Tag: عمران اسماعیل

  • شہباز نے بجلی گھروں کے پیسے اپنی شوبازی اشتہارات پر خرچ کردیے، عمران اسماعیل کا دعویٰ

    شہباز نے بجلی گھروں کے پیسے اپنی شوبازی اشتہارات پر خرچ کردیے، عمران اسماعیل کا دعویٰ

    کراچی : سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ بجلی گھروں کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث ہے، شہباز نے بجلی گھروں کے پیسوں کو اپنی شوبازی اشتہارات پر خرچ کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملک میں مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کی صورتحال پر اپنے بیان میں کہا کہ ملک بھر میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ حکومتی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ مختلف علاقوں میں 16 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے،شوباز حکومت کا عوام کو بجلی فراہم کرنے کا وعدہ وفا نہ ہوا،اناڑی وزیراعظم نے ملک بھر میں بجلی کا شاٹ فال ساڑے چھ ہزار میگاواٹ تک پہنچادیا۔

    سابق گورنر سندھ نے کہا کہ امپورٹڈ وزیراعظم کا لوڈ شیڈنگ پر نوٹس محض لطیفے کے کچھ نہیں، موجودہ حکومت سے وجوہات پوچھیں تو عجیب و غریب منطق پیش کرتے ہیں، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہری، دیہاتی، صنعتیں، چھوٹے بڑے کارخانے شدید متاثر ہورہے ہیں۔

    حکومے پر تنقید کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ امپورٹڈ اتحادی حکومت نے بجلی کی قیمتوں پر 5 بار پیسے بڑھائے، امپورٹڈ سرکار نے پہلے 27 پاور پلانٹ بند ہونے کا الزام لگایا، پھر جادو کی چھڑی کا استعمال کرکے 27 پاور پلانٹ فعال کرنے کا دعویٰ کیا۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ شہباز سچ بولیں لوڈ شیڈنگ کی وجہ بجلی گھروں کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث ہے، شہباز نے بجلی گھروں کے پیسوں کو اپنی شوبازی اشتہارات پر خرچ کردیے۔

    سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں کئی صنعتیں حکومتی نااہلی کے باعث بند ہوچکی ہیں، ماضی میں بھی ن لیگ حکومت کی غلط حکمت عملی سے کئی سرمایہ کار ملک چھوڑ کر گئے، خدارا امپورٹڈ حکومت عوام کا مال کھانے کے بجائے عوام پر ترس کھائیں۔

  • شہباز شریف نے ساڑھے 7 کروڑ سے سوئمنگ پول مرمت کروالیا، عمران اسماعیل کا دعویٰ

    شہباز شریف نے ساڑھے 7 کروڑ سے سوئمنگ پول مرمت کروالیا، عمران اسماعیل کا دعویٰ

    کراچی : سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو حکومت میں آئے ایک مہینہ نہیں ہوا، ساڑھے7کروڑ سے وزیراعظم ہاؤس کاسوئمنگ پول مرمت کرالیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ‌ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہبازکی شوبازیاں صرف عیاشیوں اور نوازشات تک محدود ہیں ، حکومت میں آئے ایک مہینہ نہیں ہوا، ساڑھے7کروڑ سےوزیراعظم ہاؤس کاسوئمنگ پول مرمت کرالیا۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ملک دیوالیہ ہونے کےقریب اورمعیشت کا بیڑہ غرق کردیاگیا، امپورٹڈ بمعہ خاندان عوام کے پیسوں پر عیاشیاں کررہے ہیں۔

    ایک اور ٹویٹ میں عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ گرتی معیشت کو سنبھالنا اس امپورٹڈ حکومت کا کام نہیں، ڈالر 200تک پہنچ گیا ،اسٹاک ایکسچینج کریش کر رہا ہے۔

    سابق گورنرسندھ نے مزید کہا کہ ملکی معیشت میں بے یقینی کی صورتحال ہے، سنجیدہ صورتحال سے ملک کو نکالنے کاالیکشن ہی واحدراستہ ہے، یہ چوروں کی حکومت ملک کو دیوالیہ کردے گی۔

  • صدر مملکت نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا استعفیٰ منظور کر لیا

    صدر مملکت نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا استعفیٰ منظور کر لیا

    کراچی: صدر مملکت عارف علوی نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا استعفیٰ منظور کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا استعفیٰ منظور کر لیا، نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا۔

    اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی قائم مقام گورنر سندھ ہوں گے، آغا سراج کو قائمقام گورنر مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن اسمبلی سیکریٹریٹ کو موصول ہو گیا۔

    دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے پر کام جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطرفی کی سمری پر فیصلہ ہونے تک وہ اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔

    صدر کی گورنر پنجاب کو عہدے پر کام جاری رکھنے کی ہدایت

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹا دیا تھا، تاہم چیمہ نے اپنی برطرفی پر رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم کے پاس مجھ کو عہدے سے ہٹانے کا اختیار نہیں ہے، یہ اختیار صرف صدر مملکت کے پاس ہے۔

    انھوں نے کہا تھا کہ مجھے عہدے سے ہٹانے کے لیے وزیر اعظم پہلے ایک سمری بھیجیں گے، جسے صدر نوٹیفائی کریں گے، جب تک صدر ڈی نوٹیفائی نہیں کرتے میں گورنر رہوں گا۔

  • دو صوبوں کے گورنرز کے مستعفی ہونے کا امکان

    دو صوبوں کے گورنرز کے مستعفی ہونے کا امکان

    لاہور: گورنر پنجاب اور گورنر سندھ کے مستعفی ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا مستعفی ہونے کا امکان ہے، قومی اسمبلی میں نئے قائد ایوان کے حلف اٹھاتے ہی گورنر پنجاب مستعفی ہو جائیں گے۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کے بھی مستعفی ہونے کا امکان ہے، عمران اسماعیل عمران خان کے دیرینہ ساتھی ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز گورنر خیبر پختون خوا شاہ فرمان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ شہباز شریف کے وزیر اعظم بنتے ہی وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے کیوں کہ انھیں وزیر اعظم کا پروٹوکول نہیں دے سکتا۔

    عمران اسماعیل صوبے کے 33 ویں گورنر کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے، وہ پی ایس 111 سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، انھوں نے 27 اگست 2018 کو گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالا تھا۔

    تحریک عدم اعتماد کامیاب، عمران خان وزیراعظم نہیں رہے

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے مستعفی ہونے کے بعد اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کے لیے ووٹنگ کی گئی، عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد عمران خان وزارت عظمیٰ کے منصب سے محروم ہو گئے۔

    واضح رہے کہ عمران خان 3 سال 8 ماہ پاکستان کے وزیر اعظم رہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی ہے۔

    اب قومی اسمبلی میں نئے قائد ایوان کا انتخاب پیر 11 اپریل کو ہوگا، کاغذات نامزدگی آج دوپہر 2 بجے تک اسمبلی سیکریٹریٹ سے وصول کیے جائیں گے۔

  • وزیر اعظم کی ایم کیو ایم پاکستان مرکز پر آمد متوقع، اہم ملاقات

    وزیر اعظم کی ایم کیو ایم پاکستان مرکز پر آمد متوقع، اہم ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کے درمیان آج اہم ملاقات ہوگی جس میں وزیر اعظم کی ایم کیو ایم پاکستان مرکز پر آمد کے پروگرام کو حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کے درمیان آج اہم ملاقات ہوگی، ملاقات دوپہر 2 بجے اسلام آباد میں ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ملک بھر کی موجودہ صورتحال پر گفتگو متوقع ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم کی ایم کیو ایم پاکستان مرکز پر آمد کے پروگرام کو حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کراچی کا دورہ کریں گے اور اس دوران وہ ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سے ایم کیو ایم قیادت کی ملاقات میں بہادر آباد جانے کا معاملہ طے پایا، ملاقات میں وفاقی وزرا فروغ نسیم اور امین الحق شامل تھے۔ وفاقی وزرا نے وزیر اعظم عمران خان کو دورہ بہادر آباد کی دعوت دی۔

    ملاقات میں وزیر اعظم کو کراچی کے مسائل اور دیرینہ مطالبات پیش کیے جائیں گے، کراچی کے ترقیاتی منصوبوں اور ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات پر بھی بات ہوگی۔

  • ہر گلی میں پولیس اہل کار کھڑا نہیں کیا جا سکتا، کراچی کو اسمارٹ سٹی ڈیکلیئر کرنا ہوگا:  گورنر سندھ

    ہر گلی میں پولیس اہل کار کھڑا نہیں کیا جا سکتا، کراچی کو اسمارٹ سٹی ڈیکلیئر کرنا ہوگا: گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ہر گلی میں پولیس اہل کار کو کھڑا نہیں کیا جا سکتا، کراچی کو اسمارٹ سٹی ڈیکلیئر کرنا ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کراچی جیسا شہر اسمارٹ سٹی بنے بغیر کنٹرول نہیں ہو سکتا، جتنا جلد کراچی کو سیف سٹی ڈکلیئر کریں گے اتنا اچھا ہوگا۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا ایسا نہیں ہو سکتا کہ گلی گلی میں پولیس والے کو کھڑا کر دیں، پیپلز پارٹی کو چاہیے کراچی کو جلد از جلد اسمارٹ سٹی بنائیں۔

