریں۔

    مضمون بشکریہ: مرہم