Tag: عماد وسیم

  • عماد وسیم نے پی ایس ایل فائنل میں نیا ریکارڈ قائم کردیا

    عماد وسیم نے پی ایس ایل فائنل میں نیا ریکارڈ قائم کردیا

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کے فائنل میں بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیفٹ آرم اسپنر نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کے اب تک ہونے والے فائنلز میں سب سے بہترین بولنگ کا ریکارڈ بنا دیا۔ عماد پی ایس فائنل میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے بولر بن گئے۔

    میچ میں وقفے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عماد کا کہنا تھا کہ یہ بہت اچھی وکٹ تھی میں نے کچھ سلو ون کیے اور مجھے کامیابی ملی، ہم مخالف ٹیم کو 150 تک روکنا چاہتے تھے مگر اسکور اس سے کچھ آگے بڑھ گیا۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل 9 کے فائنل میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 160 رنز کا ہدف دیا ہے۔

    کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔

    عثمان خان 57 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان محمد رضوان 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، افتخار احمد نے 20 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیلی۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اس کے علاوہ کپتان شاداب خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

  • ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کوعماد وسیم کی ضرورت ہے، شاداب خان

    ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کوعماد وسیم کی ضرورت ہے، شاداب خان

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کو عماد وسیم کی ضرورت ہے۔

    پی ایس ایل کے ایلی منیٹر ٹو میں پشاور زلمی کے خلاف فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ عماد وسیم مختلف لیگز میں پرفارمنس دکھا چکے ہیں۔ میں تو چاہتا ہوں کہ عماد وسیم پاکستان ٹیم میں واپس آئیں۔ عماد وسیم کا ہماری ٹیم میں ہونا ہمارے لیے اہمیت رکھتا ہے۔

    شاداب خان نے کہا کہ مشکل صورتحال میں پہلے بھی میچز جیت چکے ہیں۔ مثبت سوچ کے ساتھ کھلاڑی کھیل رہے تھے۔ حیدر علی کا دن ہو اورعماد وسیم بغیر کسی خوف کے کھیلے تو جیتنا ہی تھا۔

    قومی ٹیم کے آل راؤنڈر نے کہا کہ کراؤڈ کی جانب سے عماد وسیم کے ساتھ نارواسلوک نہیں ہونا چاہیے۔ وہ ایک طویل عرصے تک پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ حیدر علی کی پرفارمنس میں اتارچڑھاؤ آتا رہا ہے۔ کبھی بھی کھلاڑی کو مایوس نہیں کرنا چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ میں اپنی تکنیک پر کام کر رہا ہوں۔ تکنیک کو بہتر بنانے میں وقت درکار ہوتا ہے۔ یقین ہے کہ جلد ہی اس مسئلے کو حل کرلوں گا۔

    کپتان اسلام آباد یونائیٹڈ نے کہا کہ شاہین کو ایک سیریز کے نتائج پر کپتانی سے ہٹایا نہیں جاسکتا۔ سیریز جیتیں اور تجربات بھی کرتے رہیں ایسا ممکن نہیں ہوسکتا۔

    انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ قریب تر ہے اور اس سے قبل مسئلے مسائل حل ہوجانے چاہئیں۔ ماڈرن کرکٹ میں فیلیئر کو قبول کرنا پڑتا ہے۔ ہم پاکستانی فیلیئر قبول کرنے کو تیار نہیں ہوتے ہیں۔

  • عماد وسیم کا ریٹائرمنٹ واپس لینے سے متعلق بیان

    عماد وسیم کا ریٹائرمنٹ واپس لینے سے متعلق بیان

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے بین الااقوامی کرکٹ میں واپسی کا اشارہ دے دیا۔

    نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم  نے مخصوص شرائط پر بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے لیے اپنی رضامندی ظاہر کردی ہے۔

    عماد وسیم نے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر کھل بات کی اور کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ درست تھا لیکن اگر پاکستان کو میری ضرورت ہوگی تو میں واپس آنے کو بھی تیار ہیں۔

    عماد وسیم  نے کہا کہ میں نے جو فیصلہ لیا وہ 100 فیصد درست تھا لیکن ہمیں یہ نہیں معلوم کہ پاکستان کو کب ضرورت ہو، اس کے لیے میں ریٹائرمنٹ واپس لے سکتا ہوں۔