    میڈیا سے گفتگو میں عمران اسماعیل نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا، انھوں نے کہا ہماری حکومت کو ساڑھے 3 سال ہوگئے، جب کہ یہ ساڑھے 3 ماہ میں ہی کہتے تھے کہ حکومت آج گئی کل گئی، لیکن اپوزیشن میں دم ہے نہ ہی پی ڈی ایم میں۔

    گورنر سندھ نے کہا ہم نے پہلے بھی تاریخیں دیکھی ہیں، پی ٹی آئی 5 سال پورے کرے گی بلکہ دوبارہ بھی آئے گی، آج پاکستان جس حالت میں اس کے ذمہ دار یہ لوگ ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی دور میں پیسہ لوٹا گیا، جس کی وجہ سے ہمیں چند ارب روپے کی خاطر آئی ایم ایف کی شرائط ماننا پڑتی ہیں۔

    انھوں نے کہا اب یہ بے شرموں کی طرح کہتے ہیں کہ عمران خان نے مہنگائی کر دی ہے، جب کہ پوری دنیا میں مہنگائی ہے امریکا میں 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹا ہے۔

  • گورنر سندھ نے گرین لائن بس میں سفر کیوں‌ کیا؟

    گورنر سندھ نے گرین لائن بس میں سفر کیوں‌ کیا؟

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے آج ہفتے کو کراچی میں گرین لائن بس کے آغاز کے موقع پر خود بھی سفر کا لطف اٹھایا۔

    تفصیلات کے مطابق گرین لائن بس سروس کے آغاز کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نمائش چورنگی بس اسٹیشن سے حیدری بس اسٹیشن تک کا بس میں سفر کیا۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ گورنر سندھ نے بھی گرین لائن بس میں سفر کے لیے ٹکٹ خریدا اور اس کے بعد بس میں سوار ہوئے، اس موقع پر گرین لائن بس اسٹیشن میں موجود مسافروں نے گورنر سندھ کے ہمراہ تصاویر بھی لیں۔

    گورنر سندھ نے گرین لائن بس اور اسٹیشن میں موجود سہولیات کا بغور جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا، انھوں نے بس اسٹیشن میں موجود مسافروں سے سفری سہولیات سے متعلق بات چیت کی۔

    انتظار کی گھڑیاں ختم: شہر قائد میں گرین لائن سفر کا آغاز

    گرین لائن میں سفر کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا آج کا دن بہت خاص ہے کیوں کہ آج کرسمس، قائد کا یوم پیدائش اور گرین لائن منصوبے کی تکمیل کا دن ہے۔

    گورنر سندھ نے کہا امید ہے جلد دیگر لائنز کا بھی آغاز ہوگا تاکہ کراچی میں ماس ٹرانزٹ سسٹم شروع ہو سکے، اس منصوبے کو تکمیل تک پہنچائیں گے، 14 سال سے کراچی کی عوام کو ایک بس سروس بھی فراہم نہیں کی گئی، آج الحمداللہ عوام اس سروس سے بہت خوش ہیں اور دعائیں دے رہے ہیں۔

  • وزیر اعظم کو بتا دیا سندھ میں آئی جی کی تبدیلی ناگزیر ہو چکی: گورنر

    وزیر اعظم کو بتا دیا سندھ میں آئی جی کی تبدیلی ناگزیر ہو چکی: گورنر

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ انھوں نے آج وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھی آئی جی سندھ سے متعلق ایک خط لکھ دیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کو بھی بتا چکا ہوں کہ سندھ میں آئی جی مشتاق مہر کی تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنیٹرین آئی جی سندھ سے نالاں ہیں، اس سلسلے میں آج وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھا ہے اور جواب کا انتظار ہے۔

    گورنر سندھ نے کہا میں نے اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سے مکمل رپورٹ مانگی ہے، امید ہے مراد علی شاہ جلد مجھے خط کا جواب دیں گے، وزیر اعلیٰ کی رپورٹ پر میں وزیر اعظم کو مکمل ثبوت کے ساتھ بریف کروں گا۔

    عمران اسماعیل نے کہا وزیر اعظم کو بتا دیا ہے کہ سندھ میں آئی جی کی تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے، صوبے میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں ہے، وزیر اعظم نے کبھی اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

