Tag: علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ

  • لاہور ایئرپورٹ پر طیارے سے منسلک بورڈنگ برج خراب، مسافر خوفزدہ

    لاہور ایئرپورٹ پر طیارے سے منسلک بورڈنگ برج خراب، مسافر خوفزدہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر طیارے سے منسلک بورڈنگ برج خراب ہوگیا جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر طیارے سے منسلک بورڈنگ برج خراب ہوگیا، مسافروں کے سوار ہونے کے بعد بورڈنگ برج طیارے سے الگ نہیں ہوا۔

    اس موقع پر بورڈنگ برج میں خرابی کو مسافر، طیارےمیں خرابی سمجھ بیٹھے اور ان میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ کچھ مسافر خوف کے باعث طیارے سے اتر گئے۔

    بورڈنگ برج میں خرابی کے باعث کراچی جانے والی پرواز ایک گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی۔

    خیال رہے کہ بورڈنگ برج سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ملکیت ہوتا ہے، برج کے ذریعے مسافر ایئرپورٹ کی عمارت سے جہاز میں داخل ہوتے ہیں۔

    گزشتہ روز قومی ایئر لائن کے طیارے کے خوفناک حادثے نے پورے ملک کو سوگوار کردیا ہے، پی آئی اے کا طیارہ گزشتہ روز لاہور سے کراچی پہنچنے کے بعد لینڈنگ سے صرف چند لمحے قبل آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

    المناک حادثے میں اب تک 97 افراد کی موت کی تصدیق کی جاچکی ہے جبکہ 2 افراد معجزانہ طور پر زندہ بچ گئے جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

  • 2 افراد کے قتل کے بعد بھی انتظامیہ سوتی رہی، لاہور ایئرپورٹ پر پھر اسلحہ برآمد

    2 افراد کے قتل کے بعد بھی انتظامیہ سوتی رہی، لاہور ایئرپورٹ پر پھر اسلحہ برآمد

    لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر گاڑی سے اسلحہ برآمد ہوا ہے، گاڑی کے ڈرائیور کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ پر گاڑی سے اسلحہ برآمد ہوا ہے جس کے بعد وین ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا۔

    اے ایس ایف ذرائع کے مطابق گاڑی کی تلاشی پر 30 بور پستول اور 5 راؤنڈ برآمد ہوئے۔ وین ڈرائیور کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    خیال رہے کہ 3 ماہ قبل لاہور ایئرپورٹ کے اندر فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا تھا جس میں 2 افراد قتل ہوگئے تھے، واقعے نے سیکیورٹی حکام میں کھلبلی مچادی تھی۔

    بعد ازاں ابتدائی انکوائری رپورٹ میں ایئر پورٹ کے واحد اسکینر کے 2 سال سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق ایئر پورٹ پر واحد اسکینر صرف ڈیپارچر لاؤنج تک جانے والی گاڑیوں کو اسکین کرتا ہے، پارکنگ ایریا میں جانے والی گاڑیوں کو چیک کرنے کے لیے کوئی اسکینر نہیں۔

    اے ایس ایف ذرائع کے مطابق اسکینر خراب ہونے کے باعث گاڑیوں کی اسکیننگ نہیں ہو رہی تھی، سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو ہر ماہ اسکینر کی خرابی سے متعلق آگاہ کیا جاتا رہا، آگاہ کرنے کے باوجود اسکینر کو ٹھیک نہ کروایا گیا۔

    فائرنگ کے واقعے کے بعد جب ملک بھر کے ایئرپورٹس کی سیکیورٹی کا دوبارہ جائزہ لیا گیا تو کراچی ایئرپورٹ کا اسکینر بھی سال بھر سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا۔

    کراچی ایئرپورٹ پر اسکینر کی مدد سے گاڑیوں کی جامع تلاشی لی جاتی تھی تاہم اسکینر خراب ہونے کے باعث گاڑیوں کی اسکیننگ کا عمل رک گیا، اے ایس ایف نے مینوئل طریقے سے گاڑیوں کو سرچ کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا تھا۔