Tag: علی امین گنڈا پور

  • بانی پی‌ ٹی آئی نے علی امین گنڈا پور کو عہدے سے  ہٹا دیا

    بانی پی‌ ٹی آئی نے علی امین گنڈا پور کو عہدے سے ہٹا دیا

    راولپنڈی : بانی پی‌ ٹی آئی نے علی امین گنڈا پور کو پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی صدارت سے ہٹا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق علی امین گنڈاپور کو پی ٹی آئی خیبرپختونخواکی صدارت سے ہٹا دیا گیا، سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ علی امین گنڈاپوراحسن طریقے سے ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے گنڈا پور کی خواہش پر فیصلہ کیا اور جنید اکبر کو صدر مقرر کردیا۔

    سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا 28 جنوری سے قبل پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کرائی جائے، ملاقات کے بعد مذاکرات سے متعلق دیکھتے ہیں لیکن جوڈیشل کمیشن کےمطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

    انھوں نے بتایا کہ پنجاب میں پارٹی منظم کرنے سے متعلق مزید لوگوں کواہم ذمہ داریاں دی جائیں گی ، عالیہ حمزہ کو بھی پنجاب میں اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی۔

    سیکرٹری جنرل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے چیف جسٹس پاکستان کے نام اوپن لیٹر لکھا ہے، ہمارا مطالبہ ہے 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

    سلمان اکرم نے بتایا کہ بانی نے کہا یہ نہیں ہوسکتا تو ہم نے کہا پھریہ ملک حجانی کیفیت میں رہے گا، بلوچستان میں گمشدہ لوگوں کا مسئلہ اٹھائیں گے ، کوئی نہ سمجھے کہ ہم پیچھے ہٹنے والے ہیں۔

  • علی امین گنڈا پور نے صوبہ دہشتگردوں کے حوالے کردیا ہے: فیصل کریم کنڈی

    علی امین گنڈا پور نے صوبہ دہشتگردوں کے حوالے کردیا ہے: فیصل کریم کنڈی

    گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے صوبہ دہشتگردوں کے حوالے کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے بیانات سنے ہیں، جس کے باس کوئی دلیل نہ ہو تو آئیں بائیں شائیں باتیں کرتا ہے۔

    فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ریاست مینڈیٹ نہ دے تو کیا صوبائی سطح پر معاہدے ہونگے، پہلے بھی انہوں نے جرگہ بھیجا تھا جنہوں نے دہشتگردوں کو آباد کرایا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی نے صوبہ دہشتگردوں کے حوالے کردیا ہے، ریاست جب تک اجازت نہیں دے گی وفد بھیجنے کا فائدہ نہیں ہوگا، اگر آپ صوبہ نہیں سنبھال سکتے تو آپ وفاق سے فوج طلب کرلیں، اگر وفاق آپ کو فوج نہیں دیتی تو پھر بات ہوگی کیوں نہیں دے رہی۔

    فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کرم کا 25 کلو میٹر روڈ ہے، صوبائی حکومت اپنی رٹ قائم نہیں کرسکی، انہوں نے کابینہ کا اجلاس تک نہیں بلایا، یہ امن چاہتے ہی نہیں ہیں، وفاقی حکومت نے اپنے وفود پہلے بھی افغانستان بھیجے ہیں۔

    گورنر کے پی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی فلمی ڈائیلاگ بولتے ہیں،کبھی آپ کے پیچھے تو کبھی میرے پیچھے، پہلے کہتے تھے کہ پیسے نہیں ملتے اب انہیں کرپشن سے ہی نجات نہیں مل رہی، وفاق نے کےپی کو پیسے دیے جو کرپشن کی نذر ہوگئے۔

    فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کے دو روپ ہیں، اندر بیٹھے ہوں تو اچھے بچوں کی طرح ہوتے ہیں، یہ باہر آکر ریمکس گانے لگا دیتے ہیں، یہ بتاتے ہیں میری مجبوری ہے، 6 گھنٹے غائب بھی ہوتے ہیں، چائے پی کر باہر آجاتے ہیں 12 ضلع گھوم لیتے ہیں، جو وزیر اعلیٰ 12 ضلع گھوم کر آرہا ہو اور پھر بھی چھپ رہا ہو تو اس فلم کا نام کیا رکھیں؟

    https://urdu.arynews.tv/sharmila-farooqui-lashed-the-government/

  • افغانستان سے براہ راست مذاکرات کا اعلان ، علی امین گنڈا پور نے نیا محاذ کھول دیا

