Tag: علی اکبر

  • پاکستان کا علی اکبر حیرت انگیز طور پر فرانس کا قومی ہیرو بن گیا

    پاکستان کا علی اکبر حیرت انگیز طور پر فرانس کا قومی ہیرو بن گیا

    راولپنڈی: پاکستان سے تعلق رکھنے والا علی اکبر حیرت انگیز طور پر فرانس کا قومی ہیرو بن گیا ہے، حکومت نے انھیں قومی اعزاز دینے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں گزشتہ نصف صدی سے اخبار بیچنے والے پاکستانی شہری کو فرانس کا اعلیٰ سول ایوارڈ دینے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

    یہ ایوارڈ غیر معمولی خدمات پر دیا جاتا ہے، اگلے مہینے فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون علی اکبر کو دی نیشنل آرڈر آف میرٹ (Légion d’Honneur) سے نوازیں گے۔

    73 سال کے علی اکبر کا تعلق راولپنڈی سے ہے، وہ 1073 سے پیرس شہر کے فیشن ایبل مقامات پر اخبارات فروخت کرتے آ رہے ہیں، جب اخبارات کی مانگ میں کمی ہوئی تو انھوں نے فروخت کے لیے مزاح کا سہارا بھی لیا، جس کی بدولت لوگ ان کی طرف متوجہ ہوتے ہیں۔

    فرانس کی جانب سے سرکاری اعزاز ایک طرف علی اکبر کی طویل خدمات کا اعتراف ہے، دوسری طرف اس سے پاکستانیوں کا سر بھی فخر سے بلند ہو گیا ہے، بتایا جاتا ہے کہ علی اکبر کو پیرس کے باسیوں نے پسندیدہ شخصیت قرار دیا، اور انھیں اب فرانس کا آخری باقی رہنے والا اخبار ہاکر سمجھا جاتا ہے۔

    علی اکبر نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ شاید یہ ایوارڈ انھیں فرانسیسی پاسپورٹ کے حصول میں مددگار ثابت ہو، انھوں نے کہا کہ پیرس تک پہنچنے کا ان کا سفر بھی کچھ آسان نہیں تھا، 1970 کی دہائی کے اوائل میں ایک بہتر زندگی کی تلاش میں جب انھوں نے پاکستان چھوڑا تو فرانس پہنچنے سے پہلے انھیں افغانستان، ایران اور یونان سے ہو کر جانا پڑا تھا۔