Tag: عمران خان

عمران خان، جنھیں آج کال پاکستان کے میڈیا میں بانی پی ٹی آئی بھی کہا جاتا ہے، پاکستان کی سب سے بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ ہیں۔ وہ ۲۰۱۸ سے ۲۰۲۲ تک اقتدار میں بھی رہے مگر آج کل پابند سلاسل ہیں

سیاست سے پہلے ان کا تعارف ایک مایہ ناز کرکٹر کا تھا جو کہ پاکستان کو ون ڈے کرکٹ ورلڈکپ کا فاتح بناگئے

  • عدالت میں پیشی : عمران خان اور بشریٰ بی بی اسلام آباد کیلئے روانہ

    عدالت میں پیشی : عمران خان اور بشریٰ بی بی اسلام آباد کیلئے روانہ

    اسلام آباد پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی عدالت میں پیشی کے لئے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 3مقدمات کی سماعت آج ہوگی جبکہ احتساب عدالت میں بشریٰ بی بی کی القادر ٹرسٹ کیس میں ضمانت پر سماعت بھی آج مقرر ہے۔

    چیئرمین پی‌ ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی عدالت میں پیشی کے لئے اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں۔

    ایک سو نوےملین پاؤنڈ منتقلی کے کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہو گی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل اسپیشل ڈویژن بینچ درخواست پر کرے گا۔

    اس کے علاوہ دفعہ ایک سو چوالیس کی خلاف ورزی پر درج مقدمہ میں درخواست ضمانت کی سماعت ہوگی جبکہ نو مئی کے بعد درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کی درخواست پر سماعت بھی آج ہوگی۔

    یاد رہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف سو سے زائد کیسزمیں گرفتاری سے روکنے کے حکم میں 31 مئی تک توسیع کی تھی۔

    گذشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جناح ہاوس حملہ سمیت چار مقدمات میں لاہور ہاٸی کورٹ اور انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے تھے اور ضمانتی مچلکے داخل جمع کروائے تھے۔

    سابق وزیر اعظم کی چاروں مقدمات میں عبوری ضمانت کی معیاد 2 جون کو ختم ہو رہی تھی۔

  • عمران خان کے گھر کے سرچ وارنٹ غیر مؤثر قرار

    عمران خان کے گھر کے سرچ وارنٹ غیر مؤثر قرار

    لاہور : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے گھر کے سرچ وارنٹ کو غیر مؤثر قرار دے دیا اور کہا ایک بار لیے گئے سرچ وارنٹ ہمیشہ کے لیے نہیں ہوتے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں عمران خان کے گھر کےسرچ وارنٹ کی منسوخی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

    کمشنر لاہور اور ڈی سی لاہور سمیت دیگر افسران انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے ، جج عبہر گل نے استفسار کیا کیا سرچ وارنٹ پر عملدرآمدکرالیا ہے ، آپ عمران خان کے گھر کس مقصد کیلئےگئے تھے۔

    کمشنر لاہور نے بتایا کہ ہم زمان پارک کے باہر تجاوزات ہٹانے کیلئےگئے تھے ، ہم نے سرچ وارنٹ پر عملدرآمد تاحال نہیں کیا، عمران خان تجاوزات ہٹا نے کے لئے رضامند ہوگئے تھے۔

    عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ آپ کووارنٹ ابھی درکار ہیں، مہلت دی جائے،افسران سےمشاورت کےبعدجواب دوں گا۔

    جس پر انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ڈی آئی جی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

    عمران خان کی رہائشگاہ کے سرچ وارنٹ کی منسوخی کیلئےدرخواست پر فیصلہ جاری کردیا ، فیصلے میں عمران خان کے گھر کے سرچ وارنٹ کو غیر مؤثر قرار دے دیا اور کہا ایک بار لیے گئے سرچ وارنٹ ہمیشہ کے لیے نہیں ہوتے۔

    انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے عمران خان کی درخواست پرفیصلہ سنایا، عمران خان نے گھر کے سرچ وارنٹ کیخلاف انسداد دہشت گردی عدالت سے رجوع کیا تھا۔

  • عمران خان اور فیض حمید کے خلاف درخواست دائر

    عمران خان اور فیض حمید کے خلاف درخواست دائر

    پشاور : پشاور ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور فیض حمید کے خلاف درخواست کی سماعت میں کہا کہ کمیشن بنانے کا اختیار وفاقی حکومت کے پاس ہے آپ حکومت سے پہلے رابطہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور فیض حمید کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

