Tag: علی رضا سید

  • کشمیر کونسل ای یو کا اقوام متحدہ سے بھارت پر فوری پابندیوں کا مطالبہ

    کشمیر کونسل ای یو کا اقوام متحدہ سے بھارت پر فوری پابندیوں کا مطالبہ

    برسلز : کشمیر کونسل ای یو نے اقوام متحدہ سے بھارت پر فوری پابندیوں کا مطالبہ کردیا اور کہا بھارت کی دہشت گردانہ کارروائیاں عالمی امن کےلیےخطرہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے ویڈیو بیان میں امریکی کمیشن کی رپورٹ کی سراہتے ہوئے کہا کہ بھارت کی غیرملکی سرزمین پر دہشت گردانہ کارروائیاں عالمی امن کیلئےخطرہ ہے۔

    علی رضا سید کا کہنا تھا کہ سکھ رہنماؤں کے قتل کی سازشیں عالمی دہشت گردی کی مثال ہیں، مودی حکومت کشمیری مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنےکی سازش کر رہی ہے۔

    کشمیر کونسل ای یو نے اقوام متحدہ سے بھارت پر فوری پابندیوں اور کشمیری عوام پر ظلم روکنے کے لیے بھارت پر عالمی دباؤ کا مطالبہ کردیا۔

    یاد رہے امریکی کمیشن برائےمذہبی آزادی کی رپورٹ میں ’’را‘‘پرپابندیوں کی سفارش کی گئی اور بھارت کواقلیتوں کیلئے غیر محفوظ ملک قرار دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے نیویارک میں 2023میں امریکی سکھ کارکن کوقتل کرنےکی کوشش کی گئی، سازش میں بھارتی ایجنسی را اور 6 سفارتی اہلکاروں کےملوث ہونےکی کینیڈین حکام نے تصدیق کی۔

    امریکی کمیشن کے مطابق وکاش یادیو اور دیگر کے اثاثے منجمد اور امریکا داخلے پر پابندی لگائی جائے ساتھ ہی بھارت کو ڈرون اور دیگر ہتھیاروں کی فراہمی کا ازسرنو جائزہ لیا جائے۔

  • فاروق پاپا اور راجہ مظفر خان پر بھارتی الزامات من گھڑت ہیں: علی رضا سید

    فاروق پاپا اور راجہ مظفر خان پر بھارتی الزامات من گھڑت ہیں: علی رضا سید

    چیئرمین کشمیر کونسل یورپ (کے سی ای یو) علی رضا سید نے شمالی امریکا میں مقیم ممتاز کشمیری شخصیات فاروق صدیقی عرف فاروق پاپا اور راجہ مظفر خان پر بھارتی الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق سری نگر میں بھارتی سیکیورٹی فورسز نے 10 افراد کو مبینہ طور پر جموں کشمیر لبریشن فرنٹ اور حریت نامی کالعدم تنظیموں کو دوبارہ بحال کرنے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے، اور دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار شدگان بیرون ملک مقیم کشمیری شخصیات بشمول فاروق صدیقی اور راجہ مظفر سے رابطے میں تھے۔

    بھارتی قابض حکام نے ایک تفصیلی مقدمہ درج کرتے ہوئے یہ بھی الزام لگایا کہ پاکستان میں اپنے سرپرستوں اور دیگر ممالک میں مقیم شخصیات کے ساتھ رابطوں کے علاوہ، گرفتار شدگان نے عید ملن پارٹی کی آڑ میں کالعدم تنظیموں کے سابق ارکان کی ایک میٹنگ منعقد کی، جس کا مقصد علیحدگی پسندی کو فروغ دینا اور بھارت کے خلاف جنگ شروع کرنے اور بھارتی سالمیت، سلامتی اور خودمختاری کو خطرے میں ڈالنا تھا۔

    علی رضا سید

    بھارتی الزامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کے سی ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا کہ کشمیر گلوبل کونسل (کے جی سی) کے فاروق صدیقی اور راجہ مظفر کے خلاف بھارتی الزامات سراسر بے بنیاد اور من گھڑت ہیں، کیوں کہ وہ طویل عرصے سے جموں و کشمیر سے باہر ہیں اور کشمیریوں کے حقوق اور مسئلہ کشمیر سے متعلق دیگر جائز اقدامات پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ فاروقی صدیقی اور راجہ مظفرخان بھارتی حکومت کے خلاف کسی بھی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہیں، نیز ان کے خلاف بھارت کے پاس کوئی واضح اور ٹھوس ثبوت بھی موجود نہیں۔ علی رضا سید نے کہا کہ فاروق صدیقی اور راجہ مظفر بین الاقوامی اصولوں اور عالمی برادری کے وعدوں کے مطابق کشمیر کے مسئلہ کا جلد اور پرامن حل چاہتے ہیں اور وہ اس کے لیے ایک سفارتی اور جامع سیاسی عمل کے حصول کی انتھک کوششیں کر رہے ہیں۔

    کے سی ای یو کے چیئرمین نے کہا کہ کشمیر گلوبل کونسل کی جدوجہد جموں و کشمیر کے لوگوں کے حقوق کے لیے اور کشمیریوں کی جائز امنگوں کے عین مطابق ہے۔ انھوں نے عالمی برادری اور دنیا کی بڑی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروائیں اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

  • جرمنی کے شہر سٹاٹگارت میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر پریس کانفرنس

    جرمنی کے شہر سٹاٹگارت میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر پریس کانفرنس

    برلن: کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید کا کہنا ہے کہ بھارت نے 3 ماہ میں مقبوضہ کشمیر میں بربریت کی انتہا کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے شہر سٹاٹگارت میں مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورت حال پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین کشمیر کونسل ای یو کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کشمیر کی صورت حال کا فوری نوٹس لے۔

    علی رضا سید نے مزید کہا کہ عالمی برادری کشمیر کی تشویش ناک صورتحال کو ہرگز نظرانداز نہ کرے۔

    ادھر بھارتی فورسز نے مقبوضہ وادی کو ایک سو پانچ روز سے دنیا کی سب سے بڑی چھاؤنی بنا رکھا ہے، نہتے کشمیری نوجوانوں کی جبری گرفتاریاں اور ان پر بہیمانہ تشدد کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    مقبوضہ کشمیر میں مسلسل لاک ڈاؤن اور کرفیو کو ایک سو پانچ دن ہوگئے ہیں، انٹرنیٹ اور موبائل سروس کی بندش نے مقبوضہ کشمیر کا رابطہ دنیا سے منقطع کیا ہوا ہے۔

    مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اورلاک ڈاؤن 104 واں روز، بھارتی فوج کے مظالم جاری

    وادی میں کشمیری گھروں میں قید ہیں، اسکول، کالجز اور تجارتی مراکز بند ہیں اس کے علاوہ انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔ شدید سردی نے کشمیریوں کی زندگی مزید مشکل بنادی۔