Tag: عمران خان

عمران خان، جنھیں آج کال پاکستان کے میڈیا میں بانی پی ٹی آئی بھی کہا جاتا ہے، پاکستان کی سب سے بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ ہیں۔ وہ ۲۰۱۸ سے ۲۰۲۲ تک اقتدار میں بھی رہے مگر آج کل پابند سلاسل ہیں

سیاست سے پہلے ان کا تعارف ایک مایہ ناز کرکٹر کا تھا جو کہ پاکستان کو ون ڈے کرکٹ ورلڈکپ کا فاتح بناگئے

  • اختیار کے غلط استعمال کی مثال میرے خلاف نیب کا توشہ خانہ کیس ہے، بانی پی ٹی آئی

    اختیار کے غلط استعمال کی مثال میرے خلاف نیب کا توشہ خانہ کیس ہے، بانی پی ٹی آئی

    اسلام آباد : بانی پی ٹی آئی نے نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کیخلاف حکومتی اپیل خارج کرنےکی استدعا کرتے ہوئے کہا اختیار کے غلط استعمال کی مثال میرے خلاف نیب کا توشہ خانہ کیس ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کیخلاف حکومتی انٹراکورٹ اپیل پر بانی پی ٹی آئی نےسپریم کورٹ میں تحریری جواب جمع کرا دیا۔

    جس میں بانی پی ٹی آئی نے اپیلیں خارج کرنےکی استدعا کر دی اور کہا کہ کسی شخص کی کرپشن بچانے کیلئے قوانین میں ترامیم بناناریپبلک میں بھی نہیں ہوتی، کرپشن معیشت کے لئے تباہ کن اور اس کے منفی اثرات ہوتے ہیں۔

    تحریری جواب میں کہا گیا کہ مجھ سےدوران سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ترامیم کا فائدہ آپ کوبھی ہو گا، میرا مؤقف واضح ہے یہ میری ذات کا نہیں ملک کا معاملہ ہے، پارلیمنٹ کو قانون سازی آئین کے اندر رہ کر کرنی چاہیے،تحریری جواب

    بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نیب اختیار کا غلط استعمال کرتا ہے تو ترامیم اسے روکنے کی حد تک ہونی چاہیے، اختیار کے غلط استعمال کی مثال میرے خلاف نیب کا توشہ خانہ کیس ہے۔

    جواب میں مزید کہا گیا کہ نیب نےمیرےخلاف کیس بنانےکیلئےایک کروڑ80 لاکھ کے نیکلس کو 3ارب 18 کروڑ کا بنا دیا، ماضی میں کرپشن کرنیوالوں نےقوانین ،پارلیمنٹ کو ڈھال بنایا۔

    تحریک انصاف کے بانی نے کہا کہ کرپشن بچانے کیلئےکی گئی ترامیم عوام کا قانون پرسے اعتبار اٹھادیتی ہیں، قوانین کا مقصد کسی فرد واحد کےلیے نہیں بلکہ عوام کیلئے ہونا چاہیے اور سپریم کورٹ کو حقائق کے سامنے آنکھیں بند نہیں کرنی چاہیے۔

  • تحریک انصاف پر پابندی لگتے دیکھ رہا ہوں، رؤف حسن

    تحریک انصاف پر پابندی لگتے دیکھ رہا ہوں، رؤف حسن

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان رؤف حسن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دینے کا کہا گیا ہے، مجھے ملک میں تباہی نظر آرہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام خبر میں میزبان مہر بخاری سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رؤف حسن نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور دیگر امور سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔

    انہوں نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی غدار ہیں تو اس ملک میں کوئی بھی محب وطن نہیں، ملک میں یہ سب دیکھ کر بہت شدت سے تکلیف ہورہی ہے، خواہش تھی کہ حالات اس نہج تک نہ پہنچتے۔

