Tag: عمران خان کا دورہ امریکا

  • وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکا، 18 اہم ملاقاتوں کا شیڈول تیار

    وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکا، 18 اہم ملاقاتوں کا شیڈول تیار

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا کے سلسلے میں 18 دو طرفہ ملاقاتوں کا شیڈول تیار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان امریکی دورے کے موقع پر متعدد اہم ملاقاتیں کریں گے، اس سلسلے میں تفصیلی شیڈول تیار کر لیا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان کل سعودی عرب سے امریکا روانہ ہوں گے، ذرایع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم 10 سے زاید ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔

    شیڈول کے مطابق وزیر اعظم کی امریکا میں ورلڈ بینک کے صدر سے اہم ملاقات ہوگی، وہ مائیکرو سافٹ کے سربراہ بل گیٹس سے بھی ملاقات کریں گے۔

    تازہ ترین:  وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

    ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے پاکستانی وقت کے مطابق 9 بجے خطاب کریں گے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل ذرایع نے شیڈول سے متعلق بتایا تھا کہ وزیر اعظم کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے 2 ملاقاتیں طے ہیں، امریکی صدر سے پہلی ملاقات ظہرانے کے بعد جب کہ دوسری ملاقات ہائی ٹی کے موقع پر ہوگی۔

    خیال رہے کہ دورہ امریکا کی تیاریوں کے سلسلے میں اس بات پر بھی مشاورت کی گئی تھی کہ جنرل اسمبلی اجلاس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

    اس کے علاوہ نریندر مودی کے خلاف جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران شدید احتجاج کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب میں ہیں، دورے کے دوران وزیر اعظم سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

  • پاک امریکا تعلقات خوش حالی کی ضمانت ہے: عمران خان، پومپیو ملاقات کا اعلامیہ

    پاک امریکا تعلقات خوش حالی کی ضمانت ہے: عمران خان، پومپیو ملاقات کا اعلامیہ

    واشنگٹن: وزیر اعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی پاکستان ہاؤس، واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان کے سیاسی حل کی امید سے خطے میں امن کی راہ ہم وار ہو رہی ہے، پُر امن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے لیے ناگزیر ہے.

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل میں پاکستان، امریکا کے درمیان گہرے روابط کی ضرورت ہے۔

    ملاقات سے متعلق جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات پر اظہار اطمینان کیا اور کہا کہ مشترکہ مفادات کے لیے پاکستان اور امریکا کے مضبوط تعلقات ضروری ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں نہ تو امداد مانگی، نہ ہی ہم امداد چاہتے ہیں، عمران خان

    عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک امریکا مضبوط تعلقات خطے میں امن، استحکام اور خوش حالی کی ضمانت ہے، نیز ہم امریکا سے تعلقات میں مختلف شعبوں میں توسیع چاہتے ہیں۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا، دریں اثنا، وزیر اعظم نے امریکی وزیر خارجہ کو حکومتی کام یابیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

    اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں امن کی کوششوں کا بھی خصوصی ذکر کیا گیا، کہا گیا کہ تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ پر امن تعلقات پاکستان کی خواہش ہے، نیز پاکستان نے مدارس کو قومی دھارے میں لانے کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔

    ملاقات میں وزیر اعظم نے بھارت سے تعلقات کی بہتری کے لیے اقدامات پر بھی بات کی، کہا گیا کہ پر امن ہمسائیگی سے جنوبی ایشیا میں امن ،ترقی اور خوش حالی ہوگی۔

  • عمران خان کا دورہ امریکا تاریخ ساز اورملکی مفادات پرسنگ میل ثابت ہوگا، علیم خان

    عمران خان کا دورہ امریکا تاریخ ساز اورملکی مفادات پرسنگ میل ثابت ہوگا، علیم خان

    لاہور : سابق سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا پہلی مرتبہ کسی وزیر اعظم نےمسئلہ کشمیر پر واضح آواز اٹھائی ، عمران خان کادورہ امریکاتاریخ ساز اور ملکی  مفادات پرسنگ میل ثابت ہوگا، بھارت کو بھی مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے حوالے سے کہا عمران خان کادورہ امریکاتاریخ ساز اورملکی مفادات پرسنگ میل ثابت ہوگا، پہلی مرتبہ کسی وزیر اعظم نےمسئلہ کشمیر پر واضح آواز اٹھائی۔

    عبدالعلیم خان کا کہنا تھا وزیر اعظم کا دورہ عالمی تعلقات میں نئے باب کا اضافہ کرے گا، امریکی فورم پرعمران خان نےبا وقار انداز میں پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔

    پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا قومی لباس زیب تن کر کے عمران خان نےسب کاسرفخر سے بلند کر دیا، پہلی مرتبہ پاکستانی وزیر اعظم نےپرچیوں کےبغیر بےباک گفتگو کی، بھارت کو بھی مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تھی ، امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان بھارت کے مابین ثالثی کی پیش کش کی۔.

    مزید پڑھیں : امریکی صدر نے کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کر دی

    صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ عمران خان اور میں دونوں نئے لیڈرز ہیں، مسئلہ کشمیر پر دونوں لیڈرز بڑا کردار ادا کر سکتے ہیں، کشمیر اور افغانستان کا مسئلہ حل ہوگا تو پورے خطے میں خوش حالی ہوگی۔

    ملاقات کے بعد امریکی صدر نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کا امریکا میں خیرمقدم کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے میں کوئی کردار ادا کر سکتا ہوں تو بہت خوشی ہوگی، پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات کا علم ہے، ملاقات میں پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے لیے بھی بات ہوگی۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا آیندہ ماہ امریکا کے دورے کا امکان

    وزیر اعظم عمران خان کا آیندہ ماہ امریکا کے دورے کا امکان

    اسلام آباد: پاکستان اور امریکا کے درمیان اعلیٰ سطح پر رابطہ ہوا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا آیندہ ماہ امریکا کے دورے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ ایک اعلیٰ سطح پاک امریکا رابطے کے بعد امکان ہے کہ آیندہ ماہ وزیر اعظم امریکا کے دورے پر جائیں۔

    ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان 20 جولائی کو امریکا کا دورہ کر سکتے ہیں، اس دورے کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی وزیر اعظم کے ہم راہ ہوں گے۔

    حکومتی ذرایع کے مطابق وزیر اعظم خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں ملاقات ہوگی، تاہم متوقع طور پر دورے کے حتمی تاریخ کا فیصلہ آیندہ چند روز میں کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیرا عظم عمران خان اور افغان صدراشرف غنی کی ون آن ون ملاقات

    ذرایع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سطح پر بیک ڈور رابطے جاری ہیں۔

    خیال رہے کہ ان دنوں افغان صدر اشرف غنی پاکستان دورے پر آئے ہوئے ہیں، آج اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان اور افغان صدر کی ون آن ون ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی سیکورٹی اور قیام امن سے متعلق تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    یاد رہے کہ پاکستان امریکا افغان امن مذاکرات میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، امریکی نمایندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد بھی پاکستان کے کردار کی تعریف کر چکے ہیں۔