Tag: علی رضا عابدی

  • علی رضا عابدی کے قتل اوردیگرواقعات پر ڈی آئی جی ساؤتھ عہدے سے برطرف

    علی رضا عابدی کے قتل اوردیگرواقعات پر ڈی آئی جی ساؤتھ عہدے سے برطرف

    کراچی : آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی ساؤتھ کراچی جاوید عالم اوڈھو کو عہدے سے بر طرف کر کے ان کی جگہ شرجیل کھرل کو تعینات کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سید علی رضا عابدی کے بہیمانہ قتل، چینی قونصل خانے پر دہشت گردوں کے حملے اور ڈیفنس میں پراسرار دھماکے کی پے در پے وارداتوں کا آئی جی سندھ نے سختی سے نوٹس لیا ہے۔

    اس حوالے سے آئی جی سندھ سید کلیم امام نے وارداتوں پر قابو نہ پانے اور فرائض میں غفلت پر ڈی آئی جی ساؤتھ کراچی جاوید عالم اوڈھو کو عہدے سے ہٹا دیا، آئی جی سندھ نے یہ ذمہ داریاں شرجیل کھرل کو سونپ دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

    واضح رہے کہ 25دسمبر کی شام کوکراچی کے علاقے ڈیفنس میں اپنی رہائش گا ہ کے پاس متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے تھے انہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے۔

  • کراچی کا امن کسی کو خراب کرنے نہیں دیں‌ گے، مراد علی شاہ

    کراچی کا امن کسی کو خراب کرنے نہیں دیں‌ گے، مراد علی شاہ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کا امن کسی کو خراب کرنے نہیں دیں گے، ایم کیو ایم کے کچھ لوگوں کی سیکیورٹی بڑھائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ علی رضا عابدی کی رہائش گاہ پہنچے،علی رضا عابدی کے انتقال پر والد سے تعزیت کی اور قاتلوں کو گرفتار کرنے کی یقین دہائی کرائی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے علی رضا عابدی کے والد کو تحقیقات سے متعلق آگاہ کیا، مراد علی شاہ نے کہا کہ ایئرپورٹ سے اہم گرفتاریاں ہوئی ہیں، علی رضا عابدی تو واپس نہیں آسکتے مگر ظالم کو سزا ملنی چاہئے، آپ اطمینان رکھیں ہم قاتل کو گرفتار کریں گے۔

    مزید پڑھیں: علی رضا عابدی کے قتل میں ملوث چاراہم ملزمان گرفتار

    واضح رہے کہ علی رضا عابدی قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ایئرپورٹ سے بیرون ملک فرار کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار کیا گیا، زیر حراست ملزم کی نشاندہی پر مزید 3 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق دو روز میں کراچی ایئرپورٹ سے چھان بین کے ذریعے کامیابی حاصل ہوئی، ملزم کی نشاندہی پر مزید دو ملزمان کی تلاش جاری ہے اور مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    یاد رہے کہ تین روز قبل متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے تھے، انہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے تھے۔

  • ڈاکٹر فاروق ستار نے کل اہم پریس کانفرنس طلب کرلی

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کل اہم پریس کانفرنس طلب کرلی

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کل پریس کانفرنس میں اہم اعلانات کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق علی رضا عابدی کے سوئم کے بعد فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی رضا کی شہادت پر کہا جارہا ہے آپ تقسیم ہوئے اس لیے ایسا ہورہا ہے، بہت جلد ایک کونسل یا فورم بناؤں گا، جن سے اختلافات ہیں ان سب کو بھی شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔

    فاروق ستار نے کہا کہ علی رضا عابدی کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ان کی قربانی ہمیں اکٹھا ہونے، پھر سے کھڑا ہونے کا پیغام دیتی ہے، ہم اتنی آسانی سے ان قوتوں کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے، قاتلوں کی گرفتاری، سازش بے نقاب ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کے لوگ بھی میرے اپنے تھے، کارکنان کی شہادت پر افسوس ہوا، امید ہے قانون نافذ کرنے والے ادارے قاتلوں کو پکڑ سکیں گے۔

    فاروق ستار نے کہا کہ آئندہ کی حکمت عملی بنا رہا ہوں جس کے لیے مشاورت شروع کردی ہے، ہمیں کمزور کیا گیا، مردم شماری میں ہمیں کم دکھایا گیا۔

    یہ پڑھیں: ہم سے ہمارا شہزادہ چھین لیا گیا، فاروق ستار

    واضح رہے کہ دو روز قبل فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایک بار پھر خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے، علی رضا عابدی کو ٹارگٹ کرکے شہید کیا گیا، وہ پاکستان بنانے والوں کا بیٹا تھا، ہم کب تک لاشیں اُٹھائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کئی دنوں سے بدامنی کی لہر آگئی ہے، سازش کے تحت شہر کا امن خراب کیا جارہا ہے، اس واقعے کے بعد اب کیا پڑھے لکھے لوگ سیاست میں آئیں گے۔

