Tag: علامہ اقبال ایکسپریس

  • علامہ اقبال ایکسپریس کو حادثہ، ڈرائیور نے بروقت ایمرجنسی بریک لگا کر بڑے حادثے سے بچا لیا

    علامہ اقبال ایکسپریس کو حادثہ، ڈرائیور نے بروقت ایمرجنسی بریک لگا کر بڑے حادثے سے بچا لیا

    نوشہروفیروز: پڈعیدن کے قریب علامہ اقبال ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرین کی 2 بوگیاں پٹری سے اتریں تاہم مسافر محفوظ رہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے سیالکوٹ جانے والی ٹرین علامہ اقبال ایکسپریس کو پڈ عیدن کے مقام پر حادثہ پیش آیا ہے، تاہم ٹرین ڈرائیور نے بروقت ایمرجنسی بریک لگا کر ٹرین کو بڑے حادثے سے بچا لیا۔

    6 گھنٹے گزرنے کے باوجود اپ ریلوے ٹریک کلیئر نہ ہو سکا ہے، پڈعیدن میں ٹرین حادثے کے مقام پر مرمت کا کام جاری ہے، روہڑی سے آئی ریلیف ٹرین متاثرہ بوگیاں اٹھانے میں مصروف ہے۔

    ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 2 سے 4 گھنٹے میں مکمل کر کے اپ ٹریک کو بحال کر دیا جائے گا، علامہ اقبال ایکسپریس شیڈول سے پہلے ہی ڈیڑھ گھنٹے تاخیر کا شکار تھی، ٹرین کی بوگیاں اترنے سے اپ ٹریک پر دیگر ٹرینوں کی آمد و رفت بھی معطل ہو گئی۔

    ریلوے انتظامیہ کے مطابق ملتان جانے والی بہاالدین ذکریا ایکسپریس کو کوٹ لالو اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے، جب کہ ملتان جانے والی فریدالدین ایکسپریس کو باندی اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے۔

    ریلوے ذرائع کے مطابق ریلیف ٹرین روہڑی سے کرین بوگی کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچی، تاہم اسے جائے حادثہ پہنچنے میں 3 گھنٹے لگے، ریلیف ٹرین کی کرین سے بوگیوں کو ٹریک سے اٹھایا جا رہا ہے۔

    ڈی سی او کا کہنا ہے کہ متاثرہ بوگیوں سے آگے والی بوگیوں کو الگ کر کے بھریا روڈ اسٹیشن روانہ کر دیا گیا تھا، دوسری طرف مسافروں کی پریشانی کم کرنے کے لیے سکھر ڈویژن انتظامیہ کی جانب سے چائے، جوسز اور پانی کی فراہمی کا انتظام کیا گیا۔

    پشاور جانے والی خیبر میل کو 4 گھنٹے سے نوابشاہ اسٹیشن پر روکا گیا ہے، جب کہ پرئمیر ٹرین گرین لائن ایکسپریس 4 گھنٹے سے دوڑ اسٹیشن پر رکی ہوئی ہے۔ اسٹیشن ماسٹر پڈعیدن کا کہنا ہے کہ اپ ٹریک بند ہونے پر ٹرینوں کو ڈاؤن ٹریک سے گزارا جا رہا ہے۔

  • کراچی آنے والی علامہ اقبال ایکسپریس بڑے حادثے سے بچ گئی

    سیالکوٹ سے کراچی آنے والی علامہ اقبال ایکسپریس کوٹری کے قریب بڑے حادثے سے بچ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کوٹرین ریلوے اسٹیشن پر علامہ اقبال ایکسپریس 2 حصوں میں تقسیم ہوگئی، کپلنگ ٹوٹنےسے آدھی بوگیاں ٹرین سے علیحدہ  ہوگئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ اسپیڈکم ہونےکی وجہ سے ٹرین کسی بڑے حادثےکا شکار نہیں ہوئی، ٹرین کےدونوں حصوں کو جوڑنے اور کپلنگ تبدیلی کیلئے عملہ پہنچ گیا ہے۔

  • علامہ اقبال ایکسپریس میں آگ کیسے لگی؟ فرانزک رپورٹ آگئی

    علامہ اقبال ایکسپریس میں آگ کیسے لگی؟ فرانزک رپورٹ آگئی

    لاہور: پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے علامہ اقبال ایکسپریس میں آتشزدگی کے واقعے سے متعلق رپورٹ ریلوے ہیڈ کوارٹر میں جمع کر ا دی۔

    تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال ایکسپریس میں آگ لگنے سے متعلق پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے رپورٹ ریلوے ہیڈ کوارٹر کو جمع کرا دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانزک ایجنسی کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آگ کے باعث3 بوگیاں متاثر ہوئیں،2 مکمل خاکستر ہوئیں،بوگیوں کی سیٹیں،پنکھے،لائٹس،الماریاں مکمل طور پر جل گئیں۔

    پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کرائم سین یونٹ گوجرانوالہ کی جانب سے ٹرین سے شواہد جمع کیےگئے،تینوں بوگیوں سے راکھ،جلا ہوا مٹیریل اور دیگر باقیات کو بطور ٹیسٹنگ لیاگیا، تینوں بوگیوں کے مختلف حصوں سے 249 تصاویر کو بطور شواہد لیاگیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرین میں آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں،جائے وقوعہ سے لیے گئے شواہد میں آتشگیر مواد نہیں ملا، حادثے میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔

    پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے خدشہ ظاہر کیا کہ ٹرین کی پاور آن ہونے سے شارٹ سرکٹ آگ کا باعث ہوسکتی ہے۔

    علامہ اقبال ایکسپریس میں آتشزدگی پر 6 ریلوے ملازمین معطل

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 4 جون کو ڈی ایس لاہور نے علامہ اقبال ایکسپریس کی بوگیوں میں آتشزدگی کے واقعے پر ایکشن لیتے ہوئے چھ ریلوے ملازمین کو معطل کر دیا تھا۔