Tag: عمران اسماعیل

  • گورنر سندھ کا تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کا عطیہ

    گورنر سندھ کا تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کا عطیہ

    کراچی: شہر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کے عطیات کی فراہمی متاثر ہونے کے بعد سیاسی رہنما میدان میں آ گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج گورنر سندھ عمران اسماعیل نے تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کا عطیہ دیا، انھوں نے ایک موبائل مرکز پر جا کر ایک بوتل خون دیا۔

    گورنر سندھ نے اس موقع کہا کہ لاک ڈاؤن کے سبب بلڈ بینکس میں خون کی کمی قابل تشویش ہے، اس صورت حال کے باعث خون کی بیماریوں مبتلا بچوں اور افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    کراچی میں سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کی تھلیسیمیا بچوں کے لیے خون کی اپیل

    عمران اسماعیل نے کہا عوام بالخصوص نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ خون کے عطیات دیں، تھلیسیمیا، ہیمو فیلیا اور لیوکیمیا کے امراض میں مبتلا مریضوں کو خون کی اشد ضرورت ہے۔ انھوں نے خون کے عطیات کے لیے آگاہی مہم چلائے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے بھی تھیلیسیمیا مرض میں مبتلا بچوں کے لیے خون کا عطیہ دیا تھا، انھوں نے مرض میں مبتلا بچوں سے ملاقات بھی کی، ان کا کہنا تھا کہ تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کی زندگیاں بچانا ہم سب کا فرض ہے، عوام سے اپیل ہے غیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں مگر تھلیسیمیا کے بچوں کی زندگیاں بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

  • حکومت کی پوری توجہ کرونا سے قوم کو محفوظ بنانے پر مرکوز ہے،گورنر سندھ

    حکومت کی پوری توجہ کرونا سے قوم کو محفوظ بنانے پر مرکوز ہے،گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ حکومت کی پوری توجہ کرونا سے قوم کو محفوظ بنانے پر مرکوز ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایکسپو سینٹر میں قائم قرنطینہ سینٹر کا دورہ کیا، گورنر سندھ نے انتظامات کا جائزہ لیا۔عسکری حکام نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو تفصیلی بریفنگ دی۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے مکمل خاتمہ تک سینٹر جاری رہیں گے، ضرورت پڑی تو مزید قرنطینہ سینٹر قائم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی پوری توجہ کرونا سے قوم کو محفوظ بنانے پر مرکوز ہے۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ عالمی بینک کے غیر استعمال شدہ ترقیاتی فنڈز صوبوں کے حوالے کیے جا رہے ہیں، سب سے زیادہ 10ملین ڈالر صوبہ سندھ کو دیے جا رہے ہیں۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے قوم کو متحد ہونا ہوگا، وزیراعظم عمران خان منگل کو پاکستان معاشی پیکج کا اعلان کریں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 666 ہو گئی ہے، وائرس سے مجموعی طور پر 3 افراد جاں بحق جبکہ 13 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • گرین لائن منصوبے سے متعلق گورنر سندھ کا اہم بیان

    گرین لائن منصوبے سے متعلق گورنر سندھ کا اہم بیان

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ گرین لائن منصوبے کا آئندہ سال مارچ میں افتتاح ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں میئر کراچی وسیم اختر کا ساتھ رہا۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ شہر قائد کے عوام کی سہولت کے لیے مختلف منصوبوں پرعمل پیرا ہیں، منصوبوں کی تکمیل کے لیے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر کام کر رہے ہیں۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے سندھ کے مختلف منصوبوں کے لیے 12ارب روپےمختص کیے ہیں،گرین لائن منصوبے کا آئندہ سال مارچ میں افتتاح ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکھر حیدرآباد منصوبے پر وفاقی حکومت 210 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔

    کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، وزیراعظم

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، کراچی پاکستان کی معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا وہ شہر ہے جس کے اوپر جانے سے ملک اوپر جائےگا، کراچی پر برا وقت آتا ہے تو پورے پاکستان پر برا اثر پڑتا ہے، سندھ میں پی ٹی آئی حکومت نہ ہونے کے باوجود بھی ترقی چاہتے ہیں۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا 28 فروری کو کراچی کا دورہ متوقع

    وزیر اعظم عمران خان کا 28 فروری کو کراچی کا دورہ متوقع

    کراچی: وزیر اعظم عمران خان 28 فروری کو ممکنہ طور پر کراچی کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت اہم اجلاس طلب کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 28 فروری کو ممکنہ طور پر صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کا دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔

    وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کا اجلاس طلب کرلیا گیا، اجلاس میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، میئر کراچی وسیم اختر اور دیگر شریک ہوں گے۔

    اجلاس میں ایس آئی ڈی سی ایل حکام جاری اور نئے منصوبوں پر بریفنگ دیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اس بات پر غور کیا جائے گا کہ شہر کے 3 فلائی اوورز کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے ان میں سخی حسن، فائیو اسٹار، اور کے ڈی اے چورنگی فلائی اوورز شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق دو رویہ طویل شاہراہ کی تعمیر کے لیے فزیبلٹی کی تیاری شروع کردی گئی ہے اور وزیر اعظم کے ممکنہ دورے میں مجوزہ اسکیم کو منظوری کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم نے گزشتہ ماہ کراچی کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے سندھ کے لیے کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کیا تھا۔