    وکیل نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے کچھ ایسے معاہدےکئے جس نے طالبان کو دوبارہ بحالی میں مدد کی، معاہدوں کی تحقیقات اورملوث لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    جسٹس عبدالشکور نے استفسار کیا کہ آپ ہمیں بتائیں عدالت ایسے معاملات میں مداخلت کرسکتی ہے؟ کمیشن بنانے کا اختیار وفاقی حکومت کے پاس ہے آپ حکومت سے پہلے رابطہ کریں۔

    جسٹس عبدالشکور نے استفسار کیا ایمل ولی خان کون ہے اور کیا کام کرتا ہے، بابر خان یوسفزئی نے بتایا کہ ایمل ولی خان سیاسی پارٹی کا صوبائی صدر ہے۔

    جس پر جسٹس وقار احمد کا کہنا تھا کہ کیا پہلے ایسا ہوا ہے عدالت نے کمیشن بنانے کا حکم دیا ہو، یہ اختیار حکومت کا ہے حکومت کہے تو کمیشن بن سکتا ہے۔

    عدالت نے کہا کہ آپ اس کو دیکھیں اور عدالت کی رہنمائی کریں، چائے کے وقفے کے بعد اس کیس کو دوبارہ سنیں گے۔

  • ’کل ایک قانون نافذ ہوا جس سے مائنس عمران، پلس نواز شریف فارمولا وجود میں آسکتا ہے‘

    ’کل ایک قانون نافذ ہوا جس سے مائنس عمران، پلس نواز شریف فارمولا وجود میں آسکتا ہے‘

    پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کل ایک قانون نافذ ہوا جس سے مائنس عمران، پلس نواز شریف فارمولا وجود میں آسکتا ہے۔

    پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ سینئر سیاستدان شیخ رشید احمد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے مجھ سمیت ساری قوم 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 13 پارٹیوں کا ٹولہ اسے اپنا سیاسی بیانہ نہ بنائے، ایک مہینے سے دنیا میں ہماری جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کہتی ہے کہ چند لوگوں کے لیے قانون سازی نہیں ہوسکتی، دیکھیں یکم جون کو سپریم کورٹ کیا فیصلہ کرتی ہے، نواز شریف بھی آجائے تاکہ روز روز کی چِک چِک ختم ہو، نواز شریف کی گاڑی چھوٹ چکی ہے۔

    مسلم لیگ عوامی کے سربراہ نے کہا کہ جب ڈالر 312 روپے کا ہوگا، 18 لاکھ آٹے کے تھیلے رمضان میں غائب ہوں گے، تو لوگوں کو سمجھانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، 7 کروڑ نوجوانوں کی جیب میں موبائل فون ہیں جو اپنا فیصلہ خود کرنے کا شعور رکھتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ رات نیب کا نوٹس موصول ہوا ہے جس کا آج تحریری جواب دے رہا ہوں، یہ بتا چکا ہوں القادر ٹرسٹ ایجنڈے کے وقت میں موجود نہیں تھا، نا ہی شہزاد اکبر سے میری کبھی بات ہوئی۔

    شیخ رشید احمد ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ کل ایک قانون نافذ ہوا ہے جس سے مائنس عمران، پلس نواز شریف فارمولا وجود میں آسکتا ہے۔

  • عمران خان نے  عبدالقادر پٹیل کو 10 ارب روپے ہر جانے کا نوٹس بھجوادیا

    عمران خان نے عبدالقادر پٹیل کو 10 ارب روپے ہر جانے کا نوٹس بھجوادیا

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیرصحت عبدالقادر پٹیل کو 10 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا، وزیر صحت نے پریس کانفرنس میں عمران خان کی میڈیکل رپورٹ میڈیا سے شیئر کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے وزیر صحت عبدالقادرپٹیل کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کردیا گیا۔

    عمران خان نے عبدالقادرپٹیل کو 10 ارب ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا، نوٹس چیئرمین تحریک انصاف کےوکیل ابوذرسلمان نیازی کی جانب سے بھجوایا گیا۔

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عبدالقادرپٹیل15روز میں اپنےبیہودہ الزامات واپس لیں اور فوری چیئرمین تحریک انصاف سےغیرمشروط معافی مانگیں۔

    نوٹس میں کہا ہے کہ عبدالقادرپٹیل 10 ارب بطورہرجانہ اداکریں جسےشوکت خانم اسپتال میں جمع کرایاجائےگا، اگر معافی نہ مانگی تو قانونی کارروائی آگے بڑھائیں گے۔

