بھارت میں نئی دہلی کے شمال مشرقی علاقے ویلکم میں ایک بڑا حادثہ رونما ہوا، جہاں ایک چار منزلہ عمارت منہدم ہو گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ صبح کے وقت پیش آیا، جب زیادہ تر لوگ گھر پر موجود تھے۔ عمارت کے ملبے میں کم از کم 12 افراد دب گئے، جن میں سے 6 کو ریسکیو ٹیموں نے نکال لیا ہے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے تلے اب بھی تقریباً 5 سے 6 افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ ریسکیو آپریشن پوری شدت سے جاری ہے، تاہم علاقے کی گنجان آبادی اور تنگ گلیوں کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق موقع پر فائر بریگیڈ کی سات گاڑیاں، مقامی پولیس، اور دیگر ریسکیو ٹیمیں موجود ہیں، جو مسلسل ملبہ ہٹانے اور متاثرین کو نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
پولیس اور فائر حکام کے مطابق حادثے کی اصل وجہ کا ابھی علم نہیں ہو سکا ہے لیکن ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عمارت کافی بوسیدہ اور خستہ حال تھی، جس کے باعث یہ حادثہ ہوا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ علاقہ ’جنتا مزدور کالونی‘ کہلاتا ہے، جہاں بڑی تعداد میں مزدور اور کم آمدنی والے افراد رہائش پذیر ہیں۔
دہلی میں شدید زلزلہ، عمارتیں لرز اُٹھیں
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب دہلی کے اس علاقے میں ایسی کوئی عمارت منہدم ہوئی ہو، اس سے قبل اپریل میں بھی دلی کے دیالپور تھانہ علاقے میں ایک چار منزلہ عمارت منہدم ہوگئی تھی، حادثے میں درجنوں لوگ ملبے میں دب گئے تھے اور چار افراد کی موت واقع ہوئی تھی۔ وہ واقعہ دہلی کے مصطفیٰ آباد علاقے میں پیش آیا تھا۔