    افغانستان سے براہ راست مذاکرات کا اعلان ، علی امین گنڈا پور نے نیا محاذ کھول دیا

    ڈیرہ اسماعیل خان : وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے افغانستان سے براہ راست مذاکرات کا اعلان کرکے نیا محاذ کھول دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے افغانستان سے بات چیت کی لیکن کامیاب نہیں رہی، میں انشااللہ بہت جلد اپنا وفد افغانستان بھیج رہا ہوں۔

    علی امین کا کہنا تھا کہ صوبہ اپنا جرگہ افغانستان بھیجے گا، اس حوالے سے صوبے میں مشاورت کرلی، دو ہفتے میں وفد کابل جائے گا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ وہ ہماری بات مانیں گے تمام مسائل حل ہوجائیں گے، انشااللہ بہت جلداس مسئلے کا حل نکال کرآپ کے سامنے رکھیں گے، اُمید ہے ہمارے جرگے کے ساتھ تعاون کریں گے۔

    یاد رہے گذشتہ سال بھی وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ کسی کے باپ کا نوکر یا غلام نہیں، کئی بار کہا افغانستان سے بات کریں لیکن ان کو سمجھ میں نہیں آتا، میرے لوگ مر رہے ہیں میں خاموش نہیں بیٹھ سکتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت افغانستان سے براہ راست بات کرے گی میں اپنا وفد کابل بھیج رہا ہوں۔

  • علی امین گنڈا پور کی طاقتور حلقوں سے بیک ڈور رابطوں کی تصدیق

    علی امین گنڈا پور کی طاقتور حلقوں سے بیک ڈور رابطوں کی تصدیق

    اسلام آباد : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے طاقتور حلقوں سے بیک ڈور رابطوں کی تصدیق کردی اور کہا اعتماد بحال ہوا ہے تو یہ چیزیں ہو رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نےمذاکراتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہیں ملاقاتیں اور مثبت پیش رفت ہو رہی ہے اعتماد قائم ہوا ہے تو ہی سب ہو رہا ہے۔

    مولانا فضل الرحمان سے متعلق سوال پر علی امین کا کہنا تھا کہ مولانا کہتے ہیں میری تیسرے درجے کی لیڈر شپ بانی پی ٹی آئی سے ملے گی، مولانا فضل الرحمان کی سیاسی حیثیت بانی پی ٹی آئی جتنی نہیں ہے، ان کو کے پی انتخابات پر اعتراض ہے تو آئیں حلقے کھول لیتےہیں، اگر کوئی اس طرح کے بیانات دے گا تو بطور وزیراعلیٰ اس کا جواب دوں گا۔

    انھوں نے کہا کہ مولانا صاحب آپ کے ساتھ دھوکا ضرور ہوا جو وعدے ہوئے وہ پورے نہیں ہوئے، جنہوں نے آپ کے ساتھ دھوکہ کیا ان کا نام لیں ہمارے اوپر بات نہ کریں۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بانی پی ٹی آئی ہمارے درمیان ہونگے، جب تک سانسیں ہیں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا ہوں، 26 نومبرکو جو ہوا فارم 47 سے بنی جعلی حکومت کو حساب دینا ہوگا۔

    فیصل کریم کنڈی پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حلقے کے عوام جانتے ہیں گورنر اور مجھ میں کون زیادہ طاقتور ہے، فیصل کریم کنڈی کو چاہیے گورنر ہاؤس میں رہتے ہیں، نمک حلال کریں، کوئی اس طرح کے فورم پر غلط اعداد و شمار دے گا تو بات نہیں کرنے دوں گا، پسند آئے تو ٹھیک ہے، نہ آئے تو بھاڑ میں جائے۔

  • آرمی چیف سے ملاقات میں وزیراعظم سے سخت گفتگو کی ساری باتیں رکھیں، گنڈا پور

    آرمی چیف سے ملاقات میں وزیراعظم سے سخت گفتگو کی ساری باتیں رکھیں، گنڈا پور

    وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ آرمی چیف سے ملاقات میں وزیراعظم سے سخت گفتگو کی ساری باتیں رکھیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اہم موضوعات پر بات کی۔

    وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم کے ساتھ سخت گفتگو ہوئی تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات میں سخت گفتگو کی ساری باتیں رکھیں، میں نے چھبیس نومبرسے متعلق بات کرنا تھی، اسحاق ڈارمیٹنگ میں موجود تھے،انہوں نے معاملہ اٹھایا تو میں نے تمام باتیں کردیں۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ گورنر کے پی نے وفاقی فنڈز سے متعلق غلط بیانی کی تو انہیں ٹوکا، وہ کہنے لگے مجھے گفتگو سے نہ روکیں، میں نے کہا گورنر کے پی گفتگو کرلیں تو اجلاس میں شریک ہوجاؤں گا پھر میں اٹھ کر چلا گیا۔

    وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ افغان حکام فتنہ خوارج کو اپنی سرزمین پر ٹھکانے کیوں دے رہے ہیں ہمیں سوچنا چاہیے۔

    واضح رہے کہ عدالت نے وزیراعلی کے پی علی امین گنڈاپور کو غیرقانونی اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    گزشتہ ہفتے ہونے والی سماعت میں اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے وزیراعلی کے پی علی امین گنڈاپور کیخلاف غیرقانونی اسلحہ اورشراب برآمدگی کیس کی سماعت کی۔ بعد ازاں کیس کی سماعت 21 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔

  • علی امین گنڈا پور کو گرفتارکر کے پیش کرنے کا حکم

    علی امین گنڈا پور کو گرفتارکر کے پیش کرنے کا حکم

    اسلام آباد : غیرقانونی اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں وزیراعلی کے پی علی امین گنڈاپور کو گرفتارکر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے وزیراعلی کے پی علی امین گنڈاپور کیخلاف غیرقانونی اسلحہ اورشراب برآمدگی کیس کی سماعت کی۔

    مقدمے کے تفتیشی افسر اور علی امین کے وکیل راجہ ظہورالحسن بھی عدالت پیش نہ ہوئے، جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہ ملزم پیش ہوااور نہ ہی وکیل۔

    عدالت نے مسلسل عدم پیشی پر علی امین کوگرفتارکرکےپیش کرنے کا حکم دے دیا اور کہا کہ ایس ایس پی آپریشنز علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرکے پیش کریں۔

    بعد ازاں عدالت نے غیرقانونی اسلحہ اورشراب برآمدگی کیس کی سماعت 21 جنوری تک ملتوی کردی۔

    یاد رہے گذشتہ سال نومبر میں اسلام آباد کی عدالت نے وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں اشتہاری قرار دیا تھا اور کیس کو دیگر ملزمان سے الگ کر دیا تھا۔‘

    ملزمان راجا خرم نواز، فیصل جاوید، راجا راشد حفیظ، واثق قیوم، اور عمر تنویر کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جبکہ اس دوران تمام غیر حاضر ملزمان کے وکلا نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی، تاہم عدالت نے ان درخواستوں کو مسترد کر دیا تھا۔

  • علی امین گنڈا پور کو بڑا ریلیف مل گیا

    علی امین گنڈا پور کو بڑا ریلیف مل گیا

    راولپنڈی : انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی منسوخ کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ حسن ابدال کے جلاؤ گھیراؤ کیس میں وزیراعلی خیبرپختونخوا کے جاری وارنٹ گرفتاری اور اشتہاری قرار دینے کے معاملے پر اہم پیش رفت ہوئی۔

    کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی، سماعت میں پشاور ہائی کورٹ کے سولہ جنوری تک علی امین کے بتیس مقدمات میں حفاظتی ضمانت کا حکم پیش کیا گیا۔

    مزید پڑھیں : وزیراعلی خیبرپختونخوا اشتہاری قرار

    جس کے بعد عدالت نے علی امین کے حسن ابدال کے مقدمہ میں اشتہاری قرار دینے اور دیگر وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔

    تھانہ حسن ابدال میں جلاؤ گھیراؤ کیس میں صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کو راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے مسلسل عدم پیشی پر اشتہاری قرار دیا تھا۔

    عدالت نے وزیراعلیٰ کے پی کا اشتہار جاری کرتے ہوئے انہیں 21 جنوری 2025 تک پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

  • ہمارے مطالبات نہ مانے  گئے تو تحریک کیلئے تیار ہیں، علی امین گنڈا پور

    ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو تحریک کیلئے تیار ہیں، علی امین گنڈا پور

    پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو تحریک کیلئے تیار ہیں ، یہ لوگ شام اور بنگلادیش کی طرح ہیلی کاپٹرمیں بھاگیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخواعلی امین گنڈاپور نے اےآروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان کیلئے مذاکرات کر رہے ورنہ ان کیساتھ مذکرات بنتے بھی نہیں، موجودہ حکومت نے مینڈیٹ چوری کیا عوام کے ووٹوں کے بغیر آئی ہے۔

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ امید ہے مذکرات میں ہمارے مطالبات منظور کیے جائیں گے، اگر مطالبات منظور نہیں کیے گئے تو پھر ہم تحریک کیلئے تیار ہیں، مطالبات میں بانی پی ٹی آئی سمیت جتنے اسیران ہے ان کی رہائی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ 9 مئی کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنایا جائے، 26 نومبر کی تحقیقات کی جائیں اور مینڈیٹ چوری کیا ہوا ہے فارم 47 ان لوگوں کے پاس نہیں وہ دکھائیں۔