    یاد رہے وزیر صحت عبد القادر پٹیل نے پریس کانفرنس میں عمران خان کی میڈیکل رپورٹ میڈیا سے شیئر کی تھی، جس میں اہم انکشافات کئے گئے تھے۔

    انہوں نے بتایا تھا کہ میڈیکل رپورٹ میں لکھا ہے کہ عمران خان کے دماغی توازن پر سوالیہ نشان ہے، میڈیکل رپورٹ کے مطابق ان کی دماغی حالت ہی ٹھیک نہیں ہے۔

    وزیر صحت نے کہا تھا کہ قوم سے اپیل ہے اپنے بچوں کو اس عمران خان کے حوالے نہ کریں، پاگل سے لین دین ہی نہیں کرنی چاہیے۔

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ یورین رپورٹ کے مطابق عمران خان منشیات کا استعمال کرتے رہے، رپورٹ میں منشیات کے استعمال کی تصدیق ہوئی ہے۔

  • عمران خان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی خارج از امکان نہیں، خواجہ آصف

    عمران خان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی خارج از امکان نہیں، خواجہ آصف

    اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عمران خان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی خارج از امکان نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی خارج از امکان نہیں، حکومت کا فیصلہ ہے کہ جو کچھ عسکری تنصیبات اورشہدا کی یادگاروں کے ساتھ ہوا اس پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان نو مئی کے واقعات کے منصوبہ ساز ہیں، انہیں ہر چیز کا علم تھا، انہوں ںے مذمت میں بھی کئی دن لگائے۔

    عمران خان کی مذاکرات کی پیشکش سے متعلق وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان آج مذاکرات کی پیش کش کررہے ہیں ماضی میں وہ ہم سے بات تک کرنے کیلئے تیار نہیں تھے، انہوں نے اپوزیشن کا مکمل بائیکاٹ کر رکھا تھا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے تمام حربے استعمال کیے اور جب بند گلی میں آگئے تو اسٹیبلشمنٹ کو آوازیں دے رہے ہیں کہ مذاکرات کر لو۔

    پی ٹی آئی کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی سے سیاسی، قانونی اور آئینی طریقے سے نمٹ رہے ہیں۔

    یاد رہے وزیردفاع خواجہ آصف نے نومئی کے واقعات کو پاکستان کیلئے نائن الیون قرار دیتے ہوئے کہا تھا نو مئی کو جو ہوا وہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔

    پی ٹی آئی پر پابندی کے سوال پر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کسی بھی جماعت پرپابندی لگانے کا ایک عمل ہوتا ہے، اگر یہ عمل شروع ہوتا ہےتو معاملہ پارلیمنٹ میں لائیں گے۔

  • عمران خان کا آج لاہور ہائی کورٹ اور انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوں گے

    عمران خان کا آج لاہور ہائی کورٹ اور انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوں گے

    لاہور : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا آج لاہور ہائی کورٹ اور انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی آج لاہور ہائی کورٹ اور انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کاامکان ہے،عمران خان کی سیکیورٹی کیلئے ایلیٹ فورس، جیمر گاڑی ،ایمولینس بھی زمان پارک پہنچ گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان اے ٹی سی میں 3 مقدمات میں عبوری ضمانت کے مچلکے جمع کرائیں گے جبکہ لاہورہائیکورٹ میں ظل شاہ کیس میں ضمانتی مچلکے جمع کرائیں گے۔

    یاد رہے لاہور ہائیکورٹ نے ظل شاہ قتل کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی 2 جون تک عبوری ضمانت منظور کی تھی۔

    لاہور ہائیکورٹ نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عمران خان کی ضمانت منظور کی تھی۔

    خیال رہے نو مئی کے واقعات کی تحقیقات کیلئے قائم جےآئی ٹی نے عمران خان کو آج چاربجے طلب کررکھاہے، ذرائع نےبتایا جےآئی ٹی عمران خان سےجناح ہاؤس اور عسکری ٹاورمیں جلاؤ گھیراؤ پر تفتیش کرے گی۔

    عمران خان تھانہ سرور روڈ، شادمان اور ریس کورس سمیت دیگر تھانوں میں ہونے والے مقدمات میں نامزد ہیں۔

    واضح رہے 9 مئی کے واقعات پر پنجاب حکومت نے 10 مختلف جے آئی ٹیز بنائی تھیں، عمران خان کیخلاف تھانہ سرور روڈ میں درج مقدمے میں بیان ریکارڈ کیا جائے۔

