Tag: عمران خان بطور وزیراعظم

  • عمران خان بطور وزیراعظم کتنی تنخواہ لیتے ہیں؟ تفصیلات منظرعام پر آگئی

    عمران خان بطور وزیراعظم کتنی تنخواہ لیتے ہیں؟ تفصیلات منظرعام پر آگئی

    اسلام آباد : عمران خان کی بطور وزیراعظم تنخواہ کی تفصیلات سامنے آگئیں ، جس کے مطابق عمران خان کی تنخواہ وفاقی وزرا، اپنے ملٹری سیکرٹری ، صدر مملکت،چیف جسٹس اور وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی کم ہے، کٹوتیوں کے بعد عمران خان کو صرف ایک لاکھ چھیانوے ہزار روپے تنخواہ ملتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی سیلری سلپ پہلی بارمنظرعام پرآ گئی، جس کے مطابق عمران خان ملک کے وزیراعظم ہوتے ہوئے وزرا سے بھی کم تنخواہ وصول کرر ہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کو ہرماہ ایک لاکھ چھیانوے ہزار روپے تنخواہ ملتی ہے۔

    عمران خان کی بنیادی تنخواہ ایک لاکھ سات ہزار دو سو اسی روپے ہے، وزیراعظم کو مہمانداری الاؤنس کی مد میں پچاس ہزاراورایڈہاک ریلف الاؤنس کےاکیس ہزارچارسو چھپن روپےملتے ہیں۔

    وزیراعظم کی تنخواہ پر چار ہزار پانچ سوپچانوے روپےٹیکس بھی کٹتاہے جبکہ بطور وزیراعظم ان کا کوئی کیمپ آفس نہیں اور بنی گالہ میں سیکیورٹی، خاردار تار کے اخراجات بھی خود برداشت کیے۔

    عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس کے دو سو ملازمین کم کیے اور دیگراخراجات بھی محدود کردیے ہیں۔

    وزیراعظم کے مقابلے میں وفاقی وزرا کی تنخواہ ڈھائی لاکھ روپے کے قریب ، وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری کی تنخواہ بھی عمران خان سے زیادہ ہے جبکہ چیف جسٹس اور صدر پاکستان کی تنخواہ بھی چھ سے آٹھ لاکھ روپے ہے۔

    گزشتہ روز کے اضافے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سوا چار لاکھ روپےتنخواہ وصول کریں گے۔

    خیال رہے عمران خان نے عہدہ سنبھالتے ہی وزیراعظم ہاؤس کےاخراجات کم کیے، پرتعیش گاڑیاں اور بھینسیں نیلام کیں تھیں۔

  • عمران خان بطور وزیراعظم پنجاب ہاؤس میں قیام کریں گے

    عمران خان بطور وزیراعظم پنجاب ہاؤس میں قیام کریں گے

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان وزیراعظم بننے کے بعد پنجاب ہاؤس میں قیام کریں گے جبکہ ویک اینڈ پر بنی گالہ جایا کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان بطور وزیراعظم کہاں رہیں گے؟ فیصلہ ہوگیا۔

    پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم کا حلف اٹھانے کے بعد پنجاب ہاؤس میں قیام کریں گے۔

    نعیم الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہدایت کی تھی پنجاب ہاؤس کا جائزہ لوں، وہ تین سے چار دن پنجاب ہاؤس رہیں گے جبکہ ویک اینڈ پر بنی گالہ جایا کریں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے غیر معمولی تاخیر کرلی، تاحال علم نہیں عمران خان کب حلف اٹھائیں گے۔


    مزید پڑھیں : عمران خان وزیراعظم ہاؤس میں رہائش نہ رکھنے کے فیصلے پر قائم


    رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے جن حلقوں کا نوٹیفکیشن رکا ہے، اس پر وکلاسے بات ہوئی، امید ہے کل تک ان حلقوں میں کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوجائے گا۔

    نعیم الحق نے کہا کہ الیکشن کا عمل انتہائی ناقص ہے، بے شمار تبدیلیوں کی ضرورت ہے، انتخابی اصلاحات کے معاملے پر مزید قانون سازی کریں گے۔

    اپوزیشن کے احتجاج کے حوالے سے ان کا کہنا تھا احتجاج اپوزیشن کا حق ہے، میں خود اس احتجاج سے گزر کر آیا ہوں، ہماری حلقے کھولنےکی پیشکش کے باوجود مظاہرہ کیا جا رہاہے، یقین دلاتا ہوں ہماری حکومت مظاہرین سے تعاون کرے گی۔

    یاد رہے کہ وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے سے پہلے عمران خان نے بڑا فیصلہ کیا تھا کہ وہ وزیراعظم ہاؤس کے بجائے اسپیکر ہاؤس میں قیام کریں گے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ میں عوام کےٹیکس کے پیسوں کا خود محافظ ہوں، عوام کا پیسہ حکمرانوں کی عیاشیوں پرخرچ نہیں ہوگا۔


    مزید پڑھیں : عمران خان کا وزیر اعظم ہاؤس استعمال نہ کرنے کا فیصلہ، خزانے کو 2 ارب کی بچت


    عمران خان کے فیصلے پر پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان وزیراعظم بننے کے بعد اسپیکرہاؤس میں نہیں رہ سکتے، اسپیکر ہاؤس پارلیمنٹ کی پراپرٹی ہے، پارلیمنٹ کی پراپرٹی میں وزیراعظم نہیں آسکتے۔

    پی ٹی آئی چیئرمین کے اس فیصلے پر خلیجی اخبار میں ایک رپورٹ بھی شائع کی ، جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وزیر اعظم ہاؤس استعمال نہ کرنے سے قومی خزانے کو پونے 2 ارب روپے سے زائد کی بچت ہوگی۔