  • علی رضا عابدی کے قتل کا مقدمہ درج، والد کا ملزمان کے بارے میں اہم انکشاف

    علی رضا عابدی کے قتل کا مقدمہ درج، والد کا ملزمان کے بارے میں اہم انکشاف

    کراچی: پولیس نے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے، مقدمہ گزری تھانے میں درج کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں گھر کے دروازے پر قتل ہونے والے سابق ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کے قتل کا مقدمہ گزری تھانے میں درج کر لیا گیا۔

    [bs-quote quote=”ملزمان کے چہرے یاد ہیں، پہچان سکتا ہوں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”والد کا بیان”][/bs-quote]

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ علی رضا عابدی کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔

    دریں اثنا علی رضا عابدی کے والد اخلاق عابدی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انھیں ملزمان کے چہرے یاد ہیں۔

    والد اخلاق عابدی نے کہا ’مجھے علی رضا عابدی پر فائرنگ کرنے والوں کے چہرے یاد ہیں، ملزمان کو دیکھ کر پہچان سکتا ہوں، میں فائرنگ کی آواز سنتے ہی دروازے کی طرف بھاگا۔‘

    انھوں نے مزید بتایا کہ ’گارڈ نے بتایا فائرنگ ہوئی ہے اور اسلحہ مانگا، علی رضا بچوں کو ڈنر پر لے جانے کے لیے جلدی آیا تھا۔‘


    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق


    والد اخلاق عابدی کا کہنا تھا کہ گارڈ کمپنی ہم سے 20 ہزار ماہانہ لے کر تنخواہ 12 یا 14 ہزار دیتی ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے بیان ریکارڈ کر لیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈیفنس میں علی رضا عابدی جیسے ہی گھر کے دروازے پر پہنچے، پہلے سے ریکی کرنے والے دو موٹر سائیکل سوار نوجوان آئے، اور ایک نے اتر کر ان پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی، جس سے سابق رکن قومی اسمبلی جاں بحق ہو گئے۔

  • حملے کے وقت اپنی گن لوڈ نہ کرسکا، علی رضا کے سیکیورٹی گارڈ کا پولیس کو بیان

    حملے کے وقت اپنی گن لوڈ نہ کرسکا، علی رضا کے سیکیورٹی گارڈ کا پولیس کو بیان

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما مقتول علی رضا عابدی کے نجی سیکیورٹی گارڈ نے کہا ہے کہ ملزمان فائرنگ کرتے رہے اور میں گن لوڈ کرتا رہا لیکن گن پھر بھی لوڈ نہ ہوسکی۔

    تفصیلات کے مطابق علی رضا عابدی کے قتل کے بعد عینی شاہد سیکیورٹی گارڈ نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرادیا ہے، اے آر وائی نیوز نے عینی شاہد سیکیورٹی گارڈ کا ویڈیو بیان حاصل کرلیا۔

    ویڈیو میں سیکیورٹی گارڈ کا کہنا ہے کہ علی رضا پرملزمان فائرنگ کرتے رہے اورمیں گن لوڈ کرتا رہا، گارڈ روم میں بیٹھا تھا کہ صاحب کی گاڑی دروازے پہنچی اور ٹرن لیا، علی رضا صاحب کبھی ہارن نہیں بجاتے خلاف توقع گاڑی کا ہارن بجا۔

    میرے بائیں ہاتھ میں گن تھی دائیں ہاتھ سے دروازہ کھولنے لگا، دروازے کا ایک حصہ ہی کھولا تھا کہ باہرسے فائرنگ شروع ہوگئی، میں نے دروازہ چھوڑ کر گن لوڈ کرنے کی کوشش کی۔

    سیکیورٹی گارڈ کا بیان میں مزید کہنا تھا کہ ایک مرتبہ گن لوڈ نہ ہوئی تو دوبارہ لوڈ کرنے کی کوشش کی، باربار کوشش کے باوجود بھی گن لوڈ نہ ہوئی۔

    سیکیورٹی گارڈ نے بتایا کہ علی صاحب کو دیکھا تو وہ گاڑی کی سیٹ پر گرے ہوئے تھے اور گردن سے خون نکل رہا تھا، جب سے میں ڈیوٹی پر تعینات ہوا ایک بار بھی گن چلا کرنہیں دیکھی، کمپنی یا علی رضا صاحب نے مجھے کبھی گن کو چیک کرنے کا نہیں کہا، گن میں5راؤنڈ ہروقت موجود ہوتےتھے۔

    مزید پڑھیں : علی رضا عابدی کے قتل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے 