  • مریم اورنگزیب  کی عمران خان  پر کڑی تنقید

    مریم اورنگزیب کی عمران خان پر کڑی تنقید

    اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی جانے والی تصویر کو جعلی قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر عمران خان کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی جانے والی تصویر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جھوٹے یہ تصویر ایک سال پرانی نوشہرہ میں آئل ڈیپو میں آگ لگنے کی ہے، 19 سال سے لوگوں کو جھوٹی جعلی تصویروں اور مصنوعی بیانیے سے ذہن سازی کر کے بیوقوف بنایا گیا، ملک دشمنی دہشت گردی ،شہدا اور غازیوں کی بے حرمتی سکھائی گئی، اب بس آرام سے دو جھنڈوں کے درمیان بیٹھ کر رات کو کامیڈی شو لگایا کرو۔

    مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کسی رات شو میں اپنے گھناؤنے اور ناقابلِ معافی جرائم پر معافی بھی مانگو ، جن کے بچوں کو گمراہ کر کے تم نے آزمائش میں ڈالا ہے، ان شہدا اور غازیوں کے خاندانوں سے معافی مانگو جن کے دل تم نےزخمی کئے ، اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کے حقوق کی خلاف ورزی معاف نہیں فرماتا۔

  • چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا نام ای سی ایل میں شامل

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا نام ای سی ایل میں شامل

    اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا نام ای سی ایل میں شامل کردیا گیا، نیب راولپنڈی نےعمران خان کانام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق 190ملین پاؤنڈ کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا نام ای سی ایل میں شامل کردیا گیاہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ عمران خان کا نام نیب راولپنڈی کی درخواست پر ای سی ایل میں شامل کیا گیا ، سرکلر سمری کے ذریعے وفاقی کابینہ نے منظوری دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کا نام بھی ای سی ایل میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، نیب کی جانب سے وزارت داخلہ کو خط لکھا جائے گا۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور ان کی سابق کابینہ کے ارکان کو جاری کیے گئے سفارتی پاسپورٹ منسوخ کردیے گئے تھے اور تمام 10 افراد کو نو فلائی لسٹ میں بھی شامل کردیا گیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی، اسد عمر، پرویز خٹک، شیخ رشید، علی امین گنڈا پور، علی محمد خان، فرخ حبیب، زرتاج گل اور اعظم سواتی کے ڈپلومیٹک پاسپورٹ منسوخ کیے گئے تھے۔

    اس سے قبل وفاقی حکومت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سمیت 80 سے زائد افراد کا نام نو فلائی لسٹ میں شامل کر دیا تھا، ان افراد کے بیرون ملک سفر کرنے پر پابندی ہوگی۔

  • عمران خان  کی رجب طیب اردوان  کو صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد

    عمران خان کی رجب طیب اردوان کو صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد

    لاہور : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے   رجب طیب اردوان صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دعا ہے ان کی نئی 5سالہ مدت ترکیہ کے لوگوں کیلئےخوشحالی لائے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں اپنے ملک کے لوگوں کی جانب سے رجب طیب اردوان کو کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں، ترکیہ پاکستان کا دوست ملک ہے، دعا ہے ان کی نئی 5سالہ مدت ترکیہ کے لوگوں کیلئےخوشحالی لائے۔

    یاد رہے رجب طیب اردوآن 54.47 فیصد ووٹ لے کر تیسری بار ترکیے کے صدر منتخب ہوئے، سپریم الیکشن کونسل کے چیئرمین احمت ینیرنے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اردوآن نے چون اعشاریہ چار سات فیصد ووٹ حاصل کیے، کمال اوغلو نے سنتالیس فیصد ووٹ لیے، جس پر انہوں نے شکست تسلیم کرلی۔

    رجب طیب اردوآن تیسری بات صدر منتخب ہوئے تو صدارتی محل کے باہر عوام کا سمندر اُمڈ آیا اور صوفیہ تکبیر کے نعروں سے گونج اٹھا جبکہ استنبول اور انقرہ سمیت کئی شہروں میں ترک عوام نے جشن منایا اور شاندار آتش بازکی۔

    صدارتی محل کے باہر لاکھوں افراد سے خطاب میں اردوآن نے کہا یہ سلطنتِ عثمانیہ جیسا ٹرننگ پوائنٹ ہے، یہ متحد ہونے اور کام کرنے کا وقت ہے، ہم مل کر اسے ترکی کی صدی بنائیں گے۔

    رجب طیب اردوآن نے زلزلہ زدگان کی آبادکاری کو اولین ترجیح قراردیتے ہوئے مہنگائی کم کرنے کا بھی اعادہ کیا۔