    وزیر اعظم سے جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگارا کی بھی ملاقات ہوئی تھی، بعد ازاں وزیر اعظم نے تقریب کے دوران نوجوانوں میں چیک تقسیم کیے تھے۔

  • بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سزائے موت دینے کا نفاذ جلد ہوگا، گورنر سندھ

    بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سزائے موت دینے کا نفاذ جلد ہوگا، گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سزائے موت دینے کا نفاذ جلد ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل سے اقوام متحدہ کے نمائندوں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی، گورنر سندھ نے کہا کہ حکومت ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنارہی ہے۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سزائے موت کے لیے قانون سازی کی گئی ہے، مجرمان کو سزائے موت دینے کا نفاذ جلد ہوگا۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنارہے ہیں، جرمانہ ادائیگی کی استطاعت نہ رکھنے والے قیدیوں کی لسٹ تیار کی جارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کوٹ لکھپت جیل کو رکن صوبائی اسمبلی علیم خان کی مدد سے جدید بنادیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: علی محمد خان نے سرعام پھانسی پر ریفرنڈم کروانے کی تجویز دیدی

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سرعام پھانسی دینے پر اپوزیشن کے اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے ریفرنڈم کروانے کی تجویز پیش کی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم سے فیصلہ ہو جائے گا کہ عوام بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سرعام پھانسی دینے کے خواہشمند ہیں کہ نہیں۔

    اس حوالے سے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فوادچوہدری نے بھی قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ مسئلہ ہی یہ ہے کہ قوانین تو پہلے سے ہی موجود ہیں یہ تو بحث ہی نہیں، زینب کے کیس سمیت درجنوں کو پھانسی ہوچکی ہے اور ہونی چاہیے۔

  • وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ پر کشمیر کا پرچم لہرایا گیا، سندھ حکومت کی ریلی

    وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ پر کشمیر کا پرچم لہرایا گیا، سندھ حکومت کی ریلی

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے یوم یک جہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنا کر رہیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 5 فروری پر کشمیری بھائیوں کے ساتھ یک جہتی کے اظہار کے لیے آج وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ پر پاکستان کے پرچم کے ساتھ کشمیر کا علم بھی لہرایا گیا، کراچی میں حکومت سندھ کی جانب سے کشمیر روڈ سے مزار قائد تک ریلی بھی نکالی گئی، جس میں گورنر سندھ، نثار کھوڑو، فردوس شمیم نقوی و دیگر نے شرکت کی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنا کر رہیں گے، ہم آج کے دن کشمیر کے لوگوں کی رائے شماری کا مطالبہ دہراتے ہیں، اقوام متحدہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی بربریت کا سخت نوٹس لے، اور مودی کے خلاف انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں مقدمہ کیا جائے۔

    کشمیر روڈ سے نکالی گئی ریلی میں وزیر اعلیٰ اور گورنر سندھ موجود ہیں

    دنیا بھر میں آج یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی

    مارچ سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا یک جہتی کا آج کا دن بہت اہم ہے، کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے، پوری دنیا کشمیر میں بھارتی بربریت کا تماشا دیکھ رہی ہے، کشمیر میں مودی کا قتل و غارت کا سلسلہ انتہا کو پہنچ گیا ہے، مودی کے نئے بل سے بھارت کے مزید ٹکرے ہوں گے، آج کی اس واک میں تمام سوسائٹیز کے لوگ ایک ساتھ ہیں، آج بہت بڑا پیغام بھارت کو دینا چاہتے ہیں کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔

    دریں اثنا، آئی جی سندھ کلیم امام نے بھی خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ پولیس مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہے، ہر عروج کو زوال آتا ہے ایک دن آئے گا جب ظلم ختم ہوگا، اور حق کو فتح نصیب ہوگی، کشمیر کےعوام آزادی کا سورج طلوع ہوتے دیکھیں گے۔

  • گورنر سندھ کا ایم کیو ایم رہنما کنور نوید جمیل سےٹیلی فونک رابطہ

    گورنر سندھ کا ایم کیو ایم رہنما کنور نوید جمیل سےٹیلی فونک رابطہ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم مطالبات پر جلد عملدرآمد کے لیے وزیراعظم سے بات کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایم کیو ایم رہنما کنور نوید جمیل سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں میں معاہدوں پر عملدرآمد کے روڈ میپ پر بھی بات چیت ہوئی۔

    ذرائع کے مطابق گزشتہ روزملاقات میں ایم کیو ایم نے پیشرفت نہ ہونے پر تحفظات رکھے تھے، ایم کیو ایم کے تحفظات اور معاملات جلد حل کرنے کی یقین دہانی کی گئی۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم مطالبات پر جلد عملدرآمد کے لیے وزیراعظم سے بات کروں گا، آپ سے کیے گئے معاہدے پر من و عن عمل کیا جائے گا۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ وفاقی حکومت جلد ترقیاتی منصوبوں کی مد میں فنڈز فراہم کرے گی، وزیراعظم نے بھی اتحادیوں سے متعلق پیشرفت پر تفصیلات مانگی ہیں۔

    دوسری جانب ایم کیو ایم رہنما کنور جمیل کا کہنا تھا کہ امید ہے حکومت جلد پیش رفت کرےگی ، ہمیں بھی انتظار ہے، واقعی ایسا ہونے جا رہا ہے تو شہریوں کی کئی سالوں کی محرومی دور ہوسکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب باتوں سے آگے نکل کر گرؤانڈ پر کام ہوناچاہیے۔

  • حکومت عوام کے مسائل کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،عارف علوی

    حکومت عوام کے مسائل کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،عارف علوی

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت عوام کے مسائل کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں صدر ڈاکٹر عارف علوی اورگورنر عمران اسماعیل کی ملاقات ہوئی جس میں وفاق کے ترقیاتی منصوبوں، معیشت کو مستحکم کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحی اقدامات دیگر امور بھی زیر غور آئے۔

    اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت صوبے کے اسٹیک ہولڈرز کوساتھ لے کرچلنا چاہتی ہے، عوام کے مسائل کے حل کے لیے سیاسی نمائندوں کی شمولیت ضروری ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت عوام کے مسائل کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

    دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی وزیر اعظم کی ترجیحات میں شامل ہے،
    صوبے کے مسائل کا حل باہمی گفت و شنید سے نکالا جاسکتا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ کراچی میں انشا اللہ 162 ارب روپے سے زائد کے منصوبے ہوں گے، کراچی میں پانی کا منصوبہ کےفور تاخیر کا شکار ہوا، سندھ حکومت جیسے ہی کے فور پر رپورٹ مرتب کرے گی کابینہ سے منظور کرائیں گے۔

  • وفاقی حکومت صوبے کے اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے،عارف علوی

    وفاقی حکومت صوبے کے اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے،عارف علوی

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت صوبے کے اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی جس میں سندھ کے لیے وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں، معیشت میں بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے کے اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کرچلنا چاہتی ہے، عوام کے مسائل کے حل کے لیے سیاسی نمائندوں کی شمولیت ضروری ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت عوام کے مسائل کے خاتمے کے لیے اقدامات کر رہی ہے،عوامی فلاح و بہبود کے لیے شروع کیے گئے کئی منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں۔

    دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ عوام کی ترقی وخوشحالی وزیراعظم کی ترجیحات میں شامل ہے، صوبے کے مسائل کا حل باہمی گفت وشنید سے نکالا جاسکتا ہے۔

    سندھ میں یوتھ منسٹر ہی نہیں، نوجوان کہاں جائیں: عثمان ڈار

    یاد رہے کہ تین روز قبل وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت سندھ کا حال یہ ہے کہ صوبے میں یوتھ منسٹر ہی نہیں۔

  • ’’آئی جی کو تبدیل کرنا کسی بھی صوبے کے وزیراعلیٰ کا استحقاق ہے‘‘

    ’’آئی جی کو تبدیل کرنا کسی بھی صوبے کے وزیراعلیٰ کا استحقاق ہے‘‘

    کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ آئی جی کو تبدیل کرنا کسی بھی صوبے کے وزیراعلیٰ کا استحقاق ہے، سندھ کی جانب سے بھیجے گئے نام وفاق کو منظور نہیں ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وفاق نے سندھ حکومت کو نئے ناموں کے لیے درخواست کی ہے، بطور گورنرسندھ حکومت اور وفاق میں پل کا کردار ادا کررہا ہوں، سندھ کے ساتھ ناانصافی کا تاثر ایسی کوئی بات نہیں ہے۔

    گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ سندھ کے اسٹیک ہولڈرز سے بات کرنا ہوتی ہے اس لیے تاخیر ہوئی، سندھ حکومت کو تھوڑ اتحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے، کوئی بہتر نام سامنے آتا ہے تو اس پر دوبارہ سوچا جاسکتا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان سے آئی جی سندھ کی ملاقات

    ان کا کہنا تھا کہ ایک نام پر کافی اتفاق تھا پھر وزیراعظم نے مناسب نہیں سمجھا، وزیراعظم نے ہدایت کی ساتھ بیٹھ کر کسی نام پر اتفاق کی کوشش کریں، وفاق کے پاس نام ہیں اور وہ بھی بھیجےگا، وفاق کے پاس استحقاق ہے۔

    انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی چاہتےہیں آئی جی سندھ کامعاملہ فوری حل ہوجائے، وزیراعلیٰ سندھ کو فون کیا لیکن انہوں نے آئی جی کے معاملے پر بات نہیں کی، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا آئی جی کے ایشو پر بات نہیں کرنا چاہتا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کو بتا دیا ہے آئی جی کے معاملے کو وفاق ہی دیکھ رہا ہے۔