Tag: علی نور

  • گلوکار علی نور روبہ صحت، جلد اہم اعلان کرنے کا عندیہ

    گلوکار علی نور روبہ صحت، جلد اہم اعلان کرنے کا عندیہ

    اسلام آباد: پاکستانی گلوکار علی نور کی طبیعت سنبھل گئی جس پر انہوں نے مداحوں کا دعا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق جولائی کی دو تاریخ کو یہ بات سامنے آئی تھی کہ گلوکار علی نوز جگر کے سنگین عارضے میں مبتلا ہیں اور اُن کو ڈونر کی ضرورت ہے جو جگر عطیہ کرسکے۔

    علی نور کے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ اور نوری بینڈ کے آفیشل پیج سے اپیل کی گئی تھی کہ علی نور کو جگر کے ٹرانسپلانٹ کے لیے ڈونر درکا ر ہے ، اس اپیل کے بعد مداح پریشان ہوگئے تھے۔

    پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ علی نور کے پاس صرف اڑتالیس گھنٹے باقی ہیں اور ان کا کوئی بھی دوست ، رشتے دار، سسرالی رشتے دار جس کی عمر 18 سے 45 سال کے درمیان اور بلڈ گروپ بی پازیٹو، بی نیگیٹو، او پازیٹو یا او نیگیٹو ہو وہ اپنا جگر عطیہ کرسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: انشاء اللہ ! علی نور کو جگر کے ٹرانسپلانٹ کی‌ضرورت نہیں پڑے گی

    پاکستانی گلوکار اسلام آباد کے اسپتال میں داخل تھے، جہاں ڈاکٹرز نے اُن کی طبیعت کو خطرے سے باہر قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی ٹیسٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ علی نور کو ہیپاٹائٹس اے کا عارضہ لاحق ہے۔

    علی نوز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی طبیعت سے متعلق بتایا کہ وہ اب پہلے سے بہت بہتر ہیں، انہوں نے دعاؤں میں یاد رکھنے اور مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہونے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    پاکستانی گلوکار نے لکھا کہ وہ جلد اہم اعلان کریں گے کیونکہ وہ کافی عرصے سے ایک پروجیکٹ پر کام کررہے تھے جس کا اعلان طبیعت ناسازی کے باعث ملتوی کرنا پڑا۔

    علی نور نے اشارہ دیا کہ مداح اعلان سُن کر ماضی کی باتیں ضرور یاد کریں گے۔ گلوکار نے چند روز بعد دوبارہ ٹویٹ کرکے علی نور کی صحت میں بہترین آنے کی خوشخبری مداحوں کو سنائی تھی۔

  • انشاء اللہ ! علی نور کو جگر کے ٹرانسپلانٹ کی‌ضرورت نہیں پڑے گی

    انشاء اللہ ! علی نور کو جگر کے ٹرانسپلانٹ کی‌ضرورت نہیں پڑے گی

    معروف گلوکار علی نور سے متعلق جگر کے عطیے کی اپیل گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے لیکن پاکستانی قوانین کے تحت ایسا ممکن نہیں ہے، اہل خانہ پر امید ہیں کہ اس ٹرانسپلانٹ کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔

    گزشتہ روز علی نور کے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ اور نوری بینڈ کے آفیشل پیج سے اپیل کی گئی تھی کہ علی نور کو جگر کے ٹرانسپلانٹ کے لیے ڈونر درکا ر ہے ، اس اپیل کے بعد سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہوگیا تھا۔

    پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ علی نور کے پاس صرف اڑتالیس گھنٹے ہیں اور ان کا کوئی بھی دوست ، رشتے دار، سسرالی رشتے دار جس کی عمر 18 سے 45 سال کے درمیان اور بلڈ گروپ بی پازیٹو، بی نیگیٹو، او پازیٹو یا او نیگیٹو ہے، وہ جگر کا عطیہ دے سکتا ہے۔

    اسی پوسٹ کے مطابق علی نور اسلام آباد کے الشفاء اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ انہیں پیپاٹائٹس اے کا عارضہ لاحق ہے ، جس کے جگر پر اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔
    ابتدائی اپیل بنیادی طور علی نور کے خاندان والوں سے ہی کی گئی تھی ، تاہم یہ جانے بغیر کہ پاکستانی قانون کے تحت جگر کا عطیہ کو ئی رشتے دار ہی دے سکتا ہے ، سوشل میڈیا پر یہ اپیل دھڑا دھڑ شیئر ہونے لگی ، میوزک انڈسٹری کے بڑے بڑے ناموں نے بھی اسے شیئر کیا۔

    صورتحال کو دیکھتے ہوئے علی نور کے بھائی نے معاملے کی وضاحت کرتےے ہوئے کہا کہ ’’دوستو! گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے ، علی نور جلد صحت یاب ہوجائیں گے۔ ان پر یرقان کی ٹائپ اے کا شدید حملہ ہوا ہے اور امکان ہے کہ اس نے ان کے جگر کو نقصان پہنچایا ہو، لیکن ان کی نگہداشت بہترین ڈاکٹرز کررہے ہیں‘‘۔

