Tag: عمران خان کا وژن

  • پی آئی اے کی ترقی وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے، محمد نفیس زکریا

    پی آئی اے کی ترقی وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے، محمد نفیس زکریا

    کراچی : برطانیہ میں مقیم پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی ترقی وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے، اس کی بہتری کیلئے ہم سب کو مل کر اقدامات کرنا ہوں گے۔

    یہ بات انہوں نے پی آئی اے برطانیہ کے کنٹری منیجر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، تفصیلات کے مطابق پی آئی اے برطانیہ کے کنٹری منیجر سراج قاضی کی برطانیہ میں مقیم پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا سے ملاقات ہوئی ہے۔

    ملاقات میں پی آئی اے کے امور سے متعلق بریفنگ دی گئی، اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر نفیس ذکریا نے سراج قاضی کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    ہائی کمشنر محمد نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ پی آئی اے ایک بار پھر دنیا میں اپنا مقام حاصل کرے گی، پی آئی اے قومی اثاثہ ہے اس کی بہتری کیلئے ہم سب کو مل کر اقدامات کرنا ہوں گے۔

    اس موقع پر پی آئی اے برطانیہ کے کنٹری منیجر سراج قاضی نے بتایا کہ پی آئی اے نے برطانیہ میں110ملین پاؤنڈ کا ریکارڈ روینیو حاصل کیا ہے ، پی آئی اے برطانیہ میں پاکستانی مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کررہی ہے جس کے باعث مسافروں میں اعتماد بحال ہوا ہے۔

  • عمران خان کا وژن معیشت کی بحالی اور تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط ہے، فواد چوہدری

    عمران خان کا وژن معیشت کی بحالی اور تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط ہے، فواد چوہدری

    لندن : وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم معیشت کی بحالی کیلئے خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں، عمران خان کا وژن طلبہ اور تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی میں قومی، علاقائی اور عالمی امور کے موضوع پر لیکچر کے موقع پر کیا، اس لیکچر کا اہتمام آکسفورڈ ساؤتھ ایشیاء سوسائٹی اور آکسفورڈ پاکستان سوسائٹی نے کیا، فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کا وژن طلبہ اور تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط ہے، پاکستان سمیت دنیا کی ممتاز جامعات سے طلبہ کو انٹرن شپ دیں گے۔

    ملکی معیشت سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم معیشت کی بحالی کیلئے خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں، علاقائی تنازعات کے اثرات پاکستان کی معیشت پر مرتب ہوئے ہیں، پاکستان نے غیرمعمولی مزاحمت کرتے ہوئے اپنے آپ کو برقرار رکھا، اقتصادی زون تشکیل دے کر حکومت صنعتی ترقی کے لئے کام کررہی ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری عظیم معاشی منصوبہ ہے۔

    بڑی کمپنیوں نے پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے، وزیراعظم کی ترجیحات میں شفافیت اور قانون کی حکمرانی سرفہرست ہے، کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا اور منی لانڈرگ کے خاتمے کا عزم کیا ہے، حکومت نے ریاستی میڈیا سے بھی سینسر شپ ختم کردی ہے۔

    اس کے علاوہ سول اور عسکری ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کررہے ہیں، سول اور عسکری اداروں کی ہم آہنگی سے خارجہ پالیسی کا محور تبدیل ہوگیا، پالیسیوں کے تسلسل کے لیے اداروں کی ہم آہنگی ناگزیر ہوتی ہے۔

    فوادچوہدری کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر سمیت دیگر تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات واحد راستہ ہے، کرتار پور راہداری خارجہ پالیسی کے محور کا ایک مظہر ہے، امید ہے بھارت پاکستان کی مذاکرات کی پیشکش پر سنجیدگی سے غور کرے گا، پاکستان داخلی اور خارجی سطح پر امن کا خواہاں ہے۔ افغانستان میں قیام امن اوراستحکام کیلئے پاکستان کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے.