راولپنڈی : انسداد دہشت گردی کی عدالت راولپنڈی نے 26 نومبر کے مقدمات میں علیمہ خان، علی امین گنڈا پور، شیخ وقاص اکرم سمیت پی ٹی آئی کے 18 رہنماؤں کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے مقدمے میں عدم پیشی پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 18 رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
جج امجد علی شاہ کی عدالت میں تھانہ واہ کینٹ کے مقدمے کی سماعت کے دوران پراسیکیوشن ٹیم کی درخواست پر یہ وارنٹس جاری کیے گئے۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ تمام ملزمان کو گرفتار کر کے 8 اگست کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے والوں میں علیمہ خانم، علی امین گنڈاپور، شیخ وقاص اکرم، کنول شوزب، سردار منصور سلیم، زبیر خان نیازی، اجمل صابر، عامر مغل اور دیگر شامل ہیں۔
پراسیکیوشن ٹیم کے مطابق نامزد ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہو چکے ہیں تاہم عدالت نے مقدمے کے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر مکمل ریکارڈ کے ساتھ پیش ہونے کا حکم بھی دیا ہے۔
یاد رہے کہ 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے دوران مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں اشتعال انگیزی، نقصِ امن، اور پولیس سے مزاحمت جیسے الزامات شامل ہیں۔