    بیان کے مطابق سیکیورٹی گارڈ ایک ماہ25دن پہلے علی رضا عابدی کے بنگلے پرتعینات ہو ا تھا، اس نے بتایا کہ میری ڈیوٹی شام سات بجے سے صبح7بجے ہوتی ہے، میں شام کو آتا تو صبح والاگارڈ روزانہ مجھے گن دے کر جاتا تھا۔

  • علی رضا عابدی کے قتل میں اہم پیش رفت

    علی رضا عابدی کے قتل میں اہم پیش رفت

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی کے قتل میں پیش رفت کرتے ہوئے پولیس نے سیکیورٹی گارڈز کو حراست میں لے لیا ہے، پولیس کو مزید اہم شواہد بھی ملے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس علی رضا عابدی کے قتل کی تحقیقات میں آگے بڑھ رہی ہے، ان کے قتل میں استعمال ہونے والے اسلحے کے قتل کے ایک اور واقعے میں بھی استعمال ہونے کے شواہد ملے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تیس بور پستول سے دس دسمبر کو لیاقت آباد میں احتشام نامی نوجوان کو قتل کیا گیا تھا ، اسی پستول سے علی رضا عابدی کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

    لیاقت آباد میں قتل ہونے والے احتشام نامی نوجوان جرائم پیشہ شخص کے بارے میں پتا چلا ہے کہ وہ عرفان نامی ایک شخص کی سابقہ اہلیہ سے شادی کرنا چاہتا تھا۔

    عرفان کے بھی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے ثبوت ملے ہیں ۔ وہ کرکٹ میچ پر جوا بھی چلاتا تھا اور متحدہ قومی موومنٹ سے بھی اس کے روابط تھے۔عرفان مقتول احتشام کی گلی میں رہتا تھا، آٹھ ماہ پہلے کھڈا مارکیٹ منتقل ہوا۔

    احتشام کے قتل میں عرفان کے ملوث ہونے کے شبہات ہیں، قوی امکان ہے کہ یہ کام عرفان نے کرائے کے قاتلوں کے ذریعے انجام دیا تھا۔ احتشام کے قتل والے واقعے کے بعد سے عرفان غائب ہے اور پولیس کو اطلاعات ہیں کہ وہ ایران چلا گیا ہے۔

    دونوں وارداتوں میں ایک ہی ہتھیار استعمال ہونے کے سبب پولیس پر امید ہے کہ اگر وہ عرفان کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو ان قاتلوں تک بھی پہنچ جائیں گے جن کے استعمال میں وہ ہتھیار ہے جس سے علی رضا عابدی پر حملہ کیا گیا۔دوسری جانب انویسٹی گیشن پولیس ٹیم نے ایم کیو ایم کے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے قتل کی تفتیش کے لیے ان کے گھر پر تعینات دو سیکیورٹی گارڈز کو حراست میں لے لیا ہے۔

    ایس ایس پیر محمد شاہ کا کہنا ہے کہ گیٹ کی سیکیورٹی پر معمور سیکیورٹی گارڈ نے قاتلوں پر جوابی حملہ نہیں کیا ، جس کے سبب وہ بغیر کسی مزاحمت کا سامنا کیے بغیر فرار ہوگئے۔ سیکیورٹی گارڈ حملہ ہوتے ہیں اپنا ہتھیار لینے واپس پلٹا ، اتنی دیر میں حملہ آور اپنا کام کرکے جاچکے تھے۔

    علی رضا عابدی کو گزشتہ رات کراچی کے علاقے ڈیفنس میں واقع ان کے گھر کے دروازے پر قتل کیا گیا تھا۔ حملہ آوروں نے کل پانچ فائر کیے جن میں سے چار گولیاں انہیں لگیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق دو گولیاں ان کے سر میں اور دو گردن میں پیوست ہوگئی تھیں۔

    ان کی نماز جنازہ آج مسجد و امام بارگاہ یثرب میں ہوئی، نماز جنازہ مولانا حسن ظفر نقوی نے پڑھائی ۔ اس موقع پر ایم کیو ایم سمیت شہر کی دیگر معزز سیاسی و سماجی شخصیات کی کثیر تعدا د موجود تھی، ان کی تدفین ڈیفنس قبرستان میں کی جائے گی۔

  • کراچی: ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کو سپرد خاک کردیا گیا

    کراچی: ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کو سپرد خاک کردیا گیا

    کراچی: گزشتہ روز قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما علی رضا عابدی کو سپرد خاک کردیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں سیاسی رہنماؤں اور عام افراد نے شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کی نماز جنازہ امام بارگاہ یثرب میں ادا کی گئی۔ علی رضا عابدی کی نماز جنازہ علامہ حسن ظفر نقوی نے پڑھائی۔

    نماز جنازہ میں فاروق ستار سمیت ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں، مسلم لیگ ن اور عوامی نیشنل پارٹی کے وفد بھی نماز جنازہ میں شریک تھے۔

    نماز جنازہ کے بعد علی رضا عابدی کا جسد خاکی ڈیفنس فیز 4 کے قبرستان لے جایا گیا جہاں ان کی تدفین کردی گئی۔

    خیال رہے کہ سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی گزشتہ روز ڈیفنس میں واقع اپنے گھر کے باہر قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔

    قاتل موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہوں نے علی رضا کے گھر کے باہر انہیں نشانہ بنایا اور تیزی سے فرار ہوگئے۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق علی رضا عابدی کو 4 گولیاں لگیں، 2 گولیاں سینے، ایک کندھے اور ایک گردن پر لگی، گولیاں انتہائی قریب سے ماری گئیں تھی۔

    واقعے کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے علی رضا عابدی پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سیکیورٹی اداروں کو قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

  • علی رضاعابدی پرحملہ کرنے والے 2 ملزمان تھے‘ پیر محمد شاہ

    علی رضاعابدی پرحملہ کرنے والے 2 ملزمان تھے‘ پیر محمد شاہ

    کراچی : ایس ایس پی پیرمحمد شاہ کا کہنا ہے کہ علی رضاعابدی کے قتل کی ابتدائی تحقیقات جاری ہیں، ذاتی یا سیاسی معاملہ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس ایس پی پیر محمد شاہ نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی رضاعابدی پرحملہ کرنے والے 2 ملزمان تھے۔

    انہوں نے کہا کہ علی رضاعابدی کے اہل خانہ نے کوئی خدشہ بھی ظاہرنہیں کیا، ذاتی یا سیاسی معاملہ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔

    پیر محمد شاہ نے بتایا کہ حاصل موبائل فونزکا فرانزک کرایا جائے گا، علی رضاعابدی کے قتل کی ابتدائی تحقیقات جاری ہیں، 2 سے3 مقامات پرکیمروں میں ملزمان کودیکھا گیا۔

    علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق

    ایس ایس پی نے کہا کہ گارڈ قدیرفائرنگ کا جواب دینے کے بجائے گھرکےاندرچلا گیا تھا، گارڈ نے گھر کےاندرجا کر جوابی کارروائی کے لیے ہتھیارمانگا۔

    پیرمحمد شاہ نے بتایا کہ گارڈ کوحراست میں لے لیا گیا ہے، پوچھ گچھ کی جائے گی، گارڈ کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے تھے، انہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے۔

  • جرمن سفیرمارٹن کوبلرکاعلی رضا عابدی کے قتل پرافسوس کا اظہار

    جرمن سفیرمارٹن کوبلرکاعلی رضا عابدی کے قتل پرافسوس کا اظہار

    اسلام آباد: پاکستان میں‌ تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے کہا کہ سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق جرمین سفیر مارٹن کوبلر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی کے قتل پرافسوس کا اظہار کیا۔

    مارٹن کوبلر نے اپنے پیغام میں کہا کہ سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے، ہمدردیاں علی رضا عابدی کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔


    علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے تھے، انہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے۔

    صدرِ مملکت ڈاکٹرعارف علوی اور وزیرِ اعظم عمران خان نے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا

  • علی رضا عابدی پر حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    علی رضا عابدی پر حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی پر حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، فوٹیج میں حملہ آوروں کو واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی پر حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 2 حملہ آور موٹر سائیکل پر آئے، حملہ آوروں نے علی رضا عابدی کی گاڑی رکتے ہی فائرنگ کردی۔

    دہشت گردوں نے بہت قریب سے علی رضا عابدی پر فائرنگ کی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک حملہ آور نے ہیلمٹ، دوسرے نے کیپ پہن رکھا تھا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی علی رضا عابدی کی گاڑی گھر کے قریب رکتی ہے تو ڈرائیونگ سیٹ کے قریب جاکر ٹارگٹ کلر اندھا دھند فائرنگ شروع کردیتا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کامل عارف کے مطابق ٹارگٹ کلر تربیت یافتہ لگ رہے ہیں انہوں نے ریکی کے بعد علی رضا عابدی کو نشانہ بنایا۔

    حملہ آوروں نے 10 سیکنڈ میں علی رضا عابدی کو ٹارگٹ کیا، سی ٹی ڈی حکام

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق حملہ آوروں نے 10 سیکنڈ میں علی رضا عابدی کو ٹارگٹ کیا، 2 حملہ آور موٹر سائیکل پر آئے تھے، حملہ آوروں نے گھر کے دروازے پر ڈرائیونگ سائیڈ سے فائرنگ کی۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار حملہ آور علی رضا عابدی کی گاڑی کے پیچھے پیچھے آئے تھے۔

    خیال رہے کہ آج متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے، انھیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے علی رضا عابدی پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