Tag: علی امین گنڈا پور

  • بانی پی ٹی آئی ، علی امین گنڈا پور اور اعظم سواتی کیخلاف ایک اور مقدمہ درج

    بانی پی ٹی آئی ، علی امین گنڈا پور اور اعظم سواتی کیخلاف ایک اور مقدمہ درج

    اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی ،علی امین گنڈاپور اور اعظم سواتی کیخلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا ، جس میں اقدام قتل، دہشت گردی اور ریاست پر حملے کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی قیادت پر مقدمات درج ہونے کا سلسلہ جاری ہے، بانی پی ٹی آئی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور، اعظم سواتی اور دیگر کے خلاف اقدام قتل، دہشت گردی اور ریاست پر حملے کا ایک اورمقدمہ درج کرلیا گیا۔

    مقدمے میں عمر ایوب، بیرسٹرسیف، صدر پی ٹی آئی اسلام آباد عامرمغل اور حفیظ الرحمان ٹیپو سمیت ڈھائی ہزار نامعلوم کارکنوں کوبھی نامزد کیا گیا ہے۔

    مقدمہ تھانہ سنگجانی میں درج کیا گیا ہے، مقدمےمیں لکھا ہےبانی پی ٹی آئی نے جیل میں دی گئی سہولتوں کا ناجائزاستعمال کیا اور عمران خان کے اُکسانے پرعلی امین گنڈاپور نے سرکاری وسائل کا غلط استعمال کیا۔

    مقدمے میں کہنا تھا کہ اعظم سواتی نے مظاہرین کی مالی معاونت کی، مظاہرین نے دوعدد بارہ بورگن، بارہ اینٹی رائٹ کٹس، دو وائرلیس سیٹ اورپانچ عدد ٹیئرگیس شیل چھینی جبکہ مظاہرین نے پولیس پارٹی پرقتل کی نیت سے فائرنگ بھی کی، اہلکاروں نے درختوں کے پیچھے چھپ کرجان بچائی۔

    مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت، اغوا، ڈکیتی، سرکاری اسلحہ چھیننےسمیت دیگردفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

  • علی امین گنڈا پور کی نااہلی کیلئے درخواست دائر

    علی امین گنڈا پور کی نااہلی کیلئے درخواست دائر

    پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی نااہلی کیلئے درخواست دائر کردی گئی، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ انھوں نے حلف کی خلاف ورزی کی، آرٹیکل 62 کے تحت نااہل کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی نااہلی کیلئے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست میں دائر کردی۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی نے جلسوں کیلئے سرکاری وسائل استعمال کیے، وزیراعلیٰ کا سیاسی مقاصد کیلئے سرکاری وسائل کا استعمال کرنا غیر قانونی ہے۔

    درخواست میں کہا گیا وزیراعلیٰ کے پی نے لشکر کیساتھ وفاق پر چڑھائی کی جو تشویشناک ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کیخلاف پنجاب میں مختلف مقدمات درج ہیں۔

    درخواست میں مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ لوگوں کا لشکر پنجاب لے جاتے ہیں اور قانون ہاتھ میں لیتے ہیں،استدعا ہے کہ وزیراعلیٰ نے حلف کی خلاف ورزی کی، آرٹیکل 62 کے تحت نااہل کیا جائے۔

  • یہ جنگ تم نے شروع کی اسے ختم ہم کرکے دکھائیں گے، علی امین گنڈا پور

    یہ جنگ تم نے شروع کی اسے ختم ہم کرکے دکھائیں گے، علی امین گنڈا پور

    پشاور : وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ یہ جنگ تم نے شروع کی اسے ختم ہم کرکے دکھائیں گے، آئی جی اسلام آباد معافی مانگیں ورنہ ایف آئی آردرج کرائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کی چوبیس گھنٹے سے زائد گمشدہ رہنے کے بعد اچانک خیبرپختونخوا اسمبلی میں انٹری دی۔

