Tag: علیم خان

  • آئندہ ہفتے سے ہر محکمہ بتائے گا کس طریقے سے مال لوٹا گیا: علیم خان

    آئندہ ہفتے سے ہر محکمہ بتائے گا کس طریقے سے مال لوٹا گیا: علیم خان

    لاہور: صوبائی وزیر علیم خان کا کہنا ہے کہ لٹیروں نے سارا مال ہضم کرلیا ہے، خزانہ خالی ہے۔ منصوبے مکمل نہ ہوئے ان کی مشینری باہر پڑی ہیں۔ آئندہ ہفتے سے ہر محکمہ بتائے گا کس طریقے سے مال لوٹا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر پنجاب برائے ترقیاتی امور علیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قبضے کا الزام لگایا جاتا ہے، ایک بھی ایف آئی آر درج کروائی گئی؟ کسی ایک زمین کی نشاندہی کی گئی جس پر قبضے کا الزام ہو۔

    انہوں نے کہا کہ 10 سال کے دوران کتنی زمینوں پر قبضے کی نشاندہی کی گئی، 10 سال حکومت کے بعد الزام لگائے جا رہے ہیں، شرم آنی چاہیئے۔ ’کوئی بھی ایف آئی آر میرے خلاف ہے تو سامنے لائی جائے‘۔

    علیم خان نے کہا کہ شہزاد وسیم کی پارٹی کے لیے بہت خدمات ہیں۔ میرے پاس جو بھی اختیارات ہیں وہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے دیے ہیں۔ ’رانا مشہود کو اب دن میں بھی تارے نظر آنے لگ گئے ہیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ لٹیروں نے سارا مال ہضم کرلیا ہے، خزانہ خالی ہے۔ مظلوم بننے والوں سے پوچھناچاہیئے کہ عوام کی فلاح کا پیسہ کہاں گیا۔ منصوبے مکمل نہ ہوئے ان کی مشینری باہر پڑی ہیں۔ ’آئندہ ہفتے سے ہر محکمہ بتائے گا کس طریقے سے مال لوٹا گیا‘۔

    علیم خان کا کہنا تھا کہ ملک کے جو بھی حالات ہیں وزیر اعظم ملک کے سامنے لے کر آئیں گے، وزیر اعظم بتائیں گے کس طرح سے ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ قوم کو عذاب کا سامنا ہے کیونکہ خزانہ خالی ہے۔ جو صحت اور تعلیم پر لگانا تھا وہ رقم دوسرے منصوبوں پر لگائی گئی۔ ’کسی منصوبے پر 10 فیصد کام ہوا ہے کسی پر 20 فیصد کام ہوا ہے‘۔

  • جعلی حلف نامہ جمع کرانے کا الزام، الیکشن کمیشن کا علیم خان کے خلاف کاروائی کا حکم

    جعلی حلف نامہ جمع کرانے کا الزام، الیکشن کمیشن کا علیم خان کے خلاف کاروائی کا حکم

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے جعلی حلف نامے جمع کرانے پر پی ٹی آئی کے رہنما اور سینئیر وزیر پنجاب علیم خان کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا کی سربراہی میں بنچ نے مسلم لیگ ن کی رہنما سردار ایاز صادق کی درخواست پر سماعت کی، الیکشن کمیشن نے سردار ایاز صادق کی درخواست منظور کرتے ہوئے علیم خان کے خلاف سیشن کورٹ میں درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔

    درخواست گزار سردار ایاز صادق نے درخواست میں کہا تھا کہ علیم خان پر لاہور کے پرانے حلقے این اے 120 کے انتخاب کوکالعدم قرار دینے کےلئے الیکشن کمیشن میں جعلی حلف نامے جمع کرائے۔

    الیکشن کمیشن نے جعلی حلف نامے جمع کرانے پر وزیر بلدیات پنجاب عبدالعلیم خان کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

    خیال رہے نومبر 2015 میں الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کے امیدوار علیم خان کی جانب سے سلمان راجہ ایڈووکیٹ کی توسط سے 800 صفحات پر مشتمل پٹیشن جمع کروائی گئی تھی،  جس میں کہا گیا تھا کہ ضمنی انتخابات سے قبل 30 ہزار 500 ووٹ ٹرانسفر یا منسوخ کیے گئے لہذا انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے۔

    الیکشن کمیشن نے اس پٹیشن کا فیصلہ  یکم فروری 2016 کو سناتے ہوئے انتخابات کالعدم قرار دینے کے حوالے سے علیم خان کی درخواست مسترد کردی تھی اور فیصلے میں کہا تھا کہ درخواست گزار علیم خان کی جانب سے چند ووٹروں کے غلط بیان حلفی جمع کروائے گئے، جس پر کمیشن درخواست گزار کے خلاف کارروائی کا حق رکھتا ہے۔

    یاد رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 122 سے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق کامیاب قرار پائے تھے، جن کی کامیابی کو ان کے مخالف امیدوار چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے چیلنج کیا تھا۔

    واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو تحریک انصاف کے رہنما علیم خان سے آف شور کمپنیوں سے متعلق تحقیقات کر رہی ہے، اس سلسلے میں انھیں تین بار طلب بھی کیا جا چکا ہے

  • ہرمنصوبے میں مال کھایا گیا، اربوں کی دیہاڑیاں لگائی گئیں‘ علیم خان

    ہرمنصوبے میں مال کھایا گیا، اربوں کی دیہاڑیاں لگائی گئیں‘ علیم خان

    لاہور: صوبائی وزیر بلدیات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ 4 سال تک کوئی نیا منصوبہ نہ کریں توبھی جاری منصوبوں کی تکمیل مشکل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر صوبائی وزیرعبدالعلیم خان نےغیرملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ اورنج لائن ٹرین سمیت کوئی منصوبہ رول بیک نہیں ہوگا۔

    علیم خان نے کہا کہ شہبازشریف کے پیروکارنہیں کہ سابقہ حکومت کے پروجیکٹ بند کردیں، سابقہ حکومت نے پنجاب میں بھی لوٹ مارکی انتہا کردی۔

    صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ خزانہ خالی ہے بھکی سمیت بجلی کے منصوبے سفید ہاتھی ہیں، 4سال کوئی نیا منصوبہ نہ کریں توبھی جاری منصوبوں کی تکمیل مشکل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھاری اورمستقل سبسڈی حکومتی خزانے پرظلم اوربڑا بوجھ ہے، ہرمنصوبےمیں مال کھایا گیا، اربوں کی دیہاڑیاں لگائی گئیں۔

    صوبائی وزیر بلدیات علیم خان نے کہا کہ صاف پانی منصوبے میں مزید ہوشربا حقائق سامنے آئیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام گراس روٹ لیول پرصوبے کی حالت بدلے گا، پہلی مرتبہ بلدیاتی نمائندوں کواختیارات دینے جا رہے ہیں۔

    سعودی حکومت کی طرح کرپشن کے خلاف جنگ کریں گے، عمران خان

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی طرح ہماری حکومت بھی کرپشن کے خلاف جنگ کرے گی

  • کشمیر کی آزادی پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، وزیر پنجاب علیم خان

    کشمیر کی آزادی پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، وزیر پنجاب علیم خان

    لاہور : سینئروزیرپنجاب علیم خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے خطے کی بہتری کیلئے قدم بڑھایا مثبت جواب نہیں ملا، کشمیر کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر وزیرپنجاب علیم خان نے بھارت کی جانب سے وزرائے خارجہ کی ملاقات سے انکار پر درعمل دیتے ہوئے کہا بھارت کی اصلیت ایک بار پھر ظاہر ہوگئی، پاکستان اپنے مفادات کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائے گا۔

    علیم خان کا کہنا تھا کہ بھارت کو اصل تکلیف مسئلہ کشمیر سے ہے، سفارتی آدابِ نظر انداز کرنے والوں کو احساس کرنا ہوگا۔

    رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ وزیراعظم نے خطے کی بہتری کیلئے قدم بڑھایا مثبت جواب نہیں ملا، کشمیر کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو خط لکھا تھا جس میں مذاکرات کا سلسلہ بحال کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ تنازع کشمیراور دہشت گردی سمیت تمام مسائل بات چیت سے حل کرنا ہوں گے۔

