Tag: عمران خان

عمران خان، جنھیں آج کال پاکستان کے میڈیا میں بانی پی ٹی آئی بھی کہا جاتا ہے، پاکستان کی سب سے بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ ہیں۔ وہ ۲۰۱۸ سے ۲۰۲۲ تک اقتدار میں بھی رہے مگر آج کل پابند سلاسل ہیں

سیاست سے پہلے ان کا تعارف ایک مایہ ناز کرکٹر کا تھا جو کہ پاکستان کو ون ڈے کرکٹ ورلڈکپ کا فاتح بناگئے

  • پی ٹی آئی رہنماؤں میں اختلافات، سلمان اکرم راجہ کی بانی سے ملاقات کرنے والوں پر لفظی گولہ باری

    پی ٹی آئی رہنماؤں میں اختلافات، سلمان اکرم راجہ کی بانی سے ملاقات کرنے والوں پر لفظی گولہ باری

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں میں اختلافات مزید کھل کر سامنے آ گئے ہیں، سلمان اکرم راجہ نے بانی سے ملاقات کرنے والوں پر لفظی گولہ باری کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ بانی سے جیل میں ملاقات کے لیے میں نے 6 وکیلوں کی فہرست دی تھی لیکن ان میں سے 5 کے نام نکال دیے گئے، اور جو پانچ لوگ دندناتے ہوئے گئے ان کا فہرست میں نام نہیں تھا۔ انھوں نے کہا بانی سے صرف منظور نظر ملنے دیے گئے۔

    بیرسٹر علی ظفر نے اس پر ردعمل میں کہا ہے کہ بانی سے ملنا ہر ایک کا حق ہے، سلمان اکرم راجہ نے نیا تنازع کھڑا کیا ہے۔ چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بھی سلمان اکرم راجہ کو جواب دیتے ہوئے کہا بانی پی ٹی آئی کے بعد صرف میرا آرڈر چلتا ہے۔

    بیرسٹر گوہر نے کہا میں کسی کو وضاحت نہیں دوں گا، میں چیئرمین ہوں پوری پارٹی مجھے وضاحت دے گی، میں صرف بانی کو جواب دہ ہوں، میرے دستخط سے پارٹی میں لوگوں کو ٹکٹس ملتے ہیں، میں بانی کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا، یہ جان خدا کے بعد بانی پی ٹی آئی کی امانت ہے۔


    امریکی ڈاکٹروں نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق کوئی بات نہیں کی، رانا ثنا اللہ


    بعض رہنماؤں کی تنقید پر علی امین گنڈاپور بھی چراغ پا ہو گئے ہیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا ہر شخص کو مطمئن کرنا ان کے بس میں نہیں ہے، کسی کو دشمنی کرنی ہے تو اعلان جنگ کر دے، ہر گھر میں میاں بیوی میں بھی لڑائی ہوتی ہے، پارٹی معاملات حل کر لیں گے۔

    فواد چوہدری نے گزشتہ رات اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سلمان اکرم راجہ جیسے لوگ پی ٹی آئی نہیں یہ بعد میں شامل ہوئے، سلمان اکرم راجہ کے بارے میں مشہور ہے وہ گالف بھی تنہا کھیلتے ہیں، ان کی پارٹی میں کسی سے بن ہی نہیں رہی۔

    واضح رہے کہ دوسری طرف جے آئی ٹی میں سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کی تحقیقات جاری ہیں، پی ٹی آئی کے 20 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، رہنما نوٹسز کے باوجود جے آئی ٹی میں پیش نہیں ہوئے تھے، فیصلہ تحقیقات میں تعاون نہ کرنے پر کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جن رہنماؤں کے وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں شیخ وقاص اکرم، حماد اظہر، زلفی بخاری، عون عباس، میاں اسلم، فردوس شمیم، تیمور سلیم، جبران الیاس، خالد خورشید، شہباز گل، اظہر مشوانی اور دیگر شامل ہیں۔

  • بانی پی ٹی آئی معافی نہیں مانگیں گے، سلمان اکرم راجا

    بانی پی ٹی آئی معافی نہیں مانگیں گے، سلمان اکرم راجا

    پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے دوٹوک کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی معافی نہیں مانگیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان معافی نہیں مانگیں گے، اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ معافی مانگیں گے تو اپنے ذہن سے یہ بات نکال دے۔

    سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بڑی تحریک کا مطلب اپنے اندر بہت سے معنی رکھتا ہے۔ سیاسی جماعتوں سے بات چیت اچھے انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ 23 مارچ یوم تجدید والے دن لاہور میں ہمیں کیک تک نہیں کاٹنے دیا گیا۔ یہ صرف آئین وقانون نہیں بلکہ شرافت کی بحالی کا بھی دن ہے۔

    سلمان اکرم راجا نے مزید کہا کہ آج لارجر بینچ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں سے متعلق درخواستیں سنیں۔ ہم نے عدالت کو بتایا کہ نومبر کے بعد سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں نہیں ہو رہی ہیں جب کہ ملاقاتیں کرنا عمران خان کا استحقاق بھی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ عدالت نے آج واضح کر دیا کہ ہفتہ وار دو ملاقاتیں کروائی جائیں گی۔ ہم عمران خان سے ملاقاتوں سے متعلق اب فہرست دیا کریں گے۔

    سلمان اکرم راجا نے بھی بتایا کہ ملاقات کرنیوالوں پر شرط عائد ہوئی ہے کہ وہ ملاقات کے بعد سیاسی گفتگو نہیں کرینگے۔ جیل حکام کا موقف ہے کہ رفقا کی گفتگو سے عدم استحکام کا خدشہ ہے۔ کسی بھی شخص کی گفتگو پر تو قدغن نہیں لگ سکتی۔ عدالت نے بات نہ کرنے کا حکم رفقا کی حد تک دیا ہے۔

  • ایک کروڑ لوگوں کی بدعائیں  ہیں کہ آج  بانی پی‌ ٹی آئی جیل میں ہیں، گورنر سندھ

    ایک کروڑ لوگوں کی بدعائیں ہیں کہ آج بانی پی‌ ٹی آئی جیل میں ہیں، گورنر سندھ

    کراچی : گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ ایک کروڑ لوگوں کی بدعائیں ہیں کہ آج بانی پی‌ ٹی آئی جیل میں ہیں، ان کو آخری عشرے میں معافی مانگنی چاہیئے۔

    تفصیلات کے مبانق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو آخری عشرے میں معافی مانگنی چاہیئے، ایک کروڑ لوگوں کی بدعائیں ہیں کہ آج آپ جیل میں ہیں۔

    ،گورنر سندھ نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے 50لاکھ لوگوں کا دل دکھایا جنہیں چھت ملنے کی امید دلائی گئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ آپ نےٹرمپ انتظامیہ سے جو امید لگائی تھی وہ مایوسی میں بدل رہی ہے، امریکی محکمہ خارجہ نے اسے پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دے دیا، ٹرمپ انتظامیہ کے گھٹنوں پر ہاتھ لگانے کی بجائے اللہ سےمعافی مانگو۔

    گورنرسندھ نے مزید کہا کہ گورنرہاؤس میں یونیورسٹی بنانے کا دعویٰ بانی پی ٹی آئی کے وزیراعظم کا تھا، جب گورنر ہاؤس آیا تو پتہ چلا ان کے گورنر نےدیواریں اور مضبوط بنادی، گورنرہاؤس میں ایک نوکری کا کاغذ نہیں ملا،

    ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نےوزیراعظم بننے کے بعدایک رات کراچی میں نہیں گزاری لیکن میں آج پی ٹی آئی کے کارکنان کو ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں۔

  • امریکی محکمہ خارجہ کا بانی پی ٹی آئی سے متعلق سوال کا جواب دینے سے انکار

    امریکی محکمہ خارجہ کا بانی پی ٹی آئی سے متعلق سوال کا جواب دینے سے انکار

    واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق سوال کا جواب دینے سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ کے دوران تحریک انصاف کے بانی سے متعلق سوال کیا گیا۔

    تاہم امریکی ترجمان نے عمران خان سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔

    ٹیمی بروس کا کہنا تھا کہ دوسرے ملک کے اندرونی معاملات پر بات نہیں ہوگی، معاملے پر چاہیں تو وائٹ ہاؤس سے بھی پوچھ لیں۔

    مزید پڑھیں : سفری پابندی کی لسٹ، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے وضاحت کردی

    ترجمان نے کہا کہ ٹرمپ اور وزیرخارجہ نے واضح کیا ہے کہ امریکا کو اپنے پڑوسیوں کی پرواہ ہے، ہمیں اس بات کی فکر ہے کہ دنیا میں کیا ہو رہا ہے۔

    اس کے علاوہ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے امریکا میں داخلے پر پابندی کے لیے ملکوں کی فہرست بنانے کی تردید کر دی اور کہا کئی دنوں سے جس فہرست کا انتظار ہو رہا ہے اس کا کوئی وجود نہیں۔

    عمران خان سے متعلق خبریں

  • سائفر کیس :  بانی پی ٹی آئی  کی بریت  کا تفصیلی فیصلہ جاری

    سائفر کیس : بانی پی ٹی آئی کی بریت کا تفصیلی فیصلہ جاری

    سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی بریت کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ اپنا کیس ثابت کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں بریت کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ، تفصیلی فیصلہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ،شاہ محمود قریشی کی بریت کی اپیلوں پرجاری ہوا۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کا سائفر کیس میں تفصیلی فیصلہ 25 صفحات پر مشتمل ہے، اسوقت کےچیف جسٹس عامرفاروق اور جسٹس گل حسن نےجون میں مختصر فیصلہ جاری کیا تھا۔

    جس مین ڈویژن بینچ نے عمران خان ،شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں بری کیا تھا اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے 3 جون 2024 کو بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود کی سزا کالعدم قراردی تھی۔

    تحریری فیصلہ میں کہا گیا کہ استغاثہ عمران خان ،شاہ محمود قریشی کیخلاف کیس ثابت کرنے میں ناکام رہا، ریکارڈ ظاہر کرتا ہے کہ ٹرائل غیر ضروری جلد بازی میں چلایا گیا۔

    فیصلے میں کہنا تھا کہ ملزمان کے وکلاکے التوامانگنے پر سرکاری وکیل تعینات کردیاگیا اور سرکاری وکیل کو تیاری کے لیے محض ایک دن دیا گیا ، سرکاری وکیل کی جرح انکی ناتجربہ کاری ،وقت کی کمی ظاہر کرتی ہے۔

    یہ کیس ٹرائل کورٹ کو ریمانڈ بیک کرنے کی نوعیت کا ہے، عدالت اس کیس کو میرٹ پر سن رہی ہے ، جرح کو ایک طرف رکھا جائےتوبھی استغاثہ کےشواہدکیس ثابت کرنےکیلئےناکافی ہیں ، استغاثہ اپناکیس ثابت کرنےمیں مکمل طور پرناکام رہی ہے۔

     

    عمران خان سے متعلق خبریں

  • آکسفورڈ میں پی ٹی آئی کا مؤقف بری طرح پٹ گیا، ہمیں کامیابی ملی، احسن اقبال

    آکسفورڈ میں پی ٹی آئی کا مؤقف بری طرح پٹ گیا، ہمیں کامیابی ملی، احسن اقبال

    نارووال : وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آکسفورڈ میں پی ٹی آئی کا مؤقف بری طرح پٹ گیا۔

    نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آکسفورڈ یونین کے مکالمہ میں پی ٹی آئی کے حامی کو بدترین شکست ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ اس مکالمہ میں اللہ تعالیٰ نے مجھے کامیاب کیا، پی ٹی آئی نے شکست پر شرم ساری کے بجائے اپنا مؤقف خوشنما بنا کر پیش کیا۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی تقریر میں پوری دنیا کے سامنے بانی پی ٹی آئی کی حقیقت بیان کی، میں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی خود کو کبھی طالبان خان کہتا تھا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جمہوریت پر حملہ کیا،جب ماورائے آئین اسمبلی توڑی تو عدالت نے اسے مجرم قرار دیا، یہ وہ شخص ہے جس نے نفرت کو سیاست میں ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے مذہبی جماعتوں کے ساتھ مل کر نفرت پھیلائی جس کا میں بھی نشانہ بنا، 190ملین پاؤنڈ کا غبن بانی پی ٹی آئی نے کیا۔

