Tag: علما کرام

  • علما کرام کی کراچی کے شہریوں سے شرپسند عناصر کا ایجنڈا ناکام بنانے کی اپیل

    علما کرام کی کراچی کے شہریوں سے شرپسند عناصر کا ایجنڈا ناکام بنانے کی اپیل

    کراچی میں گولیمار واقعے کے بعد مختلف مکاتبِ فکر کے علما کرام نے مذمت کرتے ہوئے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے کراچی کے علاقے گولیمار میں مذہبی ریلی پر شرپسند کارروائی کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کراچی کے شہریوں سے شرپسند عناصر کا ایجنڈا ناکام بنانے کی اپیل کردی ہے۔

    مولانا اورنگزیب فاروقی نے کہا کہ شہر کا امن خراب کرنے کی سازش کی گئی، کارکنان پر امن رہیں اور شرپسند عناصر کی بد امنی کی سازش کو ناکام بنائیں۔

    مولانا سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا ہے کہ ہم شدت پسندی اور فرقہ واریت کی مذمت کرتے ہیں، مولانا نذیر عباس تقوی نے شرپسندوں کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

    مولانا تاج حنفی کا کہنا تھا کہ کراچی میں گولیمار کی حدود میں مذہبی مارچ پر شرپسندی کی مذمت کرتے ہیں۔

    کراچی: مذہبی جماعت کی ریلی پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے گولیمار میں مذہبی جماعت کی ریلی گزرنے پر تصادم کا واقعہ پیش آیا تھا، کشیدگی کے دوران فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے جبکہ مشتعل افراد نے کئی گاڑیوں کو بھی آگ لگادی تھی۔

    پولیس حکام نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ ایک مذہبی جماعت کی ریلی گولیمار کے علاقے سے گزر رہی تھی، جہاں پہلے سے ایک مذہبی جماعت کا کیمپ لگا تھا، فریقین میں نعرے بازی کے بعد کشیدگی بڑھی، پتھراؤ ہوا جس کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

  • ممتاز علمائے کرام نے خیبر پختون خوا میں عید کے اعلان کو مسترد کردیا

    ممتاز علمائے کرام نے خیبر پختون خوا میں عید کے اعلان کو مسترد کردیا

    پشاور: ملک کے ممتاز اور جید علمائے کرام نے خیبر پختون خوا میں عید کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آج رمضان کا انتیس واں روزہ رکھیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں آج عید الفطر منانے کا اعلان کیا ہے، جسے ملک کے نامور علمائے کرام نے مسترد کردیا۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں مفتی زبیر نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ہوتے ہوئے ایک مسجد کی انتظامیہ کے کہنے پر صوبائی حکومت نے کیسے اعلان کردیا۔

    دریں اثنا مفتی نعیم کا کہنا تھا کہ ریاست کی قائم کردہ کمیٹی کی موجودگی میں عید کا اعلان کر کے صوبائی حکومت کیا ریاست میں اختلاف پیدا کرنا چاہتی ہے؟

    ایبٹ آباد کی جامع مسجد صدیق شریفی کے خطیب علامہ سعیداللہ ہزاروی نے کہا ہے کہ آج ہزارہ ڈویژن میں 29 واں روزہ ہوگا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیر اطلاعات کے پی شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مسجد قاسم علی خان کو 112 سے زیادہ شہادتیں موصول ہوئیں، وزیراعلیٰ نے اظہار یکجہتی کے لیے کل عید منانے کا اعلان کیا ہے۔

    خیبرپختونخوا حکومت نے کل عید الفطر منانے کا اعلان کردیا

    قبل ازیں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی نے آج عید الفطر منانے کا اعلان کیا تھا۔ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا سے 100 سے زائد شہادتیں موصول ہوئیں، چاند کی رویت 23 شہادتیں پشاور سے موصول ہوئیں۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں چاند کی رویت کے حوالے سے کئی مسائل درپیش ہیں، خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں مقامی سطح پر مسجد قاسم خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی رمضان اور شوال کے چاند کا اعلان کرتے ہیں۔