    وزیراعلیٰ کے پی نے مزید کہا کہ ہمارےمطالبات میں حقیقی آزادی بھی شامل ہیں، حکومت آئین اورقانون کی دھجیاں اڑا رہی ہے ، 2025 حقیقی آزادی کا سال ہو گا۔

    انھوں نے خبردار کیا کہ اگر مذاکرات میں ہمارے مطالبات پر بات نہیں کی جائے گی تو پھر ان لوگوں کو بھاگنے پر مجبور کر دیں گے، یہ لوگ پھرشام اور بنگلادیش کی طرح ہیلی کاپٹرمیں بھاگیں گے، لیکن ہم لوگ انہیں بھاگنے نہیں دیں گے، ہم ملک کا پیسہ لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ مذکرات کے لیے بیٹھوں اوراپنی غلطی تسلیم کرو ،انسان بن جاؤاگر نہیں بنتےتوپھر ہمیں بنانا آتا ہے، ہمارے پاس عوامی طاقت ہے، بیرونی طاقتوں کی ضرورت نہیں، بیرونی طاقتوں کا سہارا تو یہ لوگ لیتے ہیں، فضل الرحمان اور حیدر ہوتی نے خود مانا پی ٹی آئی کی حکومت کیسے گرائی گئی۔

  • سول نافرمانی شروع کرنے کیلئے بانی کے حکم کا انتظار ہے، علی امین گنڈا پور

    سول نافرمانی شروع کرنے کیلئے بانی کے حکم کا انتظار ہے، علی امین گنڈا پور

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ میں پورے صوبے کا نمائندہ ہوں، مجھے کسی سے کلیئرنس کی ضرورت نہیں۔

    پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ جو اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں کیا انکی کلیئرنس ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سول نافرمانی شروع کرنے کیلئے بانی پی ٹی آئی کے حکم کا انتظار ہے، بانی پی ٹی آئی جب بتائیں گے تب سول نافرمانی تحریک شروع ہوگی

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ مجھے کل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرنے دی گئی۔

    دوسری جانب گزشتہ روز وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مذاکرات کرنا ہیں تو پہل بانی پی ٹی آئی کو کرنا ہوگی۔

    نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ لوگوں نے شور مچایا ہوا ہے مجھے کسی مذاکرات کا نہیں پتا، پارٹی میں مذاکرات کرنے والے وزیر بھی لاعلم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اگر مذاکرات کرنا ہوں تو چپ رہتے ہیں زبان نرم کرتے ہیں۔

    ’فیض حمید تنہا نہیں تھا قمر باجوہ بھی ساتھ تھا، ٹرائل ہونا چاہیے‘

    وزیر دفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو بتائے کہ ہم مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، اسپیکر کے ذریعے مذاکرات کا عمل شروع ہونا چاہیے، پی ٹی آئی پہلے رابطہ کرے گی اس کے بعد ہم کوئی جواب دینے کی پوزیشن میں ہوں گے۔

  • جی ایچ کیو حملہ کیس : علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    جی ایچ کیو حملہ کیس : علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    راولپنڈی : جی ایچ کیو حملہ کیس میں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور سمیت 46ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت ہوئی، مسلسل غیر حاضری پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گیے

    کیس میں دیگر46 ملزمان کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری گئے ، جس میں راجہ بشارت، زرتاج گل، بلال اعجاز اور دیگر شامل ہیں، پراسیکیوٹرز  نے مسلسل غیر حاضری پر ضمانتوں کی منسوخی اور وارنٹ اجرا کی استدعا کی تھی۔

    انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا، جج امجد علی شاہ نے ملزمان کے تحریری وارنٹ گرفتاری جاری کیے

    ملزمان کےخلاف جی ایچ کیوحملےکامقدمہ تھانہ آراےبازارمیں درج ہے اور ملزمان پر توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ، ہنگامہ آرائی اور کار سرکار میں مداخلت کا الزام ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سمیت دیگر پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی چھٹی بار ملتوی کردی گئی تھی۔

    دوران سماعت میں وکلا صفائی نے انسداد دہشت گردی عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا تھا، وکلا کا موقف تھا کہ عدالتی دائرہ اختیار کی درخواست پر فیصلہ ہونے تک ملزمان پر فرد جرم عائد نہ کی جائے۔

    بانی پی ٹی ائی کے وکیل محمد فیصل ملک کی جانب سے انسداد دہشت گردی عدالت کے دائرہ اختیارکو چیلنج کیا گیا تھا۔