    عماد وسیم نے کہا کہ ٹیم انتظامیہ اگر ٹیم میں میرے رول سے متعلق وضاحت کردے تو میں آگے بڑھ کر اپنا فیصلہ واپس لینے کو تیار ہوں۔

    انہوں نے مزید کہا میں چاہتا ہوں کہ پاکستان کرکٹ صحیح انداز اور صحیح امتزاج کے ساتھ کھیلے، ریٹائرمنٹ لینے میں کوئی حرج نہیں ہے، میں واقعی خوش ہوں، میں اب بھی پوری دنیا میں کرکٹ کھیل رہا ہوں۔

    واضح رہے کہ آل راؤنڈر عماد وسیم نے نومبر 2023 میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

  • عماد وسیم کا بی بی ایل سے معاہدہ

    عماد وسیم کا بی بی ایل سے معاہدہ

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم کا آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ( بی بی ایل) کے لیے میلبرن اسٹارز سے معاہدہ ہو گیا۔

    میلبرن اسٹارز کے جنرل منیجر بلیئر کراؤچ کے مطابق عماد وسیم بگ بیش میں 25 دسمبر کرسمس کے بعد سے میلبرن اسٹارز کو دستیاب ہوں گے۔

    میلبرن اسٹارز کے جنرل منیجر بلیئر کراؤچ کا کہنا ہے کہ عماد وسیم کے پاس ٹی ٹوئنٹی کا وسیع تجربہ ہے، وہ لوور بیٹنگ کے لیت کارآمد ثابت ہوں گے۔

    بلیئر کراؤچ نے کہا کہ پاکستانی شائقین میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں عماد وسیم، اسامہ میر اور حارث رؤف کو دیکھیں گے۔

    پاکستان کے 3 کھلاڑیوں کا بی بی ایل سے معاہدہ

    یاد رہے کہ پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسٹار فاسٹ بولر زمان خان نے بھی بی بی ایل کا معاہدہ حاصل کر لیا ہے۔ انہیں سڈنی تھنڈر نے سائن کیا ہے۔

    واضح رہے کہ عماد وسیم نے 24 نومبر کو سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

    عماد وسیم نے لکھا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی ایک خواب تھا جو سچ ثابت ہوا، پاکستان کرکٹ کے لیے نئی لیڈر شپ اور کوچز کے ساتھ ایک اچھے وقت کا آغاز ہے۔

    آل راؤنڈر عماد وسیم نے پوسٹ میں لکھا تھا کہ حالیہ دنوں میں میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کے بارے میں سوچ رہا تھا، میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ یہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کا درست وقت ہے ۔

  • عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ کا ذمہ دار شائقین کسے سمجھتے ہیں؟

    عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ کا ذمہ دار شائقین کسے سمجھتے ہیں؟

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر عماد وسیم انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں اور ان کے اس اچانک فیصلے سے مداح کافی افسردہ ہیں۔

    گزشتہ دنوں ریٹائر ہونے والے آل راؤنڈر عماد وسیم کو ورلڈکپ کے لیے ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا تھا جبکہ وہ آل راؤنڈر کی عالمی رینکنگ میں ٹاپ فائیو میں بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ وہ ورلڈ نمبر ون ٹی ٹوئنٹی بولر بھی رہ چکے ہیں۔

    عماد کے تمام فارم سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر آل راؤنڈر کے مداحوں نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کا اس طرح سے چلے جانا بورڈ کی ناکامی ہے۔

    انٹرنیشنل کرکٹ سے ان کی ریٹائرمنٹ کے اعلان پر متعدد صارفین نے انھیں ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کو وجہ قرار دیا اور اس بات کو ذمہ ڈار ٹھہرایا۔

    بعض افراد کا کہنا تھا کہ لیگز میں کھلاڑیوں کو کھیلنے کے مواقعے نہیں دیے گئے جس کے سبب پلیئرز انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لیتے ہیں۔

    آل راؤنڈر پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں میں شامل تھے، تاہم کافی عرصے سے ڈومیسٹک سرکٹ نہیں کھیل رہے تھے، جس پر انھیں کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    سوشل میڈیا پر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کافی سوچ بچار کے بعد ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کا مشکور ہوں۔ ملک کی نمائندگی کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں تھا۔

