Tag: عمران اسماعیل

  • ایم کیو ایم روٹھی نہیں جوان کو منایا جائے، گورنر سندھ

    ایم کیو ایم روٹھی نہیں جوان کو منایا جائے، گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ منایا ان کو جاتا ہے جو روٹھے ہوئے ہوں، ایم کیو ایم روٹھی نہیں جوان کو منایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ نوجوانوں کو قابلیت پر رقم دی جا رہی ہے، یہ نوجوان ناصرف اپنے بلکہ ملک کی بہتری کے لیے کام کریں گے، ان کے پاس صلاحیت ہے اور عمران خان نے ان کو موقع دیا ہے۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ نوجوان ملک کی معاشی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں گے، خان صاحب نے نوکریوں کا وعدہ کیا تھا یہ اس کا تسلسل ہے، یہ خان صاحب کے وعدے کے مطابق نوکریوں، روزگار کا آغاز ہے۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ 162ارب کے پیکج کی خوشخبری وزیراعظم پہلے ہی دے چکے ہیں، صوبے سے ورکنگ ریلیشن بہتر ہونے جا رہے ہیں، وزیراعلیٰ سے کل اچھی بیٹھک ہوئی، مسائل حل ہو جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی منصوبوں پر جو کام چل رہا تھا وہ مکمل ہونے جا رہا ہے، چاہتے تھے ڈرامہ بازی نہ ہو، کام معیار کے مطابق ہو، منایا ان کو جاتا ہے جو روٹھے ہوئے ہوں، ایم کیو ایم روٹھی نہیں جوان کو منایا جائے۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ 162ارب روپے این ایف سی ایوارڈ سے الگ ہیں، یہ الزام ہے کہ یہ پیسے اونٹ کے منہ میں زیرہ ہے، سندھ میں کام کرنے کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہوتی ہے، کوئی بھی صوبہ ہو سب میں صوبائی ایوارڈ دینا چاہیئے، وفاق اپنے پیسے دے چکا ہے،اب یہ صوبوں کا کام ہے۔

  • سندھ کی ترقی کے لیے وفاق کا بھرپور تعاون قابل تحسین ہے، عمران اسماعیل

    سندھ کی ترقی کے لیے وفاق کا بھرپور تعاون قابل تحسین ہے، عمران اسماعیل

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ سندھ کی ترقی کے لیے وفاق کا بھرپور تعاون قابل تحسین ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گورنر ہاؤس میں پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر اسد عمر، پرویز خٹک، گورنر پنجاب ، حلیم عادل شیخ اور دیگر ملاقات میں موجود تھے۔

    ملاقات میں وفاق کے تحت ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے پر ہرممکن وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

    اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ حکومت وفاق ہی نہیں بلکہ پورے ملک کی یکساں ترقی کے وژن پر گامزن ہے، صوبے کی ترقی کے لیے وفاق کا بھرپور تعاون قابل تحسین ہے۔

    جہانگیرترین اور پرویزخٹک آج ایم کیوایم کے مرکز بہادرآباد جائیں گے

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین اور وزیر دفاع پرویزخٹک سمیت دیگر رہنما آج ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد جائیں گے، جہاں وہ خالد مقبول صدیقی اوررابطہ کمیٹی سےملاقات کریں گے۔

  • وزیراعظم نے گورنر سندھ کو اسلام آباد طلب کرلیا

    وزیراعظم نے گورنر سندھ کو اسلام آباد طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے آئی جی سندھ پولیس کے معاملے پر مشاورت کے لیے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیراعظم نے گورنر کو آئی جی کے معاملے پراسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا ٹاسک دے دیا۔

    ذرائع کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان اہم ملاقات کل ہوگی۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں کابینہ نے آئی جی پولیس کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی منظوری دے دی اور آئی جی سندھ کے لیے نئے ناموں پر غور شروع کردیا ہے۔

    سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ قوانین کی خلاف ورزی کررہے ہیں، انہوں نے بعض مواقع پر غیرذمہ دارانہ بیان بھی دیے، صوبے میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہونے کے بجائے خراب ہوئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ آئی جی سندھ کلیم امام نے چند افسران کو صوبہ بدر کرنے پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان فیصلوں نے پولیس کے مورال اور آئی جی کی کمانڈ کو کم زور کیا ہے۔

