Tag: عمان پولیس

  • عمان میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والوں کے لیے بری خبر

    عمان میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والوں کے لیے بری خبر

    مسقط: 300 سے زائد اسمگلر اور درانداز غیر قانونی طور پر عمان میں داخل ہوتے ہوئے پکڑے گئے۔

    عرب میڈیا کے مطابق 2020 کی تیسری سہ ماہی کے دوران کوسٹ گارڈ پولیس نے مختلف کارروائیوں میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 322 اسمگلرز اور غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرنے والوں کو گرفتار کیا۔

    عمانی پولیس کا کہنا تھا کہ دراندازی کرنے والوں کو عمانی سمندری حدود میں پکڑا گیا ہے۔

    جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کوسٹ گارڈ نے دیگر پولیس اداروں کے ساتھ مل کر سمندری راستے سے ہونے والی منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب آپریشن کیے۔

    کوسٹ گارڈ پولیس کمانڈ کے ڈائریکٹر آپریشنز لیفٹیننٹ کرنل عبد العزیز الجبری کا کہنا تھا کہ کوسٹ گارڈ اہل کاروں کو عمانی سمندری حدود میں ایسے واقعات سے نمٹنے کے لیے مستقل طور پر تربیت دی جاتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ کوسٹ گارڈ اہل کار مستقل طور پر اسمگلرز اور غیر قانونی تارکین وطن کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانیں بھی خطرے میں ڈالے رکھتے ہیں، بالخصوص رات کے مشکل ترین وقت میں جو خطرات اور چیلنجز سے بھرپور ہوتا ہے۔

    الجبری کا کہنا تھا کہ یہ کوسٹ گارڈ عملے کے تجربات ہیں جن کی وجہ سے وہ اسمگلنگ کرنے والی کشتیوں سے بخوبی نمٹ رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ کرونا وبا کے دوران اسمگلرز سے نمٹنا اور بھی مشکل ہو گیا ہے، کیوں کہ غیر قانونی طور پر عمان میں داخل ہونے والوں کو وبا کے سلسلے میں حفاظتی اقدامات کی آگاہی نہیں ہوتی، تاہم پولیس کی کشتیوں کا عملہ ان کے ساتھ بالکل درست طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے نمٹتا ہے تاکہ وائرس کی منتقلی نہ ہو سکے۔

    کرنل عبدالعزیز الجبری نے کہا کہ وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں کوسٹ گارڈ پولیس کا وزارت صحت کے حکام سے بھی رابطہ رہتا ہے، تاکہ دراندازی کرنے والوں جب کرونا کی طبی جانچ کے لیے متعلقہ مراکز لایا جائے تو خصوصی طبی عملہ بھی ساتھ ہو۔

    انھوں نے رائل عمان پولیس کی جانب سے ان شہریوں کا شکریہ بھی ادا کیا جو سمندری حدود میں کسی مشتبہ شخص یا کشتی کے داخلے پر پولیس کو بروقت مطلع کر دیتے ہیں۔

  • عمان پولیس نے عوام کے لیے اہم وارننگ جاری کردی

    عمان پولیس نے عوام کے لیے اہم وارننگ جاری کردی

    مسقط: عمان کی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ گمراہ کن فون اور پیغامات کے ذریعے فراڈ سے بچا جائے اور اس حوالے سے فوری پولیس کو شکایت درج کروائی جائے۔

    ٹائمز آف عمان کے مطابق عمان کی شاہی پولیس نے عوام کو کال اور میسجز کے ذریعے کیے جانے والے فراڈز کے بارے میں متنبہ کیا ہے۔

    رائل پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسی تمام کالز اور سوشل میڈیا کے ذریعے آنے والے پیغامات کو نظر انداز کردیں جن میں کوئی خود کو کسی کمیونی کیشن ادارے یا بینک کا بتا کر آپ کا ذاتی ڈیٹا یا پن کوڈ طلب کرے۔

    پولیس کے مطابق یہ بھی کہا جاسکتا ہے کہ آپ نے کسی قسم کا کوئی انعام جیتا ہے یا پھر فون کرنے والے کو آپ کی مالی مدد کی ضرورت ہے۔

    عمان پولیس نے واضح کیا ہے کہ ایسی تمام کالز گمراہ کن ہوتی ہیں اور ان کی مطلوبہ معلومات فراہم کرنا لوگوں کو بھاری نقصان سے دو چار کرسکتا ہے۔

    رائل پولیس کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اس طرح کی کالز کو رپورٹ کرنے کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انکوائریز اینڈ کرمنل انویسٹی گیشنز کے ہاٹ لائن نمبر پر رابطہ کیا جائے اور وہاں اطلاع دی جائے۔

  • عمان پولیس نے38 گاڑیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی

    عمان پولیس نے38 گاڑیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی

    مسقط: رائل عمان پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 38 گاڑیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6 ملزمان کوگرفتار کر لیا۔

    رائل عمان پولیس نے شہریوں سے کرائے پر نئی گاڑیاں حاصل کر کے انہیں فروخت کرنے کی کوشش نا کام بنا دی، شہری کروڑوں روپے کے فراڈ سے محفوظ رہے۔

    عمان پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 6 ملزمان نے شہریوں سے گاڑیاں کرائے پر لینے کے لیے جعلی معاہدوں پر دستخط کروائے اور پھر ان گاڑیوں کو اسمگل کرنے کی کوشش کی۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے ان کےخلاف قانونی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے۔

    پولیس نے شہریوں سے کہا کہ وہ دھوکہ دہی کا شکار ہونے سے بچیں، فراڈ کرنے والوں کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات سے دھوکہ نہ کھائیں۔

    رائل عمان پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ویب سائٹس کے ذریعے گاڑیاں خرید وفروخت کرتے وقت محتاط رہیں۔