    حلیم عادل شیخ کا معاملہ، وفاقی حکومت کا آئی جی سندھ کی تبدیلی پر غور شروع

    انھوں نے کہا سیاست میں الزامات لگتے رہتے ہیں، سیف اللہ ابڑو کو ٹکٹ پارلیمانی بورڈ نے دیا ہے، جس کی سربراہی وزیر اعظم نے خود کی تھی، لیاقت جتوئی سے میں خود بات کروں گا۔

    گورنر سندھ نے مزید کہا سیف اللہ ابڑو کا تعلق پس ماندہ علاقے سے ہے، ہم نے لاڑکانہ کو سیف اللہ ابڑو کی صورت میں سینیٹ میں نمائندگی دی، تاہم لیاقت جتوئی کے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

  • حق اور سچ کا سفر مشکل، اللہ حق کا ساتھ دیتا ہے: گورنر سندھ کی اے آر وائی کو مبارکباد

    حق اور سچ کا سفر مشکل، اللہ حق کا ساتھ دیتا ہے: گورنر سندھ کی اے آر وائی کو مبارکباد

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کی 20 سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حق اور سچ کا سفر مشکل ہوتا ہے مگر اللہ حق کا ساتھ دیتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کی 20 سالگرہ کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اے آر وائی کو مبارکباد دی۔

    اپنے ٹویٹ میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اے آر وائی کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، اس کامیابی کے پیچھے ایک لمبی جدوجہد ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حق اور سچ کا سفر مشکل ہوتا ہے مگر اللہ حق کا ساتھ دیتا ہے۔

    یاد رہے کہ آج 16 ستمبر کو اے آر وائی نیٹ ورک کے قیام کو 20 سال کا عرصہ مکمل ہوگیا ہے، ان برسوں میں اے آر وائی نیٹ ورک نے بے شمار کامیابیاں سمیٹیں اور آج وہ میڈیا انڈسٹری میں پاکستان کی بڑی شناخت بن گیا ہے۔

    اے آر وائی نیٹ ورک کی ٹیم نے اللہ کی رحمت، انتھک محنت، مثالی قیادت اور شاندار ٹیم ورک کے ساتھ 2 دہائیوں پر مشتمل شاندار سفر طے کیا۔

    اس موقع پر اے آر وائی نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ ہم نے ملک کو 20 سال دیے جبکہ پاکستان نے بھی ہمیں 20 سال دیے۔ ملک کے لیے کام کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سے کچھ غلطیاں ہو جائیں تو انہیں درگزر کردیں کیونکہ ہم ہر روز کچھ نیا کرنے کا سوچتے ہیں، دعا ہے ایسا کام کریں جو ملک اور قوم کے لیے بہتر ہو۔

  • کراچی کے نئے ایڈمنسٹریٹر سے گورنر سندھ کی اہم ملاقات

    کراچی کے نئے ایڈمنسٹریٹر سے گورنر سندھ کی اہم ملاقات

    کراچی: شہر قائد کے نئے ایڈمنسٹریٹر افتخار شلوانی سے گورنر سندھ نے اہم ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شلوانی نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی، جس میں شہر قائد کے ترقیاتی منصوبوں، اس ضمن میں ترجیحی امور، فنڈز کے شفاف استعمال، ترقیاتی منصوبوں میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    افتخار شلوانی نے کہا مجھ پر اعتماد کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کا شکر گزار ہوں، اپنے فرائض کی بجا آوری میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کو استعمال کروں گا۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ بہ طور ایڈمنسٹریٹر آپ پر بہت بھاری ذمہ داری آ گئی ہے کہ کراچی کے لیے وزیر اعظم کے اعلان کردہ پیکج کے تحت ترقیاتی منصوبوں کو معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کرائیں۔

    انھوں نے کہا کراچی پیکج ایک تاریخی اقدام ہے، اس سے کراچی کے مسائل کو دیرپا بنیادوں پر حل ہونے میں مدد ملے گی، بہتر شہری سہولیات کی دستیابی کراچی کے باسیوں کا حق ہے، کراچی کے مسائل حل کرنے کی اس سے زیادہ سنجیدہ کوشش ماضی میں نہیں دیکھی۔

    گورنر سندھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں، تمام شہری ادارے، کنٹونمنٹ بورڈز، این ڈی ایم اے مل کر شہر کو ٹھیک کریں گے، بطور ایڈمنسٹریٹر آپ پر بہت بھاری ذمہ داری ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کو معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کرائیں۔