    آئی جی کلیم امام سندھ حکومت کے احکامات کے آگے ڈٹ کر کھڑے ہوئے اور افسران کے تبادلے کے احکامات کو مسترد کرتے ہوئے افسران کو عہدہ چھوڑنے سے روک دیا تھا۔

  • سندھ کی تقسیم سے متعلق گورنر سندھ کا اہم بیان سامنے آ گیا

    سندھ کی تقسیم سے متعلق گورنر سندھ کا اہم بیان سامنے آ گیا

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سندھ کی تقسیم کو عوام کی رائے سے مشروط کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک عوام کی رائے نہ ہو سندھ کی تقسیم نہیں ہونی چاہیے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے صوبے کی تقسیم سے متعلق اہم بیان دیا، انھوں نے کہا سندھ میں تقسیم کی ضرورت نہیں، ذاتی طور پر سمجھتا ہوں تقسیم نہیں ہونی چاہیے، جب تک عوام کی رائے نہ ہو سندھ کی تقسیم نہیں ہونی چاہیے۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان الگ جماعت ہے، اپنی رائے رکھنا ان کا حق ہے، سندھ کی تقسیم سے متعلق ایم کیو ایم پہلے بھی رائےدیتی رہی ہے، بہ طور جماعت ان کے تحفظات کو میں جائز سمجھتا ہوں، یہ حکومت سے الگ نہیں ہوئی صرف وزارت چھوڑی ہے، وزارت کا مسئلہ نہیں ہے، ایم کیو ایم پاکستان کو جلد نظر آ جائے گا کہ مسائل کے حل کے لیے ہم سنجیدہ ہیں۔

    کراچی سے تمام وعدے وفا کریں گے: وزیر اعظم کی ایم کیو ایم رہنماؤں کو منانے کی ہدایت

    گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وہ پیر صاحب پگارا کے ہاں کل دوپہر کے کھانے میں گئے تھے، حلفاً کہہ رہا ہوں کسی کو منانے نہیں گیا تھا، پیر صاحب نے مجھے لنچ پر بلایا تھا، منایا انھیں جاتا ہے جو روٹھے ہوتے ہیں، جی ڈی اے نے مجھ سے ناراضی کا اظہار نہیں کیا۔ ایم کیو ایم پاکستان ہم سے ناراض ہے، جس کا اظہار بھی وہ کرتے ہیں، جی ڈی اے ناراض نہیں، نہ ہی انھوں نے ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ خاندان میں بھی کبھی بھی ناراضی ہو جاتی ہے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ سب سو فی صد خوش رہیں، اچھی بری باتیں ہوتی رہتی ہیں۔ خیال رہے کہ سندھ میں پی ٹی آئی کو اپنے اتحادی جماعتوں کے ساتھ اختلافات اور ناراضی کا سامنا ہے، جسے دور کرنے کے لیے وزیر اعظم کی جانب سے ہدایات بھی جاری ہو چکی ہیں۔

  • ایم کیو ایم اور خالد مقبول صدیقی کے تحفظات دور کریں گے: گورنر سندھ

    ایم کیو ایم اور خالد مقبول صدیقی کے تحفظات دور کریں گے: گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اور خالد مقبول صدیقی کے تحفظات دور کریں گے، ایم کیو ایم کے مطالبات اور کراچی کے لیے خواہشات پر عمل کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خودکشی کرنے والے بے روزگار میر حسن کے بچوں کی رہائش کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، وزیر اعظم کا احساس پروگرام ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ہی ہے۔

    گورنر سندھ نے سیاسی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان وفاقی حکومت سے علیحدہ نہیں ہوئی، ایم کیو ایم پاکستان اور خالد مقبول صدیقی کے تحفظات دور کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے مطالبات اور کراچی کے لیے خواہشات پر عمل کیا جائے گا، بات چیت کے ذریعے ایم کیو ایم کے مطالبات پورے کیے جائیں گے، ایم کیو ایم پاکستان وزارتوں کے لیے سیاست نہیں کرتی۔

    خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے احتجاجاً وزارت چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرا اب کابینہ میں بیٹھنا بے سود ہے تاہم حکومت سے تعاون مسلسل جاری رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کراچی کی آبادی 3 کروڑ ہے، حکومت کے مطابق کراچی نے 89 فیصد ٹیکس دیا ہے، تمام ناانصافیوں کے باوجود کراچی 65 فیصد ریونیو دے رہا ہے۔ کراچی 89 فیصد ٹیکس دے رہا ہے تو پورا پاکستان کیا کر رہا ہے؟

