Tag: عمران خان کرونا

  • دنیا بھر سے سفیروں کے وزیر اعظم پاکستان کی جلد شفا یابی کے ٹوئٹس

    دنیا بھر سے سفیروں کے وزیر اعظم پاکستان کی جلد شفا یابی کے ٹوئٹس

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نہ صرف پاکستان میں بے حد مقبول ہیں بلکہ دنیا بھر کے رہنماؤں میں پسندیدہ شخصیت کا اعزاز رکھتے ہیں، آج ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا تھا جس پر دنیا بھر کے سفرا کی جانب سے ان کی جلد شفا یابی کے لیے ٹوئٹس سامنے آنے لگے ہیں۔

    پاکستان کے لیے یورپی یونین کی سفیر اندرولا کامینارا نے ٹوئٹ کیا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحت یابی اور اچھی صحت کے لیے دعاگو ہیں۔

    برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے ٹوئٹ کیا، ہم وزیر اعظم عمران خان کی صحت یابی اور شفا کے لیے دعا گو ہیں۔

    پاکستان میں فرانسیسی سفارت خانے نے پیغام جاری کیا کہ پاکستانی وزیر اعظم کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ پاکستان میں امریکی سفارت خانے نے بھی پیغام دیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

    جرمن سفیر برنہارڈ شلاگیک نے ٹوئٹ کیا وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، میری نیک تمنائیں وزیر اعظم اور اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

    سری لنکن وزیر نمل راجا پکسکا نے ٹوئٹ کیا میری دعائیں اور نیک خواہشات وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ہیں، دعا ہے وزیر اعظم عمران خان جلد صحت یاب ہوں۔

    پاکستان میں ڈنمارک کی سفیر لِس روزن ہوم نے ٹوئٹ کیا کہ کرونا وبا ایک جنگ ہے جو ہم سب لڑ رہے ہیں، وزیر اعظم کی جلد صحت یابی کے لیے میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔

    واضح رہے کہ پڑوسی ملک بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ٹوئٹ کیا ہے، انھوں نے ٹوئٹ میں وزیر اعظم پاکستان کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

  • وزیر اعظم کو کرونا، ویکسین کب کار آمد ہوگی؟ ترجمان سندھ حکومت کا بیان

    وزیر اعظم کو کرونا، ویکسین کب کار آمد ہوگی؟ ترجمان سندھ حکومت کا بیان

    کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے دعا کی ہے کہ اللہ وزیر اعظم کو صحت دے، ہم اس معاملے پر سیاست نہیں کریں گے۔

    مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عمران خان کو کرونا ویکسین کا ایک ڈوز لگا تھا، جب دونوں ڈوز لگیں گے تب ویکسین کار آمد ہوگی۔

    ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر سیاست نہیں کی جائے گی، کرونا ویکسین دونوں ڈوز لگنے کے بعد ہی کار آمد ہوتی ہے، جب کہ عمران خان کو ایک ڈوز لگا ہے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کرونا میں مبتلا ہوگئے ہیں، ان کا کرونا ٹیسٹ آج مثبت آیا، جس پر انھوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

    ویکسین کے بعد وزیراعظم میں کورونا کی تشخیص ، وزارت صحت کا اہم بیان آگیا

    وزارت قومی صحت نے ٹوئٹر پیغام میں وضاحت کی کہ وزیر اعظم عمران خان کا کرونا ٹیسٹ جب مثبت آیا تو اس وقت ان کی ویکسی نیشن مکمل نہیں ہوئی تھی، وزیر اعظم کو ویکسین کا پہلا ٹیکا لگے صرف 2 دن ہوئے ہیں، جو کسی بھی ویکسین کے کار آمد ہونے کے لیے بہت کم وقت ہے۔

    وزارت قومی صحت کے مطابق اینٹی باڈیز ویکسین کا دوسرا ٹیکا لگنے کے 2 سے 3 ہفتوں کے بعد بننا شروع ہوتی ہیں۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان نے ایک ٹوئٹ میں وزیر اعظم کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی تھی۔