Tag: عمران خان کی خبریں

  • وزیراعظم عمران خان کل لاہور کا ایک روزہ  دورہ کریں گے

    وزیراعظم عمران خان کل لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کل لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے، جہاں وہ وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر سے ملاقات اور پنجاب کابینہ کےاجلاس کی صدارت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کل ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچیں گے، دورہ لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری سرور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔

    وزیراعظم عمران خان پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے، جس میں انھیں 100روزہ پلان پر عمل اور پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا، اس کے علاوہ نئے بلدیاتی نظام سے متعلق بھی بریفنگ دی جائے گی۔

    پارٹی کے اہم رہنماؤں کی بھی وزیراعظم سے ملاقات کا امکان ہے۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان کا عہدہ سنبھالنے کے بعد لاہور کا دوسرا دورہ ہے۔

    مزید پڑھیں : پنجاب کابینہ کرپشن کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردارادا کرے، وزیراعظم

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے اپنے پہلے دورہ لاہور میں وزیراعلیٰ ہاؤس لاہور میں پنجاب کابینہ کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پنجاب میں لاگو بلدیاتی نظام کی تبدیلی اور اورنج میٹرو ٹرین منصوبے سمیت تمام میگا پراجیکٹس کے آڈٹ کرانے کی ہدایت کرنے کے علاوہ سو دن کے منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے، آپ کے کندھوں پہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، پنجاب کابینہ کی کارکردگی بھی قابل تقلید و مثال ہونی چاہئے، صوبے سے بدعنوانیوں کا خاتمہ سب سے بڑا چیلنج ہے۔

    لاہور میں وزیر اعظم عمران خان سے سابق کرکٹرز اور دوستوں نے ملاقات کی تھی ، ملاقات میں ٹیسٹ کرکٹر ذاکر خان اور جاوید زمان خان سمیت دیگر کرکٹرز شریک ہوئے تھے۔

  • وزیراعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست سماعت کیلئے مقرر

    وزیراعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست سماعت کیلئے مقرر

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی، درخواست پر سماعت 24ستمبر کو سپریم کورٹ میں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست کو سماعت کے لئے مقرر کردیا، درخواست بیرسٹر دانیال چوہدری نے دائر کر رکھی ہے۔

    درخواست پر سماعت 24 ستمبر کو سپریم کورٹ میں ہوگی، چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ سماعت کرے گا۔

    درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے، عمران خان آرٹیکل 62 کے تحت اہل نہیں۔

    یاد رہے قومی اسمبلی سے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد 18 اگست کو عمران خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا ، صدر مملکت ممنون حسین نے  حلف لیا تھا۔

    بطور منتخب وزیر اعظم عمران خان نے اپنی پہلی تقریر میں کہا تھا کہ سب سے پہلے احتساب ہوگا، قوم کا مستقبل برباد کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

    انکا کہنا تھا کہ کسی ڈاکو کو این آر او نہیں ملے گا، مجھے کسی ڈکٹیٹر نے نہیں پالا، اپنے پیروں پر یہاں پہنچا ہوں۔ کرکٹ کی 250 سالہ تاریخ کا واحد کپتان ہوں جو نیوٹرل امپائر لایا۔

    واضح رہے کہ25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے واضح اکثریت حاصل کی تھی۔

  • وزیر اعظم عمران خان سے سعودی وزير توانائی کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے سعودی وزير توانائی کی ملاقات

    ریاض: وزیر اعظم عمران خان سے سعودی وزير تونائی خالد الفالح کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں ممالک میں تجارتی رابطے مزید بہتر کرنے پر غور کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں وزیر اعظم عمران خان سے سعودی وزير تونائی خالد الفالح، صدر سعودی انویسٹمنٹ فنڈ اور ایڈوائزر سعودی کابینہ نے ملاقات کی۔

    ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں دونوں ممالک میں تجارتی رابطے مزید بہتر کرنے پر غور کیا گیا جبکہ دو طرفہ تعلقات اور معاشی معاملات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کے دورہ پر ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان سعودی فرمانروا سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے، جبکہ سعودی فرمانروا وزیر اعظم کے اعزاز میں شاہی محل میں ضیافت بھی دیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔

    سعودی عرب پہنچنے کے بعد مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر گورنر شہزادہ فیصل بن لمنان نے وزیر اعظم کا استقبال کیا تھا۔ وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری اور مشیر عبد الرزاق داؤد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

    مقدس سرزمین پر پہنچنے کے بعد عمران خان نے روضہ رسول پر بھی حاضری دی جبکہ بیت اللہ بھی گئے جہاں خانہ کعبہ کا دروازہ ان کے لیے خصوصی طور پر کھولا گیا۔

  • وزیر اعظم عمران خان کے لئے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا

    وزیر اعظم عمران خان کے لئے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا

    مکہ مکرمہ : وزیر اعظم پاکستان عمران خان عمرے کے ادائیگی کے لیے پہنچے تو بیت اللہ خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھول دیا گیا، عمران خان وفد کے ہمراہ بیت اللہ میں داخل ہوئے ، نوافل ادا کئے اور پاکستان کی سلامتی کے لیے دعائیں مانگیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ رات مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا کیا، بیت اللہ پہنچنے پر وزیراعظم کے لئے خصوصی طور پر خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا گیا، جہاں وہ وفد کے ساتھ بیت اللہ شریف میں داخل ہوئے، نوافل ادا کیےاور پاکستان اور عالم اسلام کی سلامتی کے لئے دعائیں کیں۔

    وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے، جب کہ سعودی فرمانروا وزیراعظم کے اعزاز میں شاہی محل میں ضیافت بھی دیں گے۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے سعودی عرب پاکستان کی حکمرانی کو اس کا اندرونی معاملہ تصور کرتا ہے، پاکستانی عوام جسے حکمران منتخب کریں گے، اس کےساتھ تعاون کریں گے۔

    حکام کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور اس کے عوام پرپورا یقین ہے، گزشتہ ادوارمیں جو کچھ سعودی عرب نے پیش کیا وہ انسانی محبت کی عکاسی ہے، عمران خان کا سعودی قیادت کے ساتھ تعلق باہمی اعتماد پر قائم ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے، جہاں مدینہ منورہ ائیرپورٹ پرگورنرشہزادہ فیصل بن لمنان نے استقبال کیا تھا، وفاقی وزراٗ شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری، مشیر عبدالرزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، روضہ رسولﷺپر حاضری

    عمران خان نے وفد کے ہمراہ روضہ رسولﷺ کی زیارت کی ، وزیراعظم کی آمد پر روضہ رسولﷺکے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے، عمران خان ریاض الجنہ میں نماز مغرب اور نوافل کی ادائیگی کے بعد جدہ روانہ ہوئے۔

    جدہ ایئرپورٹ پر ڈپٹی گورنر مکہ اور دیگر حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

    خیال رہے عمران خان شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان آج سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔

  • وزیر اعظم نے مشترکہ مفادات کونسل کا پہلا اجلاس 24 ستمبر کو طلب کرلیا

    وزیر اعظم نے مشترکہ مفادات کونسل کا پہلا اجلاس 24 ستمبر کو طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے مشترکہ مفادات کونسل کا پہلا اجلاس 24 ستمبر کو طلب کرلیا۔ اجلاس میں 7 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے طلب کیا جانے والا اجلاس دن ساڑھے 11 بجے وزیر اعظم آفس میں ہوگا۔ اجلاس میں 7 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

    اجلاس میں قومی صفائی مہم شروع کرنے کی سمری اور ریگولیٹری فنکشنز کے اسٹریم لائن کے لیے ٹاسک فورس کی سمری منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔

    پی ایس کیو سی اے، فوڈ اتھارٹیز میں معیار کو ہم آہنگ کرنے کا معاملہ زیر غور آئے گا جبکہ ایل این جی کی درآمد کی سمری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

    اجلاس میں پیٹرولیم ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن پالیسی 2012 پر بھی غور کیا جائے گا، 18 ویں ترمیم کے بعد ورکرز ویلفیئرز فنڈ، ای او بی آئی سے متعلق امور پر غور جبکہ سی سی آئی کے اجلاسوں کے فیصلوں اور ان پر عمل کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے میں کسی صوبے کی سمری شامل نہیں کی گئی، اجلاس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ شرکت کریں گے جبکہ اجلاس کے ممبران سمیت دیگر متعلقہ حکام شرکت کریں گے۔

  • وزیراعظم عمران خان کا کل پاک بھارت کرکٹ میچ دیکھنے کا امکان

    وزیراعظم عمران خان کا کل پاک بھارت کرکٹ میچ دیکھنے کا امکان

    دبئی : وزیراعظم عمران خان کا کل پاک بھارت کرکٹ میچ دیکھنے کا امکان ہے، ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا کل دبئی میں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورہ پر سعودی عرب روانہ ہوگئے ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، رزاق داؤد اور وزیر اطلاعات فوادچوہدری بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

    دو روزہ سرکاری دورے میں وہ سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔

    عمران خان بدھ کی شام سعودی عرب سے ابوظہبی روانہ ہوں گے، جہاں متحدہ عرب امارات کے ولی عہد وزیراعظم کا ایئرپورٹ پراستقبال کریں گے۔

    دورہ متحدہ عرب امارات میں وزیراعظم عمران خان کا کل دبئی میں ہونیوالے پاک بھارت کرکٹ میچ دیکھنے کا امکان ہے۔

    یاد رہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کوئی شک نہیں بھارت کے خلاف میچ میں پرفارمنس دکھانے والا ہیرو بن جاتا ہے، قومی ٹیم بھارت کے خلاف میچ کیلئے پوری طرح تیار ہے، وزیراعظم عمران خان آئیں گے تو کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھے گا۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان آئیں گے تو کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھے گا، سرفراز احمد

    خیال رہے وزیراعظم کو دورے کی دعوت متحدہ عرب امارات کے ولی عہد نے دی تھی۔

    واضح رہے ایشیا کپ میں کا سب سے بڑا ٹاکرا کل پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان ہوگا۔

    متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شریک ہیں۔

  • زلفی بخاری وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی مقرر

    زلفی بخاری وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی مقرر

    اسلام آباد : زلفی بخاری کو وزیراعظم عمران خان کا معاون خصوصی مقرر کردیا گیا، زلفی بخاری اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق وزیراعظم کی معاونت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے زلفی بخاری کو معاون خصوصی بنانے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد زلفی بخاری کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

     

    ذرائع کا کہنا ہے کہ زلفی بخاری اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق وزیراعظم کی معاونت کریں گے جبکہ وزارت اوورسیز پاکستان کے معاملات بھی دیکھیں گے۔

    خیال رہے زلفی بخاری وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی ہے اور ان کی این اے 53انتخابی مہم کے انچارج بھی رہ چکے ہیں، زلفی بخاری دوہری شہریت رکھتے ہیں اور ان کے پاس پاکستان کے علاوہ برطانوی شہریت ہے۔

    یاد رہے اگست میں زلفی بخاری کا نام نیب کی درخواست پر ای سی ایل میں ڈال گیا تھا۔

    نیب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری کی آف شور کمپنیوں کی تحقیقات کررہا ہے، اس کے لیے ان کا نام ای سی ایل میں ڈال کر بیرون ملک جانے سے روکنے کی سفارش کی گئی تھی۔