  • ’عماد وسیم کو ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینا چائیے‘

    ’عماد وسیم کو ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینا چائیے‘

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے کہا ہے کہ عماد وسیم کو ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینا چائیے۔

    پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کے سابق کھلاڑی راشد لطیف نے عماد وسیم کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر جاری بیان میں کہا کہ عماد وسیم کو ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینا چائیے، پاکستان ٹیم کا سب سے اچھا اسپن باولر عماد ہی ہے اور بیٹنگ میں بہت مدد مل سکتی ہے۔

    قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ ورلڈ کپ میں اگر ٹیم کا سب سے کارآمد کھلاڑی نہیں ہو گا تو اس میں عماد کا نقصان نہیں اس میں پاکستان کا نقصان ہے، محمد حفیظ کو چاہیے کے وہ عماد کو واپس لیکر آئیں۔

    انہوں نے عماد وسیم کو مشورہ دیا کہ ’’اگر لیگز کھیلنی ہیں تو سینٹرل کونٹریکٹ سے علیحدگی اختیار کر لیں لیکن پاکستان ٹیم کے لیئے اپنے آپ کو دستیاب رکھیں‘‘۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل نیشنل ٹی 20 میں اسلام آباد کے ہیڈ کوچ جنید خان نے تصدیق کی تھی کہ عماد وسیم نیشنل ٹی 20 چھوڑ کر ٹی 10 لیگ کھیلنے جارہے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ (ایکس) ٹوئٹر پر کرکٹر عماد وسیم نے اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور ساتھ ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

  • ’’بابر اعظم کی قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بھی جگہ نہیں بنتی‘‘

    ’’بابر اعظم کی قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بھی جگہ نہیں بنتی‘‘

    قومی کرکٹرز عماد وسیم اور محمد عامر سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بابراعظم کی جگہ نہیں بنتی۔

    نجی ٹی وی کے پروگرام میں بابراعظم متعلق گفتگو کرتے ہوئے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ مجھے اختیار ملے تو بابراعظم کو صرف ٹیسٹ کا کپتان بناؤں گا۔ اس موقع پر عماد اور محمد عامر کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بابراعظم کی جگہ نہیں بنتی۔

    عماد وسیم کے مطابق آئندہ چیمپیئن ٹرافی کیلئے ٹیم میں تبدیلیاں ہونی چاہئیں اور اس بات میں بھی کوئی شک نہیں کہ ٹیم میں گروپنگ بھی ہوتی ہے۔

    بھارت نیوزی لینڈ سیمی فائنل پر تبصرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کے آل راؤنڈر نے کہا کہ اگر کوئی ٹیم سیمی فائنل میں بھارت کو ہراسکتی ہے تو وہ نیوزی لینڈ ہے جب کہ محمد عامر کا موقف تھا کہ آج بھارت فاتح رہے گا۔

    واضح رہے کہ بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں شکست کے بعد بابراعظم تینوں فارمیٹ کی کپتانی چھوڑ چکے ہیں انھوں نے سوشل میڈیا پر اس بات کا اعلان کیا تھا۔

    بابر کا مزید کہنا تھا کہ وہ بطور کھلاڑی پاکستان کرکٹ ٹیم کو دستیاب رہیں گے اور جو بھی کپتان بنے گا اسے بھرپور سپورٹ کریں گے۔

  • ’’عماد وسیم اور محمد عامر کو پاکستان ٹیم میں ہونا چاہیے تھا‘‘

    ’’عماد وسیم اور محمد عامر کو پاکستان ٹیم میں ہونا چاہیے تھا‘‘

    سابق پاکستانی آل راؤنڈر عبدالرزاق نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈکپ کے لیے عماد وسیم اور محمد عامر کو پاکستان ٹیم میں ہونا چاہیے تھا۔

    نجی چینل کے اسپورٹس شو میں ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور افغانستان کے درمیان ورلڈ کپ میں جو میچ ہوا وہ تاریخی تھا۔ عبدالرزاق نے آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکس ویل کی تاریخ سار اننگز کی بھی تعریف کی۔

    پاکستان ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے ہمارے دماغ پر کپتانی چڑھ جاتی ہے جب کہ آج میکس ویل اپنے کپتان کو گائیڈ کررہا تھا۔

