Tag: علی امین گنڈاپور

  • وارنٹ گرفتاری غیر قانونی ہے، علی امین گنڈاپور نے سیشن عدالت سے رجوع کر لیا

    وارنٹ گرفتاری غیر قانونی ہے، علی امین گنڈاپور نے سیشن عدالت سے رجوع کر لیا

    اسلام آباد: خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے وارنٹ گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے سیشن عدالت سے رجوع کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ کے پی نے اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں وارنٹ گرفتاری پر ایک نظرثانی درخواست دائر کی ہے۔

    نظرثانی درخواست وکیل ظہور الحسن ایڈووکیٹ کے ذریعے گزشتہ روز کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے آرڈر کے خلاف دائر کی گئی ہے، درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کی مقدمے سے بریت کی درخواست زیر التوا ہے، اور عدالت نے خلاف قانون وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

    درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے حکم نامے کے خلاف نظر ثانی منظور کی جائے۔

    علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرکے آج سیشن کورٹ میں پیش کرنے کا حکم

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سول جج شائستہ خان کنڈی نے علی امین گنڈاپور کی طبی بنیاد پر حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے تحریری حکم نامے میں کہا تھا کہ راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ نے وزیر اعلیٰ کے پی کی آج عدالت پیشی کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن آج بھی پیش نہ ہوئے اور حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر کی گئی۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ متعدد مواقع فراہم کیے جانے کے باوجود علی امین 342 کا بیان ریکارڈ نہیں کروا رہے، ایس ایچ او تھانہ بارہ کہو وزیر اعلیٰ کو گرفتار کر کے 5 ستمبر کو عدالت میں پیش کریں۔

  • عدالت نے علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

    عدالت نے علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

    اسلام آباد: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کی سول جج شائستہ خان کنڈی نے وزیر اعلیٰ کے پی کے خلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت کی، عدالت نے علی امین گنڈاپور کی طبعی بنیادوں پر کیس میں عدالت حاضری سے معافی کی درخواست مسترد کر دی، اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

    عدالت نے ایس ایچ او تھانہ بارہ کہو کو کل علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا، کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے میڈیا نمائندگان کو بھی کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا، بعد ازاں کیس کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی۔

    علی امین گنڈاپور کے وکیل ظہور الحسن راجہ عدالت میں پیش ہوئے، جج شائستہ کنڈی نے استفسار کیا ملزم کہاں ہے صبح سے 3 بار کیس کال ہوا وہ پیش نہیں ہوئے، معاون وکیل فتح اللہ برکی نے بتایا کہ پشاور میں سیلاب کی صورت حال ہے۔ خاتون جج نے کہا کیا آپ کو پتا ہے گزشتہ تاریخ پر وکیل صاحب کو کہا تھا کہ کیا آپ کے یہی معاملات چلتے رہیں گے، وکیل ظہور الحسن سے استفسار کرتے ہوئے انھوں نے کہا آپ کا انڈر ٹیکنگ کیا تھا؟ یاد ہے نا آپ کو۔

    گورنرکے پی نے وزیر اعلیٰ سے اعتماد کا ووٹ لینے کا مطالبہ کر دیا

    وکیل ظہور الحسن ایڈووکیٹ نے کہا علی امین گنڈاپور کی میڈیکل رپورٹ جمع کرائیں گے، ان کی طبیعت ناساز ہے، جج شائستہ کنڈی نے کہا آپ کے وکیل نے کہا کہ سیلاب کا مسئلہ ہے اور آپ کہہ رہیں ہیں طبیعت ناساز ہے، آپ کو میں نے پچھلی بار بھی ریلیف دیا آپ نے کہا لمبی تاریخ دیں میں نے دی۔

    ایڈووکیٹ نے کہا 5 کیسز تھے ابھی فری ہو کر عدالت میں پیش ہوا ہوں، ہماری بریت کی درخواست التوا میں ہے، جج نے کہا سپریم کورٹ ججمنٹ ہے کیس آخری مراحل میں ہو تو میرٹ پر فیصلہ کیا جائے، 8 ویں بار 342 کا بیان ریکارڈ نہیں ہوا پھر کہتے ہیں فئیر ٹرائل کا حق نہیں ملتا۔

    وکیل نے کہا یہ زیادتی ہے ملزم ایک صوبے کے چیف منسٹر ہیں، میں موجود ہوں آپ اس کے باوجود سخت آرڈر کر رہی ہیں، جج نے کہا اگر کیس میں کچھ نہیں تو بہادر بنیں عدالت کا سامنا کریں۔

