Tag: علی امین

  • کے پی حکومت نے ساڑھے 11 کروڑ کے بسکٹ کھائے؟ علی امین نے طلال چوہدری کو جواب دے دیا

    کے پی حکومت نے ساڑھے 11 کروڑ کے بسکٹ کھائے؟ علی امین نے طلال چوہدری کو جواب دے دیا

    مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کی جانب سے کے پی حکومت پر 11 کروڑ کے بسکٹ کھانے کے الزام پر وزیراعلیٰ علی امین کا ردعمل بھی آ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ کے مرکزی رہنما طلال چوہدری نے آج پریس کانفرنس میں خیبر پختونخوا میں کرپشن کا الزام عائد کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ صوبائی حکومت نے صرف ساڑھے 11 کروڑ روپے بسکٹ کھانے میں ہی اڑا دیے۔

    ن لیگی رہنما کے ان الزامات پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے ساڑھے 11 کروڑ روپے کے بسکٹ نہیں کھائے، البتہ 400 کلاس فور ملازمین کو کھانا دیا۔

    علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اخراجات کیے ہیں تو 250 ارب روپے کی بچت بھی کی ہے۔ بیورو کریسی کو کنٹرول میں رکھنا سیاسی قیادت کا کام ہے اور یہ ہم کر کے دکھائیں گے۔

    وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ صوبے سے کرپشن مکمل ختم نہیں ہوئی، مگر ہم نے اسے کنٹرول ضرور کر لیا ہے۔ میں گزشتہ 12 سال نہیں، بلکہ صرف اپنے 15 ماہ کے دور حکومت کا حساب دینے کا پابند ہوں۔

    https://urdu.arynews.tv/talal-chaudhry-kp-govt-11-crore-biscuits/

  • میں وزیراعلیٰ ہوں، تم میرا راستہ نہیں روک سکتے، علی امین کی اڈیالہ جیل کے باہر پولیس سے تلخ کلامی

    میں وزیراعلیٰ ہوں، تم میرا راستہ نہیں روک سکتے، علی امین کی اڈیالہ جیل کے باہر پولیس سے تلخ کلامی

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی اڈیالہ جیل جانے سے روکے جانے پر پولیس سے کہا ہے کہ میں چیف منسٹر ہوں تم مجھے نہیں روک سکتے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملنے سے لیے اڈیالہ جیل کی طرف پیدل مارچ کیا۔ اس موقع پر پولیس نے انہیں روکا پر جس پر انکی تلخ کلامی ہوئی۔

    علی امین گنڈاپور نے کہا کہ تم میرا راستہ نہیں روک سکتے، میں چیف منسٹر ہوں اور میرے پاس عدالتی حکم بھی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ پاکستان ہے اور میں ایک صوبے کا وزیر اعلیٰ ہوں۔ میں جیل جاؤں گا اور مجھے کوئی نہیں روک سکتا۔

    اس موقع پر پولیس نے انہیں کہا کہ آپ تھوڑا انتظار کر لیں جس کے بعد انہیں مقامی ہوٹل کی جانب لے جایا گیا جہاں پولیس اور علی امین کے درمیان کچھ دیر گفتگو ہوئی۔

  • جی ایچ کیو حملہ کیس میں شاہ محمود اور علی امین پر فرد جرم عائد

    جی ایچ کیو حملہ کیس میں شاہ محمود اور علی امین پر فرد جرم عائد

    راولپنڈی: 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں شاہ محمود قریشی، علی امین گنڈا پور سمیت 14 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی، اے ٹی سی نے علی امین گنڈا پور، شاہ محمود قریشی، کنول شوزب، سمیت مزید 14 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

    عدالت نے جن ملزمان پر فرد جرم عائد کی ہے، ان میں لطاسب ستی، عمر تنویر بٹ، شبلی فراز، کنوزل شوزب، تیمور مسعود، سعد علی خان، سکندر زیب، زوہیب آفریدی، فہد مسعود، راجا ناصر محفوظ شامل ہیں۔

