Tag: علی رضا عابدی قتل کیس

  • کراچی: علی رضا عابدی کیس میں اہم پیش رفت، 3 مفرور ملزمان کے وارنٹ جاری

    کراچی: علی رضا عابدی کیس میں اہم پیش رفت، 3 مفرور ملزمان کے وارنٹ جاری

    کراچی: تفصیلات کے مطابق اے ٹی سی میں ایم کیو ایم کے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کیس میں عدالت نے تین مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔

    مفرور ملزمان میں حسنین، بلال اور غلام مصطفیٰ عرف کالی چرن شامل ہیں، عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر پیش کر دیا جائے، مفرور ملزمان نو عمر اور کم سن دکھائی دیتے ہیں۔

    خیال رہے کہ سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار ملزمان ميں محمد فاروق، محمد غزالی، ابو بکر اور عبد الحسيب شامل ہیں، پولیس کا کہنا تھا کہ قتل کے لیے ملزمان کو 8 لاکھ روپے دیے گئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  علی رضا عابدی کو قتل کرنے کے لیے8 لاکھ روپے ملے، ملزمان کا اعتراف

    چالان میں کہا گیا ہے کہ قتل کے لیے ملزمان کو حسينی بلڈنگ کے پاس نا معلوم شخص نے رقم ادا کی تھی، علی رضا عابدی کے قتل ميں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی جلا دی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ 25 دسمبر کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں گھر کے باہر جاں بحق ہو گئے تھے، سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق دو موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے ان پر قاتلانہ حملہ کیا تھا۔

  • کراچی : علی رضا عابدی قتل کیس میں ملوث چار سہولت کار ریمانڈ پر جیل روانہ

    کراچی : علی رضا عابدی قتل کیس میں ملوث چار سہولت کار ریمانڈ پر جیل روانہ

    کراچی : انسداد دہشت گردی عدالت نے علی رضا عابدی قتل کیس میں ملوث چار سہولت کاروں کو ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، ملزمان کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی قتل کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی، پولیس نے قتل میں ملوث چار سہولت کاروں حسیب، ابوبکر، فاروق، غزالی کو پیش کرتے ہوئے ملزمان کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

    انسداد دہشت گردی عدالت نے چاروں ملزمان کو ریمانڈ پر جیل روانہ کردیا، عدالت نے حکم دیا کہ ملزمان سے تفتیش مکمل کرکےچالان 18مارچ کو پیش کیا جائے۔

    اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چاروں ملزمان حسیب، ابوبکر، فاروق، غزالی کو کھاردار کے علاقے میں کارروائی کر کے گرفتار کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: سابق ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 5 اہم ملزمان گرفتار

    ملزمان علی رجا عابدی کے قتل میں ملنے والی رقم اور اسلحے کی ترسیل میں بھی شامل تھے، پولیس کے مطابق ملزمان کے دیگر مفرور ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا جائے گا، عدالت سے ملزمان کے14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ 25دسمبر2018کی رات کراچی کے علاقے ڈیفنس میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے تھے، سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق دو موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے ان پر قاتلانہ حملہ کیا۔

    بعد ازاں سیکورٹی اداروں نے ان کے قتل میں ملوث چار افراد کو گرفتار کیا، اہم ملزم ایئر پورٹ سے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا جسے حراست میں لیا گیا، اس کی نشان دہی پر مزید تین افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

  • علی رضا عابدی قتل کیس، فاروق ستار کو پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے طلب کرلیا

    علی رضا عابدی قتل کیس، فاروق ستار کو پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے طلب کرلیا

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما اور سابق رکن اسمبلی علی رضا عابدی قتل کیس سے متعلق تفتیش کے لیے فاروق ستار کو پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے طلب کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے میں ڈیفنس میں قتل ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما علی رضا عابدی قتل کیس سے متعلق تفتیش کے لیے پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے فاروق ستار کو طلب کرلیا ہے۔

    ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار اپنا بیان ریکارڈ کرانے ساؤتھ زون انویسٹی گیششن دفتر پہنچے، ذرائع کے مطابق فاروق ستار سے علی رضا عابدی سے متعلق انٹرویو کیا گیا۔

    پولیس کی جے آئی ٹیم میں ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ، رزاق دھاریجو اور دیگر افسران موجود تھے۔

    یہ پڑھیں: علی رضا عابدی کے قتل میں ملوث چاراہم ملزمان گرفتار

    ایس ایس پی پیر محمد شاہ کا کہنا ہے کہ فاروق ستار کو علی رضا عابدی قتل کیس میں تحقیقات کے لیے بلایا تھا، ان سے آدھے گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔

    ایس ایس پی کے مطابق علی رضا عابدی قتل کیس میں کل اہم رہنماؤں کو بھی طلب کیا گیا تھا، کیس میں مزید لوگوں کو طلب کرسکتے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فاروق ستار پولیس تحقیقاتی ٹیم کو بیان دینے کے بعد واپس روانہ ہوگئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: علی رضا عابدی کے قتل اوردیگرواقعات پر ڈی آئی جی ساؤتھ عہدے سے برطرف

    واضح رہے کہ 25دسمبر کی شام کوکراچی کے علاقے ڈیفنس میں اپنی رہائش گا ہ کے پاس متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے تھے انہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے۔

    اس حوالے سے آئی جی سندھ کلیم امام نے وارداتوں میں قابو نہ پانے اور فرائض میں غفلت برتنے پر ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو کو عہدے سے ہٹا دیا تھا، آئی جی سندھ نے یہ ذمہ داریاں شرجیل کھرل کو سونپ دینے کے احکامات جاری کیے تھے۔