  • گورنرکے پی نے وزیر اعلیٰ سے اعتماد کا ووٹ لینے کا مطالبہ کر دیا

    گورنرکے پی نے وزیر اعلیٰ سے اعتماد کا ووٹ لینے کا مطالبہ کر دیا

    پشاور: خیبر پختونخوا کے گورنر نے وزیر اعلیٰ کے پی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا مطالبہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے اعتماد کا ووٹ لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ گورنر کے پی نے کہا کہ علی امین اعتماد کھوچکے ہیں، وہ اعتماد کا ووٹ لے لیں، ان کے پاس اعتماد کے ووٹ نہیں ہیں، ایسا نہ ہو تحریک عدم اعتماد آ جائے۔

    فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ کے پی اسمبلی کا اجلاس 4 بار ملتوی کیا جا چکا ہے، اور حکومت بوکھلاہٹ میں کابینہ سے لوگوں کو نکال رہی ہے، انھوں نے کہا صوبے کا کپتان نااہل ہے، پہلے غلط ٹیم چنی اور اب ہر ہفتے تبدیلی کر رہا ہے، کھلاڑیوں کی تبدیلی فٹبال میں دیکھی ہے یہ تو کرکٹ کے کھلاڑی ہیں، اگر کوئی کرپٹ ہے تو اسے سزا دی جائے، کمیٹی بنائی جائے۔

    انھوں نے کہا اٹھارویں ترمیم کے بعد امن قائم کرنا صوبے کی ذمہ داری ہے، اور کے پی حکومت امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، صوبے میں دن دہاڑے روڈ بند ہوتے ہیں، لوٹ مار کا بازار گرم ہے، وزیر اعلیٰ پرسوں اپنے حلقے میں موجود تھے جہاں لوٹ مار ہو رہی ہے، ہمارے وزیر اعلیٰ کے پی کو جو مینڈیٹ ملا تھا اس میں بھی ناکام ہو چکے ہیں۔

    فیصل کریم نے کہا کے پی کی 26 یورنیورسٹیز میں وائس چانسلر ہی نہیں ہیں، انھوں نے یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کے لیے اپنے لوگوں کو لگانے کی کوشش کی، جب کہ پشاور ہائیکورٹ نے کے پی حکومت کی پٹیشن مسترد کی اور یونیورسٹیز وائس چانسلر لگانے کا حکم دیا، جب تک میں گورنر ہوں یونیورسٹی کی ایک انچ زمین بھی نہیں بیچنے دیں گے۔

  • علی امین گنڈاپور پنجاب میں پارٹی عہدیداروں کی تبدیلی کیلئےکوشاں

    علی امین گنڈاپور پنجاب میں پارٹی عہدیداروں کی تبدیلی کیلئےکوشاں

    اسلام آباد: خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور پنجاب میں سیاسی عہدیداروں کی تبدیلی کیلئےکوشاں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور نے حماد اظہر کو ہٹواکر شیخ وقاص اکرم کولانے کیلئےبانی پی ٹی آئی کو سفارش کی، علی امین گنڈاپور نے حماد اظہر کو ہٹانے کے لیے متبادل کا نام پیش کیا۔

    پارٹی ذرائع نے بتایا کہ حماد اظہر اور اسلم اقبال کے درمیان اختلافات کے باعث پارٹی میں اتفاق رائے میں مشکلات پیش آرہی تھیں۔

    شیخ وقاص کو پنجاب کا صدر بنانے کیلئےعلی امین اور شبلی فراز بانی کو قائل کررہے ہیں، پنجاب میں متبادل عہدیداروں کیلئے کے پی ہاؤس میں رہائش، مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی کو پیغام دیا کہ میاں اسلم اقبال پارٹی کو متحد نہیں رکھ سکیں گے، حماد اظہر کے نام پر تحفظات ہیں اس لیے متبادل نام ہونا چاہیے۔

  • خیبرپختونخوا میں صوبائی کابینہ اور پی ٹی آئی تنظیمی عہدوں میں ردوبدل متوقع

    خیبرپختونخوا میں صوبائی کابینہ اور پی ٹی آئی تنظیمی عہدوں میں ردوبدل متوقع

    پشاور : خیبرپختونخوا میں صوبائی کابینہ اور پی ٹی آئی تنظیمی عہدوں میں ردوبدل کا امکان ہے ، اس حوالے سے کے پی آج اہم فیصلوں کا اعلان کریں گے۔

    خیبرپختونخوا میں صوبائی کابینہ اور پی ٹی آئی تنظیمی عہدوں میں ردوبدل متوقع ہے، ذرائع نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایات وزیراعلیٰ کے پی کو موصول ہوگئیں، آج علی امین گنڈا پور اہم فیصلوں کا اعلان کریں گے۔

    اس سے قبل وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نےعاطف خان،شیرعلی ارباب کوپارٹی عہدوں سے ہٹا دیا تھا ، عاطف خان پی ٹی آئی پشاور ریجن کے صدر اور شیرعلی ارباب ضلع پشاورکے صدر تھے۔

