Tag: علی رضا عابدی

  • فاروق ستار کی قیادت پر اعتماد ہے، علی رضا عابدی

    فاروق ستار کی قیادت پر اعتماد ہے، علی رضا عابدی

    کراچی: ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی نے کہا ہے کہ فاروق ستار نے 23 اگست کو جو فیصلہ کیا اُس کی مکمل حمایت اور تائید کرتا ہوں، اس طرح کے اقدامات کراچی میں مقیم تمام قومیتوں کے مفاد میں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی نے ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر اراکین سے عارضی مرکز میں ملاقات کر کے دوبارہ شمولیت کا اعلان کیا۔

    رابطہ کمیٹی سے ملاقات کے دوران علی رضا عابدی نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’23 اگست کو ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے کیا جانے والا فیصلہ مہاجروں اور کراچی میں رہنے والی دیگر قومیتوں کے وسیع تر مفاد میں ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے ہر شہری اور خاص طور پر مظلوموں کو ڈاکٹر فاروق ستار کے ہاتھ مضبوط کرنے چاہیے۔

    پڑھیں: ایم کیو ایم پاکستان نےعلی رضا عابدی کی بنیادی رکنیت ختم کردی

    متحدہ پاکستان کے کنوئیر ڈاکٹر فاروق ستار، ڈپٹی کنویئر عامر خان اور خالد مقبول صدیقی نے علی رضا عابدی کی واپسی پر انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے خیالات کو سراہا اور پارٹی کا کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

    بعد ازاں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہر کا مینڈیٹ ہمارے پاس ہی ہے جسے کوئی اور نہیں چھین سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مردم شماری شفاف ہونی چاہیے اور کراچی کی آبادی کی صحیح تعداد سامنے آنی چاہیے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ شفاف مردم شماری ہمارا حق ہے، ایم کیو ایم 8 سالوں سے مسلسل مردم شماری کا مطالبہ کررہی ہے، اگر آبادی کی تعداد میں ردوبدل کرنے کی کوشش کی گئی تو اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

  • ایم کیو ایم پاکستان نےعلی رضا عابدی کی بنیادی رکنیت ختم کردی

    ایم کیو ایم پاکستان نےعلی رضا عابدی کی بنیادی رکنیت ختم کردی

    کراچی : ایم کیوایم پاکستان نے ایم این اے علی رضا عابدی کی بنیادی رکنیت ختم کردی، اور انہیں قومی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہونے کی ہدایات بھی جاری کردی گئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے ممبر قومی اسمبلی علی رضا عابدی کی پارٹی سے بنیادی رکنیت ختم کرتے ہوئے انہیں قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے۔

    ترجمان ایم کیوایم پاکستان کا کہنا ہے کہ علی رضا عابدی بائیس اگست کے بعد قائم کی جانے والی پالیسی پر عمل پیرا نہیں تھے۔ لہٰذا انہیں واضح تنظیمی اورسیاسی پالیسیوں سے متعدد بارمتنبہ کیے جانے کے باوجود مسلسل انحراف پر تنظیم کی بنیادی رکنیت سے خارج کرنے کا اعلان کیا جاتا ہے۔

    ترجمان کے مطابق رابطہ کمیٹی علی رضا عابدی کو تنظیم سے خارج کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں بطور رکن قومی اسمبلی مستعفی ہونے کی ہدایت بھی کرتی ہے۔

    بعد ازاں ایم کیو ایم لندن سیکریٹریٹ کے رہنما اور پارٹی کے بانی الطاف حسین کے ترجمان واسع جلیل نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں ایم کیو ایم پاکستان کو بی آئی بی ٹولے کے نام سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے آئین کے مطابق انہیں کسی کارکن کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا اختیار نہیں۔