Tag: عمارت گرنے کا واقعہ

  • لیاری میں عمارت گرنے کا واقعہ،  ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    لیاری میں عمارت گرنے کا واقعہ، ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    کراچی: سندھ حکومت نے لیاری میں عمارت گرنے پر ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ( ایس بی سی اے ) محمد اسحاق کھوڑو کو عہدے سے ہٹا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لیاری عمارت گرنے کے واقعے پر اسحاق کھوڑو کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی شروع کردی گئی۔

    ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ( ایس بی سی اے ) محمد اسحاق کھوڑو کو عہدے سے ہٹا دیا گیا اور نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

    محمد اسحاق کھوڑو کی جگہ شاہ میر خان بھٹو نئے ڈی جی ایس بی سی اے تعینات کر دیے گئے۔

    اس سے قبل وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈی جی ایس بی سی اے کو معطل کر دیا گیا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ملوث افراد پر ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے، واقعے کے ذمہ داران کیخلاف سخت سے سخت کارروائی ہوگی اور عمارت گرنے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    زیراطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ لیاری میں درد ناک واقعہ ہوا، عمارت گرنے سے معصوم جانوں کا ضیاع ہوا، دکھ کی گھڑی میں لواحقین سے افسوس کا اظہار کرتے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے آج ایک اہم اجلاس طلب کیا۔

    شرجیل میمن نےکہا بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا عملہ عمارت گرنے کا ذمے دار ہے، فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کیلئے دو دن کا وقت دیا گیا ہے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ پر ایکشن ہوگا۔

    انھوں نے بتایا کہ کنٹونمنٹ سے باہر ایریاز میں بلڈنگ کنٹرول، کے ایم سی اور ڈی ایم سی کا رول ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے جو بھی ذمہ دار ہیں فوری ایکشن لیں، پہلے کے بی سی تھا اب سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ہے۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ایس بی سی اے کسی میئر یا ڈسٹرکٹ کونسل کے انڈر نہیں ہوسکتا، گھر، پلاٹ یا فلیٹ کی خرید کے وقت دیکھیں این او سی ہے یا نہیں۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ کراچی میں 51 عمارتوں پر فوری ایکشن کیا جا رہا ہے، کہیں پر کوئی ایمرجنسی ہوگی تو حکومت متبادل فراہم کرے گی ، ایمرجنسی میں سیلاب زدگان اور کورونا متاثرین کی بھی مدد کی گئی تھی۔

  • کراچی : لیاری میں عمارت گرنے کا واقعہ،   3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی  قائم

    کراچی : لیاری میں عمارت گرنے کا واقعہ، 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم

    کراچی : لیاری میں عمارت گرنے کے واقعے کی تحقیقات کے لئے 3 رکنی کمیٹی بنادی گئی ، تحقیقات کی روشنی میں واقعے کا مقدمہ درج ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں عمارت گرنے کے واقعے پر ڈپٹی کمشنرساؤتھ نے 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنادی۔

    ذرائع نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر ساؤتھ کی سربراہی میں کمیٹی تحقیقات کرے گی، تحقیقاتی کمیٹی کی تحقیقات کی روشنی میں واقعے کا مقدمہ درج ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران سے بھی انکوائری کی جائے گی اور ایس بی سی اے نے مخدوش عمارت ہونے کا جو نوٹس جاری کیا وہ پیش کیا جائے۔

    کمیٹی کی جانب سے کہا گیا کہ ایس بی سی اے نے دیوار پر نوٹس چسپاں کیا تھا تو ثبوت پیش کیا جائے۔

    کمیٹی نے سوال کیا نوٹس کس نے وصول کیا ؟ کیا نوٹس کے بعد بجلی منقطع کیلئےکے الیکٹرک کو لکھا گیا ، ایس بی سی اے نے واٹر بورڈ کو مخدوش عمارت کا پانی ،سیوریج بند کرنے کیلئے لکھا ؟ کیا ایس بی سی اے نے مخدوش عمارت کے سوئی گیس کنکشن منقطع کیلئے لکھا ؟

    مزید پڑھیں : کراچی، لیاری میں عمارت گرنے کا واقعہ، ریسکیو آپریشن مکمل، 27 لاشیں نکال لی گئیں

    خیال رہے کراچی میں ستائیس جانیں غفلت کی بھینٹ چڑھ گئیں، لیاری بغدادی میں گرنے والی رہائشی عمارت کےحادثے میں سولہ مرد، نو خواتین اور دو بچے جان سے گئے، جن مین زیادہ تر افرادکا تعلق ہندو کمیونٹی سے ہے۔

    عمارت کے ملبے تلے دب کر50 سے زائد رکشوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔

  • کراچی : گرنے والی رہائشی عمارت کی متاثرہ خاتون کا دل دہلا دینے والا  انکشاف

    کراچی : گرنے والی رہائشی عمارت کی متاثرہ خاتون کا دل دہلا دینے والا انکشاف

    کراچی : لیاری میں گرنے والی رہائشی عمارت کی متاثرہ خاتون کا دل دہلا دینے والا انکشاف کرتے ہوئے کہا عمارت کئی دنوں سے ہل رہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے میں لیاری میں 6 منزلہ رہائشی عمارت کے گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

    مثاثرہ عمارت کے باہر ایک بھائی چھوٹی بہن اور تین ماہ کی بھانجی کو بچانے کی فریاد کرتارہا جبکہ ایک شخص نے کہا لوگ ملبے میں دبے تھے، ریسکیو کیلئے فون کرتے رہے، گاڑیاں تاخیرسے آئیں۔

    متاثرہ خاتون نے انکشاف کیا عمارت کئی دنوں سے ہل رہی تھی، سب کو پتا تھا لیکن کسی نے فلیٹ نہیں چھوڑا۔

    اس سے قبل عینی شاہد نے بتایا تھا کہ ہم نے دو سال پہلے یہ عمارت چھوڑ دی تھی کیونکہ اس عمارت کی حالت خراب ہورہی تھی، اچانک عمارت گرنے کی آواز سنائی دی جیسے زلزلہ آگیا، لوگوں کی چیخنے کی آوازسنائی دے رہی تھیں۔

    مزید پڑھیں : اچانک عمارت گرنے کی آواز سنائی دی جیسے زلزلہ آگیا، عینی شاہد

    یاد رہے کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں چھے منزلہ رہائشی عمارت گرگئی تھی ، جس کے نتیجے میں سات افراد دب کر جاں بحق اور چار خواتین سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    ملبے سے تین ماہ کی بچی کو زندہ نکالا گیا تاہم ملبے میں دبے دیگر افراد کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تیس سے زائد افراد کی ملبے میں دبے ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم ریسکیو ٹیمیں مشینری کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

    حکام کے مطابق خستہ حال عمارت گرنے کے باعث اطراف کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا اور دیواروں میں دراڑیں پڑگئیں، جس کے بعد عمارت کو خالی کرالیا گیا ہے۔