    پی ٹی آئی پر پابندی لگانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں رؤف حسن کا کہنا تھا کہ ایک صحافی کے کہنے پر کابینہ نے منظور کیا کہ بانی پی ٹی آئی پر بغاوت کا مقدمہ درج کیا جائے، تحریک انصاف کو کالعدم قرار دینے کا کہا گیا ہے میں تحریک انصاف پر پابندی لگتے دیکھ رہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں پتہ جنہوں نے اس میں حصہ لیا وہ سنجیدہ ہیں یا نہیں، کیا وہ سمجھتے ہیں کہ اس سے ملک پر کیا اثر پڑے گا، جنہوں نے یہ راستہ اختیار کیا ہے کہ وہ دوبارہ سوچیں، دو سال سے جو کچھ ہو رہا ہے اب مجھے تباہی بھی نظر آرہی ہے۔

    بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ ان کو بھی ڈیل کی آفر ہوئی مگر انہوں نے مسترد کردی، حکومت کی سوچ بانی پی ٹی آئی کو 5 سال اندر رکھنے کی ہے، رانا ثناءاللہ تو کہہ چکے ہیں کہ ہمارے لئے مقدمے بنانا کوئی مشکل کام نہیں۔

    پی ٹی آئی ووٹرز اور حامیوں کا غصہ سینئر لیڈر شپ پر نکل رہا ہے کہ وہ کام نہیں کررہے،

    جلسے کی اجازت نہیں ملی مگر طے کیا ہے جلسہ ضرور کریں گے، بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے الیکشن ہی بہترین حل ہیں، اگر اس پر اتفاق ہوسکتا ہے تو دیگر جماعتوں کو بھی ساتھ ملائیں گے۔

    ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ تعلیم، صحت سمیت بہت سے مسائل نظر آرہے ہیں، امید کی کرن بالکل غائب ہوگئی ہے، مجھے لگتا ہے ہمیں بہت کچھ کرنا پڑے گا، حالت روز بہ روز بدل رہے ہیں،اچھی طرف نہیں جارہے۔

    ہماری اولین ترجیح اس ملک کی بہتری ہے، ملک غلط سمت میں جارہا ہے، مایوسی پھیل رہی ہے،
    جب ہم درست نہیں کر پارہے تو کیا دوسروں کو لائیں گے؟ مجھے لگتا ہے کہ 76 سال میں یہ سب سے زیادہ خطرناک صورتحال ہے۔

  • بانی پی ٹی آئی کبھی ڈیل نہیں کریں گے ، محمدعلی درانی

    بانی پی ٹی آئی کبھی ڈیل نہیں کریں گے ، محمدعلی درانی

    اسلام آباد :سابق وفاقی وزیراطلاعات محمدعلی درانی کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کبھی ڈیل نہیں کریں گے، حکومت پی ٹی آئی قیادت کے مقدمات ختم کرکے مفاہمت کا ماحول پیدا کرے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے اےآروائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں بانی تحریک انصاف کے حوالے سے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کبھی ڈیل نہیں کریں گے لیکن ڈائیلاگ سےکبھی انکارنہیں کیا، ان کی باتیں کئی ذرائع سے پہنچتی ہیں،عمرایوب نے مذاکرات کی بات کی۔

    سابق وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت پی ٹی آئی قیادت کے مقدمات ختم کرکے مفاہمت کا ماحول پیدا کرے کیونکہ حکومت کو عدالتوں میں جوسبکی ہورہی ہےوہ خود ان کے لیے اچھی نہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ دوست ممالک اورآئی ایم ایف بھی حکومت سے مفاہمت کا مطالبہ کررہے ہیں ، ایسا قدم اٹھایا جائے کہ عوام کومزید جھٹکوں سے بچانے کے لیے ماحول ٹھنڈا ہو۔

    ان کہنا تھا کہ حکومت نے اسی عوام کے پاس جانا ہے جوان سےنالاں ہیں، مقدمات ختم کرنا حکومت کا پاکستان اور عوام سے محبت کا اظہار ہوگا.