    ایوان سے خطاب میں کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ مجھے اپنے ہاؤس پر فخر ہے، پاکستان کےعوام کو سلام پیش کرتا ہوں کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو ختم کرنے کے لیے سب اکٹھے ہوئے اور ہم پر حملہ کیا،ہماری پارٹی پر حملہ کرنے والے آئے روز ایکسپوز ہو رہے ہیں، ہم سے نشان چھینا گیا ، ہمارےلوگوں کو اٹھایا گیا۔

    انھوں نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی میں 6 ارکان بھی ایسے نہیں جوجیت کر آئےہوں، ہمارے لوگوں کو توڑا نہ جاتا تو کے پی اسمبلی میں اپوزیشن کا ایک رکن بھی نہ ہوتا، ہم سے ہماری دوتہائی اکثریت والی حکومت چھینی گئی، ہمیں جلسے کرنے کی اجازت نہیں، کیا یہ ملک کسی کے باپ کا ہے، ہماری حکومت میں مولانا فضل الرحمان اور بلاول نے جلسہ کیا، ہم نے مولانا فضل الرحمان اور بلاول زرداری کو کہیں نہیں روکا۔

    وزیراعلیٰ کے پی نے بتایا کہ ہم نے مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دی گئی لیکن مویشی منڈی میں اجازت دی گئی، ہم شہر سے دور جلسوں کی اجازت دی جارہی ہے رکاوٹ ڈالی گئی، ہم شہر میں جلسے کی اجازت مانگتے ہیں لیکن منڈیوں میں اجازت دی جاتی ہے، کیا ہم کوئی جانور ہیں کہ مویشی منڈیوں میں جلسے کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مجھے پہلے بھی روکا گیا تھا لیکن لاہور پہنچ گیا تھا، سنگجانی میں ایسا رستہ دیاگیا کہ ٹریفک جام ہوگیا پہنچنے میں تاخیر ہوئی، اسلام آباد جلسے کے لئے ہم بدترین شیلنگ اور ظلم کیا گیا، ہم روکنے کی کوشش کی گئی لیکن ڈی چوک پہنچے ، ایک ایک کلومیٹر کے فاصلے پر کنٹینر اور کھڈے ملے، ہمارے قافلے پر ہزاروں شیل برسائے گئے لیکن ہم پہنچے، انہیں کس چیز کا خوف ہے کیوں گھبراتےہیں؟

    علی امین نے کہا کہ کے پی ہاؤس ہمارے صوبے کی ملکیت ہے، تم فارم47 پر آجاتے ہو لیکن تمہاری کرسی کا کوئی فائدہ نہیں ہے ، تمہاری سوچ ہی ایسی ہےکہ لوگوں پر ظلم کریں، لعنت ہے تمہاری جیت پر۔

    پی ٹی آئی چھوڑنے والے رہنماوں کے حوالے سے وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ جوپارٹی چھوڑ دیں وہ 9 مئی والے نہیں جو پارٹی میں ہیں وہ 9مئی والے ہیں، پارٹی چھوڑنے والے بتائیں گے کرسی کےلیے پٹھانوں کی بے عزتی کی، جس نے پارٹی نہیں چھوڑی وہ غیرت مند لوگ ہیں، ہماری روایت ہے برے وقت میں چھوڑنے والا غدار اور بزدل ہوتا ہے۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ کے پی ہاؤس پہنچے تو دھاوا بولا گیا شیلنگ اور فائرنگ کی گئی ، آئی جی صاحب نے کے پی ہاؤس میں شیشے توڑنے شروع کئے، کے پی ہاؤس کی چیز توڑی گئی وہ صرف معافی نہیں چیزیں بنا کر بھی دے گا، ثبوت موجود ہیں کہ کے پی ہاؤس میں توڑ پھوڑ کی گئی، آئی جی کی جرات کیسے ہوئی کہ کے پی ہاؤس کی چیزیں توڑے۔

    علی امین نے بتایا کہ آئی جی نے کے پی ہاؤس میں ابھی تک بندے بٹھائے ہوئےہیں، اوئے آئی جی صاحب ، تمہارا باپ یہاں کھڑا ہے کے پی ہاؤس میں نہیں، آئی جی سن لو، میں پوری رات اسلام آباد میں ہی تھا، میری گرفتاری کے لیے 4 چھاپے مارے۔

    انھوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد معافی مانگیں، ورنہ ایف آئی آردرج کرائیں گے، آئی جی اسلام آباد معافی نہیں مانگے گا تو مقدمہ کرکے خود کارروائی کریں گے، میری گاڑی ، ذاتی اسلحہ اورگارڈ بھی لےکر چلےگئے، کے پی ہاؤس پرتعینات ڈی ایس پی کو بٹ مارے گئے، یہ سرکاری غنڈا ہے، یہ سرکاری غنڈہ اس فلور پر آکر معافی مانگے گا، آئی جی اسمبلی میں آکر معافی نہیں مانگے تو جہاں ہوگا ہم بدلہ لیں گے، آئی جی جہاں بھی ہوگا اپنی بےعزتی کا بدلہ لیں گے۔

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ملک کے آئین کا تحفظ کریں گے ، ایک شخص کےلیے قانون بنا رہے ہیں اس کےلیے سب کو اٹھا رہےہیں، نیا قانون بنا رہے ہیں کہ لوٹا کریسی جائز ہے، ایک شخص کےلیے آئین بنا رہے ہیں لیکن 25 کروڑ عوام کی فکر نہیں، ایک شخص کے لیے آپ 25 کروڑ عوام کے خلاف جارہے ہیں ، کیا اس شخص نے اتنا فائدہ دیا ہےکہ آپ مجبور ہوگئے ہو۔

    انھوں نے کہا کہ میں صرف علی امین نہیں صوبےکےعوام کا مینڈیٹ ہوں، مجھے تھریٹس ہیں مجھے کچھ ہوجاتا تو کون ذمہ دار ہوتا، میں جب کے پی ہاؤس سے نکلا تو میری جیب میں ایک روپیہ نہیں تھا،میں 3بندوں کےساتھ کےپی ہاؤس سے نکلا اور یہاں پہنچا ہوں، میں آئی جی کی وجہ سے اکیلا 12ضلع کراس کرکے اسمبلی پہنچا ہوں ،یہ جنگ تم نے شروع کی اسے ختم ہم کرکے دکھائیں گے۔

    علی امین کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل جانے سےپہلے بھی کہا تھا ملک کی خاطر مذاکرات کےلیے تیار ہوں، میں پاکستان کےلئے مذاکرات کرنے کو تیار ہوں، میں تمام اداروں، سیاسی پارٹیوں سے کہتا ہوں اصلاح کرلو، کبھی بھی ذاتی مقصد کے لیے اپنی اخلاقیات، دینی تعلیم کا راستہ نہیں چھوڑنا، کرسی میں کچھ نہیں ہے انسان کرسی بناتا ہے کرسی انسان کو نہیں بناتی۔

    وزیراعلیٰ کے پی نے مزید کہا کہ نیلسن منڈیلہ 30 سال تک جیل میں رہا اس نے ایک نظریہ دیا، نیلسن منڈیلہ نے آزاد ہوکر کہا کالے اور گورے کا فرق ختم کردو، اصلاح کرلو، ہم بار بار ظرف کا مظاہرہ کررہے ہیں، ہماری جنگ جاری ہے اور مرتے دم تک لڑیں گے، یہ جنگ تم نے مسلط کی اور تم نے شروع کی اس کا اختتام ہم کریں گے۔

  • گنڈا پور پاکستان کے کسی ادارے کی حراست میں نہیں ہے: محسن نقوی

    گنڈا پور پاکستان کے کسی ادارے کی حراست میں نہیں ہے: محسن نقوی

    وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور پاکستان کے کسی ادارے کی حراست میں نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈی چوک پر پی ٹی آئی احتجاج کے دوران مظاہرین کے تشدد سے شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رات کو افسوسناک اطلاع آئی کہ عبدالحمید شہید ہوگئے ہیں۔

    محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس اور اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، شہید کانسٹیبل کے واقعے میں جو بھی ملوث ہے ان میں سے کوئی نہیں بچے گا۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید کے دو بیٹے ہیں، ایک سی ڈی اے میں ملازم ہے، شہید عبدالحمید کیلئے شہید پیکج ایک دو روز میں دیا جائیگا۔

    محسن نقوی کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور نہ ہماری اور نہ کسی اور ادارے کی حراست میں ہیں، علی امین گنڈاپور کل رات بھاگ گئے تھے، علی امین گنڈاپور کے پی ہاؤس میں بھی موجود نہیں ہیں۔

     وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ علی امین گنڈا پور اسلام آباد کی حدود میں ہونگے تو پولیس گرفتار کرے گی، علی امین گنڈا پور خود بھاگے ہیں، ہم نے 2،3 چھاپے مارے تھے، شک تھا کہ وہ موجود ہوں گے لیکن وہ وہاں نہیں تھے، علم نہیں کہ علی امین کے پی پہنچ گئے یا نہیں، کے پی ہاؤس سے علی امین کے بھاگنے کی فوٹیج موجود ہے۔

  • سرکاری ذرائع کی علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کی سختی سے تردید

    سرکاری ذرائع کی علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کی سختی سے تردید

      اسلام آباد : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بھائی نے دعویٰ کیا ہے کہ علی امین گنڈ اپور کو حراست میں لے لیا گیا   جبکہ سرکاری ذرائع نے اس خبر کی سختی سے تردید کردی ہے

    عمرایوب کا بھی کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کو خیبرپختونخوا ہاؤس سے حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ بیرسٹرسیف کا کہنا تھا کہ پولیس نے خیبرپختونخوا ہاؤس کو سیل کر دیا ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے رابطہ نہیں ہورہا۔

    حکومتی ذرائع نے ان کی گرفتاری کی سختی سے تردید کردی مگر اس سے قبل یہ بتایا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ کے پی کیخلاف ریاست پرحملہ آور ہونے ، سرکاری املاک کونقصان پہنچانے اور سرکاری وسائل کے غلط استعمال پر کارروائی کی جارہی ہے۔

    مزید پڑھیں : علی امین گنڈ اپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    یاد رہے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے غیرقانونی اسلحہ وشراب برآمدگی کیس میں عدم پیشی پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔

    عدالت نے کہا تھا کہ متعدد مرتبہ عدالتی طلبی کے باوجود وزیراعلیٰ کے پی پیش نہ ہوئے، ان کو
    گرفتار کرکے آئندہ سماعت پرعدالت پیش کیاجائے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ARY News (@arynewstv)

  • ہم پر کسی نے تشدد کیا تو حالات کے ذمہ دار تشدد کرنے والا ہوگا، علی امین گنڈا پور کی  وارننگ

    ہم پر کسی نے تشدد کیا تو حالات کے ذمہ دار تشدد کرنے والا ہوگا، علی امین گنڈا پور کی وارننگ

    پشاور : وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے وزیرداخلہ محسن نقوی کو جوابی وارننگ دیتے ہوئے ہم پرکسی نے تشدد کیا تو حالات کےذمہ دارتشدد کرنے والا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیان کے بعد کہا کہ ہماری تیاری مکمل ہے اور ہمارا احتجاج پرامن ہے ، بانی پی ٹی آئی کا حکم میرے لئے ریڈ لائن ہے۔

    وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ ہم پر کسی نے تشدد کیا تو حالات کے ذمہ دار تشدد کرنے والے ہوں گے، مجھ سے احتجاج کے حوالے سے رابطہ کرنےکی ضرورت نہیں ، میرے پاس احتجاج ملتوی کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

    انھوں نے کہا کہ احتجاج ملتوی کرنے کا اختیار بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے ، جب تک بانی پی ٹی آئی کاحکم نہیں آتا میں آگے بڑھتا رہوں گا، اگر جلوس میں اکیلا بھی رہ گیا تب بھی آگے بڑھتا رہوں گا۔

    یاد رہے وزیرداخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی کو خبردار کیا تھا کہ ایک ملک کا سربراہ اسلام آباد میں موجود ہے، پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے، چھوٹا سا واقعہ بھی ہوگیا ملائیشیا کے وزیراعظم کی موجودگی میں تو ساری زندگی اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں دفعہ ایک چوالیس لگی ہوئی ہے،اجازت لیں پھر ضرور جلسہ کریں، وزیراعلیٰ کے پی اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں، جو ہاتھ چڑھے گا نرمی کی توقع نہ رکھے۔

  • ہر رکاوٹ عبور کرکے راولپنڈی جائیں گے ، علی امین گنڈا پور کا اعلان

    ہر رکاوٹ عبور کرکے راولپنڈی جائیں گے ، علی امین گنڈا پور کا اعلان

    پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور  نے اعلان کیا ہے کہ دما دم مست قلندر ہونے والاہے، ہر رکاوٹ عبور کرکے راولپنڈی جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی راولپنڈی لیاقت باغ کے باہر احتجاج کی تیاری مکمل ہے، وزیراعلی کے پی کی قیادت میں قافلہ منزل کی جانب گامزن ہے۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ ہر رکاوٹ عبور کرکے راولپنڈی جائیں گے، آگے دما دم مست قلندر ہونے والا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنا کام کرے، ہر چیز کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں، پنجاب حکومت جو کر سکتی ہے کرلے ہم ڈرنے والے نہیں۔

    خیال رہے لیاقت باغ کے باہر پی ٹی آئی کے مظاہرے کے اعلان پر دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی گئی ہے اور لیاقت باغ مری روڈ کو سیل کر دیا گیا ہے۔

    میٹرو بس سروس و موبائل فون سروس بھی معطل ہے اور مری روڈ سے لیاقت باغ آنے والے راستوں پر کنٹینر رکھ دیے گئے ہیں جبکہ دریائے جہلم کے تینوں پل ٹریفک کیلئے بند ہے ، جس کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں ہیں۔

  • معافی نہیں مانگوں گا پہلے حکومت مجھ سے معافی مانگے، علی امین گنڈا پور

    معافی نہیں مانگوں گا پہلے حکومت مجھ سے معافی مانگے، علی امین گنڈا پور

    پشاور : وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور نے اعلان کیا ہے کہ کسی کاغلام نہیں جو معافی مانگوں، معافی نہیں مانگوں گا پہلے حکومت مجھ سے معافی مانگے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے ویڈیوپیغام میں کہا کہ تحریک انصاف پر کسی کو ڈاکا نہیں ڈالنےدیں گے ، جوجماعتیں غیر آئینی کام کاحصہ بن رہی ہیں وہ اچھانہیں کر رہیں۔

    وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ عوام جمہوریت،آئین اور بانی تحریک انصاف کے ساتھ ہے، بانی تحریک انصاف کو گرفتار ہوئے 414 دن ہو چکے، جنہوں نے غیر قانونی طور پرتوشہ خانہ سے گاڑیاں لیں وہ براجمان ہیں۔

    انھوں نے اعلان کیا کہ معافی نہیں مانگوں گا پہلے حکومت مجھ سےمعافی مانگے، قوم غلام نہیں اور نہ ہم غلامی برداشت کریں گے۔

    مزید پڑھیں : ہمت ہے تو دوبارہ اجازت دیں آپ کو بتائیں گے جلسہ کیا ہوتا ہے، علی امین گنڈاپور

    انھوں نے نے اتوار کو میانوالی میں جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کےآزاد ہونے تک بانی آزاد نہیں ہوں گے، جمعہ کو نکلیں گے اور پرامن طریقے سے پورے ملک کے ہر شہر، ہرگاؤں میں آئین کے تحفظ، عدلیہ کی آزادی اورعمران خان کی رہائی کا مطالبہ کریں گے۔

  • میڈیا کے حوالے سے دیے گئے اپنے بیان پر کھڑا ہوں ، علی امین گنڈا پور

    میڈیا کے حوالے سے دیے گئے اپنے بیان پر کھڑا ہوں ، علی امین گنڈا پور

    پشاور: وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ میڈیا کے حوالے سے دیےگئےاپنےبیان پر کھڑا ہوں ، میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاؤس میں تقریب مین علی امین گنڈا پور نے پروگراموں کا باضابطہ اجرا کیا ، جس کے تحت 200 نوجوانوں کو مارکیٹ بیسڈ ڈیجیٹل سکلز سیکھنے کے لئے انٹرنشپس فراہم کی جائیں گی اور جوائن آئی ٹی پروگرام سے نوجوانوں کو عالمی آئی ٹی کمپنیوں سے منسلک کیا جائے گا۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ ڈیجیٹائزیشن واحد چیز ہے جو کرپشن کو ختم کر سکتی ہے، مختلف محکموں میں گورننس کے نظام کی ڈیجیٹائزیشن پر کام جاری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہری پور میں آئی ٹی سٹی قائم کی گئی ہے ،پشاور میں آئی ٹی کمپلیکس پر کام جاری ہے اور درشل انکیوبیشن پروگرام کے تحت مزید 20 سٹارٹ اپس کا اجراکیا جائے گا

    وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ میڈیا کے حوالے سے دیےگئےاپنےبیان پر کھڑا ہوں، میڈیاکےحوالےسےمیرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیاگیا، میں نےبیان میں’’کچھ‘‘کالفظ استعمال کیاتھایہ کوئی نہیں دیکھارہا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ صحافیوں نےبڑےبڑےکام کیےان کی کھل کر تعریف کی تھی اور جوکرپشن،قانون کی حکمرانی،عوامی مسائل پربات نہیں کرتاوہ صحیح صحافت نہیں کررہا ہے۔

  • علی امین گنڈا پور7 گھنٹے بعد منظرعام پر آگئے

    علی امین گنڈا پور7 گھنٹے بعد منظرعام پر آگئے

    پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختو نخوا علی امین گنڈاپور کا موبائل فون آن ہوگیا, وہ 7 گھنٹے بعد منظر عام پر آئے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے قائدین وزیراعلیٰ خیبرپختو نخوا علی امین گنڈا پور کی غیر حاضری اور ان سے متعلق خبروں کے حوالے سے کافی فکر مند تھے تاہم اب ان کو اچھی خبر مل گئی۔

    اس حوالے سے پی ٹی آئی ایم این اے شاہد خٹک نے ایکس پر شیئر کیے گئے پیغام میں کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور واپس پہنچ گئے ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختو نخوا علی امین گنڈاپور کا موبائل فون آن ہوگیا ہے اور انہوں نے اپنی سیکیورٹی بھی طلب کرلی ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پورکے سیکیورٹی اہلکار ان کے پاس پہنچ گئے ہیں، یاد رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور 7گھنٹے کے بعد منظر عام پر آئے ہیں۔

    اس حوالے سے نمائندہ اے آر وائی نیوز نے بتایا کہ وہ کسی میٹنگ تھے جہاں موبائل جیمرز لگے ہوئے تھے جس وجہ سے ان سے رابطہ نہیں ہو پارہا تھا۔

    وہ جس مقام پر گئے وہاں انکی سیکیورٹی بھی نہیں گئی تھی تاہم اب انہون نے اپنی سیکورٹی کو طلب کرلیا اور وہاں سے روانہ ہوگئے ہیں

    اس بات کی تصدیق وزیر اعلیٰ کے پی کے ترجمان فراز مغل، ان کے بھائی فیصل الامین گنڈا پور اور پی ٹی آئی ایم این اے شاہد خٹک نے بھی کی ہے۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور پشاور وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچ گئے ہیں، اس حوالے سے وزیراعلیٰ کے پی کے بھائی فیصل امین نے ان کے پشاور پہنچنے کی تصدیق کردی ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور اسلام آباد میں ایک طویل میٹنگ میں مصروف تھے۔