    انسداد دہشت گردی عدالت میں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

    اے ٹی سی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی، کیس میں نامزد مزید 6 ملزمان پر فرد جرم لگانا باقی ہے۔

    عدالت نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کردی۔

    علاوہ ازیں عمران خان کی کیس میں بریت کی درخواست پر جزوی دلائل دیے گئے، اے ٹی سی نے عمران خان ودیگر کی بریت کی درخواستوں پر کل سماعت کرے گی۔

    16 دسمبر کو انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں شیریں مزاری سمیت مزید 9 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی، جن پر فرد جرم عائد کی گئی تھی، ان میں راجا راشد حفیظ، خادم حسین، ذاکر اللہ، عظیم اللہ خان، میجر طاہر صادق، مہر محمد جاوید، چوہدری آصف شامل تھے۔

    واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔

  • علی امین گنڈاپور کا 2روزہ راہداری ریمانڈ منظور

    علی امین گنڈاپور کا 2روزہ راہداری ریمانڈ منظور

    اسلام آباد : ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی عدالت نے سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور کا دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔

    علی امین گنڈاپور کا راہداری ریمانڈ لینے کے لیے بھکر پولیس اسلام آباد کچہری پہنچی جہاں ڈیوٹی مجسٹریٹ نوید خان کی عدالت میں علی امین گنڈا پور کو پیش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی عدالت نے ڈیوٹی مجسٹریٹ نوید خان نے علی امین گنڈاپور کے خلاف 3مختلف مقدمات کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

    فیصلے کے مطابق علی امین گنڈا پور پر ناقابلِ ضمانت دفعات کے تحت تھانہ سرائے مہاجر بھکر میں پہلا مقدمہ درج ہے، سرائے مہاجر بھکر پولیس کی استدعا پر علی امین گنڈاپور کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے۔

    اس کے علاوہ دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج دوسرے مقدمے میں علی امین کا2روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے۔ علی امین گنڈاپور کو 15اپریل کو متعلقہ اے ٹی سی میں پیش کیا جائے۔

    تفصیلی فیصلے کے مطابق بھکر میں درج تیسرے مقدمے میں علی امین گنڈاپور کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے، علی امین کیخلاف تیسرا مقدمہ تھانہ سرائے مہاجر بھکر میں پنجاب اسلحہ آرڈیننس کے تحت درج ہے۔

  • ’کشمیر سے متعلق عالمی عدم توجہ کسی بڑے سانحےکا سبب بن سکتی ہے‘

    ’کشمیر سے متعلق عالمی عدم توجہ کسی بڑے سانحےکا سبب بن سکتی ہے‘

    اسلام آباد: وزیرامورکشمیر علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے اقوام متحدہ 71سال قبل پاس کی گئی قرارداد پر عمل کرائے، کشمیریوں پر جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق علی امین گنڈاپور کا یوم قراردادحق خودارادیت سے متعلق پیغام میں کہنا تھا کہ عالمی عدم توجہ کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے، مسئلہ کشمیر کو بھارت خودسلامتی کونسل میں لے کر گیا تھا، بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر یواین ایجنڈے پر پرانے حل طلب مسائل میں سے ہے، مسلئے کے حل میں ناکامی یواین کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، بھارت ہندو انتہاپسند ریاست بننے کے راستے پر گامزن ہے۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کے حوالے سے عالمی عدم توجہ کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔

    خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں دکانیں، کاروبار، تعلیمی مراکز بند ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ مقبوضہ وادی میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں مظلوم اور نہتے کشمیریوں کے قتل کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    وادی میں خوف کے سائے برقرار ہیں جبکہ سری نگر کی جامع مسجد سمیت دیگر مساجد میں نماز جمعہ ادا نہیں کرنے دی جارہی۔ قابض بھارتی فوج نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور وادی میں حالات تاحال کشیدہ ہیں اور وادی کا دنیا سے تعلق تاحال منقطع ہے۔