  • میئر کراچی کو با اختیار کر دیا جائے تو شہر کے کافی مسائل حل ہوجائیں گے، گورنر سندھ

    میئر کراچی کو با اختیار کر دیا جائے تو شہر کے کافی مسائل حل ہوجائیں گے، گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ میئر کراچی وسیم اختر کو با اختیار کر دیا جائے تو شہر کے کافی مسائل حل ہوجائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ عمران اسماعیل نے جناح اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے حکومتی ارکان وصوبوں کو بے گھر افراد کی مدد کی ہدایت کی۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیراعظم کے حکم پر کمبل، گرم کپڑے، تکیے، بنیادی اشیا فراہم کر رہے ہیں، انشااللہ پورے سندھ میں یہ عمل کیا جائے گا، تمام صوبوں کے اراکین اس میں حصہ لیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ جناح اسپتال میں سب سے زیادہ ڈاگ بائیٹ کیسز رپورٹ ہوتے ہیں، جنگلی کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ اینٹی ریبیز ویکسین کی تعداد اب بھی کم ہے، پورا کرنے لیے کے اقدامات کریں گے، کتوں کی تعداد پرقابو نہ پایا گیا تو مزید جانیں خطرے میں پڑ جائیں گی۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ ڈاکٹرظفر مرزا کہتے ہیں صوبہ رابطہ کرے گا تو ان کی مدد کی جائے گی، سندھ حکومت کراچی کے معاملات سدھارنا چاہے تو سدھار سکتی ہے۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ میئر کراچی وسیم اختر کو با اختیار کر دیا جائے تو شہر کے کافی مسائل حل ہوجائیں گے۔

  • منشیات کے خاتمےکے لیے گورنر سندھ کے اقدامات قابل ستائش ہیں، عارف علوی

    منشیات کے خاتمےکے لیے گورنر سندھ کے اقدامات قابل ستائش ہیں، عارف علوی

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ منشیات کے خاتمےکے لیے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی۔ ملاقات میں انسداد منشیات پر آگاہی مہم، تعلیمی اداروں سے خاتمے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر گفتگو کے ساتھ انسداد منشیات کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو سی پی ایل سی میں انسداد منشیات سیل سے آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ اے این ایف، پولیس، سی پی ایل سی کے تعاون سے آگاہی مہم جاری ہے۔

    اس موقع پر صدرِ پاکستان نے کہا کہ منشیات کے خاتمےکے لیے گورنرسندھ کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نےکہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کا خاتمہ ہر صورت یقینی بنایا جائے، ملوث عناصر کے خلاف بھرپور ایکشن لینا وقت کا تقاضہ ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ نوجوان نسل کو موذی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے تسلسل سے آگاہی مہم چلانا ہوگی، والدین بچوں کو منشیات سے محفوظ رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔

  • گرین بس کیلئے ابھی کوئی ٹائم لائن نہیں دے سکتا، گورنر سندھ

    گرین بس کیلئے ابھی کوئی ٹائم لائن نہیں دے سکتا، گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وفاق کے تحت شہر قائد میں زیر تعمیر گرین لائن بس منصوبے کے افتتاح کے لیے ٹائم لائن دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال منصوبے کے مکمل ہونے کی حتمی تاریخ نہیں دے سکتے۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ صوبہ سندھ کا مقدمہ وزیراعظم عمران خان کےسامنے پیش کیا ہے، گرین لائن کیلئے بسوں کا ٹینڈر ابھی نہیں ہوا اور گرین بس کیلئے ابھی کوئی ٹائم لائن نہیں دے سکتا، گرین لائن کانہیں بلکہ 6 منصوبوں کےافتتاح کی بات کہی تھی۔

    گورنر سندھ نے بتایا کہ سندھ حکومت نے ایل این جی خریدنےسے انکار کیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ سے ایل این جی پر نظرثانی کیلئے کہوں گا جب کہ لیکج اور گیس چوری پر قابو پایا جائے تو بحران پر قابو پایاجاسکتاہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت سے عوام کو بہت توقعات ہیں، حکومت دل و جان سے عوام کی سہولت کیلئے کام کررہی ہے، حکومت چھوٹی موٹی غلطیاں کرسکتی ہے مگر کرپشن کہیں نظرنہیں آئے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں باکسنگ اورفٹبال بہت مقبول ہے، لیاری میں فٹبال اور باکسنگ کیلئے بہت ٹیلنٹ موجودہے مگر میری عمر باکسنگ اور فٹبال کھیلنے کی نہیں ہے ۔

