Tag: عمران خان کی تقریب حلف برداری

  • عمران خان کی تقریب حلف برداری، چاچا کرکٹ کی ایوان میں داخل ہونے کی کوشش

    عمران خان کی تقریب حلف برداری، چاچا کرکٹ کی ایوان میں داخل ہونے کی کوشش

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو وزیراعظم بنتے دیکھنے کی خواہش کے لیے چاچا کرکٹ نے ایوان میں داخل ہونے کی کوشش کی، سیکیورٹی حکام نے معذرت کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو وزیر اعظم بنتے دیکھنے کے لیے چاچا کرکٹ نے ایوان میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی حکام نے ناکام بنادیا ہے۔

    چاچا کرکٹ نے کہا کہ مجھے تھوڑی دیر کے لیے اندر جانے دیں، سیکیورٹی حکام نے داخلے کی اجازت دینے سے معذرت کرلی۔

    واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کے لیے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے، عمران خان 176 ووٹ حاصل کرکے وزیر اعظم منتخب ہوگئے جبکہ مسلم لیگ ن کے شہباز شریف 96 ووٹ حاصل کرسکے ہیں۔

    مزید پڑھیں: عمران خان آئندہ پانچ سال کے لیے پاکستان کے وزیراعظم متخب

    اسپیکراسد قیصر وزیراعظم کے نتائج کا اعلان کیا، انتخاب سے قبل اراکین کو بلانے کے لیے گھنٹیاں بجائی جائیں گی، عمران خان کے حامی اراکین اسپیکر کے دائیں جانب جبکہ شہباز شریف کےحامی اسپیکرکے بائیں جانب رجسٹر پر اندراج کریں گے۔

    قبل ازیں نمبر گیم میں تحریک انصاف مجموعی طور پر ایک سو اننچاس نشستوں کے ساتھ ایوان زیریں میں سب سے آگے ہے جبکہ اتحادی جماعتوں اور آزاد ارکان کی حمایت نے پی ٹی آئی کو میجک نمبر ایک سوستتر تک پہنچا دیا ہے۔

    مسلم لیگ ن قومی اسمبلی میں اسی ارکان کے ساتھ انتہائی کمزور پوزیشن ہے، اتحادی پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی نےبھی ن لیگ کے امیدوار شہباز شریف کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    جس کے بعد مسلم لیگ ن کے وزیراعظم کا انتخاب جیتنا مزید مشکل ہوگیا اور ایوان میں پیپلز پارٹی 53 نشتیں کم ہوجانے کے بعد ہم خیال جماعتوں کے ارکان کو ملا کر بھی ان کے پاس 100 ارکان موجود نہیں ہیں۔

  • بھارتی سابق کرکٹر نجوت سنگھ سدھو پاکستان پہنچ گئے، عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے

    بھارتی سابق کرکٹر نجوت سنگھ سدھو پاکستان پہنچ گئے، عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے

    اسلام آباد : سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو پاکستان  پہنچ گئے ،  نوجوت سنگھ سدھو کا  کہنا ہے کہ عمران خان کی خوشی میں شریک ہونے آیا ہوں،عمران خان کو دیکھا کمزوری کو کیسے طاقت میں بدلا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے سابق کرکٹر نجوت سنگھ سدھو براستہ واہگہ بارڈرپاکستان پہنچ گئے ، سینیٹر فیصل جاوید نے سدھو  کا استقبال کیا۔

    نوجوت سنگھ سدھو نامزد وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر آئے ہیں، سدھو کل عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔

    پاکستان آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوجوت سنگھ نے مخصوص شاعرانہ انداز اپنایا اور  شاعری کے ذریعے عمران خان کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا پاکستان جیوے، سارا جہان جیوے، پیار، امن ،خوشحالی دا پیغام بن کے میرا یار عمران خان جیوے، پیار امن تے خوشحالی دا روپ بن کہ میرا یار دلدار عمران خان جیوے۔

    سدھو  نے کہا کہ عمران خان کی لمبی عمرکی دعائیں کرتاہوں، عمران خان کو کرکٹ میں میدانوں میں بہت دیکھا، ان کی کمزوری کو طاقت میں تبدیل کرتے دیکھا ہے۔

    سابق بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ نصرت فتح علی خان ہوں یا وسیم اکرم فاصلے مٹانے ہیں، ہمیں فاصلے بڑھانے نہیں ختم کرنے ہیں، بھارت سے محبت اور امن کا پیغام لے کر آیا ہوں۔

    انھوں نے کہا عمران خان کی دعوت پران کی خوشیوں میں شریک ہونے آیا ہوں،عمران خان عوام کی امید ہیں،عمران خان کیلئے تحفے کے طور پر ایک ’’شال‘‘لے کر آیا ہوں۔

    سدھو کے اعزاز میں استقبالیہ اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل میں ہوگا۔

    یاد رہے بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو  کا کہنا تھا کہ عمران سے 1983 کی دوستی ہے، عمران پر وشواس تھا،اب آس ہے، میرے دورے سے پاک بھارت دوستی کی بند راہیں کھلیں گی، اگلی بار پنچاب کے چیف منسٹر کو لاؤں گا۔


    مزید پڑھیں : 18 اگست کو پاکستان آرہا ہوں، نوجوت سنگھ سدھو


    قبل ازیں بھارتی رکن پارلیمنٹ نوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ویزہ جاری ہونے پر کہا تھا 18 اگست کو پاکستان آرہا ہوں۔

    عمران خان کی جانب سے حلف برداری میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے شرکت کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ تقریب حلف برادری میں شرکت کی دعوت اعزاز ہے۔

    سدھو کا کہنا تھا کہ تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ ذاتی ہے، سیاسی نہیں، عمران خان سے بہت پرانے تعلقات ہیں، ،وہ زبردست شخص ہیں، ان کی گرمجوشی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کھلاڑی اورآرٹسٹ رکاوٹوں کو توڑ سکتے ہیں۔

    خیال رہے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تین بھارتی کرکٹرز کو مدعو کیا گیا ہے، جن میں سنیل گواسکر، کپل دیو، اور نوجوت سنگھ سدھو شامل تھے۔

    بھارت کے سنیل گواسکر اور کپل دیو   نے مصروفیت کی وجہ سے آنے سے معذرت کر لی تھی۔

    بھارت کے سابق کرکٹر سنیل گواسکر نے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے سے معذرت کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ عمران خان کا وزیر اعظم بننا بڑا موقع ہے توقع ہے پاک بھارت تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