    پاکستانی ٹیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرزاق نے کہا کہ کیچ میچ جیتاتے ہیں، عماد وسیم اور محمد عامر جیسے کرکٹرز کو پاکستان ٹیم میں ہونا چاہیےتھا۔

    ایک سوال کے جواب میں عبدالرزاق نے بتایا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کامیاب قائد سرفراز احمد ان کے پسندیدہ کپتان تھے۔

  • ’میکسویل جیسی اننگز اب کوئی نہیں کھیل سکے گا‘

    ’میکسویل جیسی اننگز اب کوئی نہیں کھیل سکے گا‘

    میکسویل کی شاندار اننگز پر دنیائے کرکٹ حیرت زدہ ہے، سابق کرکٹ اسٹارز بھی میکسویل کی اس تاریخی ڈبل سنچری پر عماد وسیم نے تعریف کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں آسٹریلیا و افغانستان کے خلاف ہونے والا میچ اب تک کا سب سے تاریخی اور سانسوں کو روک دینے والا مقابلہ تھا۔ ایک مرحلے پر آسٹریلین ٹیم کے 91 رنز پر 7 وکٹیں گر چکی تھیں اور ان کی شکست کے آثار واضح تھے۔

    تاہم پھر میکسویل کا جادو ایسا چلا کہ شائقین اور ماہرین نے اب تک کی ون ڈے انٹرنیشنلز کی تاریخ ساز اننگز کا مشاہدہ کیا۔ گراؤنڈ کا کوئی کونہ ایسا نہ تھا جہاں میکس ویل نے گیند کو نہ پہنچایا ہو اور افغان بولرز کو نہ دھویا ہو۔

    آسٹریلیا اور افغانستان میچ پر دلچسپ میمز کی بھرمار

    افغانستان کی جانب سے دیے گئے 291 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میکس ویل کی حیران کن اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے 19 بالز قبل ہی یہ ہدف حاصل کرلیا۔ آسٹریلین بیٹر نے شاندار اور ناقابل شکست 201 رنز کی اننگز کھیلی۔

    نجی ٹی وی چینل کے اسپورٹس شو میں گفتگو کرتے ہوئے آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا کہ میکسویل نے ون ڈے کی تاریخ کی بہترین اننگز کھیلی، شاید ہی کوئی اور ایسی کھیل سکے۔

    انہوں نے کہا کہ ریکارڈ ٹوٹ بھی جاتے ہیں اور مسقبل میں یہ ریکارڈ ٹوٹ سکتے ہیں لیکن میکس ویل جیسی شاندار اننگز اب کوئی اور نہیں کھیل سکے گا،  ورلڈ کپ میں سب سے اچھا بطور ٹیم بھارت نے کھیلا ہے۔

    عماد کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم میں اسپنر کی کمی ہے، اسپنر کو کھلانا چاہیے۔

  • عماد وسیم کی پاکستان کے دو اہم میچز سے قبل بڑی پیشگوئی

    عماد وسیم کی پاکستان کے دو اہم میچز سے قبل بڑی پیشگوئی

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے ورلڈ کپ میں پاکستان کے سو اہم میچز سے قبل بڑی پیشگوئی کی ہے۔

    نجی چینل کے اسپورٹس شو میں آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا کہ پاکستان کی فیلڈنگ اچھی ہوئی ہے، پاکستان انگلینڈ اور نیوزی لینڈ سے جیت سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے میچ کا پریشر کچھ اور ہی ہوتا ہے لیکن اگر ہماری ٹیم اسی فارم میں رہی تو ہم دونوں میچز آسانی سے جیت سکتے ہیں۔

    سابق کرکٹر عبد الرزاق نے گزشتہ روز بھارت اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے مقابلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کا پہلے بیٹنگ نہ کرنے کا فیصلہ ٹھیک تھا، سری لنکا کی بولنگ،بیٹنگ، فیلڈنگ اچھی نہیں تھی۔

    یاد رہے کہ ورلڈکپ کے 33 ویں میچ میں بھارت نے سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے میں 302 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

    واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم نے ورلڈ کپ میں 7 میچز کھیلے ہیں جن میں تین میں کامیابی حاصل ہوئی اور چار میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    پاکستانی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے، پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے دوسری ٹیموں کی شکست اور رن ریٹ کا انتظار کرنا پڑے گا۔