    رانا ثنااللہ کے حوالے سے سابق وزیر نے کہا کہ راناثنااللہ کی شخصیت کا مضبوط پہلویہ ہے وہ خود سیاسی کارکن ہیں، راناثنا کو کوئی جیل میں نہ رکھ سکا تو آج کون مائی کالال کیسے رکھ سکتا ہے۔

  • سانحہ 9 مئی: بانی پی ٹی آئی  مزید 2 مقدمات سے بری

    سانحہ 9 مئی: بانی پی ٹی آئی مزید 2 مقدمات سے بری

    اسلام آباد : بانی پی ٹی آئی کو سانحہ 9 مئی کے دو مقدمات سے بری کردیا گیا، ناکافی شواہد کی بنیاد پر مقدمات سے بری کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ عمرشبیر نے سانحہ 9 مئی سے متعلق تھانہ شہزاد ٹاؤن کے دونوں مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی بریت درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔

    عدالت نے فیصلے میں تھانہ شہزادٹاؤن میں درج 9 مئی کے 2 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کو بری کردیا، ناکافی شواہد کی بنیاد پر مقدمات سے بری کیا گیا۔

    وکلا مرزاعاصم بیگ اورنعیم پنجوتھا نے بریت پر دلائل دیے تھے، وکیل مرزا عاصم بیگ نے دلائل میں کہا غیرمجازشخص کی جانب سے ایف آئی آردرج کروائی گئی تھی، بانی پی ٹی آئی پر ایک سو نو الزام عائد کیےگئےمگرکوئی شواہد پیش نہیں کیےجاسکے۔۔

    وکلا مرزا عاصم بیگ اور نعیم پنجوتھانے بانی پی ٹی آئی کی بریت پر دلائل دیئے تھے ، غیر مجاز شخص کی جانب سےایف آئی آردرج کروائی گئی تھی، بانی پی ٹی آئی پر109 کا الزام عائد کیا گیا مگرکوئی شواہد پیش نہیں کئے جاسکے۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے اسلام آباد کی سیشن عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو تھانہ کوہسار میں درج مقدمے سے بری کیا تھا جبکہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو تھانہ کراچی کمپنی میں درج مقدمات سے بھی بری کر دیا تھا۔

  • عمران خان نے رنبیر کپور سے موازنہ پر خاموشی توڑ دی

    عمران خان نے رنبیر کپور سے موازنہ پر خاموشی توڑ دی

    بالی ووڈ اداکار عمران خان نے ساتھی اداکار رنبیر کپور کے ساتھ مسلسل موازنہ پر خاموشی توڑ دی ہے۔

    ایک حالیہ انٹرویو میں بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کے بھانجے عمران خان نے اپنے اور رنبیر کپور کے تعلقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں کو ایک دوسرے کے مدمقابل لانے میں میڈیا کا بڑا کردار ہے۔

    اداکار نے کہا کہ ہم دونوں کا موازنہ کرنے کی وجہ سے صرف تلخیاں ہی پیدا ہوئی ہیں لیکن ان سب کے باوجود جب میری رنبیر سے بات ہوتی ہے تو وہ کبھی ان چیزوں کو اہمیت نہیں دیتے۔

    عمران خان نے کہا کہ رنبیر کپور صحیح معنوں میں فلم اور انڈسٹری سے محبت کرنے والے انسان ہیں اور وہ اس قسم کے معاملات میں نہیں پڑتے، لیکن صرف کچھ فلمی میگزین اس حوالے سے سرگرم رہتے ہیں۔

    واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار عمران خان اور رنبیر کپور نے لگ بھگ ایک ساتھ ہی جب اپنی ڈیبیو فلمیں جانے تو یا نہ جانے نہ اور سانوریا سے بالترتیب اپنے کیریئر کا آغاز کیا تو دونوں بھارتی فلم بینوں کے دلوں کی دھڑکن بن گئے۔

  • ویڈیو: بانی پی ٹی آئی کے لیے آج بھی ڈیل کی آفرز موجود ہیں، رؤف حسن

    ویڈیو: بانی پی ٹی آئی کے لیے آج بھی ڈیل کی آفرز موجود ہیں، رؤف حسن

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے لیے آج بھی ڈیل کی آفرز موجود ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے رؤف حسن نے کہا ’’بانی پی ٹی آئی ڈیل کر کے 10 دن میں باہر آ سکتے تھے، ان کے لیے آج بھی ڈیل کی آفرز موجود ہیں۔‘‘