    وزیرمنصوبہ بندی نے کہا کہ میں نے حاضرین سے سوال کیا کہ برطانیہ میں کوئی غبن کرے تو وہ سیاسی لیڈر کہلائے گا یا چور؟

    احسن اقبال نے بتایا کہ آکسفورڈ یونین مکالمے میں ہمارے مؤقف کو 145 کے مقابلے میں184ووٹوں سے کامیابی ملی، جبکہ مدمقابل کا مؤقف بری طرح پٹ گیا، اللہ نے مجھے کامیاب کیا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ان کا یہی وطیرہ ہے، آکسفورڈ یونیورسٹی مکالمہ میں اپنی ہار کو پی ٹی آئی نے کامیابی قرار دیا، اسی طرح الیکشن میں ہار کو فارم 47 کا جھوٹا بیانیہ گھڑ کے چھپانے کی کوشش کرتے ہیں۔

    ان کا سارا کاروبار فیک اور کہانیاں جھوٹی ہیں، یہ سارا سوشل میڈیا کا کھیل کھیلتے ہیں، عمل اورحقیقت کی دنیا میں ان کا کوئی وجود نہیں۔

    پاکستان کے عوام ترقی کو پسند کرتے ہیں،انتشار اور دھرنوں کو پسند نہیں کرتے، پی ٹی آئی کی سیاست بری طرح پٹ چکی ہے، اب کسی کو پاکستان میں منفی سیاست سے کوئی دلچسپی نہیں۔

    احسن اقبال نے کہا کہ عالمی فورم پر یہ لوگ ملک کی بدنامی کررہے ہیں، بانی پی ٹی آئی سیاسی قیدی نہیں ہے وہ مجرم ہے چور ہے۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ برطانوی حکومت نے190ملین پاؤنڈ پکڑ کر دیئے کہ پاکستانی عوام کو لوٹا دو، بانی پی ٹی آئی نے وہ رقم لوٹانے کے بجائے اسی چور کو واپس کردی۔

  • بانی پی ٹی آئی کے سابق سیکیورٹی انچارج کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم

    بانی پی ٹی آئی کے سابق سیکیورٹی انچارج کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم

    اسلام آباد: ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے سابق سیکیورٹی انچارج عمر سلطان کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے سابق سیکیورٹی انچارج کا نام پی سی ایل میں شامل کرنے کو بلا جواز اور غیر قانونی قرار دے دیا، جسٹس محمد آصف نے پٹیشنر کا نام سفری پابندیوں کی فہرست سے نکالنے کے احکامات جاری کر دیے۔

    عدالت نے حکم میں کہا یہ ریکارڈ پر نہیں کہ پٹیشنر کا نام وفاقی حکومت کی منظوری سے سفری پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا، پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں عمر سلطان کا نام شامل کر کے پٹیشنر کے آئین میں درج بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی۔

    عدالت نے کہا ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق پٹیشنر کا نام پی سی ایل اور ای سی ایل میں ایکٹو ہے، درخواست گزار کا نام ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے اے آئی جی کی سفارش پر شامل کیا ہے، متعدد ایف آئی آرز کی وجہ سے 24 اگست 2023 کو نام سفری پابندیوں کی لسٹ میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی، جب کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت 18 اپریل 2024 کو درخواست گزار کی ضمانت منظور کر چکی ہے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا یہ عدالت فریقین کو درخواست گزار کا نام سفری پابندیوں کی فہرست سے فوری نکالنے کا حکم دیتی ہے۔ کیس کی پیروی کے لیے عمر سلطان کی جانب سے وکیل راجہ قدید جنجوعہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

  • بانی پی ٹی آئی کی پارٹی رہنماؤں کو وزیراعلیٰ کے پی سے متعلق خاص ہدایت

    بانی پی ٹی آئی کی پارٹی رہنماؤں کو وزیراعلیٰ کے پی سے متعلق خاص ہدایت

    پاکستان تحریک انصاف کے بانی نے پارٹی رہنماؤں کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے متعلق خاص ہدایت جاری کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے تعاون کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لیے آنے والے پارٹی رہنماؤں کو وزیراعلیٰ کے پی کا ساتھ دینے کی ہدایت کی۔

    ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمان سے اتحاد پر پارٹی رہنماؤں کو تاحال کوئی واضح پالیسی نہیں دی ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے کچھ رہنما اب بھی علی امین گنڈاپور کے مخالف ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/pti-imran-khan-adiala-jail-2/

  • فضل الرحمان کے 3 مطالبات بانی پی ٹی آئی تک پہنچا دیئے گئے،  جے یوآئی پر اعتبار نہ کرنے کا مشورہ

    فضل الرحمان کے 3 مطالبات بانی پی ٹی آئی تک پہنچا دیئے گئے، جے یوآئی پر اعتبار نہ کرنے کا مشورہ

    اسلام آباد : پی ٹی آئی رہنماؤں نے اپوزیشن اتحاد کیلئے فضل الرحمان کے تین مطالبات بانی پی ٹی آئی تک پہنچادیئے اور جے یوآئی پر اعتبار نہ کرنے کا مشورہ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے اپوزیشن اتحاد کیلئےمولاناکے مطالبات پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ فضل الرحمان کے تین مطالبات پی ٹی آئی رہنماؤں نے عمران خان تک پہنچائے، مولانا نے اپوزیشن اتحاد کی سربراہی، کے پی حکومت میں شمولیت اور مائنس پی ٹی ایم کا مطالبہ کیا۔

    پی ٹی آئی رہنماؤں نے دو بار بانی سے ملاقاتوں میں مشاورت کی، چند رہنماؤں نے 26 ویں ترمیم پر ووٹ دینے پر عمران خان کو جے یو آئی پر اعتبار نہ کرنے کا مشورہ دیا۔

    چھبیس ویں ترمیم کی حمایت کرنے پر عمران خان نے مولانا کو تاحال کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

    خیال رہے اپوزیشن کے گرینڈ الائنس میں ڈیڈلاک برقرار ہے، پی ٹی آئی اور جے یو آئی میں مفاہمت آگے نہیں بڑھ سکی۔

    مولانا فضل الرحمان کل غیرملکی دورے پرروانہ ہو رہے ہیں، جس سے معاملہ کھٹائی کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔

    دوسری جانب جماعت اسلامی نے گرینڈ الائنس میں شمولیت سے انکار کیا ہے، جماعت اسلامی سولو فلائیٹ کی پالیسی پر گامزن ہے۔

  • شیر افضل مروت کی آج  اڈیالہ جیل میں  بانی پی ٹی آئی سے اہم ملاقات کا امکان

    شیر افضل مروت کی آج اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے اہم ملاقات کا امکان

    راولپنڈی : شیر افضل مروت کی آج اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے اہم ملاقات کا امکان ہے، انھوں نے دعوی کیا ہے کہ بانی پی ٹی ائی نے انہیں جیل میں ملاقات کے لیے بلایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی ائی سے آج ملاقاتوں کا دن ہے، بانی پی ٹی آئی کی فیملی کے اراکین پارٹی رہنماؤں اور وکلا آج ان سے ملاقات کریں گے۔

    شیر افضل مروت کی آج عمران کان سے اڈیالہ جیل میں اہم ملاقات کا امکان ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ شیر افضل مروت کی جانب سے دعوی کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی ائی نے انہیں جیل میں ملاقات کے لیے بلایا ہے۔

    ملاقات کے دوران پارٹی رہنماؤں اور بانی پی ٹی ائی کے درمیان اپوزیشن جماعتوں کے گرینڈ الائنس سے متعلق پیشرفت اور اہم امور پر بات چیت ہوگی۔

    ملاقات میں عمران خان کو اب تک اپوزیشن کے گرینڈ الائنس سے متعلّق ہونے والی پیشرف سے متعلق مکمل بریفنگ بھی دی جائے گی۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے عمران خان کی ہدایت پر رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو پی ٹی آئی سے نکال دیا گیا تھا ، ان کیخلاف بار بار پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی شکایات تھیں۔