    اس سے قبل برطانیہ میں مقیم عمران خان کے قریبی دوست ان کے ہمراہ عمرہ ادائیگی کے لیے جارہے تھے کہ ائیرپورٹ پر انہیں روک دیا گیا تھا اور کچھ دیر بعد زلفی بخاری کو وزارتِ داخلہ نے مراسلہ جاری کر کے بیرونِ ملک سفر کی مشروط اجازت دی تھی، جس کے تحت وہ چار روز کے بعد پاکستان واپس پہنچ گئے۔

    عمران خان کے قریبی دوست کا نام بلیک لسٹ تھا، جس کی بنیاد پر انہیں سول ایوی ایشن کے حکام نے ائیرپورٹ پر روک لیا تھا مگر وزارتِ داخلے کا حکم نامہ سامنے آتے ہی قانون کے تحت انہیں اجازت دے دی گئی تھی۔

    یہ قیاس کیا جارہا تھا کہ زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں شامل تھا جسے نکلوانے میں عمران خان نے کردار ادا کیا مگر وزارتِ داخلہ کے حکام نے سینیٹ کمیٹی کے سامنے وضاحت کی کہ اُن کا نام بلیک لسٹ میں شامل تھا اور نہ ہی تحریک انصاف کے چیئرمین نے اس ضمن میں کوئی کردار ادا کیا۔

  • عوام حکمرانوں کو اپنائیں گے تو ہی ہم ایک ناقابل تسخیرقوم بنیں گے، وزیراعظم عمران خان

    عوام حکمرانوں کو اپنائیں گے تو ہی ہم ایک ناقابل تسخیرقوم بنیں گے، وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے بالآخر گورنر ہاؤس لاہور کے دروازے پاکستانی عوام پرکھل گئے، عوام حکمرانوں کو اپنائیں گے تو ہی ہم ایک ناقابل تسخیرقوم بنیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ بالآخر گورنر ہاؤس لاہور کے دروازے پاکستانی عوام پرکھل گئے، استعمار اور نوآبادیات کی نشانیاں ایک ایک کرکے زمین بوس ہو رہی ہیں، عوام حکمرانوں کو اپنائیں گے تو ہی ہم ایک ناقابل تسخیرقوم بنیں گے۔

    گذشتہ روز وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر گزشتہ روز گورنر ہاؤس پنجاب عوام کی سیر و تفریح کے لیے کھولا گیا تھا تاہم لاہور کے شہریوں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے ایک ہی دن میں کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا تھا۔

    مزید پڑھیں : گورنر ہاؤس پنجاب عوام کی سیر و تفریح کے لیے کھول دیا گیا

    یاد رہے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے  گورنرہاؤس عوام کے لئے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ گورنرہاؤس عوام کی ملکیت ہے، اب امیرغریب سے برابر ہیں، ناانصافی کے خلاف جہاد کریں گے۔

    چوہدری سرور  کا کہنا تھا کہ پاکستان اشرافیہ کے لئے نہیں20 کروڑعوام کے لئے بنایا گیا، ناانصافی کے خلاف جہاد جاری رہے گا، سرکاری عمارتیں ملک کا اثاثہ ہیں، احتساب پٹواری یا سپاہی کے بجائے اوپر کی سطح سے شروع ہوگا۔

    خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر تمام صوبوں کے گورنر ہاؤس عوام کے لیے کھولے جا رہے ہیں، اس سلسلے میں اب تک سندھ، مری اور پنجاب کے گورنر ہاؤسز عوام کے لیے کھولے جا چکے ہیں۔

     

  • وزیراعظم ہاؤس کی 102 گاڑیوں کی نیلامی جاری،  75  گاڑیاں فروخت

    وزیراعظم ہاؤس کی 102 گاڑیوں کی نیلامی جاری، 75 گاڑیاں فروخت

    اسلام آباد : کفایت شعاری مہم کے تحت وزیر اعظم ہاؤس کی ایک سو دو گاڑیاں کی نیلامی جاری ہے ، اب تک 75 گاڑیاں فروخت ہوگئیں ہیں، پہلی گاڑی کرولاالٹس 2010 ماڈل گیارہ لاکھ بیس ہزار میں فروخت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایک اور وعدہ پورا کر دکھایا، کفایت شعاری مہم کا آغاز پہلے اپنے گھر سے وزیر اعظم ہاؤس کی ایک سو دو گاڑیاں نیلامی کیلئے پیش کردیں،  خریدار وزیر اعظم ہاؤس میں نیلامی کیلئے پیش کی گئی گاڑیوں کامعائنہ کر رہے ہیں۔

    نیلامی میں 75 گاڑیاں فروخت ہوگئیں، فروخت ہونے والی گاڑیوں میں کرولاالٹس 2010ماڈل، 8بی ایم ڈبلیو،28مرسٹڈیز، کرولا،لیموزین اور دیگر گاڑیاں شامل ہیں۔

    اب تک 2کروڑ روپے کی بولی لگائی جاچکی ہے، گاڑیوں کی فروخت سے حاصل رقم قومی خزانے میں جمع ہوں گی۔

    خریداروں کا کہنا ہے کہ نیلامی کا عمل بہترین ہے، گاڑیوں کی قیمت مناسب ہے، گاڑی مہنگی بھی خریدی تو پیسہ قومی خزانے میں جانے کی خوشی ہوگی۔

    نیلامی کے لئے پیش کی جانے والی گاڑیوں میں جدید ترین مرسڈیز، بلٹ پروف بی ایم ڈبلیوز لیموزین اور دس سال پرانی بہتر گاڑیاں شامل ہیں، خریدار کو گاڑی پر عائدتمام ٹیکسسز ادا کرنے ہوں گے۔

    وزیراعظم ہاؤس کے لیے کابینہ ڈویژن کے پاس دوسو سے زائد گاڑیاں ہیں، پہلے مرحلے میں ایک سو دو گاڑیاں نیلام کی جائیں گی جبکہ بقیہ آئندہ نیلام کی جائیں گی۔

    نیلام کی جانے والی کئی گاڑیاں وزیراعظم اور غیر ملکی مہمانوں کے پروٹوکول کی ہیں۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم ہاؤس کی نیلام ہونے والی گاڑیوں کی ویڈیو جاری

    گاڑیوں کی نیلامی 3 مراحل میں کی جائے گی ، پہلے مرحلے میں نان امپورٹڈ، دوسرے مرحلے میں امپورٹڈ اور تیسرے مرحلے میں بلٹ پروف گاڑیاں نیلام کی جائیں گی۔

    یاد رہے 5 ستمبر کو پی ٹی آئی نے وزیراعظم ہاؤس کی ان نیلام ہونے والی گاڑیوں کی ویڈیو جاری کی تھی، جس میں درجنوں قیمتی اور لگژری گاڑیاں وزیراعظم ہاؤس میں دیکھی جاسکتی تھی۔

    واضح رہے 31 اگست کو وزیر اعظم ہاؤس میں موجود اضافی غیرضروری گاڑیوں کی فوری فروخت کا فیصلہ کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ گاڑیوں کی نیلامی17ستمبر کو وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی، پہلے مرحلے میں33گاڑیاں نیلام کی جائیں گی۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم ہاؤس کی قیمتی گاڑیاں17ستمبر کو نیلام کی جائیں گی، اشتہار جاری

    علاوہ ازیں وزیراطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن گاڑیوں کی نیلامی کی جائے گی، اس سے خاطرخواہ رقم ملے گی،5 کروڑ والی گاڑی کی قیمت5کروڑ سے زیادہ ہی ملیں گے۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ حکمرانی کرنے والوں کے رہن سہن سے آپ سب کو بچانا چاہتا ہوں، پاکستان میں وزیراعظم ہاؤس کے 524 ملازم ہیں، وزیراعظم ہاؤس 1100کینال پر واقع ہے، وزیراعظم کیلئے33بلٹ پروف سمیت 80گاڑیاں ہیں، ہم ان کو نیلام کرکے اس پیسے کو قوم کے استعمال میں لائیں گے۔