    رؤف حسن نے کہا بانی پی ٹی آئی کے پاس پہلے 10 دن میں آفر تھی جب وہ اٹک جیل میں تھے، لیکن وہ کسی ڈیل پر یقین نہیں رکھتے اسی لیے جیل میں ہیں۔

    انھوں نے کہا بانی پی ٹی آئی نے جس دن کال دے دی سب لوگ باہر ہوں گے، پاکستان تحریک انصاف عوام کی جماعت ہے، عوام کہتے ہیں دفتروں میں کیوں بیٹھے ہو باہر نکلو، عوام کہتے ہیں کسی قسم کا سمجھوتہ کیا تو معاف نہیں کریں گے۔

    ترجمان پی ٹی آئی کا رہنماؤں کے منظر عام پر آنے کے حوالے سے بتایا کہ مراد سعید کے علاوہ بانی پی ٹی آئی نے سب رہنماؤں کو سامنے آنے کا کہا، حماد اظہر سامنے آ گئے ہیں، میاں اسلم بھی جلد سامنے آ جائیں گے، مراد سعید سے متعلق بانی پی ٹی آئی نے ابھی کچھ نہیں کہا ہے۔

    اپنے اوپر ہونے والے حملے کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ 7 دن ہو گئے، کسی نے رابطہ نہیں کیا، اب تک 4 لوگوں کی جیوفینسنگ نہیں ہو سکی، 9 مئی کے بعد 24 گھنٹوں میں 10 ہزار لوگوں کی جیوفینسنگ کی گئی، سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہیں اس کے باوجود ملزمان نہیں پکڑے گئے، ایف آئی آر تو درج ہو گئی لیکن ہماری لیگل ٹیم چاہتی ہے کہ دہشت گردی کی دفعہ شامل ہو۔

    وفاق کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے رؤف حسن نے کہا ’’پہلے دن سے ہماری پالیسی تھی کہ وفاق کے ساتھ فنکشنل ریلیشن رکھنے ہیں، علی امین گنڈاپور نے بطور وزیر اعلیٰ وفاقی حکومت کے ساتھ ریلیشن رکھے ہیں، لیکن وفاق کی جانب سے ردعمل انتہائی غیر مناسب تھا، وفاق صوبے کو فنڈز فراہم نہیں کر رہا، تعیناتیوں کی سفارش پر بھی عمل نہیں کیا گیا، بجلی کے معاملے پر بھی وفاق خیبر پختونخوا کو سنجیدہ نہیں لے رہا تھا، وفاق کو بھی سوچنا چاہیے کہ اس نے اکائیوں کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔

    کیسز کے حوالے سے انھوں نے کہا بانی پی ٹی آئی پر مزید کیس بنانے کی پوری کوششیں کی جا رہی ہیں، کل (آج) کی چھٹی کا مقصد یہ ہی ہے کہ بانی پی ٹی آئی پر مزید کیسز بنائے جائیں، شاہ محمود قریشی پر جو مزید 8 کیسز بنا دیے گئے ہیں یہ اس کا واضح ثبوت ہے، لیکن ہمیں پورا یقین ہے کہ 2024 میں بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آ جائیں گے، آج حالات مختلف ہیں ایمرجنسی لگائیں گے تو ملک کا نقصان ہوگا، نفرتیں بہت ہیں ایسی غلطیاں نہ کریں جس سے ملک کو نقصان ہو۔

    رؤف حسن کا کہنا تھا کہ ن لیگ، پیپل زپارٹی اور ایم کیو ایم کے ساتھ بات نہیں ہوگی، چوری کیا ہوا مینڈیٹ واپس کریں گے تو ان پارٹیوں سے بھی بات ہو سکتی ہے۔