  • وزیر اعظم نے گورنر سندھ کو تاجروں کے مسائل کے حل کا ٹاسک دے دیا

    وزیر اعظم نے گورنر سندھ کو تاجروں کے مسائل کے حل کا ٹاسک دے دیا

    کراچی: وزیر اعظم عمران خان سے تاجروں اور صنعت کاروں کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، گورنر سندھ کو تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں تاجروں نے مسائل کا پنڈورا باکس کھول کر رکھ دیا، تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کراچی معاشی حب ہے لیکن ہمیں ہزاروں مسائل کا سامنا ہے، گیس بحران سے اربوں روپے کے آرڈر وقت پر نہیں دیے جا سکے، تاجر کیا کریں۔

    تاجر رہنماؤں نے شکایت کی کہ سوئی سدرن گیس انتظامیہ کی وجہ سے کراچی کی صنعتیں تباہ ہوگئیں، حکومت کی معاشی ٹیم آپ کے احکامات پر عمل نہیں کرتی، ایف بی آر کا رویہ پہلے کی طرح تاجر دشمن ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بزنس کمیونٹی کو آرڈیننس کے ذریعے نیب سے الگ کردیا، وزیراعظم

    تاجروں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ ٹیکس نظام کو بہتر کیا جائے۔ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ ایف بی آر افسران کی مداخلت کو کم کرنے کی حکمت عملی اپنائی ہے، ریٹیلرز پر بغیر دباؤ ٹیکس کی ادائیگی کا نظام وضع کر لیا گیا ہے، پوائنٹ آف سیلز سسٹم، ایف بی آر، ریٹیلرز دونوں کی جیت ہے۔

    دریں اثنا، تاجروں اور صنعت کاروں کی شکایات سن کر وزیر اعظم عمران خان نے ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو اقدامات کرنے کا ٹاسک دے دیا۔

  • گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ کی مزار قائد پر حاضری

    گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ کی مزار قائد پر حاضری

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کی سوچ الگ ہوسکتی ہے لیکن دونوں ملکی ترقی چاہتی ہیں، 27 دسمبر کو وزیر اعظم کراچی آرہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بانی پاکستان محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم سے اسلام آباد میں ہونے والی میٹنگ مثبت رہی، امید ہے وزیر اعلیٰ سندھ صوبے کے منصوبوں پر تعاون کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کی سوچ الگ ہوسکتی ہے لیکن دونوں ملکی ترقی چاہتی ہیں، 27 دسمبر کو وزیر اعظم آ رہے ہیں، وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے خواہش مند ہیں۔

    گورنر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی اقلیتی برادری کا خیال رکھا ہے، بھارت کا سیکولر ازم کا بھانڈا پھوٹ گیا ہے۔ ساری دنیا دیکھ رہی ہے کہ بھارت میں کیا چل رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گرین لائن کے آغاز کی تاریخ ابھی نہیں دی جاسکتی، وزیر اعلیٰ کی وزیر اعظم سے ملاقات کو آئس بریکنگ سمجھتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں اقدام سے بہتری آئے گی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بربریت کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر کے بعد پورے بھارت میں مسلمانوں پر ظلم کیے جا رہے ہیں۔ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف مظالم کی سختی سے مذمت کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ فیڈرل گورنمنٹ کو درخواست کی بھارتی ظلم و بربریت کو عالمی فورم پر اٹھائیں، تمام اسلامی ممالک کو مسلمانوں پر مظالم کے خلاف متحد ہونا چاہیئے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیر اعظم عمران خان نے سی سی آئی کا طویل اجلاس کیا۔ جس صوبے سے گیس نکلے اس کے وسائل پر پہلا حق اسی صوبے کا ہوتا ہے۔ اٹارنی جنرل نے پانی کی تقسیم سے متعلق اجلاس میں رپورٹ بھی پیش کی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی کراچی آمد کی مجھے کوئی اطلاع نہیں، بحیثیت وزیر اعلیٰ میرا فرض ہے وزیر اعظم کے استقبال کے لیے جاؤں۔ پہلے جب آیا کرتے تھے تو بتایا جاتا تھا، لیکن اب وزیر اعظم کی آمد کا نہیں بتایا جاتا۔