    ’’ جہاں تک جگر کے عطیے کی بات ہے تو ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ہمیں لوگ اسٹینڈ بائی پر درکار ہیں لیکن عطیہ کنندہ صرف خاندان میں سے ہی ہوسکتا ہے – کہ ہمارے ملک کے قوانین ہمیں اس بات کی اجازت نہیں دیتے کہ خاندان سے باہر کا کوئی شخص عطیہ دے۔ لیکن اس سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہے کہ انشا اللہ انشاللہ ہمیں اس رستے پر نہیں جانا پڑے گا‘‘۔

    انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہم پہلے ہی ان کی حالت میں بہتری دیکھ رہے ہیں اور ہمیں ان کے مداحوں سے اپنے اسٹار کے لیے بس دعائیں درکار ہیں۔

    علی نور کے بھائی کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر معروف گلوکار کے مداحوں کو قرار آیا ورنہ اس سے قبل ساری شوبز انڈسٹری اور ان کے مداح صدمے کی حالت میں تھے اور بغیر سوچے سمجھے جگر کے عطیے کی اپیل شیئر کررہے تھے ۔ اس وقت انہیں اپنی مداحوں کی دعاوں کی ضرورت ہے اور امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر ایک بار پھر پہلے کی طرح دلوں کو گرماتے نظر آئیں گے۔

  • ’اللہ اللہ بول‘: گلوکو الہ یار اینڈ‌ دی لیجنڈ آف مارخور کے ساؤنڈ ٹریک نے دھوم مچا دی

    ’اللہ اللہ بول‘: گلوکو الہ یار اینڈ‌ دی لیجنڈ آف مارخور کے ساؤنڈ ٹریک نے دھوم مچا دی

    ’گلوکو الہ یار اینڈ‌ دی لیجنڈ آف مارخور‘ کے ساؤنڈ ٹریک ’اللہ اللہ بول‘‘ نے ریلیز ہوتے ہی شایقین کے دل جیت لیے۔

    تفصیلات کے مطابق تھرڈ ورلڈ اسٹوڈیوز اور اے آر وائی فلمز کے اشتراک سے بننے والی اینیمینٹڈ فلم ” گلوکوالہ یار اینڈ دی لیجنڈ آف مارخور“ ملک بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز ہوگئی ہے، جسے شائقین کی جانب سے شان دار ردعمل ملا ہے۔

    اے آروائی کے بینرتلے ریلیز ہونے والی اس فلم کے ساؤنڈ ٹریک ’اللہ اللہ بول‘ نے بھی سننے والوں کے دل جیت لیے ہیں۔ یہ گیت معروف گلوکار علی نور کی آواز میں ریکارڈ ہوا ہے، اس کے بول اور دھن بھی علی نور ہی کی کاوش ہیں۔

    ساؤنڈ ٹریک کی ویڈیو میں جہاں ہمیں اس خوبصورت فلم کی جھلکیاں دکھائی دیتی ہیں، وہیں ہم پرجوش بچوں اور نوجوانوں کو اس کے بول  گنگناتے اوردھن پر رقص کرتے دیکھ سکتے ہیں۔ ہدایت کاری کا فریضہ مندانا زیدی، جب کہ ڈی پی او ایڈیٹنگ کی ذمے داری علینہ نغمان نے نبھائی ہے۔

    گلوکو الہ یاراینڈ دی لیجنڈ آف مارخور: بچے تو بچے‘ بڑے بھی بارباردیکھنا چاہیں گے

    یہ فلم اسکرپٹ رائٹر اور ہدایت کار عذیر ظہیر خان کی کاوش ہے۔ اسے پرڈویوس کیا ہےعثمان اقبال نے۔ یہ اینیمیٹڈ فلم شمالی علاقہ جات، وہاں کے موسموں ، پہاڑوں، برف سے ڈھکے ٹیلوں، برستے بادلوں اور سبزے کو اتنی مہارت سے پیش کرتی ہے کہ پاکستانی فلم بین کو حقیقت کا گمان ہونے لگتا ہے۔

    یہ خوبصورت فلم ننھے ہیرو الہ یار (آواز:انعم زیدی)، اس کی مارخور دوست مہرو (آواز:نتاشہ حمیرا اعجاز) پرندے ہیرو (آواز:اظفر جعفری) اورننھے برفانی چیتے چکو (آواز:عبدالنبی جمالی) کے گرد گھومتی ہے، جو ایک شاطر شکاری مانی (آواز:علی نور) کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لیے ایک دشوار سفر پر نکلتے ہیں۔ اس دوران ناظرین کو قربانی، دوستی اور عزم و ہمت جیسے جذبات کے مختلف رنگ دکھائی دیتے ہیں۔


    گر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