  • بانی پی ٹی آئی کو بڑا ریلیف مل گیا، مختلف مقدمات میں بری

    بانی پی ٹی آئی کو بڑا ریلیف مل گیا، مختلف مقدمات میں بری

     بانی پی ٹی آئی کو بڑا ریلیف مل گیا اور عدالت نے انہیں دو تھانوں میں درج مختلف مقدمات سے بری کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد کی سیشن عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو تھانہ کوہسار میں درج مقدمے سے بری کر دیا ہے۔

    سیشن عدالت نے مذکورہ کیس میں سینیئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی، فیصل جاوید، قاسم سوری، علی نواز اعوان اور راجا خرم نواز کو بھی بری کر دیا ہے۔

    عدالت نے جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے بریت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ ان درخواستوں پر وکیل نعیم پنجوتھا اور سردار مصروف  نے دلائل دیے تھے۔

    دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو تھانہ کراچی کمپنی میں درج مقدمات سے بھی بری کر دیا ہے۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے بریت کی درخواست پرمحفوظ فیصلہ سنایا۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے علاوہ فیصل جاوید، علی نواز اعوان، سیف اللہ نیازی، زرتاج گل اور اسد عمر کو بھی بری کر دیا ہے

  • بانی پی ٹی آئی 10 دن میں جیل سے باہر آجائیں گے: لطیف کھوسہ

    بانی پی ٹی آئی 10 دن میں جیل سے باہر آجائیں گے: لطیف کھوسہ

    تحریک انصاف کے رہنما و معروف قانون دان لطیف کھوسہ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ انشاءاللہ بانی پی ٹی آئی ہفتہ 10دن میں جیل سے باہر آجائیں گے۔

    فیصل آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف کوئی قانونی کیس نہیں بنایا گیا، 190ملین پاؤنڈ اور القادر ٹرسٹ کیس میں بڑا فیصلہ ہوا ہے بھٹو نے ایک سائفر راجہ بازار میں لہرایا تو اسے پھانسی دی گئی آج 45سال بعد عدالت نے بھٹو کی پھانسی کو غلط قرار دیا۔

    پارٹی رہنما اسدقیصر نے کہا کہ فیصل آباد میں صنعتوں کی صورتحال بہت افسوسناک ہے یہاں کے تاجر اتنے پریشان ہیں پنجاب حکومت آئے اور دیکھے، تاجروں کی مشاورت کے بغیر ٹیکس کا نفاذ کیا جا رہا ہے مخصوص لابی اپنےکاروبار کو دوام دینے کیلئے پالیسی بنا رہی ہے۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور کر لی ہے اور انہیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
    یہ محفوظ کیا گیا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروقی اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سنایا اور رہائی کے لیے ایک ملین کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

    تاہم عدالت سے اس ریفرنس میں ضمانت اور رہائی کا حکم ملنے کے باوجود بانی پی ٹی آئی جیل میں ہی رہیں گے کیونکہ سائفر اور نکاح عدت کیس میں انہیں دی جانے والی سزائیں تاحال معطل نہیں ہوئی ہیں۔

    واضح رہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ضمانت خارج ہونے کے بعد اس فیصلے کے خلاف بانی پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا اور عدالت نے نیب پراسیکیوٹر امجد پرویز اور بانی پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ کے دلائل سننے کے بعد گزشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

     

  • سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو بذریعہ ویڈیو لنک پیش ہونے کی اجازت دے دی

    سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو بذریعہ ویڈیو لنک پیش ہونے کی اجازت دے دی

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کیس میں بانی پی ٹی آئی کو بذریعہ ویڈیو لنک پیش ہونے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق آج منگل کو سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کیس سے متعلق اپیلوں پر سماعت کی، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ بڑی عجیب صورت حال ہے کہ درخواست گزار اپیل میں ریسپانڈنٹ ہیں اور ان کی نمائندگی نہیں۔

    چیف جسٹس نے کہا بانی پی ٹی آئی کا خط پہلے ہمارے نوٹس میں نہیں لایا گیا، پہلے بتایا جاتا تو اس حوالے سے مشاورت کر کے انتظامات کرتے، بانی پی ٹی آئی اس کیس میں فریق ہیں، ان کی نمائندگی ہونی چاہیے، اس لیے بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک پر حاضری کے لیے انتظامات کیے جائیں۔

    چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ وہ کب تک انتظامات کرلیں گے؟ اٹارنی جنرل کی ایک ہفتے کی مہلت کی استدعا کی۔ چیف جسٹس نے کہا ہم بانی پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہیں۔

    جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس میں کہا ایک اپیل وفاق کی ہے، دوسری اپیل پرائیویٹ ہے، متاثرہ فرد ہی اپیل دائر کر سکتا ہے، وفاق کیسے متاثرہ فریق ہے؟ وکیل وفاقی حکومت نے کہا وفاقی حکومت کی نیب ترامیم کو کالعدم قرار دیا گیا اس لیے ہم متاثرہ فریق ہیں۔

    جسٹس اطہر من اللہ نے اس پر کہا کہ سپریم کورٹ نے کئی کیسز میں اصول طے کیا کہ فیڈریشن متاثرہ فریق نہیں ہو سکتی، عدالت متاثرہ فریق کی تشریح کر چکی کہ حکومت متاثرہ فریق نہیں ہے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا اگر کوئی مرکزی کیس میں فریق ہے تو وہ متاثرہ ہوتا ہے، جس کے خلاف بھی فیصلہ ہو اسے اپیل کا حق ہوتا ہے، جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کسٹمز ایکٹ کیس میں عدالت قرار دے چکی کہ کوئی متاثرہ فریق نہیں ہو سکتا۔

    مخدوم علی خان نے کہا کہ کسٹمز کے کیس میں اپیل ایک افسر نے دائر کی تھی، کیا وفاق کو حق نہیں کہ اپنے بنائے ہوئے قانون کا دفاع کر سکے؟ نیب ترامیم سے بانی پی ٹی آئی کو کوئی ذاتی نقصان نہیں ہوا تھا، چیف جسٹس نے کہا مناسب ہوگا آپ اپنے بنیادی نکات ہمیں لکھوا دیں، بنیادی نکات عدالتی حکم کے ذریعے بانی پی ٹی آئی تک پہنچ جائیں گے تاکہ وہ جواب دے سکیں، کیوں کہ اس وقت وہ آپ کے دلائل نہیں سن رہے۔

  • عامر خان کی پروڈیوس کردہ فلم میں عمران خان کی واپسی

    عامر خان کی پروڈیوس کردہ فلم میں عمران خان کی واپسی

    ممبئی: بالی ووڈ کے سُپر اسٹار عامر خان کے بھانجے عمران خان 9 سال بعد اپنے ماموں کے پروڈیوس کردہ فلم کے ساتھ بڑے پردے پر واپسی آہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکار عمران خان نے کچھ ماہ پہلے اداکاری کی دنیا میں واپسی سے متعلق گفتگو کی تھی اور اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ وہ عامر خان کی پروڈیوس کردہ کامیڈی فلم میں جلوہ گر ہوں گے۔

    رپورٹ کے مطابق عامر خان کی پروڈکشن میں بننے والی اس کامیڈی فلم کا نام ’ہیپی پٹیل ‘ ہوگا جبکہ اداکار ویر داس اس فلم کے ذریعے ہدایتکاری کی دُنیا میں اپنا ڈیبیو کریں گے۔

    واضح رہے ویر داس اور عمران خان اس سے پہلے مشہور کامیڈی فلم ’دہلی بیلی‘ میں ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئے تھے جبکہ فلم ’دہلی بیلی‘ کے پروڈیوسر بھی بالی ووڈ اسٹار عامر خان تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ہپی پٹل فلم کی شوٹنگ کا آغاز بھارتی ریاست گوا میں ہوگیا ہے جبکہ عمران خان اُس وقت سے فلم کی تیاری میں مصروف ہیں۔

    واضح رہے کہ عمران خان آخری مرتبہ کامیڈی رومینٹک فلم ’کٹی بٹی‘ میں نظر آئے تھے جو 2015 میں ریلیز کی گئی۔