    خط میں وزیراعظم عمران خان نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج سے ملاقات پربھی زور دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : بھارت مذاکرات سے بھاگ گیا، بھارتی وزیر خارجہ کا ملاقات سے انکار

    جس کے بعد بھارت نے پہلے حامی مذاکرات کے لئے حامی بھری اور بعد میں پاک بھارت وزرائے خارجہ کی نیویارک میں ہونے والی ملاقات سے انکار کردیا تھا، بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا تھا پاک بھارت وزارائے خارجہ ملاقات نہیں ہوگی۔

    خیال رہے کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان 27 ستمبر کو نیویارک میں ملاقات طے پاگئی تھی، امریکا کی جانب سے بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاک بھارت وزارئے خارجہ کی ملاقات کو خوش آئند قرار دیا گیا تھا۔

    واضح رہے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے عمران خان کو ٹیلی فون کرکے انتخاب میں کامیابی پرمبارکباد پیش کی تھی۔

    بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں نئے دور کے آغاز پرتیار ہیں تاہم معاملات آگے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

  • بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کے ساتھ جوابدہ بھی بنائیں گے: علیم خان

    بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کے ساتھ جوابدہ بھی بنائیں گے: علیم خان

    لاہور: صوبائی وزیر بلدیات علیم خان کا کہنا ہے کہ ضلعی چیئرمین اپنے علاقوں میں جانے کو تیار نہیں ہیں، بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کے ساتھ ساتھ جوابدہ بھی بنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر بلدیات علیم خان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نمائندگان بلدیاتی نظام سے خوش نہیں، تبدیلی چاہتے ہیں۔ قانون کے مطابق بلدیاتی نظام کو تبدیل کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ضلعی چیئرمین اپنے علاقوں میں جانے کو تیار نہیں ہیں، بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کے ساتھ ساتھ جوابدہ بھی بنائیں گے۔ بلدیاتی نظام سے متعلق سفارشات پر وزیر اعظم کے ساتھ میٹنگ ہوگی۔

    علیم خان نے کہا کہ بلدیاتی حکومت میں 90 فیصد مسلم لیگ ن کے لوگ ہیں، مسلم لیگ ن کے لوگ ہی اختیارات سے متعلق پریشان ہیں۔ تمام لوگوں کو اختیارات دیں گے۔ میئر کا انتخاب براہ راست ہوگا۔ بلدیاتی انتخاب میں تمام جماعتیں حصہ لیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں بلدیاتی نظام کو با اختیار اور مالی خود مختاری دینا ہے، نئے نظام میں یو سی، تحصیل اور ڈسٹرکٹ کونسل کو بااختیار بنائیں۔ حمزہ شہباز نظام کو ٹھیک کر دیتے تو آج ایسا نہیں ہوتا۔

    وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ بطور پارٹی چیئرمین عمران خان میئرز کا چناؤ کریں گے، نو منتخب ایم این ایز، ایم پی ایز اپنے حلقوں میں میئر کی مہم چلائیں گے۔ عوام سیاسی لوگوں کو اپنی ترجمانی کے لیے منتخب کرتے ہیں۔ منشور میں بلدیاتی نظام سے متعلق تمام معلومات درج ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو بلائیں گے مشاورت کریں گے۔ پوچھیں گے 2001 بلدیاتی نظام میں کیا کمی بیشیاں تھیں۔ تمام نظام کو ایک چھتری کے نیچے لانا پڑے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ شجر کاری مہم میں 50ہزار پودے ذاتی حیثیت میں لگاؤں گا، پچاس ہزار پودوں کی قیمت خود برداشت کروں گا۔

  • سینئر صوبائی وزیر علیم خان نے سرکاری گاڑی لینے سے انکار کر دیا

    سینئر صوبائی وزیر علیم خان نے سرکاری گاڑی لینے سے انکار کر دیا

    لاہور: سرکاری خزانے کی بچت کے لیے تحریکِ انصاف کے سینئر صوبائی وزیر علیم خان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ سرکاری گاڑی استعمال نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ بلدیات علیم خان نے آج پنجاب کابینہ کے ساتھ حلف اٹھایا، حلف اٹھانے کے بعد انھوں نے ملکی خزانے کی بچت کی خاطر سرکاری گاڑی لینے سے انکار کر دیا۔

    سینئر وزیر علیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’سرکاری کاموں کے لیے بھی میں ذاتی گاڑی استعمال کروں گا، ہم حکومتی وسائل خرچ نہیں کریں گے۔‘

    علیم خان کا کہنا تھا کہ انھیں بہ طور وزیر جتنی تنخواہ ملتی ہے وہ ہر ماہ عمران خان کے قائم کردہ شوکت خانم اسپتال کو عطیہ کریں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ مہمانوں کی خاطر تواضع اور دیگر اخراجات بھی خود برداشت کریں گے، وزیرِ اعظم کی کفایت شعاری مہم میں وزرا کی جانب سے بھرپور ساتھ دیا جائے گا۔


    یہ بھی پڑھیں:  پنجاب اور بلوچستان کابینہ نے حلف اٹھا لیا


    واضح رہے کہ وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کے ساتھ ہی وزیرِ اعظم عمران خان نے سادگی اختیار کرنا شروع کر دی ہے، اور اپنے وزرا کو بھی تاکید کی ہے کہ وہ سادگی اختیار کرکے قوم کے لیے مثال بنیں۔

    وزیرِ اعظم کے اعلان کے بعد تحریکِ انصاف سے تعلق رکھنے والے متعدد وزرا نے اپنے محکموں میں سادگی اختیار کرنے اور اخراجات کم کرنے کے لیے اقدامات کرنا شروع کر دیے ہیں۔

  • میرے خلاف 10 مختلف اداروں میں انکوائری ہوئی ہے: علیم خان

    میرے خلاف 10 مختلف اداروں میں انکوائری ہوئی ہے: علیم خان

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کا کہنا ہے کہ 130 مختلف دستاویزات جمع کروا چکا ہوں۔ میرے خلاف 10 مختلف اداروں میں انکوائری ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کا کہنا ہے کہ 130 مختلف دستاویزات جمع کروا چکا ہوں۔ کوئی برا کام نہیں کیا، جہاں بلائیں گے حاضر ہوں گا۔

    علیم خان نے کہا کہ نیب جتنی بار چاہے مجھے بلائے میں پیش ہوں گا۔ 2011 میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوا، ’میں نے عمران خان کے ساتھ 7 سال جدوجہد کی، ایک نظریے کے تحت عمران خان کا ساتھ دیا‘۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ برے وقت میں کھڑا رہا، ڈٹ کر مسلم لیگ ن کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان 18 اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

    علیم خان نے مزید کہا کہ میں نے کبھی سمجھوتہ یا سودے بازی نہیں کی، 2013 میں ٹکٹ نہ ملنے پر بھی عمران خان کا ساتھ دیا۔

    انہوں نے کہا کہ میرے خلاف 10 مختلف اداروں میں انکوائری ہوئی ہے۔

  • جن لوگوں پر کیسز ہیں انہیں عہدے نہیں ملنے چاہئیں: علیم خان

    جن لوگوں پر کیسز ہیں انہیں عہدے نہیں ملنے چاہئیں: علیم خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کا کہنا ہے کہ جن لوگوں پر کیسز ہیں انہیں عہدے نہیں ملنے چاہئیں۔ مجھ پر کیس نہیں ہے صرف انکوائری چل رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے امیدوار اور تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد سے پنجاب میں حکومت بنانے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جن لوگوں پر کیسز ہیں انہیں عہدے نہیں ملنے چاہئیں۔ مجھ پر کیس نہیں ہے صرف انکوائری چل رہی ہے۔

    علیم خان نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ عمران خان کس کو وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کریں گے، میری جدوجہد پنجاب کا وزیر اعلیٰ بننے کے لیے نہیں تھی۔ کسی عہدے کی خواہش نہیں، صرف عمران خان کو وزیر اعظم دیکھنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نیب نے رواں ماہ 10 دن میں 3 دفعہ طلب کیا، ’لگتا ہے نیب کی مجھ سے محبت بڑھتی جا رہی ہے، جس دن نیب میں پیش ہوتا ہوں اسی دن اگلی پیشی کا نوٹس مل جاتا ہے‘۔

    علیم خان نے مزید کہا کہ اپنی طرف سے تمام تفصیلات جمع کروا دیں، معلوم نہیں اب کیا باقی رہ گیا ہے۔

  • علیم خان نے تمام سوالوں کے جواب نیب میں جمع کرا دیے

    علیم خان نے تمام سوالوں کے جواب نیب میں جمع کرا دیے

    لاہور: تحریکِ انصاف کے سینئر رہنما علیم خان نے قومی احتساب بیورو کی طرف سے انھیں جاری کیے گئے سوال نامے کے جواب نیب لاہور میں جمع کرا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب کی طرف سے گزشتہ دنوں پی ٹی آئی رہنما کو سوال نامہ دیا گیا تھا، نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ جمع کرائے گئے جوابات کا جائزہ لیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق نیب پی ٹی آئی لیڈر کے جوابات کا جائزہ لے رہی ہے، اگر علیم خان کے جوابات سے مطمئن نہیں ہوئی تو آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو تحریک انصاف کے رہنما علیم خان سے آف شور کمپنیوں سے متعلق تحقیقات کر رہی ہے، اس سلسلے میں انھیں تین بار طلب بھی کیا جا چکا ہے۔

    نیب کوشواہد فراہم کر چکا ہوں، ایسی کوئی جائیداد نہیں، جو ڈکلیئر نہ کی ہو: علیم خان

    علیم خان دو دن قبل کہہ چکے ہیں کہ وہ نیب میں تین بار پیش ہوئے ہیں اور تمام ثبوت بھی فراہم کر دیے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ان کا کیس سپریم کورٹ میں ہے اور فیصلہ بھی سپریم کورٹ نے کرنا ہے، بیرون ملک اثاثوں اور چاروں فلیٹس کے دستاویزات نیب کو دیے جاچکے ہیں۔

    آف شورکمپنیوں کی تحقیقات : قومی احتساب بیورو نے علیم خان کو طلب کرلیا


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نیب کوشواہد فراہم کر چکا ہوں، ایسی کوئی جائیداد نہیں، جو ڈکلیئر نہ کی ہو: علیم خان

    نیب کوشواہد فراہم کر چکا ہوں، ایسی کوئی جائیداد نہیں، جو ڈکلیئر نہ کی ہو: علیم خان

    اسلام آباد: پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علیم خان نے کہا ہے کہ نیب میں تین بار پیش ہوچکا ہوں، تمام ثبوت فراہم کیے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے بنی گالا کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ میرا کیس سپریم کورٹ میں ہے، انھیں ہی فیصلہ کرنا ہے.

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ مل کرتبدیلی کی جنگ لڑرہا تھا، میں بیرون ملک اثاثوں کی منی ٹریل دی، اپنے چاروں فلیٹس کے دستاویزات دیے.

    عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ حکومت سے کوئی مفاد نہیں لیا، سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گا، قبول کروں گا، دنیا میں میری ایک جائیداد بتا دیں، جومیں نے ڈکلیئرنہیں کی.

    علیم خان کا کہنا تھا کہ میرے پاس 11 سال سے کوئی سرکاری عہدہ نہیں تھا، جب میں حکومت میں ہی نہیں تو کرپشن کیسے کر سکتا ہوں.

    انھوں نے کہا کہ نیب میں تین بار پیش ہو چکا ہوں، تمام ثبوت فراہم کیے، نیب جب بھی بلائے گا، ضرور پیش ہوں گا.

    انھوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحبان کو خواب میں بھی میرا چہرہ نظرآتا تھا، تین دن پہلے نیب کے نوٹس کی ٹائمنگ بہت اہمیت کی حامل ہے. اپنے آپ کو احتساب کے لئے سب سے پہلے پیش کیا ہے.

    علیم خان نے کہا کہ کسی خاص شخصیت کو ٹارگٹ کرکے احتساب نہ کیا جائے، پاناما لیکس کمپنیوں میں میرا نام نہیں ہے، پاناما میں نام نہ ہونے کے باوجود انکوائری کیوں ہو رہی ہے، یہ نہیں جانتا.


    آف شورکمپنیوں کی تحقیقات : قومی احتساب بیورو نے علیم خان کو طلب کرلیا


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