  • وزیر اعظم نے راولپنڈی میانوالی ٹرین کا افتتاح کردیا

    وزیر اعظم نے راولپنڈی میانوالی ٹرین کا افتتاح کردیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے راولپنڈی میانوالی ٹرین کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ساری سہولتیں امیروں کے لیے ہوتی ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے راولپنڈی میانوالی ٹرین کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ انگریزوں سے آزادی حاصل کرلی لیکن مائنڈ سیٹ کو نہیں چھوڑا، حکمرانوں نے صرف اپنا اور خاندان کے بارے میں سوچا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی گئی، اسپتال میں غریب علاج کے لیے ترس گئے۔ ریلوے غریبوں کی سواری ہے۔ انگریز 11 ہزار کلو میٹر ریل ٹریک چھوڑ کر گئے تھے۔ ہمارے حکمرانوں نے اب تک صرف 600 کلو میٹر ٹریک بنایا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہوگی جو نیچے سے لوگوں کو اوپر اٹھائے گی۔ ریلوے کی سرگرمیوں میں واضح اضافہ نظر آرہا ہے۔ ساری سہولتیں امیروں کے لیے ہوتی ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ حکومت عام آدمی کی بہتری کے لیے ہر قدم اٹھا رہی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کراچی سے پشاور تک ایم ایل ون کی تعمیر پر خوشی ہے، ضعیف افراد کے لیے سفری سہولت سے بھی متاثر ہوا ہے، ہم اپنے بچوں کا مستقبل اپنے ہاتھوں سے تباہ کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف کامیاب آپریشن جاری ہے۔ اسلام آباد میں اب تک 100 ارب کی زمین واگزار کروا لی ہے۔ ملک بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑے بڑے قبضہ گروپس پر ہاتھ ڈالنا ہے، بڑے بڑے قبضہ گروپس سے زمین لے کر پروڈکٹ کریں گے۔ سرکاری زمین پر غریب رہائش پذیر لوگوں کو کچھ نہیں کہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ مری کے گورنر ہاؤس کی تزئین و آرائش پر گزشتہ سال 60 کروڑ خرچ ہوا۔ وزیر اعظم ہاؤس کو بہترین یونیورسٹی بنائیں گے۔ کراچی میں زمین واگزار کروا لیں تو ریلوے کا قرضہ اتر جائے گا۔ عام آدمی کی بہتری کے لیے کام کریں گے، عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ خوش قسمت ہیں پاکستان کے چین کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، نومبر میں چین جا رہا ہوں، شیخ رشید کو بھی ساتھ لے جاؤں گا۔ ’چین کی ٹرینیں دنیا بھر میں چل رہی ہیں‘۔

    تقریب سے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے بھی خطاب کیا۔

    اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 65 فیصد آبادی ریلوے لائن کے دونوں اطراف آباد ہے، ایک سال میں ریلوے کا خسارہ کم کریں گے۔ گوادر کو ریلوے ڈویژن بنا دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیم فنڈز کے لیے ریلوے کے کرائے میں ایک سے 10 روپے تک اضافہ کیا، وزیر اعظم کی تقریب میں شرکت سے غریب کی سواری کو عزت ملی۔ فریٹ ٹرین اور برانچ لائنوں میں اضافہ کریں گے۔ ٹرینوں میں فری وائی فائی اور جدید ٹرانسمیشن سسٹم لا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 65 سال کے افراد کے لیے ٹکٹ آدھا، 75 سال والوں کا مفت کر دیا ہے، پہلے 100 دنوں میں سندھ کی عوام کو 2 نئی ٹرینوں کا تحفہ دیں گے۔

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ ٹرینوں میں فری وائی فائی اور جدید مانیٹرنگ سسٹم لا رہے ہیں، ایران تک 7 ٹرینیں چلائیں گے۔ ریلوے کے اربوں روپے کے پلانٹس استعمال میں لائیں گے۔