    عاطف خان نے برطرف وزیر شکیل خان کے حق میں بیان دیا تھا جبکہ شیرعلی ارباب نےوزیراعلیٰ پر اعتماد سے متعلق اقرار نامے پر دستخط کرنےسے انکار کیا تھا۔

    پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکریٹری علی اصغرخان نے نوٹیفکیشن جاری کردیئے ہیں۔

    گذشتہ روز وزیراعلیٰ کےپی علی امین گنڈا پور کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی تھی۔

    ملاقات میں کے پی میں کرپشن تحقیقات ،جلسے سےمتعلق بھی امور پر بات چیت ہوئی اور بانی پی ٹی آئی نےعلی امین گنڈا پور کو خصوصی ہدایت بھی جاری کیں۔

    علی امین گنڈاپور اور بانی پی ٹی آئی کی ملاقات پونے 2 گھنٹے جاری رہی ، ملاقات میں صوبےکی موجودہ صورت حال اور 8 ستمبر کے جلسے سے متعلق بھی گفتگو ہوئی تھی۔

  • وزیر اعلیٰ کے پی نے جلسہ ملتوی کرنے کے لیے بانی پی ٹی آئی کے میسجز دیکھنے سے بھی انکار کیا تھا، انکشاف

    وزیر اعلیٰ کے پی نے جلسہ ملتوی کرنے کے لیے بانی پی ٹی آئی کے میسجز دیکھنے سے بھی انکار کیا تھا، انکشاف

    پشاور: پی ٹی آئی جلسہ ملتوی کرنے کے لے وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور اور حکومتی رابطوں کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف حلقوں نے پی ٹی آئی جلسہ ملتوی کرنے کے لیے پہلے علی امین گنڈاپور سے رابطہ کیا تھا، تاہم ان کے انکار پر اعظم سواتی اور بیرسٹر گوہر سے رابطے کیے گئے۔

    علی امین گنڈاپور کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ انھوں نے رابطہ کرنے والوں کو جلسہ ملتوی کرنے کی حامی نہیں بھری تھی، ان کو بانی پی ٹی آئی کا آڈیو اور ویڈیو پیغام بھی دکھانے کی آفر بھی کی گئی، لیکن علی امین نے میسجز دیکھنے سے انکار کیا۔

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے بھی شرائط دی گئی تھیں، علی امین نے کہا بانی پی ٹی آئی کو جیل سے نکال کر سامنے لایا جائے یا ویڈیو پر رابطہ کرائیں، انھوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے کے لیے بھی نہیں جاؤں گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور اور بانی پی ٹی آئی کے درمیان 25 دن سے زائد سے ملاقات نہیں ہوئی ہے، علی امین گنڈاپور نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ ان کی کوئی حیثیت نہیں، بانی جو حکم کریں گے اس پر عمل کریں گے۔

  • کوئی عدم اعتماد لے آئے علی امین گنڈاپور اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیں، فیصل کنڈی

    کوئی عدم اعتماد لے آئے علی امین گنڈاپور اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیں، فیصل کنڈی

    پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مشورہ ہے کوئی عدم اعتماد لے آئے علی امین گنڈاپور اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیں۔

    گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا جلسہ ہونا تھا جو نہیں ہوا، صبح ساڑھے 7 بجے اعظم سواتی آئے کہ جلسہ ملتوی کردیا گیا ہے، جلسے کے التوا پرعلیمہ خان نے سخت ردعمل دیا کہ کس نےفیصلہ کیا۔

    فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جلسے کے لئے بھرپور سرکاری وسائل کا استعمال کیا گیا، جلسے کے لیے لوکل ایڈمنسٹریشن اور ڈپٹی کمشنر نے لوگوں کو سہولت دی۔

    گورنر کے پی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ 8 ستمبر کو بھی جلسہ نہیں کرسکیں گے، خیبر پختونخوا میں ہر سطح پر کرپشن ہورہی ہے، خیبر پختونخوا میں ٹرانسفر پوسٹ کی قیمت مقرر ہے، کرپشن کے خلاف احتجاج کرنے والے وزیر شکیل خان کو ہٹا دیا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ جب شکیل خان نے ایوان میں بات کرنے کا اعلان کیا تو اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرایا گیا، سرکاری افسران بھی اپنا رویہ درست کرلیں، ایم پی ایز کے کام نہ روکیں۔

    فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ اپنے ضلع میں امن وامان قائم کرنے میں ناکام ہیں، دہشت گردوں کو اجازت ہے مگر سیاحوں کو آنے کی اجازت نہیں۔

  • بے روز گار پاکستانی نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

    بے روز گار پاکستانی نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

    پشاور : بے روز گار پاکستانی نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی، روزگار کی فراہمی کے 3 بڑے منصوبے سامنے آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا انقلابی اقدام سامنے آیا۔

