Tag: عمران خان اورعارف علوی

  • پاکستان کے فلاحی ریاست بننے کی راہ میں نواز شریف رکاوٹ ہیں، عمران، نوشہرہ جلسہ

    پاکستان کے فلاحی ریاست بننے کی راہ میں نواز شریف رکاوٹ ہیں، عمران، نوشہرہ جلسہ

    نوشہرہ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف سے ذاتی دشمنی نہیں، نواز شریف کرپٹ نہ ہوتے تو ان سے اچھی دوستی ہوتی، میرا خواب ہے کہ پاکستانی اسلامی فلاحی ریاست بنے لیکن اس کی راہ میں نواز شریف رکاوٹ ہیں، جب تک نواز شریف جیسے سیاست دان موجود ہیں ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

    یہ بات انہوں نے خیبر پختون خوا کے شہر نوشہرہ میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جلسے میں رہنماؤں جہانگیر ترین، پرویز خٹک، شاہ محمود قریشی اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بھی خطاب کیا۔

    عمران خان نے کہا کہ جس انسان کا خواب بڑا ہوتا ہے وہ بڑے کام کرتا ہے،میرا خواب تھا پاکستان کو کرکٹ کا ورلڈ چیمپئن بناؤں اور بنایا،ایسا اسپتال چاہتا تھا جہاں کسی کو فکر نہ ہو کہ اس کے پاس پیسے نہیں اور میرا خواب تھا پاکستان اسلامی فلاحی ریاست بنے۔

    نواز شریف جیسے سیاستدان کے ہوتے ہوئے یہ ملک ترقی نہیں کرسکتا

    انہوں نے کہا کہ اقبال اور قائدا عظم کے پاکستان کے لیے جدوجہد کررہا ہوں،میری جدوجہد وزیراعظم بننے کے لیے نہیں اور نواز شریف سے میری کوئی ذاتی دشمنی نہیں، جب تک نواز شریف جیسے سیاستدان موجود ہیں یہ ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان چین جیسا تب بنے گا جب ملک سے کرپشن ختم ہوگی،میرا خواب ہے پاکستان میں ایسا دن آئے جب زکوة لینے والا کوئی نہ ملےلیکن نواز شریف میرے خواب کی تعبیر میں رکاوٹ ہے۔

    عمران کا کہنا تھا کہ ایسا ملک چاہتے ہیں کہ ہمارے پاسپورٹ کی دنیا بھر میں عزت ہو،کرپشن نے ملک کو کھوکھلا کردیا ہے،سن لو پاکستانیو! بھیک مانگنے والوں کی عزت نہیں ہوتی،ملک سے پیسہ چوری ہو کر باہر جاتا ہے، قوم کو قرضے لینے پڑتے ہیں،  10 ارب کی پاکستان میں روز منی لانڈرنگ ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف اگر کرپٹ نہ ہوتے تو ان سے اچھی دوستی ہوتی،جب تک زندہ ہوں کرپشن کے خلاف جدوجہد جاری رکھوں گا،جو صادق اور امین نہ ہو  وہ ملک کا سربراہ نہیں ہوسکتا،مغربی ممالک میں معمولی سے جھوٹ پر بھی استعفیٰ لیا جاتا ہے۔

    نواز شریف آکر دیکھیں جلسہ ہے یا جلسی؟ شیخ رشید

    جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نےکہا کہ  نواز شریف آکر دیکھیں یہ جلسی ہے یا جلسہ؟نواز شریف صاحب آپ کے ہاں جلسیاں ہوتی ہیں یہاں تو جلسے ہیں، نواز شریف ہم تو جلسہ کرتے ہیں وہ دھرنا بن جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف نوشہرہ میں اعلان کرتا ہوں کہ آپ جارہے ہو اور ہم آرہے ہیں، عمران خان آرہا ہے۔

    عمران خان اور نواز شریف کا چہرہ دیکھ لیں کیس کا فیصلہ سمجھ میں آجائے گا

    پاناما کیس پر انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گی وہ ہم قبول کریں گے، عمران خان اور نواز شریف کا چہرہ دیکھ لیں کیس کا فیصلہ سمجھ میں آجائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ 92 ممالک میں 6 ہزار لوگوں پر پاناما لیکس کا کیس چل رہا ہے۔

    ساٹھ دن مکمل ہوتے ہی نواز شریف چلے جائیں گے، جہانگیر ترین

    پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ 21 سال کے طویل سفر کے بعد عمران خان کو کامیابی ملی، عمران خان کا پیغام لوگوں کے دلوں تک پہنچ گیا ہے، ملک اس وقت بنےگا جب لوٹ مار اور کرپشن ختم ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ انکوائری رپورٹ آئے گی اور ہم اس کی نگرانی کریں گے، 60 دن مکمل ہوں گے تو نواز شریف چلے جائیں گے، 60 دن بعد گو نواز گو ہوگا۔

    تحریک انصاف سندھ اور بلوچستان میں داخل ہورہی ہے، شاہ محمود قریشی

    تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  تحریک انصاف سندھ اور بلوچستان میں داخل ہورہی ہے،خیبر پختونخوا حکومت کو ترقیاتی منصوبوں پر مبارک باد دیتا ہوں،خیبر پختونخوا میں تعلیم اور پولیس کا نظام مثالی ہے، قوم پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

    پی ٹی آئی بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے لڑ رہی ہے،قریشی

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے وکیل کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اس  وکیل نے بیرون ملک پاکستانیوں کی حب الوطنی پر سوال اٹھایا، بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں پی ٹی آئی بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ کے لیے لڑ رہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ گو نواز گو آج ملک کی باشعور جماعتوں کا بھی نعرہ بن چکا ہے، وکلا بھی نواز شریف کے جانے کے اشارے دے رہے ہیں، وکلا، دانش وروں سے اپیل کرتا ہوں  کہ ہمارے ساتھ چلیں۔

  • پی ٹی وی حملے کے دوران عمران خان اورعارف علوی کی مبینہ گفتگو منظرِ عام پر

    پی ٹی وی حملے کے دوران عمران خان اورعارف علوی کی مبینہ گفتگو منظرِ عام پر

    اسلام آباد: تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان اور تحریکِ انصاف کے رہنماء عارف علوی کی مبینہ ٹیلیفونک گفتگو منظرِ عام پر آگئی ۔

    سیاستدانوں کےفون ٹیپ نہ کرنے کے حکومتی دعووں کی قلعی کھل گئی، تیس اگست کو پی ٹی وی حملےکے دوران عمران خان، عارف علوی کی مبینہ گفتگو سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں۔

    ٹیلیفونک گفتگو میں عارف علوی عمران خان کو پی ٹی وی پر حملے سے متعلق بتا رہے ہیں۔

    جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اچھا ہے، اچھا ہے، اس سے حکومت پر پریشر بڑھے گا، حکومت پر پریشر بڑھے تاکہ نواز شریف استعفی دے، ن لیگ معاملہ جوائنٹ سیشن کی طرف لے جانا چاہتی ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ کوشش کریں سب سے کریں تاکہ حکومت پر دباؤ بڑھے۔

    گفتگو میں عارف علوی ایم کیو ایم سے بات چیت پر آگاہ کر رہے ہیں، عارف علوی نے کہا کہ ایم کیو ایم کا ڈھائی بجے تک انتظار کیا لیکن کوئی کال نہیں آئی۔عارف علوی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہنا ہے کہ صاف ظاہر ہے کہ گفتگو ایڈٹ کی گئی ہے، پہلے بھی خفیہ کالز پر استعفی دے چکا ہوں، دھرنے کیلئے ایم کیو ایم سے بات چیت ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