Tag: علی اسجد ملہی

  • این اے 75 ڈسکہ کا سلطان کون؟ فیصلے کی گھڑی آ گئی

    این اے 75 ڈسکہ کا سلطان کون؟ فیصلے کی گھڑی آ گئی

    سیالکوٹ: انتخابی حلقے این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی الیکشن کے لیے دوبارہ پولنگ آج ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقے این اے پچھتر ڈسکہ میں ن لیگ کی نوشین افتخار اور پی ٹی آئی کے علی اسجد ملہی میں کانٹے کا مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔

    الیکشن کمیشن نے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے، 19 فروری کے تلخ تجربے کے بعد چیف الیکشن کمشنر خود ضمنی الیکشن کی نگرانی کرنے کے لیے لاہور پہنچ گئے ہیں، وہ لاہور آفس میں بیٹھ کر پولنگ کی نگرانی کریں گے۔

    پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی، حلقے میں 4 لاکھ 94 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے 360 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں، جہاں پولنگ عملے کے ساتھ رینجرز اور پولیس اہل کاروں نے ڈیوٹیاں سنبھال لی ہیں۔

    این اے 75 ڈسکہ: انتخابی مہم کے دوران فائرنگ، یوسی چیئرمین کیخلاف مقدمہ درج

    تمام حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگا دیے گئے ہیں، ڈپٹی کمشنر نے حلقے میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر کے ہر قسم کے اسلحے کی نمائش پر پابندی لگا دی ہے۔

    پی ٹی آئی اور ن لیگ کے امیدوار نے پولنگ انتظامات کو تسلی بخش قرار دے دیا ہے، حلقے میں پیپلز پارٹی نے نون لیگ کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ 19 فروری کو ہنگامہ آرائی اور بدنظمی کے باعث ضمنی الیکشن کے لیے دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے۔

  • گلاس مانگنے پر پورا ڈرم دے دیا، ڈسکہ امیدوار کی الیکشن کمیشن پر تنقید

    گلاس مانگنے پر پورا ڈرم دے دیا، ڈسکہ امیدوار کی الیکشن کمیشن پر تنقید

    ڈسکہ: این اے 75 سے ضمنی انتخاب لڑنے والے پی ٹی آئی امیدوار علی اسجد ملہی نے الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’گلاس مانگنے پر الیکشن کمیشن نے پورا ڈرم دے دیا۔‘

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی اسجد ملہی نے کہا ریٹرننگ آفیسر کے پاس فارم 45 آنے پر نتیجہ جاری کرنا قانونی طور پر لازم تھا، ہم نے سپریم کورٹ سے رٹ پٹیشن میں نتیجہ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    علی اسجد ملہی نے کہا کہ مخالفین نے 14 پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ مانگا تھا، لیکن الیکشن کمیشن نےگلاس مانگنے پر پورا ڈرم ہی دے دیا، ہم بھی پورے حلقے میں انتخاب کے لیے 200 فی صد تیار ہیں۔

    پی ٹی آئی امیدوار کا کہنا تھا کہ این اے 75 میں پی ٹی آئی کے 55 ہزار ووٹ بڑھ گئے ہیں، کس نے معرکہ مارا، کون جیتا، مریم نواز یہ سب دیکھ لیں۔

    علی اسجد ملہی نے سینیٹ انتخابات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا بے شک حفیظ شیخ ہارگئے لیکن عمران خان کا بیانیہ جیت گیا، عمران خان کے پاس اخلاقی قوت ہے، اور قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

    انھوں نے نکتہ اٹھایا کہ الیکشن کمیشن این اے 75 کے لیے رات 3 بجے چیف سیکریٹری کو کال کرتا رہا، لیکن یوسف رضاگیلانی کی بات آئی تو شام 7 بجے الیکشن کمیشن بند ہو گیا تھا۔

    واضح رہے کہ این اے 75 ڈسکہ میں پی ٹی آئی امیدوار علی اسجد ملہی نے گزشتہ روز الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