    نوجوانوں کو برسر روزگار کرنے کے لئے 3 بڑے منصوبے تیار کرلیے گئے ، احساس روزگار،احساس ہنر،احساس نوجوان روزگار پروگرامز کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔

    علی امین گنڈاپور  نے محکموں کو مفاہمت کی یاداشتیں جلد طے کرنے کی ہدایت کردی ہے ، احساس نوجوان روزگار اسکیم کے تحت 1کروڑ تک سافٹ لون فراہم کیے جائیں گے۔

    روزگار پروگرامز کے تحت نیا کاروبارشروع کرنے،موجودہ کاروبارکی توسیع کیلئے2لاکھ تک بلاسودقرضہ دیاجائے گا جبکہ احساس ہنرپروگرام کےتحت ہنرمند نوجوانوں کو کاروبار کیلئے 5 لاکھ تک بلاسود قرضہ دیا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے’’احساس اپناگھر‘‘ پروگرام پر بھی پیشرفت کاجائزہ لیا ، جس کے تحت مستحق خاندانوں کومکان کی تعمیر، توسیع و مرمت کیلئے 15 لاکھ تک بلاسود قرضہ دیا جائے گا۔

  • اداروں سے درخواست ہے نیوٹرل ہوجائیں ، علی امین گنڈاپور

    اداروں سے درخواست ہے نیوٹرل ہوجائیں ، علی امین گنڈاپور

    پشاور: وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا اداروں سے درخواست ہے نیوٹرل ہوجائیں، لوگ سمجھ رہے ہیں حکومت کو لانے والے آپ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے صوبے کا کلچر ہے پیار سے مانگو تو جان بھی دیتےہیں۔

    علی امین نے بتایا کہ اییکس کمیٹی کےاجلاس میں چیزیں منظورہوئیں، ایپکس کمیٹی اجلاس میں تمام ادارے موجودتھے، اجلاس میں تمام چیزیں متفقہ طورپرمنظور ہوئی ہیں، جوبھی پالیسی ہوگی اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

    موجودہ حکومت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اندرکچھ اورباہرکچھ اورہے، ان کایہی کردار ہے ہمارا اور پارٹی کا کردار سب کے سامنے ہے، وفاق سےصوبےکاپیسہ نکال کررہوں گا۔

    وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ یہ لوگ نکمےہیں جس چیزکوہاتھ لگاتےہیں تباہ ہوجاتی ہے، اداروں سےدرخواست ہے نیوٹرل ہو جائیں، لوگ سمجھ رہےہیں حکومت کولانےوالے آپ ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ہم نےکبھی بھی اقتدارکیلئےسیاست نہیں کی، دوبڑےصوبوں میں الیکشن کرانے کیلئے آئینی طور پر اسمبلیاں تحلیل کیں، ہم نے آئین کی پاسداری کی انہوں نے آئین توڑا۔

    وزیراعلیٰ نے بتایا کہ معاشی حوالےسے ملک کے حالات اچھے نہیں، ملک میں دہشت گردی میں اضافہ ہوا، پی ٹی آئی نے اپنے دور میں عوام کو ریلیف دیاتھا، ہمارے دور میں پیٹرول کی قیمت بہت کم تھی۔

  • پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ ، علی امین گنڈاپور  کا ردعمل  آگیا

    پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ ، علی امین گنڈاپور کا ردعمل آگیا

    پشااور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سیاسی میدان میں بانی اور پی ٹی آئی کا کسی صورت مقابلہ نہیں کر سکتی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا ردعمل سامنے آگیا ، جس میں انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مینڈیٹ چور ہےاورجعلی طریقے سے قابض ہے، کس بنیاد پر حکومت پارٹی پر پابندی لگائے گی؟ ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت پرپابندی کافیصلہ حکومت کی خواہش سے زیادہ کچھ نہیں۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ حکومت سیاسی میدان میں بانی اور پی ٹی آئی کا کسی صورت مقابلہ نہیں کر سکتی، فسطائیت اورتمام حربوں باوجودحکومت کو منہ کی کھانی پڑھ رہی ہے، کیایہ ملک صرف ان کاہےکہ یہ جو دل میں آئے فیصلے کریں؟

    انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نےآئین کےمطابق مخصوص نشستوں پرفیصلہ کیا، حکومت کو سپریم کورٹ کےفیصلے پرتکلیف ہو رہی ہے، اس حکومت نےخودماضی میں سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا۔

    وزیراعلیٰ کے پی کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن ٹریبونل اورمستقبل میں آنیوالےفیصلوں سےان کادھڑن تختہ ہوجائے گا ، حکومت کو اپنا خاتمہ نظر آرہا ہے اس لئے بوکھلاہٹ میں احمقانہ بیانات دے رہے ہیں، ہم نے پہلے بھی ان کا مقابلہ کیا اورآئندہ بھی کریں گے۔