Tag: عمران خان سے ملاقات

  • وزیر اعظم عمران خان سے طیب اردوان اور حسن روحانی کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے طیب اردوان اور حسن روحانی کی ملاقات

    نیویارک: وزیر اعظم عمران خان سے ترک صدر رجب طیب اردوان اور ایرانی صدر حسن روحانی نے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج نیویارک میں 74 ویں یو این جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ترکی اور ایران کے صدور نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

    ترک صدر اردوان اور عمران خان ملاقات میں تزویراتی معاشی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے ترک صدر کو مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورت حال سے آگاہ کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیر اعظم نے پاکستان اور ایران کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، اور کشمیر کی حمایت پر ایرانی سپریم لیڈر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم آج اقوام متحدہ کے74ویں جنرل اسمبلی اجلاس کے افتتاح میں شرکت کریں گے

    واضح رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ اقوام متحدہ میں آج کی مصروفیات کے شیڈول کے مطابق وزیر اعظم اقوام متحدہ کے 74 ویں جنرل اسمبلی اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔

    شیڈول کے مطابق وزیر اعظم مصر اور ایتھوپیا کے صدور سے ملاقاتیں کریں گے جب کہ نیوزی لینڈ کی ہم منصب جیسنڈر آرڈن سے بھی ملاقات طے ہے۔

    وزیر اعظم یو این سیکریٹری جنرل کی جانب سے ظہرانے میں شریک ہوں گے، او آئی سی رابطہ گروپ برائے کشمیر کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے، امریکی صدر کی جانب سے استقبالیہ میں بھی شریک ہوں گے۔

  • وزیر اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات، اہم سکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال

    وزیر اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات، اہم سکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی، جس میں اہم سکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر اعظم آفس کے مطابق جمعرات کو پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں عمران خان اور آرمی چیف کے درمیان ملکی سیکورٹی کے معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل 220 ویں کور کمانڈر کانفرنس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ ملک میں ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جس کے تحت ہتھیار کے استعمال کا حق صرف ریاست کے پاس ہوگا۔

    آرمی چیف نے کہا کہ سماجی و اقتصادی ترقی کے ثمرات اب سامنے آنے لگے ہیں، نیشنل ایکشن پلان کے اطلاق کے لیے حکومت سے تعاون کیا جائے گا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مثبت اقدام کی حمایت کی جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات، بھارتی جارحیت کے جواب میں مسلح افواج کے کردار کی تعریف

    11 مارچ کو بھی وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی تھی،جس میں پاک بھارت کشیدگی اور ملک کی داخلی و خارجی سیکورٹی کی صورت حال سمیت پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور کا جائزہ لیا گیا تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں مسلح افواج کے کردار کو بھرپور انداز میں سراہتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا، تاہم اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے رہیں گے۔

  • برف پوش پہاڑوں پر فرائض انجام دینے والے پولیو ورکرز کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات

    برف پوش پہاڑوں پر فرائض انجام دینے والے پولیو ورکرز کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان سے سوات کے برف پوش پہاڑوں پر چلنے والے پولیو ورکرز نے ملاقات کی، وزیراعظم نے پولیو ورکرز کو شاندار خدمات پرخراج تحسین پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی پولیو ورکرز کی سردی کے سخت موسم میں سوات کے برف پوش پہاڑوں پر چلتے ہوئے پولیو ویکسین پلانے کے لیے جانے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان کی کارکردگی کو خوب سراہا جارہا ہے۔

    اس سلسلے میں مذکورہ پولیو ورکرز کو وزیر اعظم ہاؤس مدعو کیا گیا، پولیو ورکرز کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرائی گئی، وزیراعظم نے پولیو ورکرز کو ان کی شاندار خدمات پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے جذبے کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

    ملاقات میں پولیو سے ملک کو پاک کرنے کی حکمت عملی پر بات چیت کی گئی، فوکل پرسن بابر بن عطا اور وفاقی وزیر عامرمحمود کیانی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے پولیو ورکرز سے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل پولیو ورکرز کی کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھیں جن میں وہ شدید سرد موسم اور برف باری کے دوران بھی پولیو پلانے کے لیے اپنے سفر پر رواں دواں تھے، دشوار گزار برفیلے راستے بھی ان کی ہمت نہ توڑ سکے تھے۔

    مزید پڑھیں: ملک بھر میں پولیو مہم مکمل، اقوام متحدہ نے عملے کی اعلیٰ کارکردگی کو سراہا

    سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل ہونے کے بعد اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسف نے بھی ٹویٹر پر ان حوصلہ مند ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا۔

  • پاکستان اور امریکا میں باہمی اعتماد کا فقدان ہے، عمران خان کی امریکی سفارتی وفد سے بات چیت

    پاکستان اور امریکا میں باہمی اعتماد کا فقدان ہے، عمران خان کی امریکی سفارتی وفد سے بات چیت

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے امریکی سفارتی وفد کی بنی گالہ آمد کے موقع پر وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک امریکا تعلقات میں اتار چڑھاؤ کی وجہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کا فقدان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قائم مقام امریکی سفیر جان ہُووَر کی قیادت میں آج امریکی سفارتی وفد نے بنی گالہ میں ملک کے اگلے متوقع وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات میں پاک امریکا تعلقات اور باہمی دل چسپی کے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    پی ٹی آئی چیئرمین نے وفد سے کہا ’تحریکِ انصاف امریکا کے ساتھ اعتماد پر مبنی تعلقات کے لیے پُرعزم ہے، ہم امریکا کے ساتھ مستحکم تجارتی اور معاشی تعلقات کو اہم سمجھتے ہیں، پاکستان کے امریکا سے سفارتی تعلقات میں سرگرمی وقت کا تقاضا ہے۔‘

    عمران خان نے خطے میں افغانستان سے متعلق تزویراتی پالیسی کے حوالے سے امریکی سفارتی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’پاکستان افغانستان میں مکمل استحکام کا خواہش مند ہے، پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔‘

    ایرانی صدر کا عمران خان کو ٹیلی فون، دورہ ایران کی دعوت

    انھوں نے کہا کہ امریکا سے بھی افغانستان کے مسئلے کے سیاسی حل کے حق میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں، یہ خوشی کی بات ہے، کیوں کہ جنگ اور قوت کا استعمال افغانستان کے مسئلے کا حل نہیں ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان کا استحکام پاکستان، امریکا اور خطے کے مفاد میں ہے۔ مزید کہا کہ پاک امریکا تعلقات نے تاریخ میں کئی اتار چڑھاؤ دیکھے، جس کی وجہ باہمی اعتماد کا فقدان تھا۔

    لوگوں سے عہد کیا ہے پاکستان کو مدینہ کی ریاست بناؤں گا ،عمران خان

    واضح رہے کہ آج ایران کے صدرحسن روحانی نے بھی عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے الیکشن میں کام یابی پر مبارک باد اور دورۂ ایران کی دعوت دی ہے۔ دوسری طرف عمران خان نے پنجاب اسمبلی کے نو منتخب اراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے وعدے کو دہرایا ہے کہ وہ پاکستان کو